Tag: بحریہ ٹاؤن

  • سپریم کورٹ  نے بحریہ ٹاؤن کراچی کی پیشکش قبول کرلی

    سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی کی پیشکش قبول کرلی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی کی پیشکش قبول کرلی، جس کے مطابق بحریہ ٹاؤن نے چار سو ساٹھ ارب سات سال میں ادا کرنےہیں، تمام رقم بحریہ ٹاؤن عدالت میں جمع کرائےگی جبکہ نیب کوبحریہ ٹاؤن اورمتعلقہ افرادکےخلاف ریفرنس سے بھی روک دیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کےرہائشیوں کےلیے بڑی خوشخبری آگئی، سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی کی پیشکش قبول کرلی اور نیب کو بحریہ ٹاؤن اور متعلقہ افرادکے خلاف ریفرنس سے بھی روک دیا، اعلی عدالت کی جانب سے پیشکش قبول کرنے پر کمرہ عدالت تالیوں سےگونج اٹھا۔

    بحریہ ٹاؤن نے چار سوساٹھ ارب سات سال میں ادا کرنے ہیں، مکمل ادائیگی کے بعد زمین بحریہ ٹائون کے نام منتقل ہوگی اور بحریہ ٹاؤن رہائشیوں کو ننانوے سال کی لیز دے گا۔

    فیصلےکے مطابق بحریہ ٹاون پچیس ارب روپے ستائیس اگست تک عدالت میں جمع کراےگی، اس کے بعد پہلی قسط ڈھائی ارب روپے کی یکم ستمبرکو دے گی پھر بحریہ ٹاون ساڑھے چار سال ڈھائی ارب روپے ماہانہ دے گا جبکہ باقی رقم کی مکمل ادائیگی تین سال میں ادا کی جائےگی ۔

    حکم نامےمیں کہاگیا کہ بحریہ ٹاون اگر اقساط کے ادائیگی میں تاخیر کرےگا تو چار فیصد انٹرسٹ ادا کرے گا، تمام رقم عدالت میں جمع ہوگی پھر اس کو قانون مطابق جس کودینی ہے دیں گے۔

    سپریم کورٹ نے رقم کی ادائیگی سے متعلق بحریہ ٹاون کے ڈائریکٹر کو بیان حلفی بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔

    یاد رہے 4 جنوری کوسپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن اور ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی کے تمام منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اکاؤنٹ منجمد کرنے کا نہیں بلکہ صرف مانیٹرنگ کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے مئی 2018 کو سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کو سرکاری زمین کی الاٹمنٹ اور تبادلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کراچی کو رہائشی، کمرشل پلاٹوں اور عمارتوں کی فروخت سے روک دیا تھا۔

  • بحریہ ٹاؤن کے پرامن مظاہرین اور مکینوں پر پولیس ٹوٹ پڑی، صحافیوں سے بھی بد تمیزی

    بحریہ ٹاؤن کے پرامن مظاہرین اور مکینوں پر پولیس ٹوٹ پڑی، صحافیوں سے بھی بد تمیزی

    کراچی : پولیس نے بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف مظاہرین کا احتجاج روکنے کیلئے طاقت کا بھرپور استعمال کیا، اہلکاروں نے رہائشیوں اور صحافیوں سے بدتمیزی بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آنے والے بحریہ ٹاؤن کے ملازمین، رہائشیوں سمیت دیگر افراد پر پولیس نے دھاوا بول دیا، اہلکاروں نے بحریہ ٹاؤن کے راستے بند کر کے مکینوں کو ان کے گھروں میں محصور کردیا۔

    رہائشیوں کو دھکے دیئے اور ان سے بدتمیزی کی، ملازمین کی پرامن ریلی پربھی ہوائی فائرنگ کر کے اسے منتشر کیا گیا، بحریہ ٹاؤن کے لیے احتجاج کرنے والوں پرطاقت کا استعمال کیا جارہا ہے، پولیس نے مظاہرین کو دھکےدیئے، ڈرانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    پولیس نے رکاوٹیں رکھ کر بحریہ ٹاؤن کراچی کے راستے بند کردیئے، مکین اور ملازمین قید ہوکر رہ گئے، مریضہ کو بھی نہیں لے جانے دیا گیا، ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ ہم جیل میں رہ رہے ہیں کیا؟

    میڈیا سے گفتگو میں ایک طالبہ نے شکوہ کیا کہ یونیورسٹی نہیں جاسکتی، پڑھائی کا حرج ہورہا ہے، ایک شخص کا کہنا تھا کہ کو میری بیمار اہلیہ کو باہر لے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی کیا ہم جیل میں رہ رہےہیں؟ احتجاج کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔

