Tag: برازیل

  • برازیلی پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور صدارتی محل پر لوگوں نے دھاوا بول دیا

    برازیلیا: برازیل کے پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور صدارتی محل پر لوگوں نے دھاوا بول کر توڑ پھوڑ مچا دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل میں سابق صدر بولسونارو کے حامیوں نے پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور صدارتی محل پر دھاوا بولا۔ سابق صدر بولسونارو کے حامیوں نے عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی، شیشے اور فرنیچر کو توڑتے ہوئے چھتوں پر چڑھ گئے۔

    سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، مظاہرین پر کریک ڈاؤن کیا گیا، جھڑپوں کی وجہ سے ایوانِ صدر سمیت متعدد سرکاری مقامات میدانِ جنگ بنے رہے، سیکورٹی فورسز نے 400 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

    جدوجہد کے بعد فورسز نے پارلیمنٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا، سابق صدر کے حامیوں نے موجودہ نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، اور وہ صدر داسلوا کے استعفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ بولسونارو کو انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے ہٹایا گیا۔

    دوسری طرف سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے برازیل میں کانگریس کی عمارت پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری اداروں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔

  • فیفا ورلڈکپ: نیمار انجری کا شکار، آئندہ میچز میں شرکت مشکوک

    فیفا ورلڈکپ: نیمار انجری کا شکار، آئندہ میچز میں شرکت مشکوک

    لوسیل: فیفا ورلڈ کپ میں سربیا کے ساتھ میچ کے دوران برازیل فٹبال ٹیم کے کپتان نیمار انجری کا شکار ہوگئے۔

    میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑی سے ٹکرانے پر برازیلین کھلاڑی نیمار کے پاؤں میں موچ آئی، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ برازیلین کھلاڑی نیمارکی ایم آرآئی کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، تاہم آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں نیمار کی فٹنس کا جائزہ لیں گے۔

    ڈاکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی نئی پیش رفت ہوتی ہے تو ہم جلد کی اس کی اطلاع دیں گے، فٹنس کا جائزہ لینے سے پہلے کچھ بھی کہا نہیں جاسکتا، اس لیے اس حوالے سے حتمی جواب ابھی میرے پاس نہیں۔

    واضح رہے کہ سب سے زیادہ عالمی کپ جیتنے کا ریکارڈ رکھنے والی سابق عالمی چیمپئن برازیل نے مدمقابل سربیا کو با آسانی دو صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

  • برازیل کے سابق صدر نے میدان مار لیا

    برازیل کے سابق صدر نے میدان مار لیا

    برازیلیا: برازیل کے سابق صدر اور بائیں بازو کے رہنما لوئز لولا ڈی سلوا تیسری بار برازیل کے صدر منتخب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے سابق صدر اور بائیں بازو کے رہنما لوئز لولا ڈی سلوا نے تیسری بار صدارتی الیکشن جیت لیا، ترقی پسند ڈی سلوا نے سخت مقابلے کے بعد انتخاب کے دوسرے مرحلے میں موجودہ قدامت پسند صدر بولسونارو کو رن آف میں شکست دی۔

    لولا ڈی سلوا کو صدر بولسونارو کے دورحکومت میں کرپشن کے الزامات کا سامنا رہا تھا، لولا ڈی سلوا کو کرپشن کے الزامات پر گرفتار کر کے نااہل بھی کر دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں، برازیل کی عدالت نے لولا ڈی سلوا کی قید اور نااہلی کا فیصلہ ختم کر دیا تھا، لوئز لولا ڈی سلوا کی کامیابی پر شان دار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

  • عدالت نے ایپل پر 150 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا

    عدالت نے ایپل پر 150 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا

    برازیلیا: برازیل کی عدالت نے ایپل پر 100 ملین (تقریباً 150 کروڑ روپے) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل میں ایک عدالت نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر آئی فون کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز شامل نہ ہونے پر سو ملین برازیلی روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملک میں فروخت ہونے والے آئی فو ن کے نئے ماڈلز کے ساتھ بیٹری چارجرز کو بھی شامل کیا جائے۔ یہ مقدمہ صارفین اور ٹیکس دہندگان کی ایسوسی ایشن کی طرف سے دائر کیا گیا، جن کا مؤقف تھا کہ کمپنی چارجر کے بغیر اپنی نئی پروڈکٹ فروخت کر رہی ہے۔

