Tag: برازیل

  • ایناکونڈا اور مگرمچھ میں دہشت ناک جنگ

    ایناکونڈا اور مگرمچھ میں دہشت ناک جنگ

    برازیل کے ایک دریا کی ایسی قابل ذکر تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں ایک بڑے مگرمچھ اور ایک ایناکونڈا کے درمیان زبردست جنگ دکھائی دیتی ہے۔

    سانپ نے خود کو مگرمچھ کے گرد اس طرح لپیٹا کہ اس کے لیے ہلنا بھی مشکل ہو گیا، یہ جنگ دریائے کویابا کے کنارے بقا کے لیے لڑی گئی 40 منٹ کی ڈرامائی لڑائی ثابت ہوئی۔

    لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب ایناکونڈا اور گھڑیال اپنے اپنے شکار ڈھونڈنے کے چکر میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، خوف ناک جانوروں کے اس مقابلے کے یہ نایاب مناظر امریکی ریاست انڈیانا سے تعلق رکھنے والی ایک وائلد لائف فوٹوگرافر کِم سولیوِن نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیے۔

    خونخوار جانوروں کی اپنی بقا کے لیے یہ جنگ 40 منٹ تک جاری رہی، مگرمچھ نے ایناکونڈا کو پکڑا تو اس نے بھی پانی میں لے جانے سے پہلے مگرمچھ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی، اور خود کو اس کے گرد لپیٹ لیا۔

    جہاں مگرمچھ اپنے آپ کو ایناکونڈا کی گرفت سے بچانے کی کوشش کرتا رہا، وہیں خطرناک سانپ کا پانی میں رہنا مشکل ہو گیا، جب مگرمچھ اسے پانی کے اندر لے گیا تو وہ سانس لینے کے لیے اپنا سر اوپر نکالتا رہا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ سانپ کو اپنے قاتل دانتوں میں دبوچنے کی کوشش کرنے والا مگرمچھ اسے آخر کار پانی میں لے گیا، کچھ ہی دیر بعد دونوں پانی میں کافی دیر کے لیے غائب ہوگئے۔

    کم سولیون نے بتایا کہ اچانک مگرمچھ پانی سے باہر نکلا لیکن اس بار وہ اکیلا تھا، لگ رہا تھا کہ وہ یہ جنگ جیت چکا ہے، اور سانپ کو آخر کار اپنی غذا بنا لیا ہے۔

    تاہم کچھ ہی دیر بعد ایناکونڈا بھی پانی کی سطح پر نمودار ہوا اور ایک طرف تیرتا ہوا چلا گیا۔

  • 8 سالہ برازیلی لڑکی کا بڑا ریکارڈ، ناسا کے ماہرین فلکیات بھی حیران

    8 سالہ برازیلی لڑکی کا بڑا ریکارڈ، ناسا کے ماہرین فلکیات بھی حیران

    ساؤ پالو: آٹھ سالہ برازیلی لڑکی نے 18 سیارچے دریافت کر کے نیا ریکارڈ بنا کر دنیا بھر کے ماہرین فلکیات کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

    برازیل کی 8 سالہ بچی نکول اولیویرا کو دنیا کی سب سے کم عمر غیر تعلیم یافتہ ماہرِ فلکیات کا اعزاز دیا گیا ہے، نکول ناسا سے وابستہ ایک پروگرام سے سیارچوں کی تلاش پر تحقیق کر رہی ہیں۔

    دراصل یہ ناسا کا ایک منصوبہ ہے، جس کو ’ایسٹرائڈ ہنٹر‘ کا نام دیا گیا ہے، اس میں بچوں کو خلائی اجسام دریافت کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔

    نکول کو فلکیات پڑھانے والے استاد ہیلی مارزیو روڈریگز کہتے ہیں کہ اس بچی کی نظر اتنی تیز ہے کہ یہ فوری طور پر سیارچے پہچان لیتی ہے، بلکہ دوسروں کی بھی مدد کرتی ہے۔

    اس پروگرام کے تحت نکول اب تک 18 سیارچے تلاش کر چکی ہیں، جو اس عمر میں ایک غیر معمولی کاوش ہے، ان سیاروں کے نام نکول کے والدین، اہلِ خانہ اور برازیل کے مشہور سائنس دانوں پر رکھے گئے ہیں۔

