Tag: براڈ بینڈ

  • پاکستان کے کن شہروں کے سیکڑوں دیہات اب فور جی سروسز سے منسلک ہوں گے؟

    پاکستان کے کن شہروں کے سیکڑوں دیہات اب فور جی سروسز سے منسلک ہوں گے؟

    اسلام آباد: پس ماندہ علاقوں کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کے لیے یونیورسل سروس فنڈز بورڈ نے 7 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ضرار خان نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 12 اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز و فائبر کیبل منصوبوں پر 7 ارب 49 کروڑ خرچ ہوں گے۔

    انھوں نے کہا براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے 5 اور 940 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 2 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، منصوبوں سے 347 گاؤں دیہات اور 113 ٹاؤنز و یونین کونسلوں کو ڈیجیٹل کنکٹیویٹی سے منسلک کیا جاسکے گا۔

    چیئرمین یو ایس ایف بورڈ کے مطابق 940 کلو میٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل سے 28 لاکھ لاکھ رہائشی مستفید ہو سکیں گے، براڈ بینڈ سروسز کے 5 منصوبوں سے 9 لاکھ 65 ہزار رہائشیوں کو ڈیجیٹل کنکٹیویٹی میسر آئے گی۔ انھوں نے کہا وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ کی ہدایت پر پس ماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسزکا عمل تیز کیا گیا۔

    ضرار خان کا کہنا ہے کہ یو ایس ایف منصوبوں سے اب تک 3 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد کو براڈ بینڈ سروسز فراہم کی جا چکی ہے، بڑی تعداد میں پس ماندہ علاقوں کے باصلاحیت نوجوان و خواتین فری لانسرز و اسٹارٹ اپس ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہو رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ یو ایس ایف پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اورآئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے پس ماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے لیے یو ایس ایف کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا، چیف ایگزیکزیکٹیو یو ایس ایف مدثر نوید نے بتایا کہ سانگھڑ میں 3 ارب 27 کروڑ روپے لاگت سے 415 کلو میٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جائے گی۔

    مدثر نوید کے مطابق جھنگ کی اطراف کی آبادی کے لیے 2 ارب 38 کروڑ روپے سے زائد مالیت سے 525 کلو میٹر طویل کیبل بچھائی جائے گی، اٹک، خوشاب، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، حافظ آباد، شیخوپورہ، چنیوٹ، بدین اور ایبٹ آباد اکے 347 پس ماندہ گاؤں دیہات فورجی سروسز سے منسلک ہوں گے۔

  • پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے

    پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے

    اسلام آباد: پاکستان میں برانڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے منظور کیے گئے ہیں، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے آپٹیکل فائبر اور براڈ بینڈ سروسز کے لیے 8 ارب روپے کے 7 منصوبوں کا اجرا کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ٹی وزارت نے آٹھ ارب کی خطیر رقم سے نئے اور بڑے منصوبوں کا آغاز کیا ہے، جن میں بلوچستان کو خصوصی ترجیح دے کر ساڑھے 3 ارب کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

    یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان منصوبوں کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر سید امین الحق نے اس حوالے سے بتایا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 52 ارب روپے سے شروع کردہ منصوبوں کی تعداد اب ریکارڈ طور پر 56 ہوگئی ہے۔

    امین الحق نے کہا حالات کچھ بھی رہے ہوں وزارت آئی ٹی اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، واضح رہے کہ ان کا اشارہ ملک میں موجودہ نہایت کشیدہ سیاسی صورت حال کی طرف تھا، بالخصوص ان کی حکمراں پارٹی کو اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ایک لٹکتی تلوار کا سامنا ہے۔

    انھوں نے کہا ریکارڈ منصوبوں کے اجرا پر یونیورسل سروس فنڈ اور تمام ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے، موجودہ حکومت میں شروع کیے گئے تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ موجودہ پیکج میں قلعہ سیف اللہ اور ژوب کے 111 دیہاتوں میں فور جی سروسز کی فراہمی کے لیے 3 ارب 57 کروڑ روپے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

    جھنگ، بھکر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 722 دیہاتوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لیے 2 ارب 25 کروڑ کا منصوبہ شامل ہے، ہری پور اور اسلام آباد کی 6 یونین کونسلوں میں 106 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے لیے 41 کروڑ کا منصوبہ ہے۔

    لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ کی 62 یونین کونسلوں میں 555 کلو میٹر آپٹیکل فائبر کے لیے ایک ارب 61 کروڑ کا منصوبہ شامل ہے، جب کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے کے 95 کلو میٹر حصے پر 37 کروڑ 53 لاکھ کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • وزارت آئی ٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر

    وزارت آئی ٹی کی جانب سے چاروں صوبوں کے رہائشیوں کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے براڈ بینڈ اور آپٹیکل فائبر کے 8 ارب روپے کے منصوبے منظور کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین بورڈ شعیب صدیقی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں آج اہم ترین فیصلے کیے گئے، یونیورسل سروس فنڈ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 9 اہم پراجیکٹس پیش کیے گیے۔

    ان منصوبوں کی تکمیل سے چاروں صوبوں کے مختلف اضلاع کے 75 لاکھ رہائشیوں کو سہولیات کی فراہمی ہوں گی، اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز پر 2 ارب 60 کروڑ، جب کہ آپٹیکل فائبر کے لیے 4 ارب 98 کروڑ خرچ ہوں گے۔

    منصوبوں سے 37 ہزار 730 مربع کلو میٹر کے علاقے مستفید ہوں گے اور ان کے تحت 16 سو 32 کلو میٹر فائبر بچھائی جائے گی، شمالی علاقہ جات اور اہم سیاحتی مقامات کے لیے خصوصی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اس سلسلے میں کہا کہ بابوسر ٹاپ، جھیل سیف الملوک، کمراٹ ویلی میں کنیکٹویٹی فراہم ہوگی، وزیر اعظم کے سیاحت کے فروغ اور ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کی جانب یہ اہم قدم ہوگا۔

    انھوں نے کہا نئے منصوبوں سے سیاحتی مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر موبائل رابطوں اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی ہوگی۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ یو ایس ایف کے تحت 31 ماہ میں 30 ارب کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ان کی دہلیز پر ڈیجیٹل سہولیات فراہم ہوں گی۔

  • براڈ بینڈ صارفین کی تعداد تین فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد ہوگئی، انوشہ رحمان

    براڈ بینڈ صارفین کی تعداد تین فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد ہوگئی، انوشہ رحمان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی کااعلان کرنے جا رہی ہے ڈیجیٹل پالیسی میں آئی ٹی کے شعبے کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

    اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے نیشنل انکوبیشن سینٹر کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوشہ رحمان کاکہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے جب ذمہ داریاں سنبھالی تو ملک میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد تین فیصد تھی جو اب 38 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔

    انھوں نے بتایا کہ حکومت نے 26 ارب روپے ملک میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کے فروغ کے لیے خرچ کیے، حکومت نے چاروں صوبوں میں انکوبیشن سینٹرز بنانے کا وعدہ پورا کیا، کراچی کے انکوبیشن سینٹر کا افتتاح کل جبکہ بلوچستان کے سینٹر کا افتتاح 30 مئی کو کیا جائے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پندرہ مئی کو ڈیجیٹل اسکل پروگرام کا بھی افتتاح کرنے جا رہی ہے جس کے تحت دس لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

    تقریب سے خطاب میں سی ای او جاز عامر ابراہیم کاکہنا تھا کہ انکوبیشن سینٹر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال ہیں اور یہ وہ پہلی کمپنی ہے جسے پہلے شراکت دار کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔

    انھوں نے بتایاکہ اس وقت ملک میں تین انکوبیشن سینٹر قائم ہیں جبکہ مستقبل میں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹیلی کام کی ترقی سےملک کےتمام حصوں کومستفید کرنا ہے‘ وزیراعظم

    ٹیلی کام کی ترقی سےملک کےتمام حصوں کومستفید کرنا ہے‘ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کے لیے براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے براڈ بینڈ منصوبوں کے معاہدے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی کام کی ترقی سے ملک کے تمام حصوں کومستفید کرنا ہے، معاہدوں کے لیے یو ایس ایف خدمات فراہم کررہا ہے۔

    شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ ٹیلی مواصلات کے شعبے نے ملک میں انقلاب برپا کردیا ہے، ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی براڈ بینڈ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں ہرممکن سہولت فراہم کررہی ہے، سرمایہ کاری کے مواقع بہت زیادہ ہیں۔

    خیال رہے کہ اس وقت ملک کے 5 ہزار دیہاتوں کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس نئے منصوبے سے خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور ڈی آئی خان کے علاقے مستفید ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