Tag: برآمد

  • کچرے کے ڈھیر سے شیر خوار بچہ برآمد

    کچرے کے ڈھیر سے شیر خوار بچہ برآمد

    بھارت کے شہر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کچرا کنڈی سے شیر خوار بچہ زندہ ملا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے پرانے شہر حیدر آباد میں پولیس کو ایک شیر خوار بچہ کچرا کنڈی سے بُری حالت میں ملا ہے، یہ افسوس ناک واقعہ چندرائن پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع غازی ملت کالونی میں پیش آیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مقامی افراد کی اطلاع پر انہوں نے شیر خوار بچے کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع کے قریب کی تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جا رہی ہے جلد ہی بچے کے والدین کی نشاندہی ہوجائے گی۔

  • 33 سالہ بھارتی اداکارہ کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

    33 سالہ بھارتی اداکارہ کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

    ملیالم فلموں اور ڈراموں کی بھارتی اداکارہ ارپنا نائر جمعہ کو ترواننت پورم میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 33 سالہ بھارتی اداکارہ ارپنا نائر کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی لاش آج ان کے گھر کے کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی جہاں وہ اپنے شوہر اور 2 بچوں کی ساتھ رہتی تھیں۔

    بھارتی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں واقعے کی اطلاع پرائیوٹ اسپتال کی جانب سے ملی جہاں اداکارہ کو منتقل کیا گیا تھا، واقعہ جمعرات کی شام ساڑھے 7 بجے پیش آیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے جس کی وجہ گھریلو جھگڑے ہوسکتے ہیں، پولیس اس کیس کی مزید تفتیش بھی کر رہی ہے۔

  • ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    نئی دہلی : بھارتی شہر ممبئی میں دوروز قبل گرنے والی قدیمی چار منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں دو روز  قبل زمین بوس ہونے  والی قدیمی چار  منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ منہدم ہونے والی عمارت ممبئی کے انتہائی گنجان آباد علاقے ڈونگری میں واقع ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ڈونگری میں ملبہ ہٹانے والی بھاری اور بڑی مشینوں کا پہنچنا ناممکن تھا ، اسی باعث ریسکیو ٹیموں کوبھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عمارت کے گرنے کی وجہ مون سون کی شدید بارشیں خیال کی گئیں۔

    دو دن سے جاری بارشوں کی ہلاکت خیزی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تازہ واقعے میں شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک عمارت گرنے کے بعد دو دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ نیپال سے بھارت میں داخل ہونے والے بارشوں کے سبب مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے، سب سے زیادہ نقصان آسام میں ہوا جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے۔

  • وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    میڈرڈ : وگ(مصنوعی بالوں) میں کوکین چھپانے والا اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا، جس کا تعلق جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات کے اسمگلر ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں لیکن سکیورٹی اہلکار بھی سمگلروں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کا بھانڈا پھوڑنے میں دیر نہیں لگاتے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اسپین کے شہر بارسلونا میں ایئرپورٹ حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریباً ایک پاؤنڈ کوکین اپنی وگ میں چھپا رکھی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کوا سمگلر پر اس لیے شک ہوا کیونکہ وہ بہت پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس کے سر پر لگی وگ کا سائز بھی غیر معمولی تھا۔سکیورٹی اہلکاروں نے اسمگلر سے تفتیش شروع کی اور اس کے سر پر ٹیپ سے چپکے ہوا ایک کوکین کا پیکٹ برآمد کر لیا جس کا وزن آدھا کلو گرام یا 1.1 پاؤنڈ تھا جس کی مارکیٹ میں قیمت 34 ہزار ڈالرز یا 30 ہزار یوروز ہے۔

