Tag: برازیل

  • زرد بخارسے درجنوں ہلاک، ملک میں ایمرجنسی نافذ

    زرد بخارسے درجنوں ہلاک، ملک میں ایمرجنسی نافذ

    برازیلیا: برازیل کے صوبے میناس گیراس میں زرد  بخار سے متاثر ہوکر اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 47 تک جا پہنچی، حکومت نے وبا کی روک تھام اور ہنگامی اقدمات کے لیے پورے ملک میں  ایمرجنسی نافذ کردی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے صوبے میناس گیراس میں دوہفتوں کے دوران زرد بخار کی وبا مزید شدت اختیار کرگئی جس کے باعث اب تک 47 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں افراد متاثر ہوئے۔

    برازیلین حکومت نے تیزی سے پھیلتی وبا کو قابو میں کرنے اور متاثرین کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کے لیے پورے ملک میں 180 روز کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔

    حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کا اعلان ہونے کے بعد اسپتالوں میں ضروری ادویات اور حفاظتی ٹیکوں کی ترسیل تیز کردی گئی اور ڈاکٹرز سمیت تمام طلبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کردی گئی۔

  • برازیل، جیل میں دو گروہ میں تصادم، 27 قیدی جاں بحق

    برازیل، جیل میں دو گروہ میں تصادم، 27 قیدی جاں بحق

    برازیل: برازیل کی جیل میں قیدیوں کے 2 گروہوں کے درمیان خوفناک جھڑپ کے نتیجے میں27 سے زائد قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں اداے کے مطابق برازیل کی شمال مشرقی ریاست کے شہر نٹال کی جیل میں قید 2 گروہوں کے درمیان ہفتے کی رات شروع ہونے والے خونی تصادم کے نتیجے میں 27 سے زائد قیدی ہلاک ہوگئے جب کہ تین قیدیوں کے سر بھی قلم کئے گئے ہیں۔

    جیل حکام کے مطابق دو الگ الگ منشیات فروش گروہوں کے ارکان جیل کے مختلف حصوں سے باہر آئے اور آپس میں جھگڑ پڑے، دونوں جانب سے چھریوں، لاٹھیوں اور لوہے کی راڈوں کے آزادانہ استعمال کے باعث جیل میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    جیل حکام 14 گھنٹے تک خونی تصادم کو روکنے میں یکسر ناکام رہے تاہم 14 گھنٹوں بعد اضافی نفری کی مدد سے پولیس نے حالات پر قابو پالیا اور شدید زخمی ہونے والے قیدیوں کو سخت حفاظتی حصار میں اسپتال منتقل کیا جب کہ معمولی زخمیوں کو جیل میں ہی طبی امداد دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت نہایت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • برازیل : جیل میں تصادم، 50 سے زائد قیدی ہلاک

    برازیل : جیل میں تصادم، 50 سے زائد قیدی ہلاک

    برازیلیا : ریاست امیزوناز میں ایک جیل میں ہونے والی خونی ہنگامہ آرائی میں پچاس سے زائد قیدی ہلاک ہوچکے ہیں، خونی فسادات منشیات فروشوں کے حریف گروہوں کے درمیان ہوئے جس میں اب 50 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں خدشہ ہے کہ اس فساد کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    برازیل میں حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کا آغاز اتوار کو ہوا تھا، لڑائی پیر کو اس وقت ختم ہوئی جب قیدیوں نے ہتھیار ڈالے اور یرغمال بنائے گئے 12 محافظوں کو رہا کر دیا گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جیل کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کا آغاز دو متحارب گروپوں کے مابین لڑائی کے بعد ہوا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد قیدی فرار بھی ہوئے۔

    مزید پڑھیں: برازیل:جیل میں 2 گروپوں میں تصادم،25 قیدی ہلاک

    جب اتوار کے روز ہنگامہ آرائی شروع ہوئی تو چھ لاشوں کو جیل کی دیوار سے باہر پھینکا گیا۔ جیل میں 454 قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن اس وقت اس میں تقریباً 600 قیدی رکھے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں اکتوبر میں بوا وِستا کی جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں 25 قیدی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ سات نوجوان ایک دوسری ریاست کی جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ہلاک ہوئے تھے۔

  • برازیل: مسلح شخص کی سالِ نو کی تقریب میں فائرنگ،12 افراد ہلاک

    برازیل: مسلح شخص کی سالِ نو کی تقریب میں فائرنگ،12 افراد ہلاک

    برازیلیا: برازیل میں مسلح شخص نےسالِ نو کی تقریب میں فائرنگ کرکے بیٹے سمیت 11افرادکوہلاک کردیا،اورخود کو بھی گولی مارلی۔

    تفصیلات کےمطابق نامعلوم مسلح شخص نےبرازیل کے شہرساؤ پاؤلوسے 100کلومیٹر دور کیمپیناس میں ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی۔