    ایپل نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ پیکیجنگ سے چارجرز کو ہٹانے کا اس کا اقدام اسپیئر چارجرز کی وجہ سے ہونے والے الیکٹرونک فضلے اور  کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ’گرین اقدام‘ کے جواز کے تحت کمپنی نے صارفین پر چارجر خریدنے کا اضافی بوجھ  ڈالا،جو پروڈکٹ کے ساتھ پہلے ساتھ فراہم کیا جاتا تھا۔ تاہم کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس حالیہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔

    یاد رہے کہ پچھلے مہینے ہی برازیل کی حکومت نے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر چارجر شامل نہ کرنے پر تقریباً 18 کروڑ روپےکا جرمانہ کیا تھا، جب کہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنے صارف کو ایک نامکمل پروڈکٹ فراہم کر رہی ہے۔

    برازیل کی وزارت انصاف نے اس وقت آئی فون 12 اور دیگر ویریئنٹس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ کمپنی جان بوجھ کر چارجرز ڈبے میں پیک نہیں کر رہی ہے اور ’صارفین کے خلاف جان بوجھ کر امتیازی سلوک‘ کر رہی ہے۔

    وزارت انصاف نے کہا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ چارجر کو خارج کرنے سے ماحول کی حفاظت ہوتی ہے۔

  • برازیل میں گاڑیوں کے گزرتے وقت پل اچانک ٹوٹ گیا

    برازیل میں گاڑیوں کے گزرتے وقت پل اچانک ٹوٹ گیا

    امیزوناس: برازیل میں گاڑیوں کے گزرتے وقت ایک اچانک پل منہدم ہو گیا، جس سے 3 ہلاک، جب کہ درجن سے زائد لا پتا ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے ایمیزون میں گاڑیوں کے گزرتے وقت پل گر گیا، کم از کم تین ہلاک اور زیادہ سے زیادہ 15 لاپتا ہو گئے ہیں، پل کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں پہلے سے شگاف پڑ گیا تھا۔

    فائر فائٹرز اور مقامی میڈیا نے بتایا کہ شمالی برازیل کی ریاست ایمیزوناس میں ایک پل گرنے کے واقعے کی تصدیق ہو گئی ہے، ایمیزوناس فائر ڈپارٹمنٹ نے بدھ کے روز کہا کہ صوبائی دارالحکومت ماناؤس سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے کیریرو میں ایک کنکریٹ کا پل گر گیا ہے، اور ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

    حکام کے مطابق جس وقت پُل گرا اس وقت کچھ گاڑیاں پل کو عبور کر رہی تھیں، جس سے 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ پل کا مرکزی حصہ گہرے بھورے پانی میں پڑا ہے جس میں کچھ گاڑیاں، بشمول ایک سفید ٹرک، دریا میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

  • سنسنان جزیرے پر پھنسنے والا شخص جو کوئلہ کھا کر زندہ رہا

    سنسنان جزیرے پر پھنسنے والا شخص جو کوئلہ کھا کر زندہ رہا

    کسی غیر آباد جزیرے پر جا نکلنا اور وہاں پھنس جانا فلموں کا موضوع تو ہوسکتا ہے، لیکن حقیقت میں بھی یہ واقعہ کئی افراد کے ساتھ پیش آسکتا ہے۔

    برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں بھی ایک شخص ایسی ہی صورتحال کا شکار ہوگیا جہاں وہ 5 دن تک لیموں اور کوئلہ کھا کر زندہ رہا۔

    51 سالہ نیلسن نیڈی کا کہنا ہے کہ وہ ریو کے معروف ساحلی مقام پر گیا تھا جہاں وہ سمندر کے قریب ایک چٹان پر چڑھ کر سمندر کے نظارے دیکھ رہا تھا، جب اچانک ایک بڑی لہر چٹان سے ٹکرائی اور اسے بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گئی۔

    نیلسن کا کہنا ہے کہ وہ سمندر میں بہتا ہوا تقریباً 2 میل دور ایک سنسان اور غیر آباد جزیرے پر جا نکلا۔