    ناسا نے ہر دریافت پر انھیں ایک سند بھی دی ہے، نکول نے سیارچوں کی دریافت میں اٹلی کے اٹھارہ سالہ نوجوان لوئگی سنینو کا ریکارڈ توڑا، جس نے 1998 اور 99 میں ایک ایک سیارچہ دریافت کیا تھا۔

    تاہم نکول کی 18 دریافتوں کو سیارچوں کے طور پر تصدیق کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں، کیوں کہ ایک سیارچے کی تصدیق میں پانچ سال لگ جاتے ہیں، اس کے بعد اس سیارچے کو باقاعدہ نام دیا جاتا ہے، لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو نکول دنیا کی کم عمر ترین شخصیت بن جائے گی، جو سرکاری طور پر ایک سیارچے کو دریافت کرنے والی کہلائیں گی۔

    چار سال کی عمر میں والدین سے دوربین کی فرمائش کرنے والی نکول مستقبل میں ایرو اسپیس انجینئر بننا چاہتی ہیں۔

  • برازیل: ڈائنوسار کی 7 کروڑ سال قدیم نئی نسل دریافت

    برازیل: ڈائنوسار کی 7 کروڑ سال قدیم نئی نسل دریافت

    ساؤپالو: برازیل میں ڈائناسار کی 7 کروڑ سال قدیم نئی نسل دریافت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک چونکا دینے والی دریافت میں سائنس دانوں نے حال ہی میں برازیل میں ڈائنوسار کی ایک نئی نسل دریافت کی ہے، جو غالباً 70 ملین سال پہلے امریکا کے جنوب مشرقی حصے میں گھومتی تھی۔

    ماہرین رکازیات کی ٹیم نے برازیل کے علاقے مونٹے آلٹو میں دریافت شدہ اس نئی نسل کے فوسلز کو کوروپی ایٹاٹا باقیات کا نام دیا ہے، یہ مقام ڈائنوسار کی دریافتوں کے لیے اب تک کے سب سے بھرپور علاقوں میں سے ایک رہا ہے۔

    ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فابیانو وِڈائی نے میڈیا کو بتایا کہ کوروپی ایٹاٹا نسل دراصل ٹیٹراپوڈ ڈائنوسار کی نمائندگی کرتی ہے، اس نئی نسل کو جرنل آف ساؤتھ امریکن ارتھ سائنسز میں ابیلیسورِڈ ڈائنوسار کی ایک قِسم کہا گیا ہے، جو دو پایہ شکاریوں کا ایک گروہ ہے، جو قدیم جنوبی سپر براعظم گونڈوان پر پروان چڑھا تھا۔

    ڈائنوسار کا شکار کرنے والا مینڈک

    جو باقیات دریافت کی گئی ہیں، انھیں دیکھ کر ماہرین رکازیات کا کہنا ہے کہ یہ ڈائنوسار 16 فٹ لمبا تھا۔

    محققین نے ان باقیات میں ریڑھ کی ہڈی اور اس سے جڑے نچلے حصے کے ڈھانچے کا تجزیہ کیا، اس کے پٹھوں کے منسلکات اور ہڈیوں کی اناٹومی کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا جسم دوڑنے کے لیے اچھی طرح سے ڈھالا گیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق کوروپی ایٹاٹا کی ان باقیات کا ایک ماڈل مونٹے آلٹو میں واقع رکازیات کے میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

  • برازیلی صدر کو 10 دن سے ہچکیاں، اسپتال داخل

    برازیلی صدر کو 10 دن سے ہچکیاں، اسپتال داخل

    ساؤپالو: برازیل کے صدر جائر بولسونارو 10 روز سے مسلسل ہچکیوں کے شکار ہیں، جس پر انھیں اسپتال داخل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہچکیوں کے شکار برازیلی صدر ڈاکٹر سے مشورے کے بعد بدھ کو ساؤپالو اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں، جائر بولسونارو کی آنت میں ممکنہ رکاوٹ کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

    صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ ہچکیوں کے باعث ایمرجنسی سرجری کی ضرورت پیش آ سکتی ہے، نیز 66 سالہ صدر کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل بے ہوش کیا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 جولائی کو برازیلی صدر کی دانتوں کی پیوندکاری کی گئی تھی، جس کے بعد انھیں مسلسل ہچکیوں کی شکایت لاحق ہو گئی۔

