Tag: براہ راست نشریات

  • براہِ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر کا بیٹا کیمرے کے سامنے آگیا

    براہِ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر کا بیٹا کیمرے کے سامنے آگیا

    واشنگٹن: امریکا میں خاتون اینکر خود خبروں کی زینت بن گئیں، براہِ راست نشریات کے دوران ان کا بیٹا اسٹوڈیو میں گھس کر کیمرے کے سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا ’این بی سی‘ کی خاتون اینکر ’کورٹنی کیوب‘ براہ راست نشریات کے دوران شام میں جاری حالیہ کشیدگی پر تبصرہ کررہی تھیں کہ اچانک ان کا چار سالہ بیٹا نیوز روم میں داخل ہوا اور کیمرے کے سامنے آکر اپنی والدہ کے کولر مائک کو چھونے کی کوشش کی۔

    براہ راست نشریات کے دوران بعض اوقات اس قسم کے دلچسپ اور انوکھے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، جس کے باعث خبررساں چینل، اینکر یا رپورٹر خود خبر بن جاتے ہیں۔

    ایسی ہی صورت حال کا سامنا امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم این بی سی کے نیوز روم میں خاتون اینکر کو کرنا پڑا، جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اب تک اسے 20 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔

    کورٹنی کیوب کا کہنا تھا کہ میں نے جب اپنے بیٹے کو اس طرح کیمرے کے سامنے دیکھا تو میں دنگ رہ گئی، اور ایک لمحے کے لیے مجھے محسوس ہوا کہ میرے دل کی دھڑکنیں رک گئی ہیں۔

    ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران تجزیہ کار سو گئے

    انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ اسٹوڈیو میں میرے بیٹے نے شور نہیں مچایا نہ ہی رویا، بصورت دیگر لائیو نشریات متاثر ہوسکتی تھی۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں امریکی ٹی وی چینل کے رپورٹر کی براہ راست نشریات کے دوران تھوک لگا کر بال سیٹ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

  • رپورٹر کی لائیو نشریات کے دوران تھوک لگا کر بال سیٹ کرنے کی ویڈیو وائرل

    رپورٹر کی لائیو نشریات کے دوران تھوک لگا کر بال سیٹ کرنے کی ویڈیو وائرل

    واشنگٹن: امریکی ٹی وی چینل کے رپورٹر کی براہ راست نشریات کے دوران تھوک لگا کر بال سیٹ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ٹی وی چینل کے رپورٹر میٹ بریڈلی کی براہ راست نشریات کے دوران تھوک لگا کر بال بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ تھوک لگا کر بال بنانے میں مصروف ہیں۔

    امریکی نیوز چینل ایم ایس این بی سی کے ساتھی اینکر علی ویلسائی نے نیوز سیگمنٹ میں داعش کے جنگجو سے متعلق شام کے حالات پر رپورٹر کی رائے لینا چاہی تو وہ تھوک لگا کر بال بنانے میں مصروف تھے۔

    رپورٹر میٹ بریڈلی نے تھوک ایک ہاتھ پر ڈالا اور پھر اسے دونوں ہاتھ میں لگا کر اپنے بال سنوارے۔

    ٹویٹر پر مذکورہ ویڈیو کو ری ٹویٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ ’لائیو نشریات کے دوران ایسا بھی ہوسکتا ہے۔‘

    رپورٹ کے مطابق 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی ویڈنگ پلانر‘ میں ہالی ووڈ اداکارہ جنیفر لوپز نے اسی طرح ہاتھوں میں تھوک لگا کر اپنے بال بنائے تھے۔

    مزید پڑھیں: امریکی ٹی وی چینل کے اینکر کا 10 برس سے ہاتھ نہ دھونے کا اعتراف

    ٹی وی رپورٹر نے یہ عمل ہالی ووڈ اداکارہ جنیفر لوپز سے متاثر ہوکر کیا ہے یا نہیں یہ واضح نہیں ہوسکا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کے اینکر نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے دس برس سے اپنے ہاتھ نہیں دھوئے ہیں، اینکر پرسن پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ کوئی جراثیم نہیں ہوتے، جراثیم حقیقی چیز نہیں ہے اور مجھے ہاتھ دھوئے ہوئے دس برس کا عرصہ بیت چکا ہے۔

  • براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران خاتون کا رقص

    براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران خاتون کا رقص

    ٹی وی کی براہ راست نشریات کے دوران کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ پیش آجاتا ہے جو ناظرین کو حیران و پریشان یا ہنسنے پر مجبور کردیتا ہے۔

    ایسا ہی ایک اور واقعہ امریکی شہر پنسلوینیا میں بھی پیش آیا جب براہ راست نشریات کے دوران کیمرے کے سامنے ایک خاتون نے رقص شروع کردیا۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برطانوی ٹی وی چینل 4 کے معروف صحافی گیری گبون براہ راست اپنا تجزیہ پیش کر رہے تھے۔

    وہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کے دورہ امریکا کے موقع پر وہاں موجود تھے اور اس بات سے عوام کو آگاہ کر رہے تھے کہ مستقبل قریب میں برطانیہ اور امریکا کے تعلقات کس نوعیت کے ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران خاتون غائب

    لیکن ان کے تجزیے کے درمیان ان کی پشت پر کھڑی ایک سیاہ فام خاتون نے رقص شروع کردیا جس کے بعد ناظرین کی ساری توجہ سنجیدہ تجزیے سے ہٹ کر اس خاتون کی طرف مبذول ہوگئی۔

    خاتون نے ایک پلے کارڈ بھی اٹھایا ہوا تھا جس پر ’بلیک کینڈی میٹرز‘ رقم تھا۔

    گیری گبون اپنے طویل صحافتی تجربے کے باعث اس بات میں تو کامیاب رہے کہ اپنی توجہ کو مرکوز رکھیں اور بھٹکنے نہ دیں، مگر وہ خود بھی جانتے تھے کہ خاتون کے مضحکہ خیز رقص کے بعد ان کا سنجیدہ تجزیہ کسی نے بھی نہیں سنا ہوگا۔