کراچی : پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہوگئے، ایف اے اے ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے امریکا کی براہ راست پروازوں کے لیے امریکن فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی(ایف اے اے)کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان رابطہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے پاکستان کے دورے کو حتمی شکل دیدی ہے،
ایف اے اے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے معاملے پر بھی بات ہوگی۔
واضح رہے کہ سال 2022میں پی آئی اے کے کراچی میں ایئرکریش کے بعد یورپی یونین کی جانب سے قدغن کے بعد ایف اے اے نے پاکستانی پروازوں کی کیٹگری سی اے ون سے سی اے ٹو کردی تھی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ پروازوں کی بحالی کے تناظر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دستاویزات تیارکرلی ہیں، پابندی کے خاتمے پر پی آئی اے کی امریکی شہروں نیویارک، شکاگو اور ہیوسٹن کیلیے پروازیں بحال ہوجائیں گی۔