    چند دن قبل صدر بولسونارو کے بیٹے نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے معدے سے پانی اوپر آتا تھا، جو سانس میں لینے میں رکاوٹ بنتا تھا، اس لیے انھیں ٹیوب لگانی پڑی۔

    برازیلی صدر 2020 میں کرونا وائرس انفیکشن کا بھی شکار ہوئے تھے، جس کے بعد انھیں مسلسل کھانسی رہنے لگی، اور 2018 میں صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران انھیں ایک شخص نے چھرا گھونپ دیا تھا، جس کے بعد انھیں کئی آپریشنز سے گزرنا پڑا۔

  • برازیل نے بھارتی ویکسین خریدنے کا معاہدہ معطل کر دیا

    برازیل نے بھارتی ویکسین خریدنے کا معاہدہ معطل کر دیا

    برازیلیا: برازیل نے ’کوویکسین‘ خریدنے کا عمل ملتوی کر دیا، جس سے ’بھارت بایوٹیک‘ کا 324 ملین ڈالر کا سودا معلق ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا ویکسین خریدنے کے معاہدے پر سوالات کھڑے ہونے کی وجہ سے برازیل نے بھارت بایوٹیک کے ساتھ ’کوویکسین‘ کے لیے کیے گئے سودے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    324 ملین ڈالرز کا یہ معاہدہ 2 کروڑ ڈوزز پر مشتمل تھا، ویکسین Bharat Biotech نے فراہم کرنی تھی، تاہم معاہدے میں بے قاعدگیوں کے الزامات کے بعد یہ صدر جائر بولسینارو کے لیے درد سر بن گیا تھا۔

    منگل کو وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ Covaxin کی ڈوزز کے لیے کیے گئے معاہدے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج کی وجہ سے یہ معاہدہ صدر مملکت کے لیے مصیبت بن گیا ہے۔

    برازیل میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ تک پہنچنے پر ملک میں صدر بولسینارو کی مقبولیت گہنا چکی ہے، انھوں نے پیر کو تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کسی بے ضابطگی کا کوئی پتا نہیں ہے، تاہم کانٹے دار سوالات انھیں چھوڑنے نہیں دے رہے ہیں، اور یہ اگلے برس کے صدارتی ووٹ سے قبل ان کے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

    حکومت نے اگرچہ الزامات پر وضاحت بھی پیش کی ہے، لیکن اس سے لوگوں کا غصہ کم نہیں ہوا، اس کے بعد جب یہ معاملہ برازیل کے سپریم کورٹ میں پہنچ گیا تو برازیلی حکومت نے آخرکار اس سودے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    برازیلی میڈیا کے مطابق اس معاملے کی جانچ پوری ہو جانے تک کوویکسین کے تعلق سے کی گئی ڈیل معطل رہے گی، تاہم برازیل کے وزیر صحت کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس ڈیل میں کسی طرح کی کوئی گڑ بڑ نہیں ہے۔

    ڈیل کے حوالے سے الزام عائد ہو رہے ہیں کہ برازیل کی وزارت صحت پر بھارت بایوٹیک کی ویکسین خریدنے کا دباؤ بنایا گیا تھا، اور اس سودے کا صدر بولسینارو کو بھی علم تھا لیکن اس کے باوجود وہ اسے نہیں روک پائے اور برازیل کو فائزر کی سستی ویکسین کی دستیابی کے باوجود مہنگی کوویکسین خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔

  • کرونا وائرس کی ایک اور قسم کے بارے میں پریشان کن انکشاف

    کرونا وائرس کی ایک اور قسم کے بارے میں پریشان کن انکشاف

    کرونا وائرس کے پھیلنے کے ایک سال بعد اب اس وائرس میں بھی تبدیلیاں آرہی ہیں جنہوں نے ماہرین کو پریشان کر رکھا ہے، حال ہی میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم کے بارے میں پریشان کن انکشاف ہوا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ برازیل میں سب سے پہلے نمودار ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ متعدی ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ برازیل میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم پی 1 ماضی میں کووڈ سے متاثر ہونے والے افراد میں پیدا ہونے والی مدافعت پر حملہ آور ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    برازیل کرونا وائرس کی وبا سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے بالخصوص میناوس نامی شہر پر سب سے زیادہ اثرات مرتب ہوئے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ سنہ 2020 کے وسط میں میناوس کے 75 فیصد کے قریب افراد کرونا کی پہلی لہر سے متاثر ہوئے تھے اور کچھ ماہرین نے اندازہ لگایا تھا کہ اس شہر میں بیماری کے خلاف اجتماعی مدافعت پیدا ہوگئی ہے۔

