Tag: بحریہ

  • آبدوز پر چڑھنے والی ریچھنی اور اس کے بچے کو فوجی اہلکاروں نے گولی ماردی

    آبدوز پر چڑھنے والی ریچھنی اور اس کے بچے کو فوجی اہلکاروں نے گولی ماردی

    روس کی بحری فوج کے اہلکاروں نے ایک ریچھنی اور اس کے بچے کو اس وقت گولی مار دی جب وہ ان کی ایٹمی آبدوز پر چڑھ آئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں، جو واقعے کے وقت وہاں موجود عینی شاہد نے بنائی، دیکھا جاسکتا ہے کہ ریچھنی اور اس کا بچہ پانی میں تیرتے ہوئے ایٹمی آبدوز کے قریب آئے اور سستانے کے لیے اس کے عرشے پر چڑھ گئے۔

    بعد ازاں فوجی اہلکار ان دونوں کو گولی مار کر ہلاک کردیتے ہیں۔

    روسی بحری فوج کے ترجمان کی جانب سے وضاحت دی گئی ہے کہ ریچھنی اور اس کا بچہ نہ صرف آبدوز کے عملے بلکہ قریب موجود گاؤں کے رہائشیوں کے لیے بھی ایک خطرہ تھے۔

    ایک مقامی اخبار کے مطابق ریچھنی زخمی حالت میں تھی اور اس کی موت کا اندیشہ تھا، ماں کے بغیر ننھے ریچھ نہایت غصہ ور ہوجاتے ہیں لہٰذا اس صورتحال سے بچنے کے لیے دونوں کو گولی مار دی گئی۔

    اخبار میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ یہ ریچھ اکثر قریبی گاؤں میں گھس جاتے ہیں اور مقامی افراد ان سے پریشان تھے۔

    روس کے مذکورہ علاقے میں بھورے ریچھوں کی آبادی بہت زیادہ ہے اور ان کی تعداد لگ بھگ 14 ہزار ہے، یہ انسانوں پر صرف اسی وقت حملہ کرتے ہیں جب انہیں انسانوں سے خطرہ محسوس ہوتا ہے۔

  • امریکی بحریہ کے سربراہ کو عہدے سے برطرف کردیا گیا

    امریکی بحریہ کے سربراہ کو عہدے سے برطرف کردیا گیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شدید تنازعے کے بعد امریکی بحریہ کے سربراہ رچرڈ اسپنسر کو عہدے سے فارغ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نیوی کے افسر ایڈورڈ گلیگر کی ایک تصویر سامنے آئی تھی جس میں وہ داعش کے ہلاک شدت پسند کے ساتھ کھڑے تھے، جس کے بعد ٹرمپ اور نیوی سربراہ کے درمیان تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرِ دفاع مارک ایسپر نے عراق میں تعینات فوجی افسر کے تنازعے اور امریکی صدر سے مخالفت پر بحری سربراہ رچرڈ اسپنسر کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    امریکی نیوی افسر ایڈورڈ گلیگر کو داعش کے 17 سالہ نہتے قیدی کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے ساتھ تصاویر بنانے کے مقدمے کا سامنا تھا، اس معاملے پر امریکی صدر نے مداخلت کرتے ہوئے ایڈورڈ گلیگر کی حمایت کی جس کے ردعمل میں نیول چیف رچرڈ اسپنسر نے ٹرمپ کے خلاف بیان داغا اور کہا ٹرمپ کیس میں مداخلت سے گریز کریں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ٹرمپ ملیٹری کیسز میں مداخلت کررہے ہیں، انہیں نظم وضبط کی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔ رچرڈ اسپنسر کے مطابق کسی بھی شدت پسند کے ساتھ اس طرح تصویر بنانا فوجی قوائد وضوابط کی خلاف ورزی ہے جس پر ایڈورڈ گلیگر کی تنزلی کی گئی تھی۔

