Tag: برطانوی ہائی کمشنر

  • برطانوی ہائی کمشنر کی پی ایس ایل میں  کامیابی پر کراچی کنگز کو مبارکباد

    برطانوی ہائی کمشنر کی پی ایس ایل میں کامیابی پر کراچی کنگز کو مبارکباد

    اسلام آباد : برطانوی ہائی کمشنرکی پی ایس ایل میں کامیابی پر کراچی کنگزکومبارکباد دی اور کہا پی ایس ایل میں شاندارکرکٹ کھیلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل میں کامیابی پر کراچی کنگز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کراچی کنگز کو لاہور قلندرز سے جیت پر مبارکباد دیتا ہوں، پی ایس ایل میں شاندارکرکٹ کھیلی گئی، پی ایس ایل میں 15 انگلینڈ کے کرکٹرز نے بھی حصہ لیا۔

    یادرہے پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، بابر اعظم کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جبکہ بابر اعظم پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

    بعد ازاں صدر مملکت، گورنرز، وزرا، وزرائے اعلیٰ، سمیت فنکاروں اور دیگر اہم شخصیات نے پی ایس ایل سیزن فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارک باد پیش کی تھی۔

  • بچوں کے مدرسے پر بزدلانہ حملہ بے حسی ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    بچوں کے مدرسے پر بزدلانہ حملہ بے حسی ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پشاور دھماکے کی مذمت کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے پشاور کی ایک مسجد میں بم دھماکے پر رد عمل میں کہا ہے کہ بچوں کے مدرسے پر بزدلانہ حملہ بے حسی ہے۔

    کرسچن ٹرنر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دیے گئے پیغام میں بچوں پر بم حملے کو بزدلانہ قرار دیا، انھوں نے اپنے پیغام میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا ذکر کیا اور متاثرین سے تعزیت بھی کی۔

    انھوں نے کہا پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف عزم مستحکم رہے گا، میں حملے میں متاثر ہونے والوں سے تعزیت کرتا ہوں۔

    پشاور: مدرسہ میں دھماکا ،7 بچے شہید ، 96 زخمی

    واضح رہے کہ آج صبح خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں 7 بچے شہید اور 96 زخمی ہوئے، پولیس کا کہنا تھا کہ مدرسے میں آئی ای ڈی دھماکا ہوا، دھماکے کے زخمیوں میں زیادہ ترتعداد بچوں کی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق دھماکے کے وقت بچے تعلیم حاصل کرنے میں مصروف تھے، اور معلم نے مائیک پر درس قرآن کا آغاز کیا ہی تھا کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا، اور ہر طرف ہول ناک آگ لگ گئی اور زخمیوں کی چیخ و پکار سے در و دیوار ہل گئے۔

  • بلاول بھٹو اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    بلاول بھٹو اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں کرونا وائرس سے متعلق صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر بلاول بھڑو زرداری نے کہا کہ کرونا کے باعث سندھ حکومت نے فوری تعلیمی اداروں کو بند کیا،وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فوری لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔بلاول بھٹو اور برطانوی ہائی کمشنر میں موجودہ حالات میں رابطے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    برطانیہ کا پاکستان کے لیے امداد کا اعلان

    اس سے قبل برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان کو کرونا سے نمٹنے کے لیے 26 لاکھ 70 ہزار پاؤنڈ امداد دیں گے۔

    برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ دوست ہی مشکل وقت میں کام آتا ہے،ہمیں اپنے رویوں اور برتاؤ میں تبدیلی لانا ہوگی۔کرسچن ٹرنر نے اپنے پیغام میں مزید کہا تھا کہ دنیا بھر میں عوام کروناکی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں،پاکستان کرونا کے نقصانات سے باہر آنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • پاکستان میں 1 لاکھ برطانوی وطن واپسی کے منتظر

    پاکستان میں 1 لاکھ برطانوی وطن واپسی کے منتظر

    اسلام آباد: پاکستان میں 1 لاکھ برطانوی موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یہ برطانوی وطن واپسی کے منتظر ہیں، ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ واپسی کے لیے کرائے ادا کرنے پڑیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں کہا کہ دنیا بھر سے برطانوی شہریوں کو واپس لانے والی پروازیں مفت نہیں ہیں، مسافروں کو کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔

    برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تقریباً ایک لاکھ برطانوی شہری موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ پہلی ترجیح ان لوگوں کی واپسی ہے جو معمر ہیں یا جن کو ممکنہ طور پر بیمار ہونے کا خدشہ لاحق ہے۔

    ہائی کمشنر نے ویڈیو لنک پر برطانیہ میں موجود پاکستانی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور 5 دن کے اندر 4 ہزار برطانوی شہریوں کو واپس لے کر جائیں گے۔ کرسچن ٹرنر نے حکومت پاکستان اور پی آئی اے حکام کا شکریہ بھی ادا کیا، انھوں نے کہا کہ پی آئی اے کے کرائے دیگر ایئر لائنز کے مقابلے میں مناسب ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ لوگوں کے اندر ایک غلط فہمی موجود تھی کہ برطانوی حکومت لوگوں کو چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے مفت واپس لے جا رہی ہے، تاہم یہ درست نہیں، چارٹرڈ طیاروں کے مسافروں کو بھی کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے سوال پر انھوں نے بتایا کہ جن مسافروں کے اندر کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے حکومت پاکستان ان کی مکمل ذمہ داری لیتے ہوئے انھیں آئسولیشن میں رکھ رہی ہے اس لیے ان کا بیماری کے دوران واپس برطانیہ جانا ممکن نہیں ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دوران سفر مسافروں کے حفظان صحت کا خیال رکھنا پی آئی اے کی ذمہ داری ہے۔ کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا جو لوگ برطانوی شہری نہیں مگر ان کے پاس برطانیہ کا ویزا موجود ہے ان کے بھی وبا کے دنوں میں برطانیہ جانے پر کوئی پابندی نہیں۔

  • پاکستان آیا تو پتا چلا کہ حقیقت کچھ اور ہے: برطانوی ہائی کمشنر کا اعتراف

    پاکستان آیا تو پتا چلا کہ حقیقت کچھ اور ہے: برطانوی ہائی کمشنر کا اعتراف

    لاہور: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے کہا ہے کہ پاکستان آیا تو پتا چلا کہ یہاں کے بارے میں جو تاثر پھیلا ہوا ہے وہ حقیقت کے برعکس ہے، پاکستان میں اپنا وقت بہت انجوائے کر رہا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان کے حالات پر ٹریول ایڈوائزری میں نظر ثانی کی تجویز دی تھی، 2015 کے بعد پہلی بار پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کی، حالات کا جائزہ لے کر برطانیہ نے نئی ٹریول ایڈائزری جاری کی۔

    انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض ملکوں کے لیے انتہائی سخت ایڈوائزری جاری کی جاتی ہے، سیکورٹی کا مسئلہ دنیا کے کسی بھی شہر میں ہو سکتا ہے، لندن برج سے برطانیہ میں کئی بڑے حملے ہوئے، 2014 کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف زبردست کام ہوا، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا، برطانوی شہری پاکستان کی حسین وادیوں کی سیر کر سکتے ہیں۔

    پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پروگرام میں اپنی خراب اردو آزما رہے ہیں، پاکستانی کھانے بہت مزے دار ہیں، آپ مجھے دال، ساگ کچھ بھی کھلائیں بہت پسند ہے، دو بار لاہور اور کراچی آیا، ابھی اسلام آباد میں ہوں۔ انھوں نے کہا کہ جمیا نئیں لاہور کی بات سے برطانوی کہاوت یاد آتی ہے، کہاوت ہے جو لندن میں تھک گیا وہ زندگی سے تھک گیا، لاہور اور لندن سے سمجھیں میں دو بار پیدا ہوا ہوں۔ کرسچین ٹرنر نے بتایا کہ انھیں لاہور میں بے تحاشا کھانے کھلائے گئے، انھوں نے اتنے کھانے کھائے کہ اس کے بعد ڈائٹنگ کرنا پڑی۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے کرکٹ کے حوالے سے کہا کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہماری ذات کا حصہ ہے، کرکٹ انوکھے طریقے سے دو ملکوں کو ملاتی ہے، ٹاپ انگلش کھلاڑی پی ایس ایل کے لیے پاکستان آ رہے ہیں، ایم سی سی پریذیڈنٹ الیون آیندہ ماہ پاکستان آ رہی ہے، ایم سی سی پاکستان میں کھیلے گی تو انگلش ٹیم کی راہ ہم وار ہوگی، ٹیم کو پاکستان میں کھیلتا دیکھ کر خوشی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ میں 3 میچوں کی سیریز کھیلے گا، کس ٹیم کو سپورٹ کروں قانون کیا کہتا ہے، اس بارے میں الجھا ہوا ہوں۔