    دوسری جانب حقائق کے برعکس ایس ایس پی عرفان بہادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کسی کو بھی نہیں روکا جارہا بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں نے کہا کہ ہمیں پُرامن احتجاج کے حق سے محروم کیا جارہا ہے۔

    اس کے علاوہ سپرہائی وے پر مزدور ریلی بھی پولیس نے ہوائی فائرنگ کرکے منشترکردی، بحریہ ٹاؤن کے مکینوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ اے میں اسٹیٹ ایجنٹس نے اپنا کاروبار بند رکھا۔

    صحافیوں سے پولیس اہلکاروں کا نازیبا سلوک، مغلظات بھی بکیں 

    علاوہ ازیں اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آف اسائمنٹس فیاض منگی سے بھی پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی کی، ایس ایچ او گلشن معمار اشتیاق غوری نے بدتمیزی کے بعد ان کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی۔

    صدر فیڈرل یونین آف جرنلسٹ راناعظیم نے سینئرصحافی سے پولیس کی بدتمیزی پر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائےگا،24گھنٹےمیں ایکشن نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

    سیاسی رہنماؤں کی پولیس کے رویے کیخلاف شدید مذمت

    مسلم لیگ فنکشنل کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ صحافیوں کواس طرح ہراساں کیا جانا غنڈہ گردی ہے، معاملے کو سندھ اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کا رویہ افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے، کراچی میں پولیس نے جنگل کے قانون کاراج لگا رکھا ہے ، پی ٹی آئی صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اس واقعے کیخلاف اسمبلی میں آواز بلند کریں گے۔

    امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پولیس کا رویہ قابل افسوس ہے، سینئرصحافیوں کے ساتھ اس طرح کارویہ برداشت نہیں کیاجاسکتا۔

    ایس ایچ او گلشن معمار دہشت گردی اور اغواء کے مقدمے میں نامزد ملزم نکلا

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صحافیوں اور مظاہرین سے بد کلامی اور بد تمیزی کرنے والا ایس ایچ او گلشن معمار اشتیاق غوری دہشت گردی، اغواء کے مقدمے میں نامزد ملزم نکلا، اے آر وائی نیوز نے اشتیاق غوری کے خلاف قائم مقدمے کی کاپی حاصل کرلی۔

    اشتیاق غوری کے خلاف تھانہ گلشن میں دہشت گردی، اغواء کی دفعات پر مقدمہ درج ہے، ایف آئی آر کے مطابق اگست2016میں اشتیاق غوری نے13ڈی سے ڈاکٹر محمد احمد کو اغواءکیا۔

    اشتیاق غوری نے ڈاکٹرسے تاوان میں ساڑھے3لاکھ روپے، کار، کریڈٹ کارڈ لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی شہری نے رہائی کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ سے شکایت کی تھی، بعد ازاں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ہدایت پر اشتیاق غوری کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • سپرہائی وے : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    سپرہائی وے : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    کراچی : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف شہری، رہائشی ،بلڈرز اور ملازمین سراپا احتجاج ہیں، سپر ہائی وے پر ہونے والے مظاہرے میں مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کےخلاف سپر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے، احتجاج میں عام شہری، پروجیکٹس کے رہائشی، بلڈرز اور ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہے، ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جب کہ کراچی کا اندرون سندھ سے رابطہ منقطع ہوگیاہے۔

    اس کے علاوہاوورسیز پاکستانیوں کے اہل خانہ اور سرمایہ کار بھی احتجاج میں شریک ہیں، اس سے قبل شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں، ریلیوں کے شرکاء اسٹار گیٹ پہنچ کر جمع ہوئے اور  اپنے مطالبات کے حق  میں نعرے بازی کی۔

    بعد ازاں ریلی کے شرکا بحریہ ٹاؤن سپرہائی وے کی جانب روانہ ہوئے، احتجاج کے باعث سپرہائی کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگئے، مظاہرین نے میڈیا کو اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث بچوں کی اسکول فیسیں، یوٹیلیٹی بلز کی بروقت ادائیگی ممکن نہیں رہی اور گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔

    سپرہائی وے پر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے متعلقہ حکام سے بحریہ ٹاؤن کی بجلی کے کنکشن اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے اکاؤنٹس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