    پولیس نے اسے آپریشن ’ٹوپی ‘یعنی آپریشن وگ کا نام دیا ہے، اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا،گرفتار ہونے والے 65 سالہ اسمگلر کا تعلق کولمبیا سے ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپین کے جنوبی امریکا اور خصوصاً کولمبیا کے ساتھ لسانی اور تاریخی روابط ہیں، اسپین کو یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔اسمگلر کوکین کی اسمگلنگ کے لیے آئے روز نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق حالیہ برسوں میں پولیس نے کھوکھلے انناناس میں سے کوکین برآمد کی، پھر سکیورٹی اہلکاروں کو ایک وہیل چیئر کے کشن میں چھپائی گئی کوکین ملی، ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر چڑھائے جانے والے پلاسٹر میں سے کوکین برآمد ہوئی اور تو اور پولیس نے برتنوں میں کوکین بھر کر لے جاتے ہوئے بھی اسمگلروں کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ یورپی یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین یورپی یونین میں کوکین استعمال کرنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر آتا ہے۔ اس فہرست میں برطانیہ کا پہلا نمبر ہے اور اس کے بعد ہالینڈ، ڈنمارک، فرانس اور آئر لینڈ آتے ہیں۔

  • برطانوی اسلحے کی برآمد میں پابندی ایران کےلیے فائدہ مند ہوگی

    برطانوی اسلحے کی برآمد میں پابندی ایران کےلیے فائدہ مند ہوگی

    ریاض : سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے برطانوی اسلحے کی برآمدات رکُنے پر کہا ہے کہ یمن میں ہتھیاروں کا استعمال سعودی عرب کا قانونی اختیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا ہے کہ برطانیہ کا سعودی عرب کو اسلحہ کی برآمدات روکنے سے صرف ایران کو فائدہ ہوگا،یمن میں ہتھیاروں کا استعمال سعودی عرب کا قانونی اختیار ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہاکہ برطانوی عدالت کے فیصلے کا لائسنسنگ کے طریقے سے کچھ لینا دینا نہیں، کچھ بھی غلط نہیں ہوا ہے۔

    انہوں نے کہاکہ سعودی اتحاد مغرب کا اتحادی ہے اور وہ حکمت عملی کے طور پر اہم ملک پر ایران اور اس کے پراکسیز کے قبضے کو روکنے کے لیے اپنی قانونی جنگ لڑ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کو دیکھا جائے تو ہتھیاروں کی فروخت روکنے سے فائدہ صرف ایران کو ہوگا۔

    خیال رہے کہ برطانوی عدالت نے کہا ہے کہ حکومت سعودی عرب کو ہتھیاروں کے فروخت کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپیل کورٹ نے اسلحہ مخالف مہم جس کا کہنا ہے کہ اسلحے کی فروخت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کا خطرہ پیدا ہوتا ہے، کے حق میں فیصلہ سنایا۔

    اسلحے کی تجارت کے خلاف مہم میں موقف اپنایا گیا کہ برطانوی بموں اور لڑاکا طیاروں سے یمن میں تشدد پروان چڑھ رہا ہے، جہاں سعودی اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف 2015 سے کارروائیاں کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے بعد برطانیہ، سعودی عرب کو اسلحہ فراہم کرنا والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اپیل کورٹ کے 3 ججز کے مطابق برطانوی حکومت کا فیصلہ کرنے کا عمل ایک طریقے سے غلط تھا، اس نے یہ بات جاننے کی کوشش ہی نہیں کی کہ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے یا نہیں۔

