Tag: برازیل

  • کرونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    کرونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    کرونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آرہی ہیں اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ نئی اقسام پرانی قسم سے مختلف اور زیادہ طاقتور ہوسکتی ہیں۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ برازیل میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم پرانی اقسام کے مقابلے میں زیادہ متعدی ہے۔

    برطانیہ اور برازیل کے ماہرین کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ پی 1 نامی کرونا وائرس کی یہ نئی قسم 2.2 گنا زیادہ متعدی اور کووڈ سے پہلے بیمار ہونے والے افراد کی مدافعت کو 61 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔

    یہ تحقیق ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئی اور اسے پری پرنٹ سرور پر جاری کیا گیا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پی 1 کے نتیجے میں کرونا وائرس کے کیسز میں برازیل کے شہر میناوس میں اضافہ ہوا اور وہاں 2020 کے اختتام میں وبا کی دوسری لہر سامنے آئی۔

    یہ دوسری لہر اس لیے بھی طبی ماہرین کے لیے پریشان کن تھی کیونکہ پہلی لہر کے دوران وہاں بہت زیادہ کیسز کے بعد اجتماعی مدافعت (ہرڈ امیونٹی) کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

    تحقیق کے دوران نومبر 2020 سے جنوری 2021 کے دوران اس شہر میں کرونا وائرس سے بیمار ہونے والے افراد کے نمونوں سے وائرس کے جینیاتی سیکونس بنائے گئے۔

    محققین نے دریافت کیا کہ اس قسم کے نمونوں کی شرح 7 ہفتوں کے دوران صفر سے 87 فیصد تک بڑھ گئی۔

    انہوں نے اس نئی قسم میں 17 میوٹیشنز کو شناخت کیا جن میں سے 10 اسپائیک پروٹین کی سطح پر ہوئیں، جس کو یہ وائرس انسانی خلیات میں داخلے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    اسپائیک پروٹین میں ہونے والی 3 میوٹیشنز سے اس نئی قسم کو انسانی خلیات کو مؤثر طریقے سے جکڑنے میں مدد ملی، جن میں سے ایک میوٹیشن این 501 وائے برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں دریافت اقسام میں بھی دیکھی گئی تھی۔

    ماہرین نے ان تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر جانچ پڑتال کی کہ اس سے وائرس کی انسانوں کو متاثر کرنے کی صلاحیت پر کیا اثرات مرتب ہوئے۔

    انہوں نے ڈیٹا سے ماڈلز تیار کیے جن سے ثابت ہوا کہ کرونا وائرس کی اوریجنل قسم کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کے مقابلے میں 1.4 سے 2.2 گنا زیادہ متعدی ہے۔

    اسی طرح یہ قسم پرانی اقسام سے متاثر ہونے والے افراد میں پیدا ہونے والی امیونٹی کی شرح کو بھی 25 سے 65 فیصد تک کم کرسکتی ہے، جس سے لوگوں میں دوسری بار کووڈ کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ پی 1 میں کافی کچھ تبدیل ہوا ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔

  • سفاک ماں کا بیٹی پر اندوہناک ظلم۔ ۔۔۔ کمزور دل افراد نہ پڑھیں!

    سفاک ماں کا بیٹی پر اندوہناک ظلم۔ ۔۔۔ کمزور دل افراد نہ پڑھیں!

    برازیل میں ایک ماں نے قینچی سے اپنی 5 سالہ بچی کی آنکھیں نکال لیں جبکہ اس کی زبان بھی کاٹ دی، معصوم بچی سخت اذیت سہنے کے بعد ہلاک ہوگئی، پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ شمال مشرقی برازیل کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں پولیس 5 سالہ بچی کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے، بچی کی آنکھیں اس کی اپنی ہی ماں نے نہایت سفاکی سے نکال لیں اور اس کی زبان بھی کاٹ دی جس کے بعد بچی سخت تکلیف میں ہلاک ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق ماں نے بچی کی زبان کاٹ کر اسے چبایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں شام 4 بجے ایک معمر خاتون کی کال موصول ہوئی جس نے بتایا کہ ان کی 30 سالہ بیٹی جیسمئیر گومز اپنی 5 سالہ بچی کو لے کر گزشتہ آدھے گھنٹے سے باتھ روم میں بند ہے اور اس نے دروازہ کھولنے سے انکار کردیا ہے۔