    علاوہ ازیں بحریہ ٹاؤن کے اسٹیٹ ایجنٹس اور سرمایہ کار بھی سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے ڈیفینس کے علاقے میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال سے اقساط کی ادائیگی کررہے ہیں ہماری رقوم کا کیا ہوگا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہمارے سرمائے کا تحفظ کرے۔

  • نواز شریف سےملاقات سے متعلق قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں

    نواز شریف سےملاقات سے متعلق قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں

    لاہور: چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کرنے کے لیے نوازشریف سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نوازشریف سے ملاقات سے متعلق قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    ملک ریاض نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کرنے کے لیے نوازشریف سے ملاقات کی۔

    چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا ہے نہ کوئی سیاسی کردار ہے، کسی سیاسی رسہ کشی کا حصہ ہوں نہ ہی سیاسی مسیحا۔


     ملک ریاض کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات


    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات نواز شریف سےبیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کےلیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ کی کلین کراچی مہم

    بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ کی کلین کراچی مہم

    کراچی: بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ نے رضا کارانہ کلین کراچی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا جس کے تحت کراچی سے یومیہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین بحریہ ٹاؤن اور میئر وسیم اختر کے درمیان کلین کراچی معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔

    مہم کے تحت کراچی سے یومیہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کیا جائے گا۔

    اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کی جانب سے ملک ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شہر تباہ و برباد ہوگیا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کراچی کو دیکھنے والا کوئی نہیں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ 10 ماہ سے کراچی کی بہتری کی کوشش کی جارہی ہے۔

    مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل سے کلین کراچی مہم کا آغاز کریں گے۔ عید کے بعد کلین کراچی مہم کے تحت کام شروع کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ معاہدے میں ہے کہ روزانہ کا کچرا اٹھانے کے لیے سندھ حکومت پالیسی بنائے۔ سندھ حکومت تعاون کرے، وزیر اعلیٰ ہمیں بلائیں مل کر بیٹھیں گے۔

    بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم میئر یا کراچی والوں پر احسان نہیں کر رہے۔ یہ سب اللہ اور عوام کی امانت ہے جو ہم کرنے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے واضح کہا ہے کہ میئر کراچی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ میئر وسیم اختر کی قیادت میں کراچی کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

    ملک ریاض کا کہنا تھا کہ کراچی کی بہتری کے لیے 10 ارب تک کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔


  • کراچی میں جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے ڈانسنگ فاؤنٹین کا افتتاح

    کراچی میں جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے ڈانسنگ فاؤنٹین کا افتتاح

    کراچی : بحریہ ٹاؤن نے کراچی کے شہریوں کو بڑا تحفہ دے دیا، جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے ڈانسنگ فاؤنٹین کاافتتاح کردیا گیا، بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے کہا ہے کہ بحریہ فاؤنٹین پاکستان میں سیاحت کی بحالی میں بحریہ ٹاؤن کے عزم کا مظہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاون کراچی نے ایک سو اسی فٹ اونچائی کو چھوتا ہوا ایل ای ڈی لائٹس سے روشن جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے فاؤنٹین کا افتتاح کردیا، رنگ برنگے اس فوارے میں ڈھائی سو سے زیادہ جیٹ لگائے گئے ہیں۔

    ایک سو اسی فٹ اونچائی کو چھوتے والے واٹرجیٹ اور دو واٹراسکرینز فاونٹین کی خوبصورتی کو اور بھی بڑھا رہے ہیں، فوارے کو بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے ڈیزائن کیاہے جس نے کراچی والوں کے دل جیت لئے۔


    ترجمان بحریہ ٹاؤن عبدالحسیب کے مطابق ساڑھے تین سو ایل ای ڈی لائٹنگ، لیزر، فلیم تھرو فاؤنٹین کا حصہ ہیں، یہ کراچی کےشہریوں کیلئےبڑاتحفہ ہے ۔

    یاد رہے کہ تیئس مارچ کو بحریہ فاؤنٹین کی آزمائش کی جاچکی ہے۔ ا س موقع پر ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ فاؤنٹین سیاحت کی بحالی میں بحریہ ٹاؤن کے عزم کا مظہر ہے۔

    ملک ریاض نے بتایا کہ بحریہ ٹاؤن میں250 سے زائد فاؤنٹین جیٹ لگائے گئے ہیں، فوارے کو بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے ڈیزائن کیا ہے۔

