Tag: برج خلیفہ

  • یوم آزادی پر برج خلیفہ بھی سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

    یوم آزادی پر برج خلیفہ بھی سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں رنگ گیا

    دبئی(14 اگست 2025): پاکستان کے 78ویں جشن آزادی میں موقع پر دنیا بلند ترین عمارت برج الخلیفہ بھی سبز ہلالی پرچم میں رنگ گئی۔

    متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں بھی یوم آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا اور برج خلیفہ پر سبز ہلالی پرچم جگمگاتا دیکھ کر پاکستانی بھی پرجوش نظر آئے۔

    اس موقع پرپاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد پاکستانی پرچم میں لپٹے برج خلیفہ دیکھنے پہنچی، قومی ترانے کی دھن کے ساتھ دنیا کی بلند ترین عمارت پر پاکستانی پرچم کا عکس لہراتا رہا۔

    برج خلیفہ کے اطراف موجود پاکستانیوں نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا، دوسری جانب برمنگھم میں لائبریری بھی سبز اور سفید روشنیوں کا منارہ بن گئی۔

    اس کے علاوہ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر دبئی میں ایمریٹس لِوز پاکستان کی تقریب سجائی گئی جس میں ساٹھ ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے، امارات کے وزیر رواداری اور باہمی ہم آہنگی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں شریک ہونا اعزاز کی بات ہے، اس دن کی اہمیت پر فخر محسوس کرتا ہوں، پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی تقریب میں شریک تھے۔

    تقریب میں پاکستانی ثقافت کی نمائش بھی کی گئی۔ روایتی موسیقی اور رقص کے ساتھ ساتھ پاکستانی دستکاری کے نمونے توجہ کا مرکز رہے۔

  • شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کا ٹریلر برج خلیفہ پر ریلیز

    شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کا ٹریلر برج خلیفہ پر ریلیز

    بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم’جوان‘ کےٹریلر کی اسکریننگ دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر بھی کی گئی۔

    برج خلیفہ پر فلم ’جوان‘ کے ٹریلر کو دیکھنے کے لیے شاہ رخ خان کے مداح بڑی تعداد میں جمع ہوئے، بھارتی اداکار نے خود بھی دبئی میں اپنی فلم کے ٹریلر کو لانچ کرنے کے لیے منعقد کی گئی شاندار تقریب میں شرکت کی۔

    شاہ رخ خان اس موقع پر سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ اور پینٹ کیساتھ لال رنگ کی جیکٹ پہنے نظر آئے، اُنہوں نے تقریب میں مداحوں سے بات کرتے ہوئے اپنی نئی فلم کے کچھ مشہور ڈائیلاگز بھی دہرائے۔

    فلم ’جوان‘ کے آرٹ ڈائریکٹر کا شاہ رخ خان سے متعلق بڑا انکشاف

    ’چاہیے تو عالیہ بھٹ‘ جوان کے ڈائیلاگ پر اداکارہ کا ردعمل

    ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے باپ سے بات کر‘ شاہ رخ کی فلم جوان کا آفیشل ٹریلر ریلیز

    گزشتہ روز بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی چھا گیا، ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’جوان‘ شاہ رخ خان کا رواں برس کا دوسرا بڑا پروجیکٹ ہے، اس سے قبل ’پٹھان‘ نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

    ’جوان‘ میں کنگ خان کے ساتھ نینتھارا اور وجے سیتھوپتی نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں جبکہ دیپیکا پڈوکون فلم میں مختصر کردار کرتی نظر آئیں گی، فلم اگلے ماہ 7 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

  • ویڈیو: فیفا ورلڈکپ میں سعودی عرب کی تاریخی جیت کے رنگ برج خلیفہ پر چھا گئے

    ویڈیو: فیفا ورلڈکپ میں سعودی عرب کی تاریخی جیت کے رنگ برج خلیفہ پر چھا گئے

    کامیابی ایسی کہ پڑوسی ملک بھی جشن منائے سعودی عرب کی بڑی جیت کے رنگ برج خلیفہ پرچھا گئے۔