    پولیس کےمطابق فائرنگ کے اس واقعے میں حملہ آور کی سابق بیوی اور بیٹے سمیت 11افراد ہلاک ہوئے اور 3افراد شدید زخمی ہوگئے جس کے بعدحملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی۔

    برازیلین پولیس کا کہناہے کہ پڑوسیوں نے دھماکے سنے لیکن انہوں نے اسے فائرنگ کے بجائے سالِ نو کے موقع پر ہونے والی آتش بازی خیال کیا۔

    پڑوسی کرسٹیانو میکاڈو نے کہا’جب ہم نے آتش بازی اور جشن دیکھنے کی غرض سے سڑک پر جانے کے لیے دروازہ کھولا تو ایک زخمی شخص ہمارے احاطے میں مدد حاصل کرنے کے لیے داخل ہوا‘۔

    مزید پڑھیں:استنبول میں نائٹ کلب پرحملہ،39افرادہلاک

    واضح رہے کہ ترکی کےشہر استنبول میں سالِ نو کی تقریبات کے موقع پر نائٹ کلب میں مسلح شخص نے گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کم سے کم39افراد ہلاک اور 40زخمی ہوئے تھے۔

  • ریو ڈی جنیرو عالمی ثقافتی ورثہ قرار

    ریو ڈی جنیرو عالمی ثقافتی ورثہ قرار

    پیرس: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے تعلیم، سائنس اور ثقافت یونیسکو نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

    شاندار اور انوکھے شہر کے نام سے جانے والے ریو ڈی جنیرو کو اس فہرست میں اس کے بلند پہاڑوں، جنگلات اور ساحلوں کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے۔

    rio-2

    یونیسکو نے اس شہر کو قدرتی خوبصورتی اور انسانی کاریگری کا شاندار امتزاج قرار دیتے ہوئے اسے ان مقامات کی فہرست میں شامل کیا ہے جو اپنی خوبصورتی اور قدرتی وسائل کے باعث خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔

    برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو ایک مقبول سیاحتی مقام بھی ہے اور اس کی سیاحت میں سنہ 2014 میں بے پناہ اضافہ ہوگیا جب یہاں فٹبال ورلڈ کپ اور اگست میں اولمپکس کھیل منعقد کیے گئے، تاہم زکا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات، جرائم کی شرح میں اضافہ اور سیاسی انتشار نے اس شہر کی سیاحت کو متاثر کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سیاحت کرنے کے فوائد

    یونیسکو ترجمان کے مطابق اس شہر کو عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کرنے کا فیصلہ سنہ 2012 میں کرلیا گیا تھا تاہم برازیلین حکومت کو اس شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے 4 سال کا وقت دیا گیا۔

    اس عرصہ میں یہاں مختلف پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی جنگلات کی حفاظت کے منصوبے بھی شروع کیے گئے جس کے بعد اب یونیسکو نے باقاعدہ اس کا اعلان کردیا ہے۔

    rio-3

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں وہ مقامات شامل ہیں جو اپنے قدرتی وسائل، خوبصورتی اور تاریخی بنیاد پر اہمیت کے حامل ہیں۔

    پاکستان کے 6 مقامات بھی اس فہرست میں شامل ہیں جن میں موئن جو دڑو، ٹیکسلا اور بدھا کی یادگار تخت بائی کے کھنڈرات، لاہور کا شالیمار باغ، ٹھٹھہ میں مکلی کا قبرستان اور پنجاب کا قلعہ روہتاس شامل ہے۔

  • برازیل میں صدر مائیکل ٹیمر کے خلاف مظاہرے

    برازیل میں صدر مائیکل ٹیمر کے خلاف مظاہرے

    برا زیلیا: برازیل میں عوامی اخراجات کے حوالے سے مجوزہ آئینی ترمیم کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈکرایا۔

    پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے اکتوبر میں ایک آئینی ترمیم کی منظوری دی تھی جس کے تحت ملک کے افراط زر کو کم کرنے کےلیے عوام کے گزشتہ بیس سال کے اخراجات کو بھی ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے اس آئینی ترمیم کی منظوری پر برازیل کے صدر کو سخت عوامی مخالفت کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ صدر ٹیمر کی کابینہ کے کئی اراکین پر کرپشن کے الزامات نے برازیل کی حکومت کو مشکل میں ڈالا ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں:جلماروسیف کا برازیل کے صدر پررشوت لینے کاالزام

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ برازیل کی سابق صدر جلما روسیف کی جانب سے صدر مائیکل ٹیمرپر تعیمراتی کمپنی سے2لاکھ، 95 ہزار ڈالرزرشوت لینے کا الزام عائد کیا گیاتھا۔

