Tag: بدین

  • بدین میں زمین کے تنازع پر خونریز تصادم، 5 افراد قتل

    بدین میں زمین کے تنازع پر خونریز تصادم، 5 افراد قتل

    بدین: کھورواہ کے نواحی گاؤں انگارو خاصخیلی میں زمینی تنازعہ پر 5 افراد قتل جبکہ 7 زخمی ہوگئے جن میں 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کھورواہ کے نواحی گاؤں انگارو خاصخیلی میں زمینی تنازعہ پر خاصخیلی اور راھموں برادری کے مابین جھگڑا ہوا جس میں فائرنگ لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے وار لگنے کے باعث دونوں برادریوں کے 5 افراد موقع پر قتل جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 3 کی حالت نازک ہے۔

    تصادم کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے ڈی ایس پی، ایس ایچ اوز اور تھانہ کھورواہ کے سب انسپکٹر جبکہ ایس ایچ او تھانہ کڑیو گھنور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیا جس کے بعد مزید جانی نقصان پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کے مطابق ضلع بھر سے اضافی پولیس نفری بھی طلب کرلی گئی ہے، تمام زخمیوں کو علاج کیلئے گولاڑچی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زمین کے تنازع پر خونریز تصادم ہوا، مکمل قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی، پولیس نے دونوں برادریوں کے مقتولین اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کردی ہے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں انور ولد عبدالله راھموں، مدد علی، محمد صديق، عبدالمجيد اور احمد شامل ہے جبکہ زحمی ہونیوالوں میں گل حسن، محمد جمن، يوسف، مينھن وسايو، غلام محمد، واحد بخش اور گل شير شامل ہے۔

  • ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں قائم انسداد پولیو ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ملک میں سال 2024 کے 74 ویں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔

    اس حوالے سے پولیو حکام کا کہنا ہے کہ سندھ کے ضلع بدین سے ایک اور پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے، سال کا پہلاکیس جنوبی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوا تھا۔

    سال2024 میں مجموعی طور پر پولیو وائرس کے74 کیسز رپورٹ ہوئے، ان کیسز میں سے 27 کا تعلق بلوچستان، 22 کا خیبرپختونخوا سے تھا۔ 23 کیسز کا تعلق سندھ، ایک کا پنجاب اور ایک کا اسلام آباد سے تھا۔

    پولیو حکام کے مطابق 2025کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ملک بھر میں مہم کے 99 فیصد اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں۔

    گزشتہ ماہ ہی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی لیبارٹری کے ایک عہدیدار  نے ٹھٹھہ سے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کیس کی نشاندہی کی تصدیق کی تھی۔

    سال 2024 میں ٹھٹھہ سے پولیو وائرس کا یہ پہلا کیس ہے چونکہ نمونہ پچھلے سال دسمبر میں جمع کیا گیا تھا، اس لیے اس کیس کو پچھلے سال کے اعداد و شمار کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ انسداد پولیو مہم 3سے9فروری 2025 تک چلائی گئی، مہم کے دوران45ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    ہر مہم میں، یہ پروگرام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں، تاکہ انہیں پولیو وائرس کے خطرناک اثرات سے بچایا جا سکے۔

  • خواتین کو بلیک میل کرنے والا گروہ بے نقاب ، اہم کارندہ گرفتار

    خواتین کو بلیک میل کرنے والا گروہ بے نقاب ، اہم کارندہ گرفتار

    بدین : خواتین کو بلیک میل کرنے والا گروہ بے نقاب کرتے ہوئے کراچی کے نجی ہوٹل سے گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حیدرآباد نے کامیاب کارروائی خواتین کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے والے گروہ کے کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔

    گرفتار ملزم زین العابدین شاہ سوشل میڈیا ورکر ہے، جس پر میاں بیوی کی بنائی گئی نجی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بھاری رقم طلب کرنے کا الزام ہے۔

    تحقیقات میں بتایا گیا کہ گروہ میں نام نہاد صحافی اور ڈمی اخبارات کے افراد بھی شامل ہیں جو غیر اخلاقی مواد کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کرتے تھے۔

    ایف آئی اے پہلے ہی ان کے موبائل فون تحویل میں لے چکی ہے اور مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔

    ایف آئی اے کے تحقیقاتی افسر طارق لاشاری نے بتایا کہ ملزم کو کراچی کے ایک نجی ہوٹل سے گرفتار کیا گیاہے، ملزم نے ایک خاتون کو بھی بلیک میل کیا تھا،جس نے اپنا موبائل ریپئرنگ کے لیے دیا تھا تاہم ملزم نے موبائل چوری کے بعد موبائل سے ذاتی تصاویر چوری کر کے خاتون سے بھاری رقم طلب کی اور تصاویر ڈیلیٹ نہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔

    ایف آئی اے کے مطابق گروہ اس سے قبل ایک خاتون ڈاکٹر کو بھی بلیک میل کرنے میں ملوث رہا ہے، خاتون کی شکایت پر سائبر کرائم ٹیم نے فوری کارروائی کی، اور ملزم کے زیر استعمال موبائل فون بھی ضبط کر لیا گیا ہے، جس سے سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل کی گئی تھیں۔

    ایف آئی اے نے اس کامیاب کارروائی کو خواتین کی حفاظت اور سائبر کرائم کے خلاف اہم قدم قرار دیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں، اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • بدین میں مظاہرین کا پولیس پر حملہ، 5 اہلکار زخمی

    بدین میں مظاہرین کا پولیس پر حملہ، 5 اہلکار زخمی

    بدین: بائی پاس پر مظاہرین نے مشتعل ہوکر پولیس پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس سے 5 اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔

    بدین کے نوجوان کی مبینہ گرفتاری پر اہلخانہ اور برادری نے حیدرآباد بدین بائی پاس پر دھرنا دیا ہوا ہے، پولیس نے بائی پاس پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔

    اس دوران مظاہرین مشتعل ہوگئے اور پولیس اہلکاروں پر پتھروں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس سے 5 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

    احتجاجی مظاہرین کی جانب سے حیدرآباد بدین بائی پاس بلاک کردی گئی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    مظاہرین نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ سندھ پولیس نے نوجوان جان محمد مگسی کو بلاجواز یرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔

    پولیس موبائل پر چڑھ کر مظاہرین نے اس میں توڑ پھوڑ کی، مظاہرین نے لاتوں اور ڈنڈوں سے پولیس موبائل کا حلیہ بگاڑ دیا۔

    صورتحال کے بے قابو ہونے کے بعد احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے حیدرآباد سےمزید پولیس کی نفری بدین طلب کرلی گئی ہے۔

    بھاری نفری پہنچنے اور لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے، پولیس نےٹریفک روانگی بحال کرادی، زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • بدین میں پریزائیڈنگ افسر کو دھمکی دینے والا شخص گرفتار

    بدین: صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں پریزائیڈنگ افسر کو دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدین کے ٹاؤن کمیٹی کڑیوگھنور میں پریزائیڈنگ افسر کو دھمکی دینے والا شخص گرفتار ہو گیا، دھمکی دینے والے شخص کے خلاف تھانہ کڑیوگھنور میں پریزائیڈنگ افسر کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

    ایس ایس پی بدین کے مطابق گرفتار ملزم سے رپیٹر اور گولیوں سمیت 2 پستولیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے صوبے بھر کے 16 اضلاع میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، پولیس اور رینجرز اہل کار سیکیورٹی کے لیے مامور کیے گئے ہیں۔

    انتخابات میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 32 لاکھ 83 ہزار 696 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جب کہ 8706 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں مردوں کے لیے 1204 پولنگ اسٹیشنز ہیں اور خواتین کے لیے 1170، جب کہ مشترکہ 6332 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں، اسپیشل سیکریٹری اور سیکریٹری الیکشن کمیشن صوبائی دفتر سے انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں، جب کہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم نتائج آنے تک فعال رہے گا۔

  • 15 کلو وزنی دیگ منہ میں دبا کر رقص کرنے والا نوجوان

    15 کلو وزنی دیگ منہ میں دبا کر رقص کرنے والا نوجوان

    دنیا میں بڑے بڑے جرات مند اور طاقتور افراد گزرے ہیں جنہوں نے اپنی طاقت سے لوگوں کو حیران کردیا، ایسا ہی ایک نوجوان سندھ کا عرفان قمبرانی بھی ہے جس نے اپنی معمولی سی جسامت پر ایسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ لوگ دنگ رہ گئے ہیں۔

    صوبہ سندھ کے ضلع بدین کا رہائشی عرفان قمبرانی نہایت مضبوط دانتوں کا مالک ہے، وہ 15 کلو کی دیگ باآسانی اپنے دانتوں میں دبا کر رقص اور چہل قدمی کرسکتا ہے۔

    عرفان کی کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ دانتوں میں دیگ اٹھا کر رقص کر رہا تھا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ مشہور ہوگیا اور لوگ دور دور سے اسے دیکھنے کے لیے آنے لگے۔

