Tag: برازیل

  • برازیل میں مسافر طیارہ آبادی پر گر کر تباہ، 62 افراد ہلاک

    برازیل میں مسافر طیارہ آبادی پر گر کر تباہ، 62 افراد ہلاک

    برازیل میں طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا، جہاز میں سوار تمام 62 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کے شہر ساؤ پالو میں مسافر طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں متعدد گھر تباہ ہوگئے جبکہ جہاز میں سواز تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

    برازیل کے صدر لوئیز اناسیو کا کہنا ہے کہ طیارہ ساؤ پالو کے شہر ونہیڈو میں گر کر تباہ ہوا ہے، طیارے میں 58 مسافر اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔

    رپورٹ کے مطابق طیارے نے 12:30 کے قریب اڑان بھری تھی اور ساؤ پالو کے نزدیک 1:30 بجے کے قریب سگنل منقطع ہوگیا تھا، طیارہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

    حادثے کی ویڈیو اور تصاویر سامنے آئی ہیں جس میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

  • برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فرد جرم عائد

    برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فرد جرم عائد

    ساؤ پالو: برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی وفاقی پولیس نے سابق صدر جائر بولسونارو پر منی لانڈرنگ اور سعودی عرب سے ملنے والے ہیروں کے کیس سے مجرمانہ طور پر جڑے ہونے کے الزامات پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔

    بولسونارو پر الزام ہے کہ انھوں نے سعودی عرب سے ملنے والا 3 ملین ڈالر مالیت کا جیولری سیٹ خلاف قانون اپنے پاس رکھا، دو بیش قیمت گھڑیاں بیچ کر 70 ہزار ڈالر حاصل کیے۔

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ کو پولیس سے فردِ جرم کی رپورٹ ملنے پر پراسیکیوٹر جنرل فیصلہ کریں گے کہ آیا بولسونارو پر مقدمہ چلے گا یا نہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ کو ابھی تک فرد جرم کے ساتھ پولیس رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

    برازیل کے پراسیکیوٹر جنرل پاؤلو گونیٹ اس کے بعد دستاویز کا تجزیہ کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ آیا الزامات دائر کیے جائیں اور بولسونارو کو مقدمے کی سماعت پر مجبور کیا جائے۔

    اس فرد جرم نے ڈرامائی طور پر سابق رہنما کو درپیش قانونی خطرات کو بڑھا دیا ہے، ان کے مخالفین نے فرد جرم کو سراہا ہے جب کہ ان کے حامیوں نے اسے سیاسی مقدمہ کہہ کر اس کی مذمت کی ہے۔

  • برازیل میں طوفانی بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، 100 ہلاک

    برازیل میں طوفانی بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، 100 ہلاک

    برازیل میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل میں گزشتہ کئی روز سے ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 100سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں، ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

    سیلاب کے باعث پورٹو الیگرے شہر کا باقی ملک سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، پورٹو الیگرے کے ائیرپورٹ اور اسٹیڈیم میں پانی بھر گیا ہے، جہاز، رن وے اور پارکنگ میں گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

    تباہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ بارش نے جنگل میں لگی خوفناک آگ بھی بجھا دی

    طوفانی بارشوں کے سبب سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں اور متعدد پُل بھی ٹوٹ گئے جب کہ ڈیمز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

  • برازیل میں سیلاب میں 83 افراد ہلاک، درجنوں لاپتا

    برازیل میں سیلاب میں 83 افراد ہلاک، درجنوں لاپتا

    برازیلیا: برازیل میں طوفانی بارش اور ہول ناک سیلاب میں 83 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل میں طوفانی بارش کے بعد سیلاب نے تباہی پھیلا دی، جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈوسل اور اطراف میں مختلف حادثات میں اسی سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

    ریاستی شہری دفاع کے حکام نے اتوار کو بتایا کہ سیلاب میں 103 افراد لاپتا ہیں، بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے کئی قصبوں، سڑکوں اور پلوں کو تباہ کر دیا ہے، دریاؤں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، مجموعی طور پر سیلاب سے 500 شہروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، ایک ڈیم ٹوٹ چکا ہے جب کہ دوسرا ڈیم بھی ٹوٹنے کا خدشہ ہے، 1 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں، تقریباً 16,000 نے اسکولوں، جمنازیموں اور دیگر عارضی پناہ گاہوں میں پناہ لی ہے۔