    مگر سنہ 2020 کے اختتام پر اس شہر میں کووڈ کی دوسری لہر سامنے آئی جس میں پی 1 قسم کا ہاتھ تھا۔

    تحقیق میں شامل کوپن ہیگن یونیورسٹی کے ماہرین کہنا تھا کہ ہمارے ماڈل سے عندیہ ملتا ہے کہ پی 1 کرونا وائرس کی دیگر اقسام سے زیادہ متعدی ہے اور دیگر اقسام سے ہونے والی بیماری سے جسم میں پیدا ہونے والی مدافعت پر حملہ آور ہوسکتی ہے۔

    محققین نے پی 1 میں 17 میوٹیشنز کو دریافت کیا جن میں سے 3 اسپائیک پروٹین میں ہوئی تھیں۔

    اسپائیک پروٹین میں ہونے والی 3 میوٹیشنز سے اس نئی قسم کو انسانی خلیات کو مؤثر طریقے سے جکڑنے میں مدد ملی، جن میں سے ایک میوٹیشن این 501 وائے برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں دریافت اقسام میں بھی دیکھی گئی تھی۔

    اس میوٹیشن سے وائرس کے لیے انسانی خلیات کو جکڑنا زیادہ آسان ہوجاتا ہے جبکہ ایک اور میوٹیشن ای 484 کے تھی جو وائرس کو موجودہ مدافعتی ردعمل کو پیچھے چھوڑنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پی 1 کورونا وائرس کی اوریجنل قسم کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کے مقابلے میں 1.4 سے 2.2 گنا زیادہ متعدی ہے۔

    اسی طرح یہ قسم پرانی اقسام سے متاثر ہونے والے افراد میں پیدا ہونے والی امیونٹی کی شرح کو بھی 10 سے 46 فیصد تک کم کر سکتی ہے، جس سے لوگوں میں دوسری بار کووڈ کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    محققین کے مطابق میناوس کے رہائشیوں میں پی 1 سسے متاثر ہونے پر موت کا خطرہ دیگر اقسام کے مقابلے میں 1.2 سے 1.9 گنا زیادہ ہوسکتا ہے۔

    برازیل میں دریافت ہونے والی یہ نئی قسم پاکستان سمیت متعدد ممالک تک پھیل چکی ہے۔

  • گیس سلنڈرز سے بھرا ٹرک خود ہی چل پڑا، لوگ دہشت زدہ (ویڈیو)

    گیس سلنڈرز سے بھرا ٹرک خود ہی چل پڑا، لوگ دہشت زدہ (ویڈیو)

    برازیل: کیا آپ نے فائنل ڈسٹنیشن نامی فلم سیریز دیکھی؟ یہ فلم ہمارے ذہن میں یہ خیال بٹھاتی ہے کہ چیزیں دہشت ناک طور پر گڑ بڑ ہو سکتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ برازیل میں پیش آیا۔

    برازیل کے شہر ابریتی میں گیس سلنڈرز کے ایک گودام پر یہ واقعہ 7 اپریل کو پیش آیا، جب ٹرک پر سلنڈرز لوڈ کیے جا رہے تھے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک اچانک خود بہ خود چل پڑا، اور گودام پر موجود لوگ دہشت زدہ ہو کر اسے روکنے کے لیے دوڑے پڑے۔

    ویڈیو کے مطابق بھرا ہوا ٹرک جب اپنے آپ چل پڑا تو سب سے پہلے ٹرک ڈرائیور جو باہر کھڑا تھا، چیخ کر اس کی طرف دوڑا، اور اسے روکنے کی جدوجہد کرنے لگا۔

    بلاشبہ یہ ہڈیوں میں سنسنی دوڑانے والی ویڈیو تھی، کیوں کہ ٹرک گیس سلنڈرز سے بھرا ہوا تھا اور اگر ٹرک آگے پہاڑی سے ٹکرا جاتا تو کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا، اس لیے ڈرائیور نے پہلے بد حواسی میں سامنے سے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی۔