    وزیردفاع کا بیان میں کہنا تھا کہ نیوی کے سربراہ نے ذاتی طور پر وائٹ ہاؤس سے رابطہ بھی کیا، نیول چیف اپنا اعتماد کھوچکے ہیں۔ جبکہ فوج کے بعض حلقے جنگی جرائم کے مرتکب سزا یافتہ آفیسر کو معاف کرنے پر صدرٹرمپ پر شدید تنقید کررہے ہیں۔

    بحری افسر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کھل کر سامنے آئے اور نیوی افسر کی حمایت کی، بعد ازاں ٹرمپ نے ایڈورڈ گلیگر کو گزشتہ ہفتے دوبارہ عہدے پر بحال کر دیا تھا، اور اب نیول چیف کو فارغ کردیا گیا ہے۔

  • پاک عرب پندرہ روزہ بحری مشق ’افعیٰ الساحل‘ اختتام پذیر

    پاک عرب پندرہ روزہ بحری مشق ’افعیٰ الساحل‘ اختتام پذیر

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ بحری فوجی مشق ’افعیٰ الساحل‘ اختتام پذیر ہوگئی، جس کا بنیادی مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ اور رائل سعودی نیول فورسز کی اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین ہونے والی پندرہ روزہ دو طرفہ بحری مشق افعی الساحل چہارم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، ’افعیٰ الساحل‘ دونوں افواج کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون کی اہم علامت ہے۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ’افعیٰ الساحل‘ کے پہلے مرحلے میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا تعاقب کرنے اور اسے کامیاب نشانہ بنانے کی مشق کی جس کے بعد رات کی تاریکی میں دشمن کے خلاف کارروائی کرنے کی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

    آرمی چیف سے سعودی سفیر کی ملاقات، پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا

    ترجمان کے مطابق مشق کے دوسرے مرحلے کے دوران کھلے سمندر میں سمندری دہشت گردی، بحری قذاقی اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اسپیشل میری ٹائم آپریشنز کیے گئے ۔

    دوسری جانب سعودی بحریہ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مشقوں کا خیرمقدم کیا اور دوطرفہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سہراہا۔

    واضح رہے پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان باہمی تعاون کی ایک طویل تاریخ موجود ہے جو دونوں ممالک کی عوام کے درمیان گہرے برادرانہ روابط کی علامت ہے۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے اعزاز

    خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے سفیر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص علاقائی سیکیورٹی اور خطے کو درپیش دہشت گردی کے چیلینجز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    یاد رہے 34 اسلامی ملکوں پر اسلامی اتحاد فوج کے سربراہ پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف ہیں، اتحادی فوج سعودی عرب میں واقع مقامت مقدسہ کی حفاظت اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے تشکیل دی گئی ہے جس میں دیگر اسلامی ممالک کی افواج کے افسران اور جوان شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں‌ کئی گنا بڑھ جائیں‌ گی، سربراہ بحریہ

    سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں‌ کئی گنا بڑھ جائیں‌ گی، سربراہ بحریہ

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا ہے کہ سی پیک شروع ہوتے ہی بحری سرگرمیاں‌ کئی گنا بڑھ جائیں‌ گی، ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے۔

    ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ پاکستان کو قدرت نے طویل ساحلی پٹی اور بے پناہ آبی وسائل سے نوازا ہے، ملکی سطح پر ان وسیع بحری امکانا ت کا مناسب ادراک نہیں پایا جاتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے آغاز کے ساتھ پاکستان میں بحری سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی  لہذا ہمارے بحری شعبے کی منظم ترقی کے ضمن میں بندرگاہوں اور جہاز رانی کی صنعت کے درمیان موجودہ اشتراک مزید اہمیت اختیار کرجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اولین ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی معیشت کے اس اہم پہلو کی اہمیت کا صحیح ادراک کیا جائے اور اپنے عوام بالخصوص نوجوان نسل اور میر ی ٹائم انفرا اسٹرکچر کی استعداد کو بڑھانے کے لیے مناسب مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ ملکی بحری وسائل سے دیرپا فوائد حاصل کیے جاسکیں۔

    میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی ملک کے بحری شعبے کی مستقبل کی ضروریات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے جو کہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔

    دریں اثنا سربراہ پاک بحریہ نے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جن میں ہاربر کی صفائی، ٹاک شوز، مضمون نویسی کے مقابلے، خصوصی لیکچرز، بوٹ ریلیز، پاک بحریہ کے اسکولز اور کالجز میں مختلف پروگرامز اور عوام الناس کے لیے پاکستان میری ٹائم میوزیم میں فری انٹری اور میری ٹائم گالا کا انعقاد،  جس میں خصوصی اسٹالز کا قیام شامل تھے۔

    پاکستان نیوی نے پی این وار کالج لاہور میں ’محفوظ سمندر۔ خوشحال پاکستان‘ کے عنوان سے 15 روزہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا۔

  • پی آئی اے انجینئرنگ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    پی آئی اے انجینئرنگ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    کراچی: قومی ایئر لائن کے شعبہ انجینئرنگ نے پاکستان نیوی کے اے ٹی آر 72 طیارے کا کامیابی سے بڑا چیک اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود سہولیات میں مکمل کرلیا۔

    قو،ی ایئر لائن کے انجینئرز نے اپنی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ وقت میں یہ چیک مکمل کیا اور طیارہ دوبارہ پاکستان نیوی کے حوالے کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے کا شعبہ انجینئرنگ پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل تمام اے ٹی آر طیاروں کو اوور ہالنگ کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔

    پی آئی اے کا شعبہ انجینئرنگ اپنی استعداد کار میں اضافہ کر کے پاکستان میں استعمال ہونے والے تمام اقسام کے طیاروں کو یہ سہولت فراہم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

    پی آئی اے اس استعداد کے حصول سے نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے میں نمایاں مقام حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔

    اس وقت پی آئی اے قطر ایئر ویز، سعودی اریبین ایئر لائن، اومان ایئر، فلائی دبئی اور گلف ایئر کو انجینئرنگ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے ٹاسک فورس قائم

    اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے ٹاسک فورس قائم

    گوادر: پاک چائنا اقتصادی راہداری اورگوادر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی کی ٹاسک فورس بنادی گئی۔

    گوادر میں سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے پی این ایس اکرم کے کمانڈر شاہد نے بتایا کہ گوادرپورٹ کی حفاظت کے لیے خصوصی بٹالین 88 تشکیل دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی گوادرکے شپ ہاربرپورٹ چینی ماہرین کی رہائش اور سمندری حدود کی حفاظت کررہی ہے،جبکہ بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نگراں طیاروں اسپیڈ بوٹس کے ذریعے سمندری خطے میں امن و امان کے لیے کوشاں ہے۔

    کمانڈر شاہد نے کہا کہ پاکستان نیوی کے کمانڈر یائے ہنگور سے جیوانی تک مغربی ساحل کی حفاظت پر مامور ہیں اور  روایتی جنگ سمیت ہرقسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہردم تیار ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی میں مقامی آبادی کو شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے، آفیسرز اور سیلرز کو بھرتی کرنے کے لیے معیارکو نرم کیا گیا تاکہ نیوی کی بھرتی ٹیمیں مقامی آبادیوں میں جاکرامیدواروں کاانتخاب کرسکیں۔

    پی این ایس اکرم کے کمانڈر نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کوسٹل بیلٹ میں تعلیم صحت اور روزگارکی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے، جن کے تحت جیوانی، تربت، اورگوادر میں تین ماڈل اسکول قائم کیے گئے اور جہاں مقامی بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

    علاوہ ازیں خواتین کو ہنرمندبنانے کیلیے انڈسٹریل ہوم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، تفریح اورآگاہی کے لیے پاکستان نیوی کے تحت ایف ایم ریڈیوبھی چلایا جارہا ہے، اسکولوں کے اساتذہ مراکزصحت کا عملہ اور ریڈیو کے ملازمین مقامی افراد ہیں۔