Tag: بحری جہاز پھنس گیا

  • تیل نکالنے کا آپریشن مکمل، ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا

    تیل نکالنے کا آپریشن مکمل، ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز سے سارا تیل نکال لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 سے تیل بہنے کا خطرہ تھا، تاہم ساحل پر ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ اب ٹل گیا ہے، مشیر جہاز رانی محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہاز میں 95 ٹن تیل موجود تھا جو اب نکالا جا چکا ہے۔

    محمود مولوی نے جہاز کو نکالنے کے سلسلے میں بتایا کہ اس کے لیے 3 اسپیشل ٹگز آئندہ چند روز میں کراچی پہنچیں گے، دبئی سے آنے والے ٹگز کم گہرائی سے جہاز نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس سے قبل جو ٹگ جہاز نکالنے کراچی پہنچا تھا وہ ابھی خود مرمت کے لیے پورٹ پر کھڑا ہے۔

    انھوں نے کہا جہاز کے مالک نے جہاز کے معاملات دیکھنے کے لیے اپنا ایجنٹ مقرر کر دیا ہے، جہاز کو نکالنے کے دوران کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری کمپنی کی ہوگی، جب کہ جہاز نکالنے کا عمل 15 اگست سے شروع ہوگا اور ایک ہفتہ جاری رہے گا۔

    دعوؤں کے برعکس ہینگ ٹونگ سے 2 دن کے آپریشن میں بھی تیل نہیں نکالا جا سکا

    واضح رہے کہ جہاز نکالنے کے لیے 2 سے 3 ٹگ دبئی سے کراچی پورٹ آئیں گے، جہاز نکالنے کے دوران اس کے ٹوٹنے کا بھی خطرہ ہے، جس کے لیے تمام اداروں کو الرٹ کیا جا چکا ہے، جب کہ جہاز نکالنے کے لیے سالویج ماسٹر سنگاپور سے آئے گا۔

  • ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر بحری جہاز ہینگ ٹونگ کے پھنسنے کا معاملہ متنازع ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسنے والے بحری جہاز کے کپتان نے کے پی ٹی اور پورٹ قاسم کنٹرول ٹاور کو جہاز کی خرابی سے آگاہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تاہم وزیر اعظم کے مشیر برائے جہاز رانی و بندر گاہ محمود مولوی نے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کے کپتان کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے، جہاز کے کپتان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے کنٹرول ٹاور سے متعدد بار مدد کے لیے رابطہ کیا تھا، جب کہ مشیر محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جب رابطہ کیا گیا تو اس وقت جہاز کم پانی میں جا چکا تھا۔

    ادھر بحری جہاز کے کپتان عمر کی آڈیو سامنے آ گئی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کپتان نے پہلے پورٹ قاسم کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا، آڈیو میں کپتان کی آواز واضح سنائی دیتی ہے، وہ کہتا ہے:

    پورٹ قاسم کنٹرول، پورٹ قاسم کنٹرول، چینل 16، آپ سن رہے ہو، ہینگ ٹونگ جہاز سے بات کر رہا ہوں، جس پر کنٹرول ٹاور سے کہا گیا کہ ہینگ ٹونگ پلیز کال ان چینل 10۔

    آڈیو کے مطابق جہاز کے کپتان کو 10 چینل پر رابطے کرنے کا کہا گیا، کپتان نے منوڑہ پورٹ کنٹرول سے رابطہ کیا، اس دوران بحری جہاز کے کپتان نے کنٹرول سے متعد بار رابطے کیے، اور منوڑہ کنٹرول کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ابھی ہم آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔

    ‘کراچی کے ساحل پر پھنسا جہاز 15 اگست سے پہلے نہیں نکالا جا سکتا’

    کپتان نے کہا کہ وہ دو تین گھنٹوں سے مدد کے لیے رابطہ کر رہے ہیں لیکن کوئی رسپانس نہیں مل رہا ہے، کپتان نے یہ بھی کہا کہ جہاز ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے اور مجھے فوری مدد کی ضرورت ہے۔

    تاہم دوسری طرف مشیر جہاز رانی محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہاز کے کپتان نے تاخیر سے رابطہ کیا، جہاز میں 2 اینکریج مزید موجود تھے، اس سے جہاز کو روکا جا سکتا تھا، لیکن جہاز کا کپتان روکنے میں ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسنے والے 2250 ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز ہینگ ٹونگ بدھ کی شام کراچی میں سمندر سے ساحل پر آنے کے بعد ریت میں دھنس گیا تھا، یہ جہاز 2011 میں تیار ہوا تھا۔