اسکردو : براڈ پیک پر حادثے کا شکار پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ کی تدفین کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق براڈ پیک سے واپسی پر پتھر لگنے سے جاں بحق معروف کوہ پیما مراد سدپارہ کو آبائی گاؤں میں سپردخاک کردیا گیا، تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
پاکستانی کوہ پیما 10اگست کوبراڈ پیک پر لینڈ سلائیڈنگ سےزخمی ہوگئےتھے اور حادثے میں براڈ پیک پر ہی جان کہ بازی ہار گئے تھے۔
براڈ پیک سے جسد خاکی نیچے لانے کیلئے ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔
معروف کوہ پیما نے کے ٹو سمیت کئی چوٹیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرایا جبکہ چند روز پہلے معروف کوہ پیما نے 6 روز میں دو مرتبہ نانگا پربت سر کیا تھا۔
یاد رہے معروف ریکارڈ یافتہ کوہ پیما پرتگالی خاتون کوہ پیما کے ہمراہ گزشتہ ہفتے براڈ پیک کی مہم جوئی کیلئے روانہ ہوئے تھے، جہاں ہفتے کے روز براڈ پیک سر کرنے کے بعد گر کر لاپتہ ہو گئے تاہم ان کے ساتھ مہم پر جانے والی پرتگالی خاتون اور نیپالی کوہ پیما محفوظ رہے۔
جی ایم سد پارہ کا کہنا تھا کہ مراد سدپارہ براڈ پیک جیسے آسان پہاڑ پر خود حادثہ کا شکار ہو چکا ہے، 5ہزار 7 سو میٹر کی اونچائی پر بلندی سے آنے والا پتھر مراد کے سر پر لگا۔