    ریاست ریو گرانڈے ڈوسل کے گورنر ایڈورڈو لیٹی نے اتوار کی صبح کہا ’’ہم جس تباہی کا نشانہ بنے ہیں وہ بے مثال ہے، ریاست کو پھر سے تعمیر کرنے کے لیے ایک مارشل پلان کی ضرورت ہوگی۔‘‘

  • برازیل سے درآمد اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    برازیل سے درآمد اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت برازیل سے درآمد شدہ اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، پاکستان کی مقامی نسلوں لال سندھی، گزیرہ، براہمن اور گیر سمیت 9 نسلوں پر مشتمل ان مویشیوں میں پاکستان برازیل نسلیں نجہ شامل ہیں۔

    امریکی کمپنی”نیشنل ائیر لائنز“ کا کارگو طیارہ Boeing 747 برازیل سے درآمد شدہ اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی پہلی کھیپ لے کر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گیا، یہ عمل خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت قائم کئے گئے گرین پاکستان لائیوسٹاک انیشیٹیو (GPLI) کو بہتر بنانے میں موٴثر کردار ادا کرے گا۔

    ساڑھے 22 گھنٹے پر محیط یہ پرواز برازیل کےشہرساؤپاؤلو سےانگولا اورعمان سے ہوکر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری، 9044 میل کا سفر طے کرنے والی یہ پرواز مویشیوں کی ترسیل کے لحاظ سے تاریخ کی لمبی ترین پرواز بن گئی جو گزشتہ ریکارڈ سے 300 میل زیادہ ہے۔

    اس تاریخی برآمد کی سہولت کاری میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، فان گرو پروائیویٹ لمیٹڈ(Fongrow)، برازیلن سفیر اور برازیل میں تعینات پاکستانی سفیرنے کلیدی کردار ادا کیا۔

    اعلیٰ جنیاتی خصوصیات کے حامل یہ مویشی مقامی کسانوں کو گوشت اور دودھ کی ضروریات کے تحت فراہم کئے جائیں گے، درآمد کئے جانے والے 9 نسلوں پر مشتمل ان مویشیوں میں پاکستان کی مقامی اور برازیل کی نسلیں شامل ہیں۔

    پاکستان کی مقامی نسلوں میں لال سندھی، گزیرہ، براہمن اور گیر شامل ہیں جن کی نسلوں کو برازیل نے پاکستان سے 1950 ء میں حاصل کیا اور ان کی حفاظت اور افزائش کی، ان مویشیوں کو سیالکوٹ سے اوکاڑہ پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کو دو ہفتے کے لئے قوارنٹائن میں رکھا جائے گا۔

  • برازیل نے اینٹی کوکین ویکسین تیار کرلی

    برازیل نے اینٹی کوکین ویکسین تیار کرلی

    برازیلیا : برازیل نے کوکین کی لت کے خلاف ایک ویکسین تیار کرلی ہے۔ تیار کردہ ’کیلیکس کوکا ‘ نامی یہ ویکسین دماغ پر کوکین اور کریک کے اثرات کو روک دے گی۔

    برازیلین سائنسدانوں کے مطابق اس دوائی سے لوگوں کو منشیات کے شیطانی دائرے سے باہر نکلنے میں مدد مل سکتی ہے۔اس پروجیکٹ نے پہلے ہی5 لاکھ یورو کا انوویشن ان ہیلتھ لاطینی امریکن پرائز جیت لیا ہے، جس کی مالی اعانت فارماسیوٹیکل کمپنی یوروفارما نے کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل یونیورسٹی آف میناس گیریس (یو ایف ایم جی ) میں پراجیکٹ کے کوآرڈینیٹر ماہر نفسیات فریڈریکو گارسیا نے کہا کہ کیلیکس کوکا ایک ویکسین ہے جو مریض کو اینٹی باڈیز پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے جو دوا سے منسلک ہو سکتی ہیں اور اسے دماغ میں داخل ہونے سے روک سکتی ہیں۔

    دوسرے الفاظ میں یہ دوائی کوکین کے ذریعے پیدا ہونے والی ان تسکین بخش احساس کو روک سکتی ہے جو اس کو لینے کے نتیجے میں دماغ کے ایک حصے میں پیدا ہوتے ہیں۔ اس ویکسین سے نشے کے عادی افراد کوکین یا کریک سے پرہیز کے قابل ہو اور نشے کی لت سے آزاد ہو جائیں گے۔

