Tag: برآمدات میں اضافہ

  • ٹیلی کام اور آئی ٹی سیکٹر سے اچھی خبر آگئی

    ٹیلی کام اور آئی ٹی سیکٹر سے اچھی خبر آگئی

    اسلام آباد : نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں نگران حکومت نے آئی ٹی کی وزارت میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں جس سےاس سیکٹر کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مختصر مدت میں حکومت کی بہتر پالیسیوں سمیت آئی ٹی سروسز کمپنیوں، فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کی بہتر کارکردگی کی بدولت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوگیا۔

    نگران وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جارہی ہے اور ڈیجیٹل معیشت کی اہمیت عالمی معیشت اور کاروبار میں بہت بڑھ گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہر سال ایک لاکھ لوگ اس سیکٹر میں شامل کیے جائیں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

    آئی ٹی سیکٹرکو درپیش چیلنجز کے بارے میں عمر سیف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے کو اور آگے بڑھانے کیلئے اس میں اصلاحات لاکر جدید طریقے متعارف کروانا ہوں گے، ہمیں نئے لوگ لانے اور سسٹم کو ریفارم کرنے کی ضرورت ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی شعبے میں زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے اور آنے والی حکومت کوبھی اس سلسلے میں اہم اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • یورپ میں بھارتی چاول پرپابندی، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ

    یورپ میں بھارتی چاول پرپابندی، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ

    کراچی : چاول کی بر آمدات میں نو ماہ میں مجموعی طور پر 29%اضافہ ہوا ہے، بھارت کے چاول میں زرعی ادویات کی زائد مقدار کی وجہ سے یورپی ممالک نے اس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کے سینیئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سا ل جولائی تا مارچ میں َ ایک ارب 41کروڑ ڈالر کا29لاکھ53ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی عرصے کے دوران ایک ارب 9کروڑ کا 25 لاکھ36ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا تھا۔

    رواں سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 16فیصد اور مالیت کے حساب سے 29فیصد اضافہ ہوا ہے، رفیق سلیمان کا کہنا ہے کہ زرعی ادویات کی زائد مقدار کی وجہ سے یورپی ممالک نے بھارتی چاول پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے باعث یورپی ممالک کو پاکستانی براؤن چاول کی بر آمدات میں اضافہ ہو جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران باسمتی چاول کی بہت بڑی مارکیٹ ہے کچھ سال سے پاکستانی چاول کی ایران کو برآمد کم ہوکرایک لاکھ ٹن تک رہ گئی ہے، اس کی بڑی وجہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینل کی عدم دستیابی تھی۔

    ایران رائس ایکسپورٹرز کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اور امید ہے کہ ایران کو چاول کی برآمدات میں اضافہ ہو جائے گا۔
    رفیق سلیمان کے مطابق کینیا کو رواں مالی سال کے9مہینوں میں بارہ کروڑ ڈالر کا 3 لاکھ42 ہزار ٹن اور چین کو دو کروڑ ڈالر کا 2لاکھ 70ہزار ٹن چاول بر آمد ہوچکاہے۔

    مزید پڑھیں: چاولوں کی ایکسپورٹ کے پیچھے چھپی بھارتی سازش

    رفیق سلیمان کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں انڈونیشیا کے حکومتی ادارے کو چاول کی برآمد سے2کروڑ 26لاکھ ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ موصول ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ

    کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ

    اسلام آباد: رواں مالی سال 2014-15ءکی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2014ء) کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2014ءکے دوران 8 کروڑ 20 لاکھ 15 ہزار ڈالر مالیت کی کھیلوں کی مصنوعات برآمد کی گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کی اس مدت کے دوران 8 کروڑ 15 لاکھ ڈالر مالیت کی کھیلوں کی مصنوعات برآمد کی گئی تھیں۔

    مذکورہ عرصہ کے دوران فٹ بال اور دستانوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ عرصہ کے دوران تجارتی خسارہ 6 ارب 50 کروڑ 40 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال کی اس مدت کے دوران 4 ارب 48 کروڑ 20 ہزار ڈالر تھا۔

  • کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ

    کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ

    اسلام آباد:  مالی سال 2013-14ء کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 7.49 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2013ء سے مئی 2014ء تک مجموعی طور پر 32 کروڑ 46 لاکھ 97 ہزار ڈالر مالیت کا کھیلوں کا سامان برآمد کیا گیا جبکہ اس سے پچھلے مالی سال کے اسی عرصہ میں 30 کروڑ 20 لاکھ 82 ہزار روپے کا کھیلوں کا سامان برآمد کیا گیا تھا۔

    گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران صرف فٹ بال کی برآمدات میں 36.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی طور پر 17 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے فٹ بال برآمد کئے گئے۔