    لوگ آ کر اس کا رقص دیکھتے ہیں اور اسے انعام سے بھی نوازتے ہیں۔

    عرفان ایک باورچی ہے اور وہ شادی بیاہ اور تقریبات کے لیے کھانے تیار کرتا ہے، تاہم اس کے فن کی بدولت بھی اسے مختلف تقریبات میں مدعو کیا جاتا ہے جہاں وہ لوگوں کو اپنے رقص سے محظوظ کرتا ہے۔

  • ظلمت سے روشنی کی طرف: ہندو لڑکی نے اسلام قبول کر لیا

    ظلمت سے روشنی کی طرف: ہندو لڑکی نے اسلام قبول کر لیا

    کراچی: بدین سے تعلق رکھنے والی ایک 21 سالہ لڑکی نے ظلمت سے روشنی کی طرف آتے ہوئے اسلام قبول کر لیا، نو مسلمہ نے اپنے اغوا کی پولیس رپورٹ بھی غلط قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق 21 سالہ تعلیم یافتہ ہندو لڑکی کانتا اسلام قبول کرنے کے لیے جامعہ بنوریہ کراچی آئی تھی، جہاں نو مسلمہ کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا گیا۔

    قبول اسلام کے بعد کانتا کا اسلامی نام فاطمہ منتخب کیا گیا، فاطمہ نے پولیس کو بیان دیا کہ میں بالغ اور اپنے فیصلوں میں خود مختار ہوں، اپنی مرضی اور خوشی سے اسلام قبول کیا ہے، اسلام قبول کرنے ہی کراچی آئی تھی، اغوا کی ایف آر درست نہیں ہے۔

    جامعہ بنوریہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لڑکی سے شناختی کارڈ، اس کی عمر اور اسلام قبول کرنے کے حوالے سے تمام معلومات حاصل کی گئی تھیں، پھر نو مسلمہ کا بیان لے کر مقامی تھانہ سائٹ اے میں جمع کرایا گیا۔

    نو مسلمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے، بدین واپس نہیں جانا چاہتی، جامعہ بنوریہ میں دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں۔

    امریکی خاتون نے جامعہ بنوریہ میں اسلام قبول کر لیا

    فاطمہ نے کہا ایف آئی آر کو سی کلاس کرنے کے لیے جو بیان لینا ہے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے لیا جائے، مجھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ میں واپس ہندو ہو جاؤں، اور میں ایسا ہر گز نہیں چاہتی۔

    نو مسلمہ نے بتایا کہ انھوں نے بچپن ہی سے اسلام کا مطالعہ کیا ہے اور پہلے بھی اس حوالے سے اپنے گھر والوں کو آگاہ کیا تھا۔ فاطمہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بدین میں اغوا سے متعلق درج ایف آئی آر واپس لی جائے اور مجھے میرا قانونی حق دیا جائے۔

  • بدین کے گاؤں میں اسکول جانا موت کا کھیل بن گیا، 6 بچے جاں بحق

    بدین کے گاؤں میں اسکول جانا موت کا کھیل بن گیا، 6 بچے جاں بحق

    بدین: صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ایک گاؤں میں بچوں کا اسکول جانا بھی موت کا کھیل بن گیا ہے، اب تک 6 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدین کے گاؤں سونو خان سیال میں بچوں کا اصل امتحان اسکول جانا بن گیا ہے، نہر کے پار واقع اسکول تک پہنچنے کے لیے بچوں کو ایک پتلے تنے پر رسّی پکڑ کر گزرنا پڑتا ہے، اس عمل کے دوران نہر عبور کرتے ہوئے اب تک چھ بچے جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

    نہر سے گزر کر جنازہ لے جایا جا رہا ہے

    قابل افسوس امر ہے کہ بدین کے گاؤں میں نہر پار پہنچنے کے لیے اسکول کے بچوں کو سرکس کی طرح باریک لکڑی پر چلنا پڑتا ہے، جب کہ مقامی انتظامیہ مجرمانہ غفلت میں مدہوش پڑی ہوئی ہے۔ اس نہر کو علی واہ کہا جاتا ہے، اس گاؤں کے آس پاس دو کلومیٹر کے علاقے میں نہر کی دوسری جانب جانے کے لیے کوئی پل نہیں بنایا گیا ہے۔