    بعد ازاں، ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ٹرک کا رخ بدلنے کے لیے ٹرک کے کھلے دروازے سے اسٹیئرنگ گھمانے کی مسلسل کوشش کی، اس سے پہلے کہ ٹرک ڈھلوان پر پہاڑی تک پہنچتا، ڈرائیور اسے روکنے میں کامیاب ہو گیا۔

    معلوم ہوا کہ ٹرک ڈرائیور نے ٹرک کو نیوٹرل موڈ میں چھوڑ دیا تھا، لیکن اچانک وہ ناقابل توجیہہ طور پر گیئر سے نکل گیا، تاہم ڈرائیور اسے پہاڑی سے ٹکرانے سے قبل روکنے میں کامیاب ہو گیا ورنہ کوئی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔

    ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے ڈرائیور کی بہادری کو سراہا، لوگوں نے اس پر کمنٹس بھی کیے، ایک صارف نے لکھا ڈرائیور نے شان دار کام کیا۔

  • قدرت کا معجزہ: الٹے سر کے ساتھ پیدا ہونے والا بچہ کتنا بڑا ہوگیا؟

    قدرت کا معجزہ: الٹے سر کے ساتھ پیدا ہونے والا بچہ کتنا بڑا ہوگیا؟

    برازیل کا ایک بچہ جو ایک نایاب بیماری کی وجہ سے عجیب الخلقت پیدا ہوا، ڈاکٹرز کی جلد مر جانے کی پیش گوئیوں کے برعکس 44 سال جی گیا۔

    برازیل کا کلاڈئیو ایک نایاب بیماری کا شکار ہے جس میں اس کا سر بالکل الٹا ہو کر پشت کے ساتھ لگا ہوا ہے، اس کی پیدائش پر ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ یہ 24 گھنٹے سے زائد نہیں جی سکے گا، لیکن یہ بچہ اب 44 سال کا ہے۔

    اس نایاب بیماری کے سبب کلاڈئیو کی کی ٹانگیں سکڑ کر پتلی ہوچکی تھیں، بازو سینے سے لگے تھے جبکہ سر بالکل الٹا ہو کر پشت کے ساتھ لگا ہوا تھا۔

    یہ باہمت شخص کہتا ہے کہ اس کی زندگی بالکل نارمل ہے۔ کلاڈئیو کے مطابق کرونا وبا کے دوران اسے دگنی احتیاط کرنی پڑی ہے، وہ گزشتہ ایک سال سے قرنطینہ میں ہے۔

    کلاڈئیو نے گھر میں ہی اپنی ماں سے پڑھنا اور لکھنا سیکھا ہے، اپنی بیماری کے سبب یہ سب اس کے لیے نارمل لوگوں کے برعکس مشکل تو ضرور تھا، لیکن اس نے اور اس کی ماں نے ہمت نہیں ہاری۔

    اس کی عجیب ہئیت کے باوجود اسے دیکھنے، کھانے پینے یا سانس لینے میں کوئی پریشانی نہیں ہوتی اور بقول اس کے وہ بالکل نارمل زندگی جی رہا ہے۔

    باہمت کلاڈئیو نے اپنی حالت کو مجبوری نہیں بنایا، اپنی زندگی میں اس نے اس کیفیت کو مکمل طور پر اپنایا ہے۔ وہ سنہ 2000 سے بطور موٹی ویشنل اسپیکر لوگوں کو اپنے جذبے کی کہانی سنا رہا ہے۔

    وہ اپنی سوانح حیات بھی لکھ چکا ہے جبکہ اپنی زندگی پر ایک ڈی وی ڈی بھی لانچ کر چکا ہے۔ کلاڈئیو اپنی زندگی سے بے حد خوش ہے اور وہ مزید جینا چاہتا ہے۔

  • ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کیا کیا؟

    ٹریفک حادثے میں بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ٹرک ڈرائیور کے ساتھ کیا کیا؟

    برازیل میں ہونے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار اہلیہ دم توڑ گئی تو شوہر ٹکر مارنے والے ٹرک پر چڑھ گیا اور اس وقت تک نیچے نہیں اترا جب تک لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ نہیں لیا۔

