Tag: برش

  • ایسکیلیٹرز کی سائیڈ پر برش کیوں ہوتے ہیں؟

    ایسکیلیٹرز کی سائیڈ پر برش کیوں ہوتے ہیں؟

    کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ایسکیلیٹر (برقی) سیڑھیوں پر دائیں اور بائیں نچلے حصے میں جوتے صاف کرنے والے برش کے ریشے کیوں ہوتے ہیں؟

    عام خیال کے برعکس یہ برش یا ریشے جوتوں کی صفائی کے لیے نہیں ہیں۔

    ان ریشوں کو ایسکیلیٹر برشز کہا جاتا ہے جبکہ کچھ کو اسکرٹ ڈیفلیکٹرز بھی کہتے ہیں، یہاں اسکرٹ سے مراد وہ غلاف ہے جو سیڑھیوں اور کناروں کے درمیان ہوتا ہے۔

    یہ برشز بنیادی طور پر ان سیڑھیوں پر سفر کرنے والوں کے تحفظ کے لیے ہوتے ہیں کیونکہ یہ خلا کے درمیان سرحد کا کام کرتے ہیں۔

    یہ سیڑھیوں اور سائیڈز کے درمیان موجود خلا میں کوئی چیز جیسے بیگز، کپڑے یا جوتے پھنس جائے تو موٹر کے درمیان جا کر ایسکیلیٹر کو کام کرنے سے روک سکتے ہیں۔

    دراصل ایسکیلیٹر اتنے طاقتور ہوتی ہیں کہ وہ انسانی جسمانی اعضا کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، یہاں پر اکثر حادثات ہاتھ یا پیر اس خلا میں پھنسنے کے نتیجے میں ہوتے ہیں تو یہ برشز لوگوں کو یاد دلاتے ہیں کہ وہ سائیڈ سے ذرا ہٹ کر کھڑے ہوں۔

  • دانتوں کو برش نہ کرنے سے جان لیوا کینسر کا خطرہ

    دانتوں کو برش نہ کرنے سے جان لیوا کینسر کا خطرہ

    کیا آپ باقاعدگی سے اپنے دانتوں کو برش کرتے ہیں؟ یا پھر آپ کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو سستی کے باعث کبھی کبھار اس ضروری کام سے غفلت برتتے ہیں؟ اگر ہاں تو پھر آپ کے لیے ایک بری خبر ہے۔

    حال ہی میں ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ دانتوں کی خراب صحت جگر کے جان لیوا کینسر کا خطرہ 75 فیصد بڑھا دیتی ہے۔

    آئر لینڈ کی کوئنز یونیورسٹی بیلفاسٹ میں کی جانے والی اس تحقیق کے لیے لگ بھگ 5 لاکھ افراد کی دانتوں کی صحت کا جائزہ لیا گیا، ماہرین نے دانتوں کی خراب صحت کا تعلق نظام ہضم میں شامل بعض اعضا کے کینسر سے پایا۔

    ان اعضا میں جگر، بڑی آنت اور لبلبہ شامل تھا۔ تحقیق میں کہا گیا کہ ممکن ہے کہ دانتوں کی صفائی نہ رکھنے کے باعث وہاں پلنے والے جراثیم اس کینسر کا سبب بنتے ہوں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ غیر صحت مند دانت کینسر کی واحد وجہ نہیں، تاہم ان کا کینسر سے گہرا تعلق ہے۔

    ماہرین نے یہ بھی دیکھا کہ کم سبزیاں، پھل اور زیادہ جنک فوڈ اور غیر صحت مند اشیا کھانے والے افراد کی دانتوں کی صحت بھی ابتر تھی۔

    ماہرین دندان تجویز کرتے ہیں کہ دن میں 2 بار دانتوں پر برش کرنے (عموماً صبح سو کر اٹھنے کے بعد اور رات سونے سے قبل)، باقاعدگی سے ماؤتھ واش استعمال کرنے اور فلاس کرنے سے دانت اور مسوڑھے صاف اور صحت مند رہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: دانتوں کی ساخت سے شخصیت کا اندازہ لگائیں