اسلام آباد: ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ نے ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کی منظوری دے دی، میڈ ان پاکستان نمائشوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی برآمدات بڑھانے اور درآمدات کم کرنے کے حکومتی مشن کے تحت وزیر تجارت جام کمال کی زیر صدارت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بورڈ نے رواں مالی سال کے لیے سالانہ بزنس پلان کی منظوری دی، جس میں 120 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں پاکستان کی شرکت کی منظوری شامل ہے، اور ایتھوپیا اور بنگلادیش میں ’’میڈ ان پاکستان‘‘ نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
ملک بھر میں برآمداتی تربیتی پروگرام اور سیمینارز کرانے کی منظوری بھی دی گئی، سیالکوٹ اور کوئٹہ میں ڈسپلے سینٹرز، کانفرنس رومز اور آئی ٹی ایکسیلیریٹرز قائم ہوں گے، سیالکوٹ میں کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم، انڈیکس ایک لاکھ 33 ہزار کی حد عبور کرگیا
اجلاس میں خواتین کاروباری شخصیات کی عالمی نمائشوں میں شمولیت بڑھانے پر زور دیا گیا، جام کمال نے کہا پاکستان کو روایتی منڈیوں کے بجائے نئی عالمی منڈیوں کی طرف جانا ہوگا۔
ٹی ڈی اے پی میں شعبہ جاتی تحقیق کے لیے ماہرین کی تعیناتی کی تجویز دی گئی، پاکستانی تجارتی مشنز کو پروموشنل سپورٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی، ٹی ڈی اے پی بورڈ کی سب کمیٹیوں کی سفارشات کی توثیق بھی کی گئی۔