    محققین کے مطابق تجربات کے دوران ’کیلیکس کوکا ‘نے چوہوں کے جنین کو کوکین سے محفوظ رکھا ہے، جس کے نتیجے میں، اگر اسے انسانوں میں نقل کیا جائے، تو یہ ایسی حاملہ خواتین کے علاج میں مدد کر سکتی ہے جو نشے میں مبتلا ہیں۔

    کیلیکسکو کے لاطینی امریکہ میں کلینکل ٹرائلز یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ویکسین کارآمد ہے اور اگر اسے نیشنل ہیلتھ سرویلنس ایجنسی (انویسا) کی رجسٹریشن مل جاتی ہے، تو یہ پہلی اینٹی کوکین ویکسین بن جائے گی۔ کرہ ارض پر کوکین اور اینٹی ڈرگ ویکسین کو بطور دوا استعمال کیا جائے گا۔

    چونکہ اسے دیگر ویکسینوں میں حیاتیاتی مرکبات کے بر خلاف لیبارٹری میں ڈیزائن کیے گئے کیمیائی مرکبات سے بنایا گیا ہے اس لیے اینٹیجن پیدا کرنے میں بھی سب سے کم خرچ ہوگا۔ اسے نقل و حمل کے لیے ریفریجریشن چین کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

  • باربی فلم دیکھتے ہوئے سنیما میں دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل

    باربی فلم دیکھتے ہوئے سنیما میں دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل

    برازیلیا: برازیل کے ایک سنیما میں عالمی سطح پر انتہائی مقبول ہونے والی فلم باربی دیکھتے ہوئے دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی ہو گئی، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم باربی کی ریلیز کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ مچا ہوا ہے اور میمز کا ایک طوفان آیا ہوا ہے، لیکن اس درمیان ایک چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔

    یہ ویڈیو برازیل کے ایک فلم تھیٹر کی ہے، جہاں بے انتہا مقبول فلم باربی کی اسکریننگ کے موقع پر دو ماؤں کے درمیان ایک زبردست تصادم ہوا، معلوم ہوا کہ ایک لاپروا خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بچے کو پوری فلم کے دوران یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے دیا، جس کی وجہ سے آس پاس لوگ سکون سے فلم نہ دیکھ سکے۔

    یہ ویڈیو ٹک ٹاک صارف صوفیہ فریرا نے شیئر کی، کلپ میں ایک گلابی لباس والی خاتون کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دوسری خاتون پر اپنے غصے کا اظہار کر رہی ہے، دونوں میں تناؤ تیزی سے بڑھا، اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ یوٹیوب دیکھنے والے بچے کی ماں نے گلابی لباس خاتون کو دھکا دے دیا جس سے وہ تھیٹر کی نشستوں پر گر پڑی۔

    غصے کا اظہار کرنے والی خاتون نے اٹھ کر جوابی کارروائی کی اور جوتا اتار کر بچے کی ماں پر حملہ کر دیا، جس سے ایک افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا، تاہم ایک آدمی نے مداخلت کی اور انھیں الگ کر لیا۔

    اس ویڈیو کو ٹویٹر پر 5.8 ملین سے زیادہ لوگوں نے دیکھا، جسے دیکھ کر ناظرین حیران اور پریشان رہ گئے، صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر بچہ فلم نہیں دیکھنا چاہتا تو خاتون کو اسے کہیں اور لے جانا چاہیے تھا، بعض صارفین نے اس پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وہاں موجود دیگر افراد نے مداخلت نہیں کی۔

  • برازیل کے سابق صدر جھوٹ بولنے، معاشرے میں تفریق ڈالنے پر 2030 تک نا اہل قرار

    برازیل کے سابق صدر جھوٹ بولنے، معاشرے میں تفریق ڈالنے پر 2030 تک نا اہل قرار

    برازیلیا: برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو 2030 تک کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کو نفرت انگیزی پر 2030 تک سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بولسونارو نے غیر ملکی سفارت خانوں کے سامنے پروپیگنڈہ کیا، اور اپنے ملک کے خلاف ابہام پیدا کیا۔

