Tag: بدامنی

  • برطانیہ میں بد امنی عروج پر، سَنڈرلینڈ میں مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کو آگ لگا دی

    برطانیہ میں بد امنی عروج پر، سَنڈرلینڈ میں مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کو آگ لگا دی

    لندن: جمعہ کی رات سَنڈرلینڈ میں بدامنی پھوٹ پڑنے کے بعد مقامی پولیس کو ’’سنگین اور مسلسل تشدد‘‘ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    بی بی سی کے مطابق شمالی مغربی انگلینڈ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں پیر کو چاقو زنی سے 3 کم سن لڑکیوں کی موت کے بعد برطانیہ بھر کے قصبوں اور شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں، بدامنی کے تازہ واقعے میں مشتعل افراد نے پولیس اسٹیشن کو جلا دیا، جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے۔

    رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ ساؤتھ پورٹ میں چاقو سے حملے کے خلاف برطانیہ میں مظاہروں کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، سَنڈر لینڈ میں پولیس سے جھڑپوں کے بعد مشتعل ہجوم نے پولیس اسٹیشن کو جلا ڈالا، پولیس اسٹیشن میں لگنے والی آگ نے ملحقہ عمارت کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

    مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور آگ بجھانے والے آلات سے بھی حملے کیے، پولیس اسٹیشن سے ملحقہ عمارت اور ایک کار بھی شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی، دوسری جانب لیورپول میں مسجد کے باہر 2 حریف گروہوں کے درمیان جھگڑے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔

    نارتھمبریا پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کے احاطے میں توڑ پھوڑ اور ملحقہ عمارت کو آگ لگانے کے بعد 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لیورپول میں ایک مسجد کے باہر فساد کے دوران پولیس پر بیئر کے کین اور اینٹیں پھینکی گئیں اور ایک کار کو آگ لگائی گئی۔

    نارتھمبریا پولیس کی چیف سپرنٹنڈنٹ ہیلینا بیرن نے ایک بیان میں کہا کہ پرتشدد مظاہروں میں پولیس پر جو حملے ہوئے ہیں اور جو دیگر نقصان ہوا ہے اسے برداشت نہیں کیا جائے گا، مجرمانہ رویے کے ذمہ داروں کی شناخت کی جائے گی۔

  • خطے کو بدامنی سے دوچار کرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے، اماراتی وزیر خارجہ

    خطے کو بدامنی سے دوچار کرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے، اماراتی وزیر خارجہ

    ابوظبی : اماراتی وزیر خارجہ انور قرقاش کا کہنا ہےکہ ہم خطے میں کم سے کم کشیدگی چاہتے ہیں مگر خطے میں کشیدگی میں کمی بیشی ایرانی کردارپر منحصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے اس بیانیے سے متفق ہے کہ خطے کو بدامنی سے دوچار کرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے۔ ہمارے اس موقف کو سعودی عرب کی تائید بھی حاصل ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ابوظہبی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انور قرقاش نے ایران پر زور دیا کہ وہ خطے اور عالمی برادری سے تعلقات کی بہتری کے لیے اپنی پالیسی تبدیل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے خطے کے بارے میں بیانات اور افعال میں کھلا تضاد ہے۔ایران کو یہ توقع ہرگز نہیں تھی کہ عالمی پابندیوں کی اسے اتنی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    اماراتی وزیر مملکت نے کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ کے بیان کی تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات کی کوئی حیثیت نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انور قرقاش نے کہا کہ امارات کے قریب خلیجی پانیوں میں تیل بردار بحری جہازوں پر تخریب کاری کے حملوں کی تحقیقات ابھی جاری ہیں، آئندہ چند ایام میں ان تحقیقات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امارات صبرو تحمل کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، ہم خطے میں کم سے کم کشیدگی چاہتے ہیں مگر خطے میں کشیدگی میں کمی بیشی ایرانی کردارپر منحصر ہے۔

    لیبیا کی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے اماراتی وزیرمملکت برائے خارجہ نے کہا کہ لیبی فوج کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر نے طرابلس پر چڑھائی سے قبل ہم سے مشورہ نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ طرابلس میں بعض خلاف قانون تنظیمیں موجود ہیں اور عالمی برادری نے طرابلس کی حکومت تسلیم کر رکھی ہے۔ تاہم بعض دہشت گرد گروپوں کوعالمی پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔

    قضیہ فلسطین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہاکہ ان کا ملک ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس میں مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت کا درجہ حاصل ہو۔

  • پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا،  فیاض الحسن چوہان

    پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا، فیاض الحسن چوہان

    لاہور : پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا، لیگی کارکنا ن کے شرپسندی میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد ہونے والے دھرنوں اور مظاہروں میں ہونے والی بدمنی میں ن لیگی کارکنوں کے ملوث ہونے کی مستند اطلاعات موصول ہوئی ہیں، پی پی اور ن لیگ نے بدامنی کے معاملے پر منافقانہ کردار ادا کیا۔

    وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ماضی کی حکومت کے مقابلے میں تین ہفتوں کے بجائے3روز میں حکمت عملی سے معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کیا اور اب تک جلاؤ گھیراؤ میں ملوث1800سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔

    حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    واضح رہے کہ احتجاج کی آڑ میں پرتشدد مظاہروں اور توڑ پھوڑ میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، شیخو پورہ میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گئے، سی سی ٹی وی کیمروں اور میڈیا فوٹیجزکی مدد سے ملزمان کو شناخت کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