  • بغداد میں اجتماعی قبر سے 141 لاشیں برآمد

    بغداد میں اجتماعی قبر سے 141 لاشیں برآمد

    بغداد : عراقی حکام نے واضح کیا ہے کہ اجتماعی قبر سے برآمد ہونے والی سینکڑوں لاشوں کے ڈی این اے کے نمونے لے کر ان کا متعلقہ خاندانوں سے جمع کیے گئے ڈیٹا بینک کے ساتھ موازنہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کے دارلحکومت بغداد میں فارنزک کے ذریعے 141 لاشوں کی شناخت عمل میں لائی جا رہی ہے، یہ لاشیں شمالی عراق میں یزیدی اقلیت کے مرکزی گڑھ سنجار میں اجتماعی قبروں سے نکالی گئی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں عراقی عہدے دار زید الیوسف نے بتایا کہ ابتدا میں انسانی باقیات کا معائنہ کیا جائے گا اور اس کے بعد ڈی این اے کے نمونے لے کر ان کا متعلقہ خاندانوں سے جمع کیے گئے ڈیٹا بینک کے ساتھ موازنہ کیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سال 2014 میں داعش تنظیم نے نینوی صوبے کے علاقے سنجار میں یزیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    اس دوران ہزاروں افراد نے راہ فرار اختیار کی جب کہ ہزاروں لڑکیوں اور خواتین کو "سبایا” (جنگ میں قید ہو کر ملنے والی عورت) کے طور پر یرغمال بنا لیا گیا۔

    داعش کے ہاتھوں 6400 سے زیادہ یزیدیوں کو اغوا کیا گیا جن میں 3200 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان میں سے بعض کو بچا لیا گیا اور دیگر بہت سوں کو انجام نا معلوم ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ سنجار کے گاؤں کوجو میں مقامی آبادی کے سیکڑوں افراد داعش تنظیم کے ہاتھوں قتل کر دیے گئے جب کہ 700 سے زیادہ عورتوں اور بچوں کو اغوا کر لیا گیا۔

    زید الیوسف کے مطابق سنجار کے خاندانوں کے ڈی این اے کے 1280 کے قریب نمونے لیے گئے ہیں تاہم مشکل یہ ہے کہ بہت سے خاندان ایسے ہیں جن میں صرف ایک شخص باقی رہ گیا ہے اور باقی تمام لوگ لا پتہ ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق داعش تنظیم کے ہاتھوں اغوا ہونے والی یزیدی خواتین میں سے بہت سی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں مگر اب بھی ایسی ہزاروں خواتین کا انجام معلوم نہیں۔

  • لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    لاس اینجلس میں پولیس کی کارروائی، گھر سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد

    واشنگٹن : کیلی فورنیا پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار ہتھیار برآمد کرکے 57 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ایک نامعلوم ٹیلی فون کال پر لاس اینجلس شہر کے علاقے شمالی بیورلے گلین بلوارڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ پولیس اہلکار جب دیگر اداروں کے ہمراہ صبح چار بجے 5 بیڈ رومز پر مشتمل مکان میں داخل ہوئی تو اسے غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گھر کے کمروں میں ہر طرف بندوقیں بکھری پڑی تھیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ 30 سکیورٹی اہلکاروں نے مسلسل 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد مکان کے مختلف کمروں سے بندوقیں، پستول اور دیگر خود کار ہتھیار اکھٹے کر کے ان کی فہرست ترتیب دینے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود شخص جیراڈ سائنز کو کیلی فورنیا کے اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی اور ممنوعہ ساخت کی بندوقیں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید خود کار ہتھیار اور 50 بور کی مشین گنز شامل ہیں، کیلی فورنیا کے قوانین کے تحت مخصوص حالات کے علاوہ جدید خودکار ہتھیاروں اور 50 بور کی مشین گن کی تیاری، فروخت اور منتقلی پر پابندی ہے۔

    حکام کے مطابق جیراڈ سائنز نے یہ اسلحہ فروخت کرنے کے لیے گھر کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا، لاس اینجلس پولیس کے لیفٹیننٹ کرس ریمرائز نے موقع پر موجود رپورٹرز کو بتایا کہ اسلحے کا ذخیرہ ٹرک میں ڈال کر گھر سے منتقل کر دیا ہے جسے ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    لیفٹیننٹ کرس ریمرائز کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی شخص اسلحے کا اتنا بڑا ذخیرہ کس طرح اپنے گھر میں جمع کر سکتا ہے، پولیس نے اسلحہ برآمد کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔

    فیڈرل لا انفورسمنٹ آرگنائزیشن کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جیراڈ سائنز فیڈرل لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس فروخت کر رہا تھا۔ گرفتار ہونے والے جیراڈ سائنز کو 50 ہزار ڈالرز کے مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا۔

    لاس اینجلس میں جائیداد کا ریکارڈ رکھنے والے محکمے کے مطابق جس گھر سے اسلحہ برآمد ہوا وہ گھر بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی کی پارٹنر سنتھیا بیک کی ملکیت ہے، سنتھیا بیک کی گورڈن گیٹی سے تین بیٹیاں بھی ہیں۔

    سنتھیا بیک نے یہ گھر جنوری 2001 میں خریدا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان واقعات سے سنتھیا کا کوئی تعلق ہے یا نہیں، بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی اور سنتھیا بیک سنہ 1999 میں اس وقت خبروں میں آئے جب یہ راز افشا ہوا کہ گیٹی نے ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور دوںوں کو خفیہ رکھنے میں طویل عرصے تک کامیاب رہے۔

    ریکارڈ کے مطابق حالیہ برسوں میں سنتھیا بیک نے لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں کئی جائیدادیں خریدیں۔ انہوں نے چند جائیدادیں جیراڈ سائنز کے ساتھ مل کر بھی خریدیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا بیک اسی گھر میں ہی رہتی ہیں جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا یا نہیں۔ بیک کا موقف معلوم کرنے کے لیے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

  • ایران اپنی ضرورت کے مطابق تیل برآمد کرے گا، آیت اللہ خامنہ ای

    ایران اپنی ضرورت کے مطابق تیل برآمد کرے گا، آیت اللہ خامنہ ای

    تہران : امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل کے خریداروں پر پابندیوں کے اعلان کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کو جتنی ضرورت ہوگی وہ اتنا تیل برآمد کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ سیّد علی الحسینی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکہ کو ایرانی تیل کی خریداری پر پابندیاں لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ہمیں جتنی ضرورت ہوگی اور جتنا چاہیں گے اتنا تیل برآمد کر سکتے ہیں۔

    اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے کہا تھا کہ اب وہ ایسے کسی بھی ملک کو پابندیاں عائد کرنے سے استثنا نہیں دیں گے جو ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس وقت چین، انڈیا، جاپان، جنوبی کوریا اور ترکی ان ممالک میں شامل ہیں جو ایرانی تیل خریدتے ہیں۔

    امریکہ نے یہ الزام لگایا کہ ایران تیل کی آمدن کا بڑا حصہ مشرق وسطی اور خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے خرچ کرتا ہے، امریکہ نے گذشتہ برس نومبر میں ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایرانی تیل خریدنے والے ممالک کو آٹھ بار استثنیٰ دیا تھا اور اب دو مئی کو یہ ختم کیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں کی وجہ سے ایران کی سالانہ 50 ارب ڈالر کی آمدن ختم ہو جائے گی۔

    ماہرین کے مطابق ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں روزانہ 12 لاکھ بیرل تیل کی کمی ہوجائے گی تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کتنے ممالک امریکی اعلان کے باوجود ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھتے ہیں۔

