لاہور : برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا پاکستان اور برطانیہ مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف نے کہا پاکستان، برطانیہ مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، اوورسیز دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
ن لیگی قائد کا مزید کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں فروغ وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا اجتماعیت کے حامل انتخابات پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم ہیں۔
دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے بھی ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں ہائی کمشنر نے پیپلزپارٹی جی ڈی اے اور ایم کیو ایم پی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقاتوں میں انہوں نے برطانیہ پاکستان تعلقات، معیشت اور بروقت، جامع اور پرامن انتخابات کی اہمیت سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جین میریٹ آئی پی پی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی اور آنے والے ہفتوں میں دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں جاری رکھیں گی۔