    مزید پڑھیں:برازیل کی سابق صدرعہدے سے برطرف

    واضح رہے کہ رواں سال ستمبرمیں برازیل کی سابق صدر جلما روسیف کو سینیٹ نےان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھاان پر ملک کے بجٹ کے اعداد وشمار میں ہیرا پھیری کا الزام تھا۔

  • جلماروسیف کا برازیل کے صدر پررشوت لینے کاالزام

    جلماروسیف کا برازیل کے صدر پررشوت لینے کاالزام

    برا زیلیا: برازیل کی سابق صدر جلما روسیف کی جانب سے صدر مائیکل ٹیمر پر تعیمراتی کمپنی سے رشوت لینے کا الزام عائد کیا گیاہے۔

    تفصیلات کےمطابق برازیل کی سابق صدر جلما روسیف کے وکلا کی جانب سےجمعرات کےروز عدالت میں جمع کروائے جانے والے دستاویزات کےمطابق مائیکل ٹیمر کو تعیمراتی کمپنی کی جانب سے 2لاکھ، 95 ہزار ڈالرز کی ادائیگی کی گئی تھی۔

    سابق صدر کے وکلا کی جانب سے جمع کروائے جانے والےدستاویزات کے مطابق تعمیراتی کمپنی کے سابق سی ای اواوٹاویو ازیویڈو نے یہ رقم برازیلین ڈیموکریٹک موومنٹ پارٹی کے فنڈ میں براہ راست منتقل کی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اوٹاویو ازیویڈو نے پلی بارگین کے تحت گواہی دی تھی کہ جیلما روسیف کو رشوت دی گئی تھی۔عدالت میں جمع کیے گئے دستاویزات کےمطابق منتقل کی جانے والی رقم مبینہ طور پر مائیکل ٹیمر کی ذاتی مہم فنڈ کو دیا گیا۔

    جیلما روسیف کے وکلا کا کہنا ہے کہ اوٹاویو ازیویڈو نے جھوٹ بولا تھا اور رشوت کی رقم مائیکل ٹیمر کو دی گئی لہذا ان کا مواخذہ ہونا چاہیے۔

    دوسری جانب برازیل کے صدر مائیکل ٹیمر کا کہناہے کہ جلما روسیف پارٹی کی سربراہ تھیں اور وہ ہی ان سب کی ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو ملنے والا چندہ قانونی ہے اور اسے الیکٹورل کورٹ کے سامنے ظاہر کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں:برازیل کی سابق صدرعہدے سے برطرف

    واضح رہے کہ رواں سال ستمبرمیں برازیل کی سابق صدر جلما روسیف کو سینیٹ نےان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھاان پر ملک کے بجٹ کے اعداد وشمار میں ہیرا پھیری کا الزام تھا۔

  • برازیل:جیل میں 2 گروپوں میں تصادم،25 قیدی ہلاک

    برازیل:جیل میں 2 گروپوں میں تصادم،25 قیدی ہلاک

    برازیلیا: برازیل کی شمالی ریاست رورائما کی جیل میں 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 25 قیدی ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کےمطابق برازیل کی شمالی ریاست رورائما کے علاقے بواوسٹا کی جیل میں قیدیوں کے دوگروپوں میں جھڑپ کےنتیجے میں 25قیدی جان کی بازی ہار گئے۔

    برازیل پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 6 افراد کو گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا جبکہ 6 کو زندہ جلا کر مارا گیا۔

    قیدیوں کی لڑائی کے باعث ملاقات کے لیے آئے ہوئے افراد بھی محصور ہو کر رہ گئے جنہیں پولیس نے بحفاظت باہر نکالا اور حالات پر قابو پالیا۔مقامی میڈیا کے مطابق مقامی میڈیا کے مطابق740 افراد کے لیے بنائی گئی جیل میں اس وقت 1400 قیدی موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ برازیل دنیا میں چوتھے نمبر پر آتا ہے جہاں تقریباََ 6لاکھ افراد قیدی ہیں اور ملک میں متعدد ایسی جیل ہیں جہاں گنجائش سے زائد قیدیوں کورکھا گیا ہے

  • برازیل کی سابق صدرعہدے سے برطرف

    برازیل کی سابق صدرعہدے سے برطرف

    برا زیلیا: برازیل کی سابق صدر جلما روسیف کو سینیٹ نےان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے.روسیف پر ملک کے بجٹ کے اعداد وشمار میں ہیرا پھیری کا الزام ہے.

    تفصیلات کے مطابق برازیل کی سینیٹ کی جانب سے مواخذے کی کارروائی کی منظوری کے بعد جلما روسیف کی بائیں بازو کی ورکرز پارٹی کی 13 سالہ حکمرانی کا خاتمہ ہو رہا ہے.سینیٹ کے 61 سینیٹرز نے مواخذے کے حق میں جبکہ 20 نے مواخذے کے خلاف ووٹ ڈالے.

