Tag: بحری افواج

  • پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کی پہلی دو طرفہ مشق اختتام پذیر

    پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کی پہلی دو طرفہ مشق اختتام پذیر

    کراچی : پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کی پہلی دو طرفہ مشق کامیابی سے مکمل ہوگئی، جو دونوں دوست ممالک کے درمیان بحری اشتراک اور دفاعی تعاون کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے مابین پہلی دوطرفہ مشق کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جسے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اشتراک اور بحری آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا اس مشق کے دوران مختلف جنگی اور تربیتی سرگرمیاں انجام دی گئیں جن میں ہتھیاروں کے استعمال، سمندر اور خشکی پر مشترکہ آپریشنز، اور شہری علاقوں میں انسداد دہشت گردی کے عملی مظاہرے شامل تھے۔

    مشق میں لائیو فائرنگ کے ذریعے جنگی حالات سے ہم آہنگ کارروائیاں بھی کی گئیں، جن کا مقصد ساحلی علاقوں میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں فورسز کی تیاری اور حکمت عملی کو بہتر بنانا تھا۔

    اختتامی سیشن میں ایک مخصوص ساحلی مقام پر جامع جنگی مشق کی گئی، جس میں پاکستانی اور ترک اسپیشل فورسز نے سمندری اور زمینی خطرات کے خلاف مشترکہ ردعمل کا مظاہرہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق یہ مشق پاکستان اور ترکیہ کے طویل المدتی اور گہرے دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، اور اس بات کی واضح علامت ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل تعاون اور مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہیں۔

  • پاکستان اور چین کی بحری افواج کی بحری مشق ‘سی گارڈئینز 2023’ کا آغاز

    پاکستان اور چین کی بحری افواج کی بحری مشق ‘سی گارڈئینز 2023’ کا آغاز

    پاکستان اور چین کی بحری افواج کی بحری مشق سی گارڈئینز 2023 کا آغاز ہو گیا، اس بار سی گارڈئینز کا محور بحری خطرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کی حربی مشق سی گارڈئینز 2023 شروع ہوگئی، دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سی گارڈئینز سلسلے کی تیسری مشق شمالی بحیرہ عرب میں منعقد کی جا رہی ہیں، اس بار سی گارڈئینز کا محور بحری خطرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر ہو گا۔

    سی گارڈئینز 23 کی سب سے خاص بات چینی بحریہ کی سونگ کلاس یا ٹائپ 039 سب میرین کی شرکت ہے، عام طور پر کسی دوسرے ملک کے ساتھ بحری مشق میں آبدوز حصہ نہیں لیتی لیکن چینی آبدوز کا پاکستان نیوی کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لینا اس بات کا عکاس ہے کہ دونوں ملک اپنی اسٹرٹیجک شراکت داری اور روایتی دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔

    پاکستان اور چین کے درمیان حربی تربیت کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے، سی گارڈئِنز مشقوں کا آغاز 2020 میں ہوا تھا، پہلی سی گارڈئِنز مشق بحیرہ عرب جبکہ دوسری جولائی 2022 میں شنگھائی کے قریب منعقد کی گئی۔

    رواں برس پاکستان اور چین کی فضائی افواج نے بھی شاہین 10 جنگی مشقیں منعقد کی تھی۔

  • پاکستان اور چین کی بحری افواج مشترکہ بحری مشق ’’سی گارڈئینز ‘‘کے لئے تیار

    پاکستان اور چین کی بحری افواج مشترکہ بحری مشق ’’سی گارڈئینز ‘‘کے لئے تیار

    اسلام آباد : پاک بحریہ اورچینی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کی حربی مشق آئندہ ماہ منعقد ہوں گی، چینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس بارسی گارڈئینز کا محور بحری خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پرہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کی بحری افواج مشترکہ بحری مشق ’’سی گارڈئینز ‘‘کے لئے تیار ہے، پاک بحریہ اورچینی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کی حربی مشق آئندہ ماہ منعقد ہوں گی۔

    سی گارڈئینز کے سلسلے کی تیسری مشق شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہوگی، اس حوالے سے چینی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ اس بارسی گارڈئینزکامحوربحری خطرات سےنمٹنےکیلئےمشترکہ حکمت عملی پرہوگا۔

    چینی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ دونوں ملک اسٹرٹیجک شراکت داری ، روایتی دوستانہ تعلقات کوفروغ دے رہے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان حربی تربیت کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

    سی گارڈئِنش مشقوں کا آغاز 2020میں ہوا تھا ، پہلی سی گارڈینز مشق بحیرہ عرب جبکہ دوسری جولائی 2022میں شنگھائی کےقریب منعقدکی گئی تھی۔

    پاکستان اور چین کی فضائی افواج نے بھی حال ہی میں شاہین 10 جنگی مشقیں منعقد کیں ، مشقوں میں پی ایل اے ایئرفورس کےجے 16 ،پاک فضائیہ کے جے 10سی ،جے ایف 17 طیار شامل تھے۔

  • امریکی بحری افواج کے عہدے داروں کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    امریکی بحری افواج کے عہدے داروں کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    کراچی: امریکی بحری افواج کے عہدے داروں نے سمندری جہازوں کے ہمراہ کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستان کے ساتھ پائیدار تعلقات استوار کرنے کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کی جانب سے مشترکہ سمندری مشقوں کے سلسلے میں امریکی کوسٹ گارڈ کے 2 بحری جہاز کراچی پہنچے، جو شیڈول کے مطابق کراچی بندرگاہ پر 6 تا 13 اکتوبرتک موجود رہیں گے۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان اور کموڈور برائے پیٹرول فورس ساؤتھ ویسٹ ایشیا ایرک ہیلگن کی قیادت میں یو ایس سی جی سی کے فاسٹ رسپانس کٹرس چارلس مولتھروپ (ڈبلیو پی سی 1141) اور یو ایس سی جی سی ایملین ٹنل (ڈبلیو پی سی 1145) کی جانب سے سمندری مشقوں کا دورہ کیا گیا۔

    مشقیں امریکا اور پاکستان کی بحری افواج کے درمیان فنی مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ سمندری مشقوں کا ایک اہم حصہ ہیں۔

    اس موقع پر امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم پرجوش ہیں اور یہاں آنا ہماری لیے باعث خوشی ہے، ہم ایک انتہائی متحرک خطے میں باہمی تعلقات استوار کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    ایرک ہیلگن نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مستحکم و پائیدار تعلقات قائم ہیں، گزشتہ سالوں میں امریکی سمندری جہازوں کی جانب سے پاکستان کے دورے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ عملے کی سطح پر تبادلہ اور مشترکہ سمندری مشقوں کا مقصد باہمی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    بعد ازاں امریکی وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان ایرک ہیلگن نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

    انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کے مزار کا بھی دورہ کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