    تاہم پولیس کے وہاں پہنچنے سے قبل ہی گھر والوں نے بیرونی نالیوں سے خون بہتا دیکھا تو باتھ روم کا دروازہ توڑ دیا جہاں بچی خون میں لت پت مردہ حالت میں موجود تھی جبکہ اس کے قریب ہی ایک خون آلود قینچی بھی موجود تھی۔

    پولیس کے مطابق جب وہ وہاں پہنچی تو ماں نے ایک مالا اپنے ہاتھ میں پکڑ رکھی تھی اور وہ اس پر کچھ پڑھ رہی تھی، مقتول بچی کی نانی نے بتایا کہ اس کی بیٹی (قاتل ماں) اکثر یہ کہتے پائی گئی تھی کہ اس کی 5 سالہ بچی پر شیطانوں نے قبضہ کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اگلے روز جب ملزمہ کو بیان دینے کے لیے لایا گیا تو وہ مبہم زبان میں بات کرنے لگی جو مختلف زبانوں کا مجموعہ تھی۔ خاندان والوں کے مطابق ملزمہ ذہنی امراض کا بھی شکار رہی ہے اور کچھ عرصہ قبل اس کی ذہنی حالت خاصی بگڑ گئی تھی۔

  • برازیل کے تمام شہریوں کو مفت کرونا وائرس ویکسین فراہم کرنے کا اعلان

    برازیل کے تمام شہریوں کو مفت کرونا وائرس ویکسین فراہم کرنے کا اعلان

    برازیلیا: برازیل کے صدر جیر بولسنارو کا کہنا ہے کہ حکومت ملک کے تمام شہریوں کو مفت کرونا وائرس ویکسین فراہم کرے گی، سنہ 2021 کے آغاز میں برازیل میں کرونا وائرس ویکسین کی 15 ملین خوراکوں کی پہلی کھیپ پہنچ جائیں گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق برازیل کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ برازیل میں لوگ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے مفت ٹیکے لگا سکیں گے۔

    ایک روز قبل صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سائنسی ہدایات اور قانونی اصولوں پر عمل آوری کے ساتھ اگر قومی سینیٹری نگرانی ایجنسی اس کی اجازت دے تو برازیل کی حکومت پوری آبادی کو مفت میں کرونا وائرس ویکسین فراہم کرے گی۔

    رواں ماہ کے شروع میں برازیل کے محکمہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ سنہ 2021 کے ابتدائی 2 مہینوں میں برازیل کو آکسفورڈ یونیورسٹی اور ایسٹرا زینیکا کرونا وائرس ویکسین کی 15 ملین خوراکوں کی پہلی کھیپ ملنے جارہی ہے۔

    حکام کے مطابق توقع ہے کہ اگلے برس کی پہلی ششماہی میں برازیل میں کل 100 ملین خوراکیں پہنچ جائیں گی۔

    برازیل کے وزیر صحت ایڈورڈو پازیلو کے مطابق سنہ 2021 کے دوسرے نصف میں ویکسین کی مزید 160 ملین خوراکیں برازیل میں تیار کی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ برازیل اس وقت کرونا وائرس کیسز اور اموات کے حوالے سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے،

    برازیل میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 66 لاکھ 75 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 6 لاکھ 43 ہزار 22 ہوچکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 78 ہزار 184 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 58 لاکھ 54 ہزار 709 ہوچکی ہے۔

  • بہادر ماں نے بیٹی کو نشانہ بنانے والے چور کا کیا انجام کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    بہادر ماں نے بیٹی کو نشانہ بنانے والے چور کا کیا انجام کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    برازیلیا: جب بات آتی ہے بچوں پر تو مائیں حقیقی زندگی میں ہیرو کا کردار ادا کر جاتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ برازیل میں سڑک پر بارش کے دوران پیش آیا جسے سی سی ٹی وی کیمروں نے ریکارڈ کر لیا۔

    برازیل کے شہر ساؤ پالو کے ایک ساحلی قصبے میں یکم دسمبر کو ایک خاتون اپنی 15 سالہ بیٹی کے ہمراہ شاپنگ کے بعد ٹیکسی کی تلاش میں ایک سڑک پر جا رہی تھیں کہ سائیکل پر سوار چور اچانک بیٹی کا موبائل فون چھین کر فرار ہونے لگا۔