  • فرینکفرٹ میں جنگ عظیم دوّم کا بم برآمد، سینکڑوں لوگ نقل مکانی پر مجبور

    فرینکفرٹ میں جنگ عظیم دوّم کا بم برآمد، سینکڑوں لوگ نقل مکانی پر مجبور

    برلن : جرمنی میں جنگ عظیم دوّم کے زمانے کا برآمد ہونے والا ڈھائی کلو وزنی امریکی بم سیکیورٹی اہلکاروں نے تلف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسری عالمی جنگ دوران امریکی کی جانب جرمنی پر برسائے جانے والے بم اب بھی ملک کے مختلف علاقوں سے وقتاً فوقتاً برآمد ہورہے ہیں جو جرمن عوام کے مسلسل خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی جرمنی کے شہر فرنکفرٹ کے دریائے مائن سے ڈھائی کلو وزنی بم برآمد ہوا ہے جسے امریکی فضائیہ نے دوسری عالمی جنگ کے دوران شہر پر گرایا تھا لیکن وہ پھٹ نہ سکا، بم ڈسپوزل اسکورڈ نے بغیر کسی نقصان کے تلف کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی ایئرفورس کی جانب سے گرایا گیا 250 کلو وزنی بم، بم ڈسپوزل اسکورڈ کے عملے نے اس وقت برآمد کیا تھا جب انہوں نے دوران تربیت دریا میں چھلانگ لگائی۔

    امریکی ساختہ بم ملنے پر بی دی ایس عملے نے وزارت داخلہ اور شہری حکومت کو مطلع کیا جس کے بعد دریا کنارے آباد شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرکے بم دریا کے اندر ہی تلف کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں بھی جرمنی میں امریکی ساختہ 1800 کلو وزنی بم برآمد ہوا تھا جسے تلف کرنے سے قبل 70 ہزار افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔

  • سوئیڈن کا چوری ہونے والا شاہی تاج برآمد، ملزم کو قید کی سزا

    سوئیڈن کا چوری ہونے والا شاہی تاج برآمد، ملزم کو قید کی سزا

    اسٹاک ہوم : سوئیڈن کے تاریخی گرجا گھر سے سترہویں صدی کے بادشاہ کے شاہی تاج اور شاہی گلوب چُرانے والے ملزمان گرفتار ہوگئے جبکہ عدالت نے ایک ملزم کو قید کی سزا سنا دی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئیڈش پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ چوروں کی شناخت کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ چوری کیا گیا تاج اور شاہی گلوب بھی کوڑے دان سے برآمد کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شاہی گلوب اور تاج تاریخی گرجا گھر اسٹرنگش کیتھڈرل سے کنگ کارل چہارم اور ان کی ملکہ کرسٹینا کے ہیں جس کی تاریخ 1611 کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عدالت نے جمعے کے روز شاہی تاج اور گلوب چوری کیس کی سماعت کرتے ہوئے 22 سالہ جوان کو شاہی زیورات چوری کرنے کا الزام ثابت ہونے پر ساڑھے 4 برس قید کی سزا سنا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 22 سالہ چور نے دوران ٹرائل شاہی زیورات چوری کرنے کا اعتراف کیا جن کی مالیات کم از کم 70 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بادشاہ کا تاج کچرے دان سے ٹوٹی ہوئی حالت میں برآمد ہوا جس میں جڑے ہوئے کچھ ہیرے بھی تاج سے علیحدہ ہوچکے تھے۔

    مزید پڑھیں : سوئیڈن کے تاریخی گرجا گھر سے شاہی تاج چور لے اڑے

    یاد رہے کہ تاج اور گلوب سونے کے ہیں جن میں قیمتی ہیرے جواہرات جڑے ہیں، شاہی نوادرات کو گزشتہ برس 31 جولائی کو تاریخی گرجا گھر اسٹرنگش کیتھڈرل سے چوری کیا گیا تھا۔

    ایک عینی شاہد کے مطابق چور سائیکل پر شاہی نوادرات لے کر فرار ہوئے بعدازاں انہوں نے موٹر سائیکل کا استعمال کیا اور آخر میں وہ ملارین جیل سے موٹر بوٹ میں فرار ہوتے دیکھے گئے تھے۔

    سوئیڈش پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ نوادرات قومی خزانے کا درجہ رکھتے ہیں لہٰذا ان کو فروخت کرنا آسان نہیں تھا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق کئی افراد نے چوروں کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا ہے جبکہ اس سلسلے میں عینی شاہدین سے مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