    اس کے مطابق وہاں اسے کسی کا چھوڑا ہوا خیمہ ملا جس میں پانی کی 2 بوتلیں موجود تھیں۔ رات اس نے ایک غار میں گزاری لیکن اس کے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں تھا۔

    نیلسن کا کہنا ہے کہ اسے خیمے سے 2 لیموں ملے جو اس نے کھا لیے، دوسرے دن اس نے سمندر میں تیر کر واپس جانے کی کوشش کی لیکن سمندر کی تیز لہروں سے اسے مزید بھٹکنے کا خدشہ پیدا ہوا تو وہ واپس آگیا۔

    اگلے دن لکڑی کے ایک تختے پر سوار ہو کر اس نے واپس جانے کی ایک اور کوشش کی لیکن اس میں بھی ناکام رہا۔

    چوتھے دن اس نے بھوک سے بے حال ہو کر کوئلہ کھانے کی کوشش کی، نیلسن کے مطابق اس نے ایک بار کہیں بندروں کو کوئلہ چرا کر کھاتے ہوئے دیکھا تھا اور یہی سوچ کر اس نے بھی کوئلہ کھایا، لیکن اس سے اس کا حلق مزید خشک ہوگیا۔

    نیلسن کا کہنا ہے کہ وہ پانچ دن تک سمندر کا نمکین پانی پیتا رہا۔

    بالآخر پانچویں دن اسے وہاں چند جیٹ اسکائی کرتے ہوئی کچھ نوجوان دکھائی دیے جنہیں اس نے اپنی شرٹ کے ذریعے متوجہ کیا۔

    فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک ہیلی کاپٹر نے نیلسن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں چند معمولی زخموں کے علاج کے بعد اسے اسی روز فارغ کردیا گیا۔

  • برازیل: ہلاکتیں 91 سے تجاوز کر گئیں

    برازیل: ہلاکتیں 91 سے تجاوز کر گئیں

    برازیلیا: برازیل میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتیں 91 سے بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمال مشرقی برازیل میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد سو سے زیادہ ہو سکتی ہے، کیوں کہ ریاست پرنامبوکو میں حکام نے 91 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے اور بہت سے لوگ لا پتا ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق موسلا دھار طوفانی بارشوں نے برازیل میں تباہی مچا دی ہے، زیادہ تر ہلاکتیں نامبوکو ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات گرنے کے باعث ہوئیں، درجنوں افراد لا پتا ہو چکے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ سینکڑوں ریاستی اور وفاقی امدادی کارکن منگل کو 26 لا پتا افراد کی تلاش کا کام دوبارہ شروع کریں گے۔

    برازیل میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 57 ہلاکتیں

    شمال مشرقی علاقے میں 4 ہزار افراد گھروں سے محروم ہو چکے ہیں، کو رسیفی میں 150 اور کماراجیبی میں 129 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، مکانات گر گئے، سیلابی پانی ہر شے کو بہا لے گیا۔

    بارہ سو سے زائد اہل کار کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے لوگوں کو ریسکیو کر رہے ہیں، گزشتہ روز ہونے والی بارش پچھلے 5 ماہ میں ہونے والا چوتھا واقعہ ہے، جس سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔

  • آسمان میں معلق رسی پر چلنے کا مظاہرہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    آسمان میں معلق رسی پر چلنے کا مظاہرہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فرانس کے ایک اسٹنٹ مین نے پہاڑوں کے درمیان فضا میں معلق رسی پر چل کر لوگوں کی سانسیں روک دیں، مذکورہ شخص نے 500 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

    برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں دو پہاڑیوں کے درمیان یہ رسی موجود ہے، ناتھن پاؤلن نامی شہری نے بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے اس رسی پر چلنے کا مظاہرہ کیا۔

    264 فٹ کی بلندی پر بندھی اس رسی پر چلتے ہوئے پاؤلن نے 500 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

    یہ اسٹنٹ دراصل ایک پروجیکٹ کا حصہ تھا جس کا مقصد حولیاتی مسائل اجاگر کرنا تھا، اسی طرح کے اسٹنٹس دیگر شہروں میں بھی کیے گئے جن میں شہریوں کی توجہ ماحولیاتی نقصانات کی طرف دلائی گئی۔