    برازیل کے قائم مقام صدر مائیکل ٹیمر جیلما روسیف کے عہدۂ صدارت کی مدت ختم ہونے تک ملک کے صدر رہیں گے.

    توقع ہے کہ برازیل کی پی ایم ڈی پی جماعت سے تعلق رکھنے والے مائیکل ٹیمر سرکاری طور پر بدھ کو صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے.

    *برازیل کی صدرکو کرپشن پرمواخذے کا سامنا

    یاد رہے کہ مئی میں برازیل کی سینیٹ میں دیلماروسیف کے خلاف مواخذے کی کارروائی چلانے کے حق میں ووٹ ڈالے گئے تھے جس کے بعد انہیں معطل کر دیا گیا تھا.

    جلما روسیف نے سنہ 1964 میں برازیل کی فوجی آمریت کے خلاف بایاں محاذ کی تحریک میں شمولیت اختیار کی.اس تحریک کے دوران تین سال جیل میں بھی رہیں.

    واضح رہے کہ جلما روسیف سنہ 2011 میں برازیل کی پہلی خاتون صدر بنیں اور 2014 میں دوبارہ صدارتی انتخابات جیت کر صدر منتخب ہوئی تھیں.

  • نقاب پہن کر گٹار بجانے والی فنکارہ

    نقاب پہن کر گٹار بجانے والی فنکارہ

    کیا آپ نے کبھی کسی باحجاب فنکار کو دیکھا ہے جو نقاب کے پیچھے چھپ کر گانا گائے یا گٹار بجائے؟

    یقیناً یہ ایک حیرت انگیز بات اور روایتی تصور کے خلاف ہوگی۔

    لیکن برازیل کی گزیل میری اسی روایتی اور فرسودہ تصور کو پاش پاش کر چکی ہیں جو نقاب پہن کر گٹار بجاتی ہیں۔

    5

    ساؤ پاؤلو کی رہائشی 42 سالہ میری عیسائی مذہب سے تعلق رکھتی تھیں، لیکن 2009 میں اپنے والد کے انتقال کے بعد وہ مشرف بہ اسلام ہوگئیں۔

    لیکن انہوں نے اپنا پیشہ، جو کہ ان کا شوق بھی ہے نہیں چھوڑا۔ وہ ایک پروفیشنل موسیقار ہیں اور گٹار بجاتی ہیں۔ میری اور ان کے بھائی نے مل کر ایک میوزک بینڈ بھی بنایا تھا جس میں میری گٹار بجایا کرتی تھیں۔ تاہم ذاتی اختلافات کی وجہ سے وہ بینڈ ٹوٹ گیا۔

    7

    6

    اب میری مکمل برقعہ اور نقاب میں ملبوس، گٹار بجاتی ہیں اور کچھ گلوکاروں کے ساتھ مل کر بہت جلد ایک البم بھی ریلیز کرنے والی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’اسلام میرا مذہب ہے اور موسیقی میرا شوق۔ مذہب مجھے میرے شوق کی تکمیل سے کسی صورت نہیں روکتا‘۔

    4

    میری کو شعبہ موسیقی اور مذہبی افراد دونوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ مذہبی افراد ان کے گٹار بجانے پر تنقید کرتے ہیں، جبکہ موسیقاروں اور دیگر فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس بات پر اعتراض ہے کہ اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے یہ مناسب لباس نہیں ہے۔

    تاہم میری کو اس بات کی چنداں فکر نہیں۔ ان کا خیال ہے کہ کسی کا پیشہ، اور اس کا مذہب بالکل ذاتی معاملات ہیں اور کسی کو اس پر رائے زنی کرنے کا کوئی حق نہیں۔ ’مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ مجھے برقعہ میں ملبوس، یا گٹار بجاتے دیکھ کر کیا سوچتے ہیں‘۔

    3

    البتہ ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو میری کو خوش دلی سے قبول کرتے ہیں اور اس کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہیں۔

    اپنے قبول اسلام کے بارے میں میری کا کہنا ہے، ’میرا تعلق ایک کٹر عیسائی گھرانے سے ہے۔ لیکن جب میں نے اسلام قبول کیا تو میرے خاندان نے اسے کھلے دل سے قبول کیا۔ یہی نہیں انہوں نے میرے باحجاب لباس پر بھی کوئی اعتراض نہیں اٹھایا‘۔

    2

    1

    میری اکثر کنسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتی ہیں جہاں انہیں تعریف و تنقید دونوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    میری کا ماننا ہے کہ ایک باعمل مسلمان ہوتے ہوئے بھی اپنے شوق کی تکمیل سے وہ اسلام کا ایک مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتی ہیں کہ، اسلام شدت پسند مذہب ہرگز نہیں اور اس میں فنون لطیفہ کی بھی گنجائش ہے۔