Tag: برتن

  • 2 سالہ بچی نے برتن میں اپنی گردن پھنسا لی

    2 سالہ بچی نے برتن میں اپنی گردن پھنسا لی

    امریکا میں ایک دو سالہ بچی نے اپنی گردن کچن میں استعمال ہونے والے سانچے میں پھنسا لی جس کے بعد ماں کو 911 کو طلب کرنا پڑا۔

    امریکی ریاست پنسلوینیا کی رہائشی خاتون ایرین میکسل کا کہنا ہے کہ وہ گھر سے دفتر کا کام کر رہی تھیں، اور ان کی 2 سالہ بچی بھی اسی کمرے میں کھیل رہی تھی جب اچانک اس نے ماں کو آواز دی۔

    خاتون نے دیکھا کہ بچی نے کچن میں استعمال ہونے والا سانچے نما اینجل پین (برتن) اپنی گردن میں پھنسا لیا تھا۔

    ماں کا کہنا ہے کہ بچی اسے ہیٹ کی طرح پہن کر کھیل رہی تھی۔ انہوں نے برتن کو نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہیں جس پر انہوں نے قریبی فائر اسٹیشن فون کیا۔

    فائر اسٹیشن سے کوئی جواب موصول نہ ہونے پر خاتون نے مجبوراً 911 کال کی اور ہچکچاتے ہوئے کہا کہ کوئی ایمرجنسی صورتحال تو نہیں، تاہم اسے ان کی مدد کی ضرورت ہے۔

    خاتون کی زبانی ساری صورتحال جاننے کے بعد 911 کے عملے نے علاقے کے فائر اسٹیشن فون کیا جس کا عملہ کچھ دیر بعد خاتون کے گھر پہنچا۔

    اس دوران بچی کو کوئی تکلیف یا نقصان نہیں ہوا، وہ آرام سے کھا پی رہی تھی اور ٹی وی پر کارٹون دیکھ رہی تھی۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے برتن کاٹ کر بچی کو آزاد کیا جس پر ماں نے ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

  • پلاسٹک کے برتن میں کھانا کھانے کے خطرناک نقصانات

    پلاسٹک کے برتن میں کھانا کھانے کے خطرناک نقصانات

    کراچی: پلاسٹک کرہ ارض کے لیے خطرناک ترین شے ہے اور اس کے برتن انسانی جسم کے لیے سخت نقصان دہ ہیں، پلاسٹک کے برتنوں میں کھانا کھانے مطلب ہے کہ پلاسٹک کے ذرات کھانے میں شامل ہوجاتے ہیں جو ہمارے جسم میں پہنچ جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کنزیومر سولیڈیرٹی سسٹم کے صدر محسن بھٹی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور پلاسٹک کے برتنوں کی تباہ کاریوں میں بتایا۔

    محسن بھٹی کا کہنا تھا کہ اسپتال کا فضلہ جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، ری سائیکل کیا جاتا ہے اور یہ انتہائی خوفناک بات ہے۔ اسپتال میں استعمال ہونے والی ڈرپس، یورین بیگز، بلڈ بیگز اور دیگر سامان جسے جلا کر راکھ کردینا چاہیئے دوبارہ استعمال کے قابل بنائے جاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہی صورتحال فصلوں میں استعمال ہونے والی کیڑے مار ادویات کی بوتلوں کے ساتھ بھی ہے۔

    محسن بھٹی کے مطابق پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال نہایت خطرناک ہے کیونکہ ہمیں نہیں علم کہ وہ کس پلاسٹک سے بنایا گیا ہے۔ ان برتنوں کو چیک کرنے کے لیے نہ تو کوئی ادارہ ہے، نہ ہی ان کے بنانے کے لیے کوئی اسٹینڈرڈز مقرر کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے گھروں میں پلاسٹک کی بوتلوں، ڈبوں اور کنٹینرز کا استعمال عام بات ہے۔ ان برتنوں میں نہ صرف گرم کھانا ڈالا جاتا ہے بلکہ اسے مائیکرو ویو اوون میں بھی گرم کیا جاتا ہے۔

    گرم کرنے سے پلاسٹک کے اجزا کھانے میں شامل ہوجاتے ہیں جو ہمارے جسم میں چلے جاتے ہیں۔ یہ ایک قسم کی سلو پوائزننگ ہے جو کینسر سمیت دیگر بیماریوں کی شکل میں اپنا اثر دکھا سکتی ہے۔

    دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ہر بالغ شخص سالانہ پلاسٹک کے 50 ہزار ذرات نگل رہا ہے، پلاسٹک کرہ ارض کو کچرے کے ڈھیر میں بدلنے کے بعد اب ہمارے جسم تک راستہ بھی بنا چکا ہے۔