    برج خلیفی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شئیر کی گئی ہے جس میں سعودی عرب کی تاریخی فتح کے بعد مبارکباد دینےکیلئے لائٹ پروجکشن سے سعودی پرچم عمار ٹاور پر لہرا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب کے میچ کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور اس دوران انہوں نے بردار اسلامی ملک کا پرچم اٹھا کر ٹیم کی سپورٹ کرتے رہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ایک مقابلے میں دو گولز سے ہرادیا تھا۔

    https://twitter.com/BurjKhalifa/status/1595109684025110528?s=20&t=Q3ggOqVrEHx4KiqpR5jqqw

     اس تاریخی فتح پر میچ کے بعد سعودی کھلاڑیوں کی میدان میں سجدہ ریز ہونے کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی میچ دیکھنے کی تصاویر اور بارگاہ الہٰی میں سجدہ شکر کی تصاویر نے میڈیا میں خوب جگہ سمیٹی تھی۔

  • دبئی میں برج خلیفہ کے قریب کثیر منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی ،تصاویر اور ویڈیوز وائرل

    دبئی میں برج خلیفہ کے قریب کثیر منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی ،تصاویر اور ویڈیوز وائرل

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں برج خلیفہ کے قریب پینتیس منزملہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کی کثیرالمنزلہ عمارت میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، شعلے اور دھوئیں کے کالے بادل عمارت سے اٹھتے دکھائی دیے۔

    برج الخلیفہ کے قریب پینتیس منزلہ عمارت کی بالائی منزل میں لگنے والی آگ کے شعلوں نے پوری عمارت کو لیپٹ میں لے لیا، سوشل میڈیا پر آگ لگنے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

    آگ لگتے ہی عمارت کو خالی کرالیا گیا تھا ، فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کیجدوجہد کے بعد خوفناک آگ پر قابو پایا۔

    آتشزدگی میں خوش قسمتی سے کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    دبئی پولیس اور سول ڈیفنس نے فوری طور پر آتشزدگی کی تصدیق نہیں کی جبکہ ’ایمار‘ نے فوری تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا تاہم سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

    خیال رہے حالیہ برسوں میں دبئی کی بلند عمارتوں میں لگنے والی آگ نے ملک میں استعمال ہونے والی کلیڈنگ اور دیگر مواد کی حفاظت کے بارے میں دوبارہ سوالات اُٹھا دیے ہیں۔

    2015 میں نئے سال کے موقع پر برج خلیفہ کے قریب دبئی کے سب سے اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں اور رہائش گاہوں میں سے ایک ایڈریس ڈاون ٹاؤن میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دبئی پولیس، عمارت بنانے والے ایمار ڈیولپرز اور سول ڈیفنس نے 8 بلیوارڈ واک نامی ٹاورز میں آگ لگنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب نہیں دیا تاہم سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے نمائندے جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔

    حالیہ برسوں میں فلک بوس عمارتوں سے جڑی دبئی کی اونچی عمارتوں میں لگنے والی آگ نے ملک میں استعمال ہونے والی کلیڈنگ اور دیگر مواد کے کار آمد ہونے کے بارے میں سوالات اُٹھادیئے ہیں

  • ثنا جاوید کی برج خلیفہ پر خوبصورت تصویر وائرل

    ثنا جاوید کی برج خلیفہ پر خوبصورت تصویر وائرل

    معروف اداکارہ ثنا جاوید کی دبئی میں برج خلیفہ پر لی گئی تصویر وائرل ہوگئی، مداحوں نے ان کی تصویر کو بے حد پسند کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ ثنا جاوید آج کل تعطیلات پر متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہیں۔

    ثنا نے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سے اپنی خوبصورت تصویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sana Javed (@sanajaved.official)

    ان کی تصویر کومداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ ثنا نے متعدد ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، وہ اکتوبر 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئی تھیں۔

  • ونڈر وومن برج خلیفہ پہنچ گئیں!

    ونڈر وومن برج خلیفہ پہنچ گئیں!