    ادھر چور نے پیڈل پر زور سے پاؤں مارے اور ادھر 50 سالہ ماں نے بپھر کر اس کے پیچھے دوڑ لگا دی، ماں کے ہاتھ میں اس وقت ایک چھتری تھی کہ بارش ہو رہی تھی، انھوں نے بند چھتری کھینچ کر سائیکل سوار چور کو دے ماری۔

    اس حملے سے سائیکل سوار گیلی سڑک پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سائیکل سمیت ڈھیر ہو گیا، جس پر ماں بیٹی دونوں نے مل کر اس کی پٹائی شروع کر دی، ماں نے اپنی چھتری اٹھائی اور چور کی دھلائی کرنے لگیں۔ اس دوران راہ گیر بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے اور چور کو پکڑ کر پیٹنے لگے۔

    بیٹی کا موبائل فون بچانے والی مشتعل ماں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میرا رد عمل بالکل فطری تھا، میں بس اپنی بیٹی کو تحفظ فراہم کرنا چاہ رہی تھی، میں اپنی بیٹی کا خوف زدہ چہرہ دیکھ کر سخت غصے میں آ گئی تھی۔

    بہادر ماں نے بتایا کہ انھوں نے انجام کے بارے میں بالکل نہ سوچتے ہوئے چور پر حملہ کیا، سب کچھ بہت اچانک ہوا تھا، میری بیٹی فون بچانا چاہ رہی تھیں لیکن چور اسے لے اڑا، میں اسے روکنے کے لیے مڑی اور اس پر چھتری پھینک دی تاکہ وہ کسی طرح رک سکے۔

    انھوں نے کہا میں بالکل پاگل ہو گئی تھی، چور کو پیٹتے ہوئے چلا رہی تھی، میری بیٹی سے تم نے چوری کی ہمت کیسے کی، اور اس کے بعد دیگر لوگ بھی ہمارے ساتھ شامل ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر کی پٹائی کے بعد چور کو موقع مل گیا اور وہ سائیکل چھوڑ کر بھاگ گیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی جو چور کو تلاش کر رہی ہے۔

    بہادر ماں نے بتایا کہ وہ کپڑے خریدنے نکلے تھے، شاپنگ ہو چکی تھی، اور بیٹی اپنے موبائل فون پر ٹیکسی ڈرائیور کی تفصیلات پڑھ رہی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سال قبل ان سے بھی اسی طرح موبائل چھینا گیا تھا۔

  • برازیل میں بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم، بس پل سے نیچے جا گری

    برازیل میں بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم، بس پل سے نیچے جا گری

    برازیل میں ایک بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک تصادم میں 16 افراد ہلاک ہوگئے، پل کے جنگلے سے ٹکرانے کے بعد بس 45 فٹ نیچے جا گری۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولناک حادثہ جاؤ مونلواڈ شہر میں پیش آیا جہاں ایک پل پر ٹرک اور بس میں تصادم ہوا۔

    ٹرک سے ٹکرا کر بس لین سے نکل گئی اور پل کے کنکریٹ جنگلے سے ٹکرائی، بعد ازاں وہاں سے 45 فٹ نیچے ریلوے ٹریک پر جا گری۔

    نیچے گرنے سے قبل بس کا ڈرائیور بس سے نکل آیا تھا جبکہ صرف چند لمحے قبل مزید 4 مسافر بھی بس سے چھلانگ لگا کر باہر نکلے، اگلے ہی لمحے بس نیچے جا گری۔

    موقع پر جمع ہوجانے والے افراد نے 2 بچوں سمیت 3 مسافروں کو کسی طرح اوپر کھینچ لیا جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال روانہ کیا گیا۔

    ہولناک حادثے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوئے۔

    اسی نوعیت کا ایک حادثہ ساؤ پاؤلو میں گزشتہ ہفتے ہی پیش آیا تھا جس میں ایک ٹرک اور بس کا ہی تصادم ہوا تھا، مذکورہ حادثے میں 40 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2 مزید ہلاکتیں اسپتال میں ہوئی تھیں۔