  • بچے اسکول میں برتن دھونے لگے

    بچے اسکول میں برتن دھونے لگے

    جے پور: بھارتی شہر جے پور کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں بچے پڑھنے کے بجائے برتن دھونے  لگے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جے پور کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے شعبہ تعلیم کے لیے بجٹ میں اضافے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، سرکاری اسکول میں طالب علموں سے برتن دھلوائے جانے لگے۔

    جے پور کے ایک سرکاری اسکول کی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جس میں بچے برتن دھوتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین سے پانچ طالب علم پانی کے نلکوں کے قریب اسٹیل کے بڑے برتن اور پلیٹیں دھو رہے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر رام چند کے مطابق حکومت اسکولوں کو فنڈز فراہم کرتی ہے لیکن اگر طالب علموں سے برتن دھلوائے جا رہے ہیں تو اس حوالے سے محکمہ تحقیقات کر کے اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گا۔

    اسکول وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 4 بچے جھلس کر ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ریاست پنجاب کے علاقے سنگرر میں اسکول وین اچانک آگ میں لپیٹ میں آگئی تھی، جس کے نتیجے میں چار بچے زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔ گاڑی میں 12 طالب علم سوار تھے۔

  • ایسی پلیٹ جو کھانے کے ساتھ کھائی جاسکتی ہے

    ایسی پلیٹ جو کھانے کے ساتھ کھائی جاسکتی ہے

    دنیا بھر میں پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے طرح طرح کے اقدامات کیے جارہے ہیں، حال ہی میں پلاسٹک کی پلیٹوں کی جگہ ایسی پلیٹیں پیش کی گئی ہیں جو کھائی بھی جاسکتی ہیں۔

    پولینڈ کی بائیو ٹرم نامی کمپنی ایسے برتن بنا رہی ہے جو ایسے اجزا سے بنائے جاتے ہیں جنہیں کھایا بھی جاسکتا ہے جبکہ پھینک دینے کی صورت میں یہ بہت جلد زمین میں تلف ہوجاتے ہیں۔

    جو اور گندم کی بھوسی سے بنائے جانے والے ان برتنوں کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔ انہیں روزمرہ زندگی میں تمام اقسام کے کھانے کھانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ گرم کرنے کے لیے مائیکرو ویو میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔

    چونکہ انہیں غذائی اشیا سے بنایا جاتا ہے لہٰذا انہیں کھایا بھی جاسکتا ہے جبکہ پھینک دینے کی صورت میں یہ 30 دن میں زمین کا حصہ بن جاتے ہیں۔

    پلاسٹک کے برتنوں کی طرح یہ کسی بھی قسم کی آلودگی اور کچرا پیدا نہیں کرتے۔

    ایک ٹن جو اور بھوسی سے 10 ہزار پلیٹیں اور پیالے تیار کیے جاسکتے ہیں، انہیں تیار کرنا بھی نہایت آسان ہے اور ایک پلیٹ کی تیاری میں صرف 2 منٹ کا وقت لگتا ہے۔

    کیا آپ ایسے ماحول دوست برتنوں میں کھانا چاہیں گے؟

  • خوبصورت برتن جو آپ کے کچن میں ضرور ہونے چاہئیں

    خوبصورت برتن جو آپ کے کچن میں ضرور ہونے چاہئیں

    کھانا کھاتے ہوئے کھانے کی میز پر اگر خوبصورت برتن سلیقے سے سجا دیے جائیں تو دعوت کی شان میں اضافہ ہوجاتا ہے، دنیا کے ماہر شیفس کھانے کے ذائقے کے ساتھ اس کے پیش کرنے کے انداز کو بھی نہایت اہمیت دیتے ہیں۔

    حال ہی میں اٹلی کی رہائشی دو دوستوں نے خوبصورت برتن بنانے کا آغاز کیا ہے جنہیں بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

    گریٹ جونز نام سے شروع کی جانے والی اس کمپنی میں فرائی پینز اور ہاٹ پاٹس بنائے جارہے ہیں۔ ڈچز نامی ہاٹ پاٹس مختلف رنگوں میں دستیاب ہیں جو دیکھنے میں نہایت دیدہ زیب معلوم ہوتے ہیں۔

    نفاست سے بنائے گئے یہ برتن نہ صرف کھانا پکانے کے عمل کو لطف انگیز بنا دیتے ہیں بلکہ میز پر سج کر کھانے کی رونق میں بھی اضافہ کردیتے ہیں۔

    ان برتنوں کی قیمت 45 ڈالر سے شروع ہوتی ہے جو پاکستانی لگ بھگ 6 ہزار 200 روپے بنتے ہیں۔ سب سے مہنگے خوبصورت پاٹس ہیں جن کی قیمت 145 ڈالر یعنی پاکستانی 20 ہزار روپے ہے۔

    کیا آپ ان برتنوں کو خریدنا چاہیں گے؟