    دبئی: دنیا کی طویل ترین عمارت برج خلیفہ ونڈر وومن کے رنگوں سے سج گئی، برج خلیفہ پر ونڈر وومن کے ٹریلر کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔

    متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ ہالی ووڈ فلم ونڈر وومن کے رنگوں اور روشنیوں سے سج گئی، برج خلیفہ پر پہلے ونڈر وومن کی جھلملاتی تصاویر اور پھر اس کی آنے والی فلم کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔

    ونڈر وومن کا دوسرا حصہ یعنی ونڈر وومن 1984 دنیا بھر میں 17 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا تاہم امریکا میں اسے کرسمس کے روز 25 دسمبر کو تھیٹرز اور ایچ بی او میکس پر ریلیز کیا جائے گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Burj Khalifa (@burjkhalifa)

    ونڈر وومن 1984 کو رواں برس جون میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم کوویڈ 19 اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سینما گھر بند ہونے کے باعث اسے ریلیز نہ کیا جاسکا۔

    اس کی پہلی فلم ونڈر وومن سنہ 2017 میں سامنے آئی تھی جو جنگ عظیم اول کے زمانے کی تھی، فلم میں ڈیانا (ونڈر وومن) کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک ہوتا ہے جس کے بعد وہ دنیا کو بچانے والے افراد کی پہلی صف میں جا کھڑی ہوتی ہے اور اپنی صلاحیتوں سے سب کو دنگ کردیتی ہے۔

    اس فلم کا دوسرا حصہ اب سنہ 1984 کے زمانے کا ہے، جہاں دور تو نیا ہے تاہم ونڈر وومن پہلے سے بھی زیادہ مستعد اور حیران کن ہے اور بجلی کی سی تیزی سے اپنی راہ میں آنے والے دشمنوں کو پچھاڑ رہی ہے۔

    فلم میں ونڈر وومن کا مرکزی کردار گال گیڈٹ نے ادا کیا ہے جبکہ امریکی اداکار کرس پائن بھی فلم میں موجود ہیں۔

  • برج خلیفہ کے مفت دورے کا سنہری موقع

    برج خلیفہ کے مفت دورے کا سنہری موقع

    دبئی: دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ نے مفت دورے کا سہنری موقع فراہم کر دیا۔

    دبئی کے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت نے 10 سال مکمل ہونے کی خوشی میں شہریوں کو فری انٹری کی پیش کش کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی پوسٹ میں برج خلیفہ انتظامیہ نے لکھا کہ دنیا کہ بلند ترین عمارت کے مفت دورے اور چھت پر ظہرانے کے خواہشمندوں کو ایک سنہری موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

    https://twitter.com/BurjKhalifa/status/1211621843343478784

    خواہشمند افراد برج خلیفہ کی عمارت کے ساتھ ایک سیلفی بنائیں اور برج خلیفہ ٹرن 10 کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے شیئر اور دوستوں کو ٹیگ کریں۔

    برج خلیفہ انتظامیہ میں کہنا ہے کہ 10 لکی ونرز کو عمارت کے مفت دورے کے ساتھ ساتھ بلند ترین حصے میں لنچ کا موقع دیا جائے گا۔

  • دبئی، برج خلیفہ پر ایل ای ڈی شو کا انعقاد

    دبئی، برج خلیفہ پر ایل ای ڈی شو کا انعقاد

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر رواں ماہ ایل ای ڈی شو کا انعقاد کیا جائے گا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہری روزانہ 30 منٹ ویک اینڈ پر برج خلیفہ پر یہ خوبصورت منظر دیکھ سکیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق برج خلیفہ پر جمعرات، جمعہ اور ہفتے کے روز ایل ای ڈی شو 7:45 سے لے کر 10:45 منٹ تک ہوگا۔

    میموری لین کے آرٹسٹ انتھونی برلینڈ کا کہنا ہے کہ اس خوبصورت منظر سے 1980 اور 90 کی دہائی کی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہیں، اس کا مقصد شہریوں کو تفریح فراہم کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں: دبئی، بھارت کے لیے ایک اور ہزیمت، برج خلیفہ پر بھارتی پرچم آویزاں نہیں کیا گیا

    انتھونی برلینڈ کا کہنا ہے کہ ایل ای ڈی شو میں ریٹرو آرکیڈ مشین اور ونٹیج الیکٹرونکس کا استعمال کیا جائے گا۔

