Tag: بحیرہ احمر پروجیکٹ

  • سعودی عرب: لاکھوں سیاحوں کے لیے بڑا منصوبہ

    سعودی عرب: لاکھوں سیاحوں کے لیے بڑا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب ایک ایسے منصوبے پر کام تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے جس سے سالانہ 3 لاکھ سیاح مملکت آ سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بحیرہ احمر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ماتحت ٹورسٹ پرو جیکٹ کے ایگزیکٹو چیئرمین نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر پروجیکٹ سالانہ تین لاکھ سیاحوں کی میزبانی کرے گا۔

    اس پروجیکٹ کے تحت پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق پہلے مرحلے میں جتنے ہوٹل کھولے جانے کا پروگرام تھا ان میں 2 کا اضافہ کر دیا گیا ہے، پروجیکٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 2023 کے آخر تک 16 ہوٹل تیار ہو جائیں گے۔

    ایگزیکٹو چیئرمین نے میڈیا کو بتایا کہ توقع ہے کہ کرونا وائرس کی وبا ختم ہوتے ہی بین الاقوامی سیاحت تیزی سے پھلے پھولے گی، اور بحیرہ احمر پروجیکٹ پہلے مرحلے میں سالانہ تین لاکھ سیاحوں کی میزبانی کرے گا۔

    واضح رہے کہ یہ منصوبہ پبلک انویسمنٹ فنڈ کے تحت روبہ عمل لایا گیا ہے، بحیرہ احمر پروجیکٹ کے تحت بحیرہ احمر کے ساحل کے سامنے واقع 50 جزیروں میں جدید تفریح گاہیں تیار کی جائیں گی۔

    ان تفریح گاہوں میں سیاح غوطہ غوری کا شوق پورا کریں گے اور تاریخی مقامات کی سیر کر سکیں گے، انھیں محفوظ قومی جنگلات کی سیر کا بھی موقع میسر آئے گا۔

  • سعودی عرب: بحیرہ احمر پروجیکٹ کے حوالے سے ورکرز کے لیے بڑی خبر

    سعودی عرب: بحیرہ احمر پروجیکٹ کے حوالے سے ورکرز کے لیے بڑی خبر

    ریاض: سعودی عرب کے بحیرہ احمر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ورکرز کے لیے 17 ہزار رہائشی کیبن تیار کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ احمر ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ ہاؤسنگ ولیج میں 17 ہزار رہائشی کیبن تیار کیے گئے ہیں جن میں 10 ہزار سے زیادہ ورکرز کو ٹھہرایا جائے گا اور مزید 1 ہزار کیبن بنائے جائیں گے۔

    بحیرہ احمر ویلج تمام ضروریات اور تفریحاتی سہولتوں سے آراستہ ہے، یہاں کرکٹ، فٹبال، باسکٹ بال اور والی بال کھیلوں کا انتظام کیا گیا ہے،اسپورٹس کلب قائم ہے جبکہ سینما گھر بھی کھولے گئے ہیں۔ویلج میں رشتے داروں اور احباب سے رابطے کے لیے ورکرز کو جدید طرز کا کمیونیکیشن بھی مہیا ہوگا۔

    میڈیکل سینٹر میں لیبارٹری بھی ہے، ڈاکٹرز، نرسیں اور معاون طبی عملہ 24 گھنٹے ورکرز کی خدمت پر مامور ہیں۔

    یاد رہے کہ بحیرہ احمر پروجیکٹ سعودی عرب کا عظیم الشان سیاحتی منصوبہ ہے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس کا اعلان 31 جولائی 2017 کو کیا تھا۔اس پروجیکٹ پر 2019 کی پہلی سہ ماہی میں کام شروع کیا گیا۔