Tag: بدمعاشی

  • وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی: فیصل چوہدری

    وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی: فیصل چوہدری

    پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ کل کے ڈرامے کا آج اختتام ہوا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی۔

    فیصل چوہدری نے کہا کہ جیل سے نکلنے والے ہمارے رہنماؤں کو غیر قانونی گرفتار کیا گیا، عدالت کے حکم پر ہم اپنے رہنماؤں کو ٹرائل کیلئے لے گئے تھے اس دوران اڈیالہ چوکی کے افسران کسی نامعلوم جگہ سے ہدایات لیتے رہے، جج صاحب نے پولیس کی کلاس لیتے ہوئے تمام افراد کو رہا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی بحران سے مستفید ہوتی ہے اس لیے ختم ہونے نہیں دیتی، بحران میں کمی مذاکرات سے ہی آسکتی ہے جسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، عمر ایوب کی گرفتاری دراصل مذاکراتی کمیٹی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔

    فیصل چوہدری نے کہا کہ عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جارہے ہیں، آئین وقانون کے ساتھ ہونے والےکھلواڑ کا نوٹس لیا جائے، عوام میں موجود غم وغصہ عدالتیں ہی کنٹرول کرسکتی ہیں۔

    فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان تیزی سے تصادم کی طرف جارہا ہے، پہلے ہی بہت دیر ہوچکی ہے اس لیے عدالتی وقار کی حفاظت کی جائے۔

  • بھارتی ویمنز کپتان آسٹریلوی بیٹر کے ساتھ بدمعاشی پر اتر آئیں، ویڈیو وائرل

    بھارتی ویمنز کپتان آسٹریلوی بیٹر کے ساتھ بدمعاشی پر اتر آئیں، ویڈیو وائرل

    بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان آسٹریلیا کے خلاف واحد اور تاریخی ٹیسٹ میچ کے دوران بدمعاشی پر اتر آئیں جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    آسٹریلوی اور بھارتی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والے تاریخی ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتان کے درمیان فیلڈ میں گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔ ہرمن پریت کور نے غصے سے بال آسٹریلوی کپتان ایلیسا ہیلی کی طرف پھینک دی۔

    مذکورہ واقعہ ٹیسٹ میچ کے 80 ویں اوور کے دوران پیش آیا، جب آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلی اور اینابیل سدرلینڈ دوسری اننگز کے دوران بیٹنگ کر رہی تھیں۔

    بھارتی ٹیم شدت سے آسٹریلوی بیٹرز کی پارٹنرشپ توڑنے کی متمنی تھی، اس دوران کپتان ہرمن پریت خود بولنگ کرنے کے لیے آئیں، ان کی بال ایلیسا نے سیدھ ڈرائیو کی۔

    گیند جیسے ہی ہرمن پریت کے پاس پہنچی انھوں نے بال اچک کر بیٹر کی طرف تھرو کردی۔ اس دوران بیٹر ایلیسا نے بیٹ سے اپنی طرف آتی گیند روکی اور ہاتھ کے اشارے سے ہرمن سے پوچھا کہ یہ کیا حرکت تھی۔

    اس کے بعد آسٹریلوی ویمنز کپتان نے ہرمن کو چوکا لگادیا۔ اگلی گیند کو بھی ایلیسا نے سوئپ کرنے کی کوشش کی تاہم وہ اس گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔

    ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی کپتان حرمن پریت کور نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔ ایلیسا نے 101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 32 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

    واضح رہے کہ ممبئی میں ہونے والے واحد ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلین ویمنز ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • امریکی بدمعاشی ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے، چین

    امریکی بدمعاشی ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے، چین

    بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ امریکا کی ’یکطرفہ بدمعاشی‘ ایران کے جوہری بحران میں اضافے کی وجہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ’حقائق سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا کی یکطرفہ بدمعاشی ایک ایسا ٹیومر بن گیا ہے جو خراب ہوتا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر ڈالا گیا زیادہ دباؤ ایرانی جوہری بحران کی بنیادی وجہ ہے۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نے ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی شرائط کو پورا نہ کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایران نے گزشتہ روز 2015 کے جوہری معاہدے کی مزید شرائط پر اس وقت تک عملدرآمد نہ کرنے کی دھمکی دی تھی جب تک دیگر فریقین اس کا کوئی باقاعدہ حل تلاش نہیں کرلیتے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں ایران اور 6 عالمی قوتوں برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، امریکا اور روس کے درمیان جوہری معاہدہ ہوا تھا جس میں تہران نے پابندیوں میں نرمی کے بدلے میں جوہری مواد کی افزودگی کی سطح میں کمی پر اتفاق کیا تھا۔

    امریکا نے گزشتہ سال جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور اگست 2018 میں ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کردی تھیں جس میں ایرانی تیل کی برآمدات اور بینکنگ نظام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    ایران کا یورینیم افزودہ کرنے کی مخصوص حد سے دوبارہ تجاوز کرنے کا اعلان

    ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کی حد میں اضافے کے اقدام سے جوہری معاہدے کے حامی ممالک نے بھی اختلاف کا اظہار کیا ہے، جرمنی نے ایران سے تمام شرائط کے مخالف اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ایٹمی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال وندی نے کہا تھا کہ نئی سطح پر یورینیم افزودہ کرنے سے متعلق تکنیکی تیاریاں چند گھنٹوں میں مکمل ہوجائیں گی اور3.67 فیصد سے زیادہ یورینیم افزودہ کی جائے گی۔