Tag: برانڈ

  • آپ کا برانڈ میں ہوں، جو چور ڈاکو نہیں: وزیر اعظم کا ترجمانوں سے خطاب

    آپ کا برانڈ میں ہوں، جو چور ڈاکو نہیں: وزیر اعظم کا ترجمانوں سے خطاب

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک کی معاشی اور اقتصادی صورت حال پر حکومتی ترجمانوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ آپ کا برانڈ وزیر اعظم ہے جو چور ڈاکو نہیں، اپوزیشن چور ڈاکو اور کرپٹ رہنماؤں کو تحفظ دیتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج پیر کو حکومتی ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ نے شرکا کو فنانس بل پر بریفنگ دی اور وزیر اعظم نے ترجمانوں کو فنانس بل سے متعلق ابہام دور کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ فنانس بل کو عوامی سطح پر مؤثر طریقے سے نہیں پیش کیا جا سکا۔

    وزیر اعظم نے اس موقع پر وزیر خزانہ سے کہا آپ کہتے ہیں اکانومی بہتر ہے، لیکن اپوزیشن اکانومی کے خلاف حکومت پر تنقید کرتی ہے، اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز اور حاوی نہ ہونے دیں، انھیں آئینہ دکھائیں اور عوام کو حقائق بتائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے مہنگائی اور معاشی صورت حال پر بریفنگ میں کہا نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، آئندہ مہینے مہنگائی مزید کم ہوگی، کیوں کہ عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں اکانومی کی صورت حال میں بہتری آنے پر اظہار اطمینان کیا، اور کہا معاشی صورت حال عوام کے سامنے رکھ کر اکانومی کے اعداد و شمار شیئر کیے جائیں، اکانومی ہمیں تباہ کن حال میں ملی تھی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے۔

    وزیر خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے 2 ارب روپے کے ٹیکسز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جس پر وزیر اعظم نے کہا ری فنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے، عوامی سطح پر بتایا جائے کہ ڈاکومنٹڈ اکانومی ملکی مفاد میں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا ایگریکلچر گروتھ، اور ملکی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، ملکی ذخائر 25 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے جس پر بات نہیں ہو رہی، اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔

  • امریکی مصنفہ کو موت کے بعد کیا پیشکش ہوئی؟

    امریکی مصنفہ کو موت کے بعد کیا پیشکش ہوئی؟

    ایک بین الاقوامی کپڑوں کا برانڈ ایک آنجہانی مصنفہ کو برانڈ ایمبسڈر بننے کی پیشکش کر کے سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی مصنفہ ارسلا کے لی گوئین 2 سال قبل وفات پا چکی ہیں، وہ افسانوی کہانیاں لکھنے میں خاص مقام رکھتی تھیں جبکہ ان کی متعدد کتابیں بھی شائع کی جاچکی ہیں۔

    ان کی موت کے بعد بھی ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فعال ہیں جو ان کی ٹیم کی جانب سے چلائے جارہے ہیں۔

    انہی متحرک اکاؤنٹس سے دھوکہ کھا کر کپڑوں کے ایک برانڈ نے انہیں خط لکھ دیا اور اپنا برانڈ ایمبسڈر بننے کی پیشکش کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارسلہ کے اکاؤنٹ سے یہ خط پوسٹ کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ہم اپنی نئی کلیکشن سے آپ کو چند ملبوسات دیں گے تاکہ آپ انہیں پہن کر اپنی تصویر بنائیں اور ہمارے برانڈ کی تشہیر کریں۔

    خط میں انہیں برانڈ ایمبسڈر بننے کی درخواست بھی کی گئی۔

    اکاؤنٹ چلانے والے نے یہ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے خط لکھنے والے کو کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ جیسا آپ چاہتی ہیں ویسا ہوسکتا ہے۔

    اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے برانڈ کا مذاق اڑانا شروع کردیا اور ان کی بے خبری پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔

  • زین ملک کی تخلیق، اردو الفاظ پر مشتمل ملبوسات

    زین ملک کی تخلیق، اردو الفاظ پر مشتمل ملبوسات

    لندن: پاپ بینڈ کے سابق رکن گلوکار زین ملک نے اپنے ملبوسات کا برانڈ لانچ کردیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ملبوسات پر اردو زبان میں الفاظ تحریر کیے گئے ہیں۔

    زین ملک پاکستانی نژاد برطانوی ہیں اور وہ اردو زبان میں بھی ایک گانا گا چکے ہیں۔ زین کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ قدم ڈانسر کانے ویسٹ اور جسٹن بیبر سے متاثر ہوکر اٹھایا ہے۔ یہ دونوں بھی اپنے فیشن برانڈز لانچ کر چکے ہیں۔

    زین کی کلیکشن میں پل اوورز، جیکٹس اور ٹی شرٹس شامل ہیں جن پر زین کا خاکہ بنایا گیا ہے۔

    ایک غیر ملکی میگزین سے بات کرتے ہوئے زین نے بتایا، ’میں نے وہی تخلیق کیا جو میں پہننا چاہتا ہوں۔ میں اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں ایک آرٹسٹ بھی ہوں‘۔

    برانڈ میں اردو زبان کے استعمال پر زین کہتے ہیں، ’میرے خاندان کا تعلق پاکستان سے ہے لہٰذا اردو زبان میرے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے‘۔

    زین کی تخلیق کردہ شرٹ پر اردو زبان مین ’زین‘ اور ذہن‘ کے الفاظ تحریر کیے گئے ہیں۔ ان کی تخلیق کردہ جیکٹ ان کی قریبی دوست جیجی حدید کو بھی پہنے دیکھا گیا۔