Tag: بحرین

  • فوجی عدالتیں دس پندرہ سال پہلے بننی چاہئیں تھیں ، نوازشریف

    فوجی عدالتیں دس پندرہ سال پہلے بننی چاہئیں تھیں ، نوازشریف

    بحرین : وزیرِاعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مذاکرات ناکام ہونے پرآپریشن شروع کیا، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

    بحرین میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ ہم بحرین کو اتنی اہمیت دیتے ہیں جتنی پاکستان کو دیتے ہیں ،دونوں ممالک ہمیں عزیز ہے ، اس کو بھی ایسا سمجھتے ہیں جیسے ہمارا ملک ہے، ہماری کوشش ہے کہ بحرین سے تعلقات کو مضبوط کیا جائے، تجارت اورباہمی تعلقات کو فروغ دیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات ہے پہلے سے بہتری کی جانب گامزن ہیں، ہم پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، تمام تررکاوٹوں کے باوجود ہم آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں، بحرین کی قیادت پاکستانی افرادی قوت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان میں بڑامسئلہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے، جس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ، جو گزشتہ حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پیدا ہوا، جب ہم حکومت میں آئے تھے تو بجلی کا مسئلہ بہت سنگین تھا، بجلی کے مسئلے کی وجہ  سے ملک کی صنعتیں، صنعتی پیداوار، گھریلو صارفین متاثر ہورہے ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں اقدامات کئے جانے چاہیئے تھے، جو آج کئےجارہے ہیں۔ چین ہمارا دوست ہے، بجلی کی پیداوار میں چین ہماری مدد کرے گا، بھاشا ڈیم سے 4500 میگا واٹ بجلی ملنے کی امید ہے، بھاشا ڈیم، منگا اور تربیلا سے زیادہ پانی ذخیرہ کرے گا جو ملک کی زراعت میں مددگار ثابت ہوگا۔

    نواز شریف نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی سے اس پر طویل بات چیت ہوئی اور دونوں نے فیصلہ کیا کہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرِاعظم کی جانب سے تقریبِ حلف برداری کا دعوت نامہ ملنے پر میں دل سے بھارت گیا اور اگلے ہی روز ملاقات  میں نریندر مودی نے مذاکرات بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن 25 اگست کو طے شدہ سیکرٹری خارجہ سطح کی میٹنگ یک طرفہ طور پر منسوخ کردی، جو مضحکہ خیز تھا اوراس میٹنگ کی منسوخی سمجھ میں نہیں آتی۔

    وزیرِاعظم نے آپریشن ضربِ عضب کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کو بتایا کہ ملک میں مسلح جتھوں اور گروہوں کا صفایا کرنے کے لئے آپریشن ضرب عضب شروع کر رکھا ہے اور دہشتگردوں کے خلاف فوجی عدالتیں بھی بنائی گئی ہیں تاکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے، فوجی عدالتیں دس پندرہ سال پہلے بننی چاہئیں تھیں۔

  • وزیراعظم نواز شریف کی بحرین کے وزیر اعظم سے ون ٹو ون ملاقات

    وزیراعظم نواز شریف کی بحرین کے وزیر اعظم سے ون ٹو ون ملاقات

    مناما: وزیراعظم نواز شریف نے بحرین کے وزیراعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے ملاقات کی۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے قضیبیہ پیلس میں بحرین کے وزیراعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات کی، جس میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید بہتر بنانے کاخواہاں ہے اور پاکستان بالخصوص توانائی کے شعبے میں بحرین کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں،اس موقع پر بحرین کے وزیراعظم نے بحرین کے استحکام اور سماجی و اقتصادی بہتری کے حوالے سے پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہا۔

  • بحرین میں آج پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں

    بحرین میں آج پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں

    بحرین: خلیجی ریاست بحرین میں آج پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں، دوہزار گیارہ کے ملک گیر احتجاج کے بعد بحرین میں یہ پہلے انتخابات ہیں۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق چالیس نشستوں کے لئے تین لاکھ سے زائد افراد ووٹ دیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کوڈھونگ قراردیتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے تمام جماعتوں پر زوردیا ہے کہ وہ اتنخابات میں حصہ لیں۔

    بحرین کے وزیرِاطلاعات کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں تاہم کسی کو تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • بحرین میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی

    بحرین میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی

    بحرین کے دارالحکومت منامہ میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

    رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے بحرین کے جھنڈے اور قیدیوں کی تصاویر اٹھا رکھے تھے اور اس موقع پر وہ حکومت کیخلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔

    دوسری جانب بحرینی حکومت کی جانب سے مظاہرین سے سختی سے نمٹنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے، یاد رہے کہ حکومت نے بحرین میں گزشتہ ماہ سے ملک بھرمیں مظاہرے اور ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