    ایک اور مصور ٹیلر نائٹ نے کہا کہ موسم سرما کی تفریح کے دن قریب آرہے ہیں اور دھوپ کے ساحل سے لے کر رسیلے تربوز اور موسی پھلوں تک کی وہ تمام یادیں دوبارہ تازہ ہوجائیں گی۔

    اس ایونٹ سے سب شاندار رنگوں اور رنگین موسیقی کے ساتھ اسکرین پر برج خلیفہ کی جگمگاتی روشنیاں جگمگائیں گی۔

  • دبئی، بھارت کے لیے ایک اور ہزیمت، برج خلیفہ پر بھارتی پرچم آویزاں نہیں کیا گیا

    دبئی، بھارت کے لیے ایک اور ہزیمت، برج خلیفہ پر بھارتی پرچم آویزاں نہیں کیا گیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں واقع دنیا کی سب سے بڑی عمارت برج خلیفہ پر 15 اگست کو بھارتی جھنڈا آویزاں نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھارت کے یوم آزادی پر برج خلیفہ بھارتی جھنڈا کے رنگ میں نہیں رنگا، یو اے ای میں تعینات بھارتی سفیر نے تمام معاملے کو تکنیکی خرابی قرار دے دیا۔

    بھارت کو جہاں اپنے یوم آزادی کے موقع پر یوم سیاہ کی مہم کی صورت میں شدید تنقید اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں اب بھارتی پرچم بھی برج خلیفہ پر آویزاں نہیں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پردوست ممالک کے یوم آزادی پر ان ممالک کے پرچم آویزاں کیے جاتے ہیں۔

    برج خلیفہ پر بھارتی پرچم آویزاں نہ کیے جانے کے معاملے پر بھارتی سفیر نے ردعمل دیتے ہوئے اسے تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

    یاد رہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے دن برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کیا گیا تھا۔

  • الجزائر کا 57 واں یوم آزادی، برج خلیفہ سبز و سفید ہلالی پرچم سے مزین

    الجزائر کا 57 واں یوم آزادی، برج خلیفہ سبز و سفید ہلالی پرچم سے مزین

    دبئی/الجزائر : افریقی ملک الجزائر کے 57 ویں یوم آزادی کے موقع پر اماراتی حکام نے دنیا کی شہرہ آفاق سیاحتی و تجارتی عمارت برج خلیفہ کو الجزائر کے سفید و سبز ہلالی پرچم سے سجا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات سربراہوں کی جانب سے الجزائری قوم کو یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد پیش کی گئی ساتھ ساتھ اماراتی قیادت نے الجزائر کی ترکی و خوشحالی اور استحکام و سالمیت کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ الجزائر و خلیجی ممالک کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں باالخصوص متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوستانہ و برادرانہ تعلقات ہیں اور الجزائر کے یوم آزادی کے موقع پر دنیا کی بلند ترین عمارت کو سبز و سفید ہلالی پرچم سے مزین کرنا دونوں ممالک کے درمیان قائم برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برج خلیفہ کے ساتھ ساتھ دبئی کے دیگر علاقوں میں بھی الجزائری شہریوں نے تقریبات کا اہتمام کیا۔

    واضح رہے کہ الجزائری قوم نے 57 برس قبل ہی فرانس سے آزادی حاصل کی ہے، فرانسیسی حکومت 132 سال سے الجزائر پر قابض تھی ، مسلسل جدو جہد آزادی و قربانیوں کے باعث 5 جولائی 1962 میں فرانس نے الجزائر کو غلامی سے آزاد کیا۔

    یاد رہے کہ الجزائرمیں طویل عرصے سے اقتدار قابض صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ نے کچھ عرصہ قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر ملک کی بھاگ ڈور نگراں حکومت کے حوالے کی ہے۔

    امریکا کا یوم آزادی

    یاد رہے کہ دو روز قبل امریکا کا 243 واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا تھا اور متحدہ عرب امارات نے امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر اہم اتحادی دوست ملک ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے برج خلیفہ کو سفید ، آسمانی و سرخ رنگ سے مزین کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ آج ہی کے دن امریکا کی عوام نے 4 جولائی سنہ 1776 میں برطانوی استکبار سے آزادی حاصل کی تھی۔ اسی لیے 4 جولائی کو ملک بھر میں یوم تعطیل ہوتی ہے۔