  • بحریہ ٹاؤن : پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    بحریہ ٹاؤن : پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    کراچی : بحریہ ٹاؤن میں ملک کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، رفیع کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں زیر تعمیر منصوبے بحریہ ٹاؤن میں ہونے والی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، رفیع اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے رکھا۔


    اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسٹیڈیم سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رفیع کرکٹ اسٹیڈیم ڈیڑھ سال میں مکمل کرلیا جائے گا، اسٹیڈیم 3 منزلہ پویلین پرمشتمل ہوگا اور اس میں 50ہزارسے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

    ملک ریاض کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کےساتھ بلٹ پروف فائیو اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائےگا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے دو سال میں ملک میں عالمی کرکٹ شروع ہوجائےگی۔

    چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ کراچی میں ہرطرف کچراہے جسے دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، ہم کراچی میں کام کرنا چاہتےہیں لیکن کافی رکاوٹیں درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کوترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتےہیں، ہماری خواہش ہے کہ ملک میں بیروزگاری کا خاتمہ اورہر بچےکے ہاتھ میں ڈگری ہو۔

  • کراچی کی صفائی مہم یا  تنازعہ مہم ؟

    کراچی کی صفائی مہم یا تنازعہ مہم ؟

    کراچی: شہر میں ایک بار پھر صفائی مہم کا سلسلہ اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا، بحریہ ٹاؤن کی ٹیم نے 12 مارچ سے شاہراہوں سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کردیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کی جانب سے ضلع وسطی میں صفائی مہم اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، بحریہ ٹاؤن کی ٹیم نے شاہراہوں سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کردیا ہے، راشد منہاس روڈ کے اطراف شاہراہوں کی صفائی مہم جاری ہے، ترجمان بحریہ ٹاؤن کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی کے9 مقامات سے ہزاروں ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کی غیر تسلی بخش 100 روزہ صفائی مہم کے ختم ہوتے ہی بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کے بیٹے زین ملک میدان میں آگئے.

    بحریہ ٹاؤن کے رضا کاروں نے ہیوی مشینری کی مدد سے کراچی کے علاقوں میں صفائی کے امور انجام دینے کا آغاز رواں ماہ کی 13 تاریخ سے کیا، بحریہ ٹاؤن کی صفائی مہم کے تحت تاحال پہاڑ گنج، نیو کراچی، انڈسٹریل ایریا، فیڈرل بی ایریا، ایف سی ایریا سمیت دیگر مقامات سے کچرا اٹھایا لیا گیا ہے.

    کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کا عزم لئے زین ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ضلع وسطی کے علاقوں‌ کا مکمل جائزہ لے لیا ہے، شہری بھی ہماری مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ہم ضلع وسطی میں بہتری لائیں۔

    قائم علی شاہ کے احکام ہوا میں اڑا دیے

    واضح رہے کہ کراچی کے کچرے کے حوالے سے مسائل خاصے پرانے ہیں، سابق وزیراعٰلی قائم علی شاہ بھی اس مسلئہ پر قابو نہیں پا سکے تھے، انہوں نے گذشتہ سال کراچی کو صاف ستھرا کرنے کے لئےانتظامیہ کو تین دن کا الٹی میٹم دیا تھا، تاہم سابق وزیراعٰلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کراچی بھر سے کچرا اٹھانے کا حکم دیا تھا جو انتظامیہ کی غفلت کی نذر ہوگیا تھا ،شہرکی انتظامیہ نے قائم علی شاہ کی بات ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دی تھی۔

    موجودہ وزیراعٰلی مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی کراچی کے کچرے کے حوالے سے حکمت عملی بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی کا کچرا صاف کرنے میں وقت لگے گا

    اس کے بعد اس قسم کی خبریں میڈیا کا حصہ بنی کہ سندھ حکومت نے چینی کمپنی سے کچراٹھانے سے متعلق معاہدہ کرلیا ہے.

    بعد ازاں فکس اٹ کے بانی عالمگیرخان نے کراچی کی صفائی کا عزم ازخود کیا تھا تاہم سندھ حکومت کو ان کی یہ حرکت ایک آنکھ نہیں‌بھائی تھی اور ان پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی.