  • روسی کرونا ویکسین کے حصول کے لیے برازیل کا اہم فیصلہ

    روسی کرونا ویکسین کے حصول کے لیے برازیل کا اہم فیصلہ

    برازیلیا: کئی دیگر ممالک کے بعد اب برازیل بھی روسی کرونا ویکسین کے حصول کے لیے تیار ہو گیا ہے، اس سلسلے میں برازیلی وزارت صحت روس کے ساتھ اسپوتنک V کی خریداری سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کرنے جا رہی ہے۔

    روسی ذرایع ابلاغ کے مطابق برازیل کی وزارتِ صحت روسی کرونا ویکسین Sputnik V کی ممکنہ خریداری کے سلسلے میں RDIF (رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کے لیے تیار ہے۔

    برازیلی وزارتِ صحت کے مطابق ایسے ہی معاہدے بڑی امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر، جانسن سیلگ، انڈین بائیوٹیک، اور موڈرنا کے ساتھ بھی کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ برازیل نے شروع ہی سے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے سرگرمی دکھائی ہے، گزشتہ ہفتے بھی برازیل کے ہیلتھ کیئر عہدے داروں نے ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ ویکسین کی تیاری، محفوظ اور مؤثر ہونے کے معاملات کے ساتھ ساتھ اس کی فراہمی سے متعلق لاجسٹک پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

    روسی ویکسین حاصل کرنے والا یورپی یونین کا پہلا ملک

    یاد رہے کہ چین میں تیار کی جانے والی کرونا ویکسین سینوویک کے ٹرائلز برازیل میں بھی کیے گئے ہیں، ٹرائلز کے دوران ایک رضاکار کی موت بھی واقع ہو گئی تھی جس کے بعد ٹرائلز روک دیے گئے تھے تاہم بعد میں یہ دوبارہ شروع کیے گئے۔

    مزید بر آں برازیل کے بٹانٹن انسٹی ٹیوٹ بائیو میڈیکل سینٹر کو رواں ہفتے کو وِڈ 19 کے خلاف چین کے سینوویک ویکسین کی پہلی خوراک موصول ہوگی۔

  • بیماری نے بچے کی قسمت بدل دی

    بیماری نے بچے کی قسمت بدل دی

    برازیلیا: برازیل میں جلدی بیماری میں مبتلا ہوکر پورا گھر ایک ہی طرح سے متاثر ہوگیا تاہم ان کی بیماری گھر کے ایک بچے کے لیے ماڈلنگ کنٹریکٹ کی وجہ بن گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برازیل کے علاقے باہیا سے تعلق رکھنے والے 7 سالہ سیمیول سلوا بین الاقوامی سطح پر ماڈلنگ کررہے ہیں، بچے کے چہرے پر پیدائشی طور پر سفید دھبے ہیں جو ان کے ماتھے پر موجود ہیں جبکہ اسی وجہ سے بال بھی اس طرح سفید ہیں جو ایک ڈیزائن کی شکل اختیار کرگئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بچے کے اہلخانہ بھی اسی بیماری کا شکار ہیں اور ان کے چہروں پر بھی ایسے ہی نشانات ہیں جیسے بچے کے چہرے پر ہیں۔

    پیدائشی بیماری ماڈلنگ کانٹریکٹ کی وجہ بن گئی

    بیماری کی وجہ سے اس خاندان کے اکثر لوگ ان نشانات کو چھپانے کے لیے زیادہ تر گنجے رہا کرتے تھے تاہم بعد میں انہوں نے ان نشانات کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔

    بیماری میں مبتلا اس خاندان نے اپنا ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا اور وہاں اپنی تصاویر شیئر کیں تو خلاف توقع انہیں ماڈلنگ کا کنٹریکٹ مل گیا۔

    پیدائشی بیماری ماڈلنگ کانٹریکٹ کی وجہ بن گئی

    رپورٹ کے مطابق 7 سالہ سیمویل اب تک جونیئر اسٹائل لندن، بازار گڈز، ڈیگزی میگزین کے سرورق پر نمودار ہوچکے ہیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ سیمویل ٹورنٹو فیشن ویک، پیرس فیشن ویک اور لندن کڈز فیشن ویک جیسے بڑے ایونٹس میں بھی ماڈلنگ کرچکے ہیں۔

