Tag: بحریہ کی خبریں

  • پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر کا بحرین کی بندرگاہ مینا سلمان کا دورہ

    پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر کا بحرین کی بندرگاہ مینا سلمان کا دورہ

    کراچی: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر نے بحرین کی بندرگاہ مینا سلمان کا دورہ کیا جہاں رائل بحرین نیول فورسز کے حکام نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس خیبر نے بحرین کی بندرگاہ کا دورہ کیا، بندرگاہ آمد پر رائل بحرین نیول فورسز کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

    پی این ایس خیبر کے دورے کے موقع پر بحری جہاز کے کمانڈنگ افسر نے کمانڈر بحرین کوسٹ گارڈ اور ڈپٹی کمانڈر رائل بحرین سے ملاقات کی۔

    ترجمان نے بتایا کہ ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، دورے کے اختتام پر پی این ایس خیبر نے شمالی بحیرۂ عرب میں سیکورٹی پٹرول کا پھر آغاز کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس شمشیر خصوصی دورے پرعمان پہنچ گیا

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پی این ایس خیبر ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول پر شمالی بحیرۂ عرب میں تعینات ہے جو عالمی تجارت کے لیے بحری راستے کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔

    پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ پی این ایس خیبر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

    یاد رہے کہ 2 مئی کو پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے مسقط کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا تھا، یہ جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے سلسلے میں خلیج عرب اور شمالی بحیرۂ عرب میں سیکورٹی آپریشنز پر مامور ہے۔

  • پاک بحریہ کا جہازمصرکے دفاعی دورے پرالیگزینڈریہ پہنچ گیا

    پاک بحریہ کا جہازمصرکے دفاعی دورے پرالیگزینڈریہ پہنچ گیا

    کراچی: پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف ان دنوں مصر کی بندر گاہ الیگزینڈریا( اسکندریہ) کا دورہ کررہا ہے جہاں پاک بحریہ کے حکام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیگزینڈریا کی بندر گاہ پہنچنے پر پاکستان کے دفاعی اتاشی اور مصر کی بحریہ کے آفیسرز نے پاکستانی جہازکاپرتپاک استقبال کیا ، دفاعی نوعیت کے اس اہم دورے میں میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے مستعد کردار کو اجاگر کیا گیا۔

    جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے مصر کی بحریہ کے سینئر آفیسرز سے ملاقاتیں کی اور ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسرنے الیگزینڈریا میں یادگارِشہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

    پی این ایس سیف پر منعقدہ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے کمانڈنگ آفیسر نے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے مستعد کردار کو اُجاگر کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پی این ایس سیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہو گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل روسی نیول ڈے پر پاک بحریہ کا ایک اور جہاز پی این ایس اصلت بھی روس کا دورہ کرچکا ہے، رشین فیڈریشن نیوی کے مختلف عہدیداران نے اس موقع پر جہاز کا دورہ بھی کیا تھا۔پی این ایس اصلت نے رشین فیڈریشن نیوی ڈے کی تقریبات میں بھی شرکت کی۔ رشین فیڈریشن نیوی ڈے کی تقریبات میں شریک ہونے والا یہ واحدغیر ملکی بحری جہاز تھا۔

  • پاک بحریہ کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    پاک بحریہ کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    اسلام آباد: پاک بحریہ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر عباسی کی جانب سے پودا لگا کر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر عباسی نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ پودے لگائے جانے کی مہم خوش آئند ہے، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پودوں کی جیو فینسنگ کی جائے، ہر پودے پر ایک نمبر ہوگا اور اس کی مسلسل نگہداشت کی جائے گی۔

    ایڈمرل ظفر عباسی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کراچی کے شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ کراچی فش ہاربر ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان میں جنگلات کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے جو تشویشناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے موحولیاتی تبدیلیاں مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں درختوں کو ایندھن بنانے سے روکنا چاہیئے۔

    نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ساحلی علاقوں پر 20 لاکھ مینگرووز لگائے گی۔

    خیال رہے کہ پاک بحریہ کی ملین ٹری شجر کاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے تحت پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے 15 ستمبر تک لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں 15 فروری سے 15 اپریل 2019 تک پودے لگائے جائیں گے۔

    تیسرے مرحلے میں 15 جولائی سے 15 ستمبر 2019 تک پودے لگائے جائیں گے جس کے بعد آخری مرحلے میں 15 فروری 2020 سے 15 اپریل تک 4 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