    مذکورہ اسٹنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

  • گائے مذبح خانے سے بھاگ کر واٹر پارک پہنچ گئی

    گائے مذبح خانے سے بھاگ کر واٹر پارک پہنچ گئی

    برازیل میں ایک گائے مذبح خانے سے بھاگ کر واٹر پارک میں چلی گئی اور وہاں واٹر سلائیڈز کے مزے لینے لگی، گائے کی سلائیڈز لیتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یہ واقعہ برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو سے قریب ایک چھوٹے سے ٹاؤن میں پیش آیا، مذکورہ گائے ذبح ہونے سے بچنے کے لیے مذبح خانے سے فرار ہوئی اور کسی طرح قریب موجود ایک واٹر پارک میں پہنچ گئی۔

    واٹر پارک میں اس وقت بہت کم لوگ موجود تھے جس کی وجہ گائے آرام سے گھومتی پھرتی رہی۔

    اس دوران وہ ایک سوئمنگ پل کے قریب پہنچی، اور اس کی سیڑھیاں چڑھ کر اس کی سلائیڈ پر بھی پہنچ گئی۔ بعد ازاں وہ مزے سے سلائیڈ لیتی ہوئی نیچے گئی۔

    واٹر پارک انتظامیہ کے مطابق مذکورہ سلائیڈ صرف 200 کلو گرام کا وزن برداشت کرسکتی ہے، لیکن خوش قسمتی سے گائے 317 کلو گرام وزن کے ساتھ آرام سے سلائیڈ لیتی رہی اور سلائیڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    گائے کی سلائیڈ لیتی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    واٹر پارک کے مالک نے اب اس گائے کو پارک میں ہی رکھ لیا ہے، اس کا کہنا ہے کہ یہ سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بن گئی ہے اور انہیں اس کے یہاں ہونے سے کوئی پریشانی نہیں۔

  • بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    بے صبرے بائیکر کی بھاری بھرکم ٹرکوں کے درمیان سے بائیک گزارنے کی کوشش

    برازیل میں ایک سرپھرے اور بے صبرے بائیکر نے اپنی بائیک سڑک پر راستہ روکے کھڑے دو ہیوی ٹرکوں کے درمیان سے گزارنی چاہی لیکن جیسے ہی وہ دونوں ٹرکوں کے بیچ میں پہنچا ٹرک حرکت کرنے لگے۔

    برازیل میں پیش آنے والا یہ واقعہ بائیکر کے ہیلمٹ کیمرے میں ریکارڈ ہوا، وہ اس کیمرے کو اپنی ولاگنگ کے لیے استعمال کر رہا تھا کیونکہ اس دوران وہ کمنٹری کرتا بھی سنائی دے رہا ہے۔

    سڑک پر کافی سارے ٹرک موجود ہیں جو آہستہ روی سے حرکت کر رہے ہیں اور بائیکر ان کے درمیان سے جگہ بناتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے۔

    ایک موقع پر دو ٹرک ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں اور ان کے درمیان معمولی سا فاصلہ ہے، بائیکر کچھ دیر رکنے کے بعد ان کے درمیان سے بائیک گزارنے کا فیصلہ کرتا ہے اور تیزی سے بائیک کو ٹرکوں کے درمیان لے جاتا ہے۔

    جیسے ہی وہ بالکل بیچ میں پہنچتا ہے ایک ٹرک ذرا سی حرکت کرتا ہے جس سے بائیک کا ایک پہیہ ٹرک کے بھاری بھرکم پہیے کے نیچے آجاتا ہے۔

    ٹرک ڈرائیور ریئر مر رمیں بائیک سوار کو دیکھ لیتا ہے اور وہ فوراً ٹرک روک لیتا ہے، اس کے بعد وہ ٹرک کو ریورس کرتا ہے تاکہ بائیک کا پہیہ آزاد ہوسکے جس سے موٹر سائیکل کو مزید نقصان پہنچتا ہے۔

    اس دوران بائیکر نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے افسوس کرتا سنائی دیتا ہے۔

    یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین نے بائیکر کے بے صبرے پن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی قسمت اچھی تھی کہ اس کی جان بچ گئی ورنہ وہ اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو سکتا تھا۔