    کراچی میں کچرا فیسٹیول کا انعقاد

    کراچی کے کچرے کے حوالے سے شہرکی انتظامیہ کو خوابِ غفلت سے جگانے کے لئے ایک دلچسپ فسٹیول کا انعقاد بھی کیا گیا، سندھ سرکارکو جگانے کے لیے کراچی کے نوجوانوں نے 14 اگست کے دن پاکستان کی تاریخ کے انوکھے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس ضمن میں کچرا فیسٹیول کا پہلا پروگرام گلشن اقبال کے بلاک 13 ڈی 2 ریلوے پٹڑی کے قریب منعقد کیا گیا۔

    فیسٹیول میں حصہ لینے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ ’’یہ تاریخ کا انوکھا فیسٹیول اس لیے ہے کہ ہم خود صفائی کر کے حکومت کا کام سمیٹ نہیں رہے بلکہ حکومت کی آنکھیں کھول رہے ہیں کہ یہ کچرا آپ کا منتظر ہے‘‘۔

    کراچی کی صفائی کے حوالے سے مرحوم  مذہبی اسکالر جنید جمشید بھی میدان عمل میں آئے تھے اور جے ڈی سی کے ساتھ شہر کی صفائی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں حصہ لیا تھا۔

    چیینی کمپنی شہرکا کچرا اٹھائے گی

    سندھ حکومت نے بہرحال کراچی کو صاف سھترا کرنے کے لئے کمر کسی صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورونے اس سلسلے میں  کہا ہے کہ ہم آج سے شہرقائد کی صفائی کے لئے نئی حکمت عملی مرتب کرکے میدان میں اترے ہیں، جلد کراچی کو صاف سھترا شہر بنادیں گے.چینی کمپنی کو ادائیگی 26 ڈالر فی ٹن کے حساب سے ہوگی۔

    اس دوران یکم دسمبر 2016 کو کراچی کے مئیر وسیم اختر نے بھی شہر قائد کو کچرے سے پاک کرنے کا 100 روزہ عزم کیا

     تاہم خاطر خواہ نتائج نہ آنے کی صورت میں مئیر کراچی کو بیان دینا پڑا کہ ہمارے ہاتھ بندھے ہیں، ہمیں کام کرنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ شہرکو چار چاند لگانا چاہتے ہیں۔ ایسا کرنے نہیں دیا جا رہا۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم کے سیاسی حریف پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے اپنے سابق حلیفوں کو آڑے ہاتھوں لے کر کہا کہ کچرا اٹھانے اور صفائی کے لیے اختیارات کی ضرورت نہیں ہوتی ہے.

  • ملک ریاض کو بلیک میل کر نے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    ملک ریاض کو بلیک میل کر نے والوں کیخلاف مقدمہ درج

    لاہور : بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کو بلیک میل کر نے والے تین ملزمان کے خلاف عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے ملک ریاض کو بلیک میل کرکے بھتہ وصول کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت کے حکم پرکرنل (ر) طارق، کرنل (ر) خالد اور ڈاکٹر شفیق کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بلیک میل کرنے والوں کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست لوہی بھیر کے تھانے میں جمع کرو ا ئی گئی تھی جس کے ساتھ بھتہ وصول کرنے کے ثبوت بھی لگائے گئے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیاتھا کہ بلیک میلرز نے ان کیخلاف ارسلان افتخار کا نام استعمال کرکے ڈرانے کی کوشش بھی کی ۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیاکہ بلیک میلرز نے 28جون 2013کو 5کروڑ روپے بھتہ وصول کیا تھا۔

  • ملک ریاض کابرمی مسلمانوں کیلئے 10 کروڑروپے امداد کا اعلان

    ملک ریاض کابرمی مسلمانوں کیلئے 10 کروڑروپے امداد کا اعلان

    اسلام آباد : وزیر اعظم میاں نواز شریف  نے روہنگیا مسلمانوں کیلئے ریلیف کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جبکہ ملک ریاض نے دس کروڑروپےامدادکااعلان کیا ہے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ریلیف کمیٹی روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے بنائی گئی ہے۔ کمیٹی میں وزیر داخلہ مشیر خارجہ،اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شامل ہیں۔

    ملک ریاض کی جانب سے بھی روہنگیا مسلمانوں کےلیے دس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے، ملک ریاض ترک صدر کے بعد مددکرنیوالی دوسری شخصیت بن گئے۔

    بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے برما میں بد ھ پروھتوں کے ہاتھوں مظالم کے شکار مسلمانوں کیلئے دس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و تشدد آگاہی کے بعد ملک ریاض بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکےاور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے بعد روہنگیا مسلمانوں کیلئے امداد دینے والے دوسرے شخص بن گئے۔

    ترک صدر نے سمندر میں گھرے روہنگیا مسلمانوں کیلئے خوراک اور امداد بھیج کر اس کام میں پہل کی تھی۔