Tag: برطانوی ڈاکٹروں کی ہڑتال

  • برطانیہ میں ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    برطانیہ میں ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ کیا ہوگا؟

    برطانوی حکومت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرنے کے لیے ان کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار ملازمین اس سے مستفید ہوں گے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام نے بتایا ہے کہ خودمختار جائزہ باڈی (ڈی ڈی آر بی) کی سفارشات کو قبول کرتے ہوئے حکومت نے ڈاکٹروں اور ڈینٹسٹ کے معاوضے میں اضافے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

    اس ماہ سے نیشنل ہیلتھ سروس کے ڈیڑھ لاکھ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا جس کا مقصد نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے ڈاکٹروں کی ہڑتال کو ختم کرانا ہے۔

    برطانوی حکومت کے مطابق ایسے ڈاکٹرز جو تربیت کے پہلے سال میں ہیں ان کے لیے 10.3 فیصد، جونیئر ڈاکٹرز کے لیے 8.8 فیصد اور میڈیکل کنسلٹنٹس کے لیے تنخواہوں میں 6 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

    حکومت نے کہا کہ مہنگائی کے باعث اجرت میں اضافہ کرنے کی ضرورت تھی اور ہم نے نمایاں اضافہ کیا ہے جب کہ ملازمین اوور ٹائم اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقیوں سے بھی مستفید ہوں گے۔

    برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن نے جولائی میں حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں چھ فیصد اضافے کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 14 سالوں میں مہنگائی کے باعث کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی حقیقی تنخواہ میں 35 فیصد کمی آئی ہے۔