Tag: برادرانہ تعلقات

  • پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے، شیخ نہیان

    پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے، شیخ نہیان

    اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت و ترقی شیخ نہیان بن مبارک النیہان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت وترقی شیخ نہیان بن مبارک النیہان کی نیشنل لائبریری اسلام آباد آمد پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور وزیرمملکت شہریار آفریدی نے استقبال کیا۔

    یو اے ای کے تعاون سے نیشنل لائبریری میں بک پویلین کا افتتاح کیا گیا، پویلین یو اے ای کے تعاون سے باہمی رواداری، تعلقات کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا۔

    شیخ نہیان بن مبارک النیہان نے کہا کہ یو اے ای مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات پر یو اے ای کو ہمیشہ فخر رہا ہے، آئندہ وقتوں میں یہ دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

    اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں یواے ای تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یواے ای کا دیگرشعبوں میں تعاون برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، تعلیم، ثقافت، معیشت کے تعلقات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پویلین کے قیام، کتابوں کےعطیہ سے کتب بینی کو فروغ ملے گا، کتابوں کے اس عطیہ پر یو اے ای کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی ترقی میں علم کی ضرورت کے تناظرمیں یو اے ای کا تعاون قابل ستائش ہے، علمی معلوماتی و صحافتی تبادلہ جات کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

  • پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، عثما ن بزدار

    پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، عثما ن بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سعودی عرب سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانی ثقافتی و معاشی شراکت پر مبنی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے قومی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ قیادت کی سربراہی میں سعودی عرب نے ترقی کی نئی منازل طے کیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے سعودی عرب سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانی ثقافتی و معاشی شراکت پر مبنی ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی پوری دنیا کے لیے مثال کی حیثیت رکھتی ہے، آزمائش کے ہرموقع پر سعودی عرب نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے، سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں آج 23 ستمبر کو مملکت کا قومی دن بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، یہ دن شاہ عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے جاری اس شاہی فرمان کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں مملکت کے بانی نے جدید سعودی ریاست کے تمام حصوں کو مملکت سعودی عرب کے نام کے تحت یکجا اور متحد کیا تھا۔

  • پاکستان کویت سےبرادرانہ تعلقات کونہایت اہمیت دیتا ہے‘ شاہ محمود قریشی

    پاکستان کویت سےبرادرانہ تعلقات کونہایت اہمیت دیتا ہے‘ شاہ محمود قریشی

    نیویارک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اورکویت خطے کی ترقی واستحکام پر مشترکہ نقطہ نظررکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے کویتی نائب وزیراعظم کی ملاقات ہوئی۔

    اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کویت سے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک خطے کی ترقی واستحکام پرمشترکہ نقطہ نظررکھتے ہیں۔

    وزیرخارجہ نے کویت کے نائب وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ تیل کی تلاش، زراعت میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھائی جائے۔

    کویت کے نائب وزیراعظم نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو دورہ کویت کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا کہ جلد کویت کا دورہ کروں گا۔

    شیخ صباح خالد الحماد الصباح نے دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کوسراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں مضبوط سیاسی واقتصادی روابط قائم ہیں۔

    کویت کے نائب وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطےمیں توانائی کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

    اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں‘ شاہ محمودقریشی

    واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں، کچھ رکن ممالک میں توانائی بحران اور کچھ کے پاس وافر ذخائر ہیں۔