    کرسچین ٹرنر نے دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا پاکستان اور برطانوی لوگوں کے تعلقات پرانے اور گہرے ہیں، برطانیہ کے 15 لاکھ شہری پاکستانی نژاد ہیں، برطانیہ میں اس وقت بریگزٹ کا ایشو ہے، جس کے بارے میں جمعے کو فیصلہ ہوگا، بریگزٹ کے بعد برطانیہ کو دو طرفہ تجارتی معاہدوں کی ضرورت ہے، پاکستان اور برطانیہ میں تحویل مجرمان کا معاہدہ جلد ہونے کی امید ہے، برطانوی عدالتوں کو مطلوب 2 مجرم پاکستان بدر کیے جا چکے ہیں، ایک ملزم خاتون پولیس اہل کار کے قتل میں ملوث تھا، دوسرا کیس پیچیدہ ہے، تاہم برطانوی ہائی کمیشن اور پاکستانی اداروں نے اچھا کام کیا۔

  • انگلش کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے پر غور کیا جائے، اعجاز شاہ

    انگلش کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے پر غور کیا جائے، اعجاز شاہ

    اسلام آباد: وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ انگلش کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے پر غور کیا جائے، انگلش ٹیم پاکستان آنے پر مکمل تعاون کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ کے لیے پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کی بہتری اہمیت کی حامل ہے، کرکٹ سے وابستگی دونوں ملکوں کو قریب لاتی ہے، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے۔

    وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ انگلش کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے پر غور کیا جائے، انگلش ٹیم پاکستان آنے پر مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پاکستانی لوگوں کے دلوں کے بے حد قریب ہے

    ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے کہا کہ انگلشن کرکٹ ٹیم کو پاکستان لاسکا تو میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی، اس سلسلے میں ضروری اقدامات کو فوراً زیر غور لاؤں گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہورمیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کے دوران افغان امن، امریکا، ایران صورت حال اور بریگزٹ پر بھی بات چیت کی تھی۔ گورنر پنجاب نے برطانوی ہائی کمشنر کو مقبوضہ کشمیرسے متعلق پاکستانی تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔

  • برطانوی ہائی کمشنر کی عثمان بزدار کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت

    برطانوی ہائی کمشنر کی عثمان بزدار کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت

    لاہور : برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے شاہی جوڑے کی شاندارمہمان نوازی پروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹرکرسچین ٹرنر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹرکرسچین کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعلقات کےفروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیم،صحت،سیاحت،صنعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ، کرسچین ٹرنر نے شاہی جوڑے کی شاندار مہمان نوازی پر عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پاکستان اوربرطانیہ ترقی اور خوشحالی کے سفرمیں اہم پارٹنر ہیں، سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کی قدر کرتے ہیں، پنجاب میں 10اسپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے اسپیشل اکنامک زونز میں برطانوی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے اور سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار کے حوالے سے آسانیاں پیدا کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کا بہت پوٹینشل موجود ہے، صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے، شعبہ صحت میں نئی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کیلئے بجٹ میں 35 فیصد فنڈز رکھے گئے ، پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر ٹیک آف کر چکا ہے۔

    اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹرکرسچین ٹرنر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا پہلی بار لاہور آیا ہوں، بلاشبہ لاہور ایک بہترین شہرہے، خواہش ہےانگلینڈکی کرکٹ ٹیم جلدپاکستان کادورہ کرے۔

    ڈاکٹرکرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اوربرطانیہ کےدرمیان بہترین تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا بہت پوٹینشل ہے، پاکستان کیساتھ معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونزکاقیام زبردست منصوبہ ہے، اسپیشل اکنامک زونز میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لیں گے اور شعبہ سیاحت میں بھی پنجاب حکومت کی معاونت کریں گے جبکہ پنجاب حکومت کیساتھ سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔

  • برطانوی ہائی کمشنرکا شاہی جوڑے کے کامیاب دورے اور شاندار استقبال پر وزیراعظم سے اظہار تشکر

    برطانوی ہائی کمشنرکا شاہی جوڑے کے کامیاب دورے اور شاندار استقبال پر وزیراعظم سے اظہار تشکر

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے شاہی جوڑے کے کامیاب دورے اور شانداراستقبال پر اظہار تشکر کیا اور باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں خطے کی صورت حال سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے شاہی جوڑے کے کامیاب دورے اور شانداراستقبال پر اظہار تشکر کیا۔

    یاد رہے پانچ روزہ دورے میں شہزاد ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے لاہوراسلام آباد اور چترال کا دورہ کیا، کیلاش کی ثقافت دیکھی اور بادشاہی مسجد بھی گئے جبکہ وزیراعظم عمران خان سے اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔

    پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی پاکستان آمد پر رائل وزٹ پاکستان کا ٹاپ ٹرینڈ نمبرون پررہا اور، عوام نے حسین شہزادی کیٹ مڈلٹن اور خوبرو شہزادے ولیم کا پاکستان آمد پرشکریہ ادا کیا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    برطانوی شاہی جوڑے شہزادے ولیم اور اُن کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین رکشے میں سفر کر کے سب کے دل جیت لیے تھے۔

    آخری روز بھی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے لاہور کے ایس او ایس ویلیج میں بچوں کے ساتھ وقت گزار، بچوں کے کمرے میں گئے اور خوب گپ شپ لگائی ، شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں کے نائن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔

    برطانوی شاہی مہمان پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہوئے، دورہ کے آخری تقریب میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں آرمی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور خیبر رائفل ملٹری پوسٹ کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔

  • اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی سطح پرصحت کے لیے سنگین خطرہ ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    اینٹی مائیکروبیل مزاحمت عالمی سطح پرصحت کے لیے سنگین خطرہ ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے قومی ادارۂ صحت کا دورہ کر کے سربراہ این آئی ایچ میجر جنرل عامر اکرام سے ملاقات کی جس میں باہمی دل چسپی اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ قومی ادارہ صحت میجر جنرل عامر اکرام نے دورے پر آئے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کو بریفنگ دی۔

    اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان سے شعبہ صحت میں تعاون کو فروغ دینا ہے، اینٹی مائیکروبیل مزاحمت سے سالانہ ہزاروں اموات ہو رہی ہیں، یہ عالمی سطح پر صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    سربراہ قومی ادارہ صحت نے انھیں بتایا کہ اینٹی مائیکروبیل مزاحمت میں کمی حکومتی ترجیح ہے، اس سلسلے میں ایکشن پلان مشاورت سے ترتیب دیا گیا ہے۔

    تھامس ڈریو نے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت سے متعلق این آئی ایچ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ 6 پروفیشنل فیلوشپ کے لیے پاکستان کو فنڈز فراہم کرے گا، اور پاکستان کو لیبارٹری سہولیات میں بہتری اور پیشہ ورانہ تربیت بھی دے گا۔

    واضح رہے کہ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کسی جرثومے (بیکٹیریا، وائرس، چند پیراسائٹس) کی وہ صلاحیت ہے جس کے ذریعے وہ اس دوا کے اثرات کے خلاف مزاحمت کرتا ہے، جو کبھی اس کے علاج کے لیے کام یابی سے استعمال ہوتی رہی ہو۔

  • قبائلی اضلاع کے لیے تاریخی دن ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    قبائلی اضلاع کے لیے تاریخی دن ہے: برطانوی ہائی کمشنر

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے قبائلی اضلاع کے اوّلین اور تاریخ ساز انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قبائلی عوام کے لیے تاریخی دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے پیغام میں خیبر پختون خوا میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تھامس ڈریو نے ٹویٹ کیا کہ سابق فاٹا کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے، کیوں کہ وہ پہلی بار کے پی اسمبلی کے لیے اپنے ممبرز کا انتخاب کر رہے ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے عوام کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ ساتھ دعا بھی کی کہ قبائلی عوام الیکشن کے اس عمل کو آزادانہ اور محفوظ طریقے سے پورا کریں