  • بندر کو ڈوبنے سے بچانے کی ویڈیو وائرل

    بندر کو ڈوبنے سے بچانے کی ویڈیو وائرل

    ریوڈی جینیرو: برازیل کے ماہی گیروں نے تھکاوٹ کے باعث پانی میں ڈوبنے والے بندر کو ریسکیو کرلیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہی گیروں کی جانب سے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی ہے۔

    ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ برازیل کے ماہی گیروں کا ایک گروہ شکار کی غرض سے ریو گرانڈے ڈو سول کے دریائے ٹریس وینڈس میں موجود ہیں کہ اچانک انہیں پانی میں ایک بندر نظر آیا جو کہ تھکاوٹ کے باعث ڈوب رہا تھا۔

     

    ماہی گیروں کی نظر جیسے ہی پانی میں ڈوبنے والے بندر پر پڑی، انہوں نے بلا تاخیر اپنی کشتی اس جانب روانہ کی اور چپو کی مدد سے اسے ریسکیو کیا، بعد ازاں ایک شاخ پر بیٹھنے کا سہارا فراہم کیا، پانی سے نکالنے پر بندر نے ماہی گیروں کو تشکرانہ انداز میں دیکھا اور فوری طور پر جنگل میں غائب ہوگیا، یہ سارا منظر ایک ماہی گیر نے اپنے موبائل فون میں محفوظ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: 23  کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کبوتر

    ماہی گیروں نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ یہ بندر کی معدوم ہوتی نسل سے تعلق رکھتا ہے، جسے بگویو کے نام سے پکارا جاتا ہے، یہ چھوٹی نسل کے بندر ہوتے ہیں۔

  • دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    واشنگٹن / نئی دہلی / برازیلیا: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 68 لاکھ 60 ہزار 592 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12 لاکھ 5 ہزار 838 ہوگئی۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ 81 ہزار 408 ہے، ان میں سے 85 ہزار 348 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 3 کروڑ 37 لاکھ 73 ہزار 346 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 97 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 3 فیصد ہے۔

    اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    کرونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا بدستور دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔

    امریکا میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 94 لاکھ 75 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 31 لاکھ 34 ہزار 870 ہو چکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 501 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 61 لاکھ 4 ہزار 417 ہوچکی ہے، 31 لاکھ سے زائد فعال کیسز میں سے زیر علاج 17 ہزار 205 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    بھارت کرونا وائرس کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 82 لاکھ 29 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 5 لاکھ 61 ہزار 882 ہوچکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 22 ہزار 642 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 75 لاکھ 44 ہزار 798 ہوچکی ہے۔

    برازیل میں بھی کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔

    برازیل میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 55 لاکھ سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 659 ہو چکی ہے۔

    ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 104 جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 49 لاکھ 80 ہزار 942 ہوچکی ہے۔

  • جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    برازیل میں ایک چور جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں ایسا پھنسا کہ پھر پولیس کو ہی اس کی مدد کرنی پڑی، چور دروازے میں سوراخ کر کے فرار کی کوشش میں وہیں پھنس گیا۔

    یہ انوکھا واقعہ برازیل کی ایک جیل میں پیش آیا جہاں ایک 18 سالہ چور نے دورازے میں سوراخ کر کے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    تاہم وہ سوراخ میں پھنس گیا اور اس کا آدھا دھڑ ایک طرف اور بقیہ آدھا دوسری طرف ہوا میں لٹک گیا۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے اس حالت میں دیکھا تو اس کی مدد کرنے کی کوشش کی، پہلے دروازے کو تیل لگایا گیا جبکہ اس کی ہوا میں لٹکتی ٹانگوں کے نیچے کرسی رکھی گئی۔

    بعد ازاں فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار پولیس اسٹیشن پہنچے اور دروازے کو ہائیڈرولک اوزار کی مدد سے توڑا جس کے بعد چور کو دروازے سے نجات ملی۔

    رہائی کے بعد چور کو ایک بار پھر اس کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔

    مذکورہ چور کو ایک دکان لوٹنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی جہاں اس نے ایک گھڑی اور 48 ڈالرز چرائے تھے۔ اس پر ایک گودام میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے کا بھی الزام ہے تاہم وہاں سے وہ کچھ نہیں چرا سکا۔