    جنوبی برازیل میں پیش آنے والے اس ہولناک حادثے نے پورے شہر کو افسردہ کردیا ہے، 49 سالہ اینڈرس انٹونیو اور اس کی اہلیہ 47 سالہ سینڈرا اپنی 2 ماہ قبل خریدی گئی بائیک پر اتوار کی چھٹی گزارنے باہر نکلے تھے۔

    موٹر وے پر سفر کے دوران ان کی بائیک کو پیچھے سے ایک ٹرک نے زوردار ٹکر ماری جس سے سینڈرا شدید زخمی ہو کر نیچے گر پڑی، شوہر نے یہ دیکھا تو وہ ٹرک کے دروازے پر چڑھ گیا۔

    ٹرک ڈرائیور نے پھر بھی ٹرک نہیں روکا اور اگلے 19 میل تک اسے اس طرح بھگاتا ہوا لے گیا کہ اس کے دائیں طرف اینڈرس لٹکا ہوا تھا جبکہ آگے موٹر سائیکل بدستور اٹکی ہوئی تھی۔

    قریب سے گزرنے والے ڈرائیورز نے اس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائیں۔

    کافی دیر بعد جب ٹرک ڈرائیور نے ٹرک روکا تو لوگوں نے ٹرک کو گھیر لیا اور اسے کھینچ کر باہر نکالا، کچھ لوگوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ڈرائیور منشیات کے زیر اثر تھا۔

    زخمی سینڈرا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا تاہم سر میں شدید چوٹیں لگنے کے باعث وہ دم توڑ گئی، اینڈروس بھی اس دوران زخمی ہوا جسے اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس کے انوکھے کیس نے ماہرین کو پریشان کردیا

    کرونا وائرس کے انوکھے کیس نے ماہرین کو پریشان کردیا

    برازیلیا: برازیل میں 2 ایسے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں کرونا وائرس کی 2 اقسام سے ایک ہی وقت میں متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، 2 اقسام کا ایک دوسرے سے ملنا وائرس کی نئی اقسام کے بننے کا باعث بنتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برازیل کے سائنسدانوں نے ایسے 2 کیس رپورٹ کیے ہیں جو بیک وقت کرونا وائرس کی 2 مختلف اقسام سے بیمار ہوئے۔ اس تحقیق کے نتائج آن لائن جاری کیے گئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بظاہر 2 اقسام سے بیک وقت بیمار ہونے سے بیماری کی شدت پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوئے اور دونوں مریض اسپتال میں جائے بغیر صحت یاب ہوگئے، ویسے تو یہ صرف 2 کیسز ہیں مگر یہ پہلی بار ہے کہ جب کرونا وائرس کی 2 اقسام سے بیک وقت متاثر کیس کو رپورٹ کیا گیا۔

    اس سے قبل سائنس دانوں نے نظام تنفس کے دیگر امراض جیسے انفلوائنزا کی مختلف اقسام سے بیک وقت متاثر ہونے کو ضرور ریکارڈ کیا ہے۔

    متاثر ہونے والے دونوں مریضوں میں کرونا وائرس کی 2 مختلف اقسام کو دریافت کیا گیا تھا جو برازیل میں کافی عرصے سے گردش کر رہی تھیں اور ان کا جینیاتی مواد ایک دوسرے سے مختلف تھا۔

    اس دریافت سے یہ خدشہ پیدا ہوا کہ کرونا وائرس بہت تیزی سے نئی میوٹیشنز کو اپنالیتا ہے، کیونکہ کرونا وائرسز اپنے جینیاتی سیکونس میں بڑی تبدیلیوں سے گزرتے ہیں۔

    جب اس کی 2 اقسام ایک خلیے کو بیک وقت متاثر کرتی ہیں تو وہ ایک دوسرے سے اپنے جینوم کے بڑے حصوں کا تبادلہ کرسکتی ہیں اور ایک مکمل نیا سیکونس تیار کرسکتی ہیں۔

    آسان الفاظ میں 2 اقسام کا ایک دوسرے سے ملنا ہی اس وائرس کی نئی اقسام کے بننے کا باعث بنتا ہے۔

    مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ وائرس کی 2 اقسام ایک خلیے کو بیک وقت متاثر کریں، ورنہ ایک فرد متعدد اقسام سے متاثر ہو مگر ان کا آپس میں رابطہ نہ ہو تو نئی قسم بننے کا امکان نہیں ہوگا۔