    جرمن میڈیا ہاؤس ڈی ڈبلیو کے مطابق بولسونارو نے پروپیگنڈے کے لیے میڈیا کا بھی استعمال کیا، اور غیر ملکی سفارت کاروں سے خطاب میں جھوٹ پھیلایا، لوگوں میں اشتعال پیدا کیا۔

    بولسونارو پر جھوٹ بولنے، معاشرے میں تفریق ڈالنے اور ملک کو بدنام کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، ان الزامات کے باعث سابق صدر پر الیکشن میں حصہ لینے پر 8 سال کے لیے پابندی لگا دی گئی۔

  • برازیل میں پولیس آپریشن، 13 ملزمان ہلاک

    برازیل میں پولیس آپریشن، 13 ملزمان ہلاک

    برازیلیا : جنوبی امریکہ کے ملک برازیل میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے مابین تصادم ہوا، اس دوران فائرنگ سے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیریو کے ساحلی علاقے میں گینگ لیڈر کی گرفتاری کیلئے کی جانی والی کارروائی کے دوران پولیس اور گینگ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

    مارے جانے والوں میں منشیات فروشوں کا سرغنہ لیونارڈو کوسٹا بھی شامل ہے جو پولیس افسران کے قتل میں مطلوب تھا، پولیس کو مجرم کی اس علاقے میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن میں ہیلی کاپٹر اور بکتر بند گاڑیاں بھی موجود تھیں۔

    پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران دو طرفہ فائرنگ سے3 شہری بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جن کا جرائم پیشہ عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    ریو ڈی جنیریو میں پولیس کی جانب سے ان جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف ایسی کارروائیاں معمول بنا لی گئی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہم دیگر ریاستوں کے جرائم پیشہ افراد کو ریو ڈی جنیریو کو ایک محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔

  • 60 سالہ شخص نے اپنی موت کی جھوٹی اطلاع کیوں پھیلائی؟

    برازیل میں ایک شخص نے اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ دیکھ سکے کے اس کے جنازے میں کون کون شریک ہوگا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 60 سالہ بلٹازار لیموز نے اپنی موت کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ وہ یہ دیکھ سکے کہ اس کی آخری رسومات اور جنازے میں کون کون شریک ہوا۔

    بلٹازار لیموز ایونٹ اور رسومات منعقد کرنے کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انہیں ایسی تقریبات کے انعقاد میں مہارت حاصل ہے، وہ اب تک جنازوں کی سینکڑوں رسومات کا انعقاد کرچکے ہیں۔

    ان کے مطابق ان میں سے بعض جنازوں میں صرف دو افراد شریک ہوئے جبکہ کچھ میں 500 تک بھی شامل ہوئے۔

    اس کے بعد ان کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ وہ جائزہ لیں کہ اگر وہ مرجائیں تو ان کی آخری رسومات میں خاندان اور دوستوں میں سے کتنے لوگ شریک ہوں گے۔

    انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائیں گے تاکہ آخری رسومات میں شریک لوگوں کو دیکھ سکیں۔

    جس کے بعد 10 جنوری کو کسی نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ شیئر کی کہ نہایت افسوس کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ بلٹازار لیموز اب ہم میں نہیں رہے۔

    اس کے بعد مزید اطلاعات آنا شروع ہوئیں جس میں ایک تصویر کے ساتھ یہ تحریر بھی شامل تھی کہ وہ ساؤ پاؤلو کے ایک اسپتال میں ایڈمٹ رہے، ان کا خاندان تو سخت حیران و پریشان ہوگیا۔

    ان کا ایک بھتیجا مذکورہ اسپتال گیا لیکن وہاں کے اسٹاف کے پاس ان کا کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

    جب تعزیت کا سلسلہ شروع ہوا اور لوگوں نے موت کی وجہ معلوم کرنا شروع کی تو کسی کے پاس کوئی معلومات نہ تھیں۔

    18 جنوری کو جب ان کے خاندان والے اور دوست ایک چرچ میں جمع ہوئے تو جنازہ رکھنے کی جگہ سے ان کی آواز آنے لگی جس پر دوست احباب یہ سمجھے کہ یہ آواز کی ریکارڈنگ ہے۔

    لیکن پھر وہ اچانک سامنے آگئے جس پر وہاں موجود لوگ حیران و پریشان ہوگئے، جس پر بلٹازار لیموز نے خود ساری بات بتائی۔ تاہم وہاں موجود لوگوں نے انہیں خوب برا بھلا کہا اور ان کے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کیا۔