    گاؤں سونو خان سیال میں بچوں کا اسکول جانا پُل صراط پر سے گزرنے جیسا عمل ہے، کیوں کہ اس سے نہر میں گرنے والے چھ بچے جان گنوا چکے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ گاؤں سے باہر جانے کا کوئی دوسرا راستہ ہی نہیں بنایا گیا، نہ ہی نہر پر باقاعدہ پُل تعمیر کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق گاؤں کے جنازے بھی اسی پُر خطر راستے سے گزرتے ہیں، مکینوں کا کہنا ہے کہ عوامی نمایندے ووٹ لینے کے بعد مُڑ کر نہیں دیکھتے۔ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نہر پر پُل بنا کر دیا جائے تاکہ پریشانی اور حادثات سے بچا جا سکے۔

  • بدین: مسلح افراد کا ذوالفقار مرزا کی پنگریو کے قریب زرعی زمینوں پر قبضہ

    بدین: مسلح افراد کا ذوالفقار مرزا کی پنگریو کے قریب زرعی زمینوں پر قبضہ

    بدین: صوبہ سندھ کے علاقے پنگریو کے قریب ذوالفقار مرزا کی زرعی زمینوں پر مسلح افراد نے قبضہ کر لیا ہے، رکن صوبائی اسمبلی حسنین مرزا نے قبضے کی تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا نے کہا ہے کہ 1050 ایکڑ زرعی زمین ان کے بھائیوں، بہنوں اور والدہ کے نام پر ہے، مسلح افراد نے اس پر قبضہ کر لیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ زمین پر قبضہ کرنے والے ہتھیار بند افراد کی تعداد 100 کے قریب ہے، حسنین مرزا کا کہنا ہے کہ زرعی زمین پر قبضے کے خلاف پولیس کارروائی سے گریزاں ہے، قبضے کی سازش سندھ حکومت کی مرضی سے تیار کی گئی ہے، انتظامیہ نوٹس لے، رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپنی زمینوں پر بینک سے قرضہ بھی لے چکے ہیں۔

    ادھر بدین پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ علاقے میں پہنچ گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مسلح ہتھیار بندوں سے تا حال کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔

    جی ڈی اے کی وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کا بھی کہنا تھا کہ انھوں نے زرعی زمین کو آباد کر کے مقامی افراد کو کو روزگار فراہم کیا تھا، تاہم کچھ لوگوں نے زمین پر قبضہ جما لیا ہے اور سندھ حکومت صورت حال پر قابو نہیں پا رہی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے مقامی پولیس کو بھی دھمکیاں دیں، مرزا فیملی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال کا نوٹس لیں۔

  • سندھ میں ایک اور وبا، ڈپتھیریا سے 15 بچے جاں بحق

    سندھ میں ایک اور وبا، ڈپتھیریا سے 15 بچے جاں بحق

    بدین: صوبہ سندھ کو ایچ آئی وی ایڈز کے بعد ایک اور وبا نے گھیر لیا ہے، ضلع بدین کے ساحلی علاقوں میں ڈپتھیریا وبائی صورت اختیار کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع بدین میں ڈپتھیریا (خنّاق) نے وبائی صورت اختیار کرتے ہوئے مختلف گوٹھوں میں 3 دن میں 15 بچوں کی جان لے لی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق بدین میں خناق وبائی صورت اختیار کر گیا ہے، 8 مزید بچے ڈپتھیریا سے متاثرہ پائے گئے، جب کہ حکام نے متاثرہ علاقوں سے دیگر 20 سے زائد بچوں کے سیمپل اکھٹے کر لیے ہیں۔

    وبائی صورت حال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ساحلی علاقوں کا دورہ کیا، ڈی ایچ او کے مطابق محکمہ صحت کی 4 ٹیمیں متاثرہ علاقوں کو روانہ کی جا چکی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رتو ڈیرو میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار  50 سے تجاوز کرگئی

    ڈاکٹرز کے مطابق ڈپتھیریا نامی وائرس خراب پانی اور خراب خوراک سے ہو رہا ہے، بچوں کی ہنگامی بنیادوں پر ویکسی نیشن کی ضرورت ہے، ادھر بلوچستان کے ضلع دکی میں بھی تین دن قبل وبائی مرض ڈپتھیریا ممپس پھیلنے سے 3 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ڈپتھیریا انفکیشن ایک قسم کے بیکٹیریا سے ہوتا ہے، جس سے گلے کے اندر ایک موٹی تہ بن جاتی ہے، جس کی وجہ سے سانس لینے میں مشکل ہونے لگتی ہے، اور ہارٹ فیل، فالج اور موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ لاڑکانہ، رتو ڈیرو میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 50 سے تجاوز کر چکی ہے جس کی وجہ سے گلوبل فنڈ نے رتو ڈیرو میں ایڈز کے متاثرہ مریضوں کے لیے ایک ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آج رتو ڈیرو میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ایچ آئی وی کے روک تھام کے لیے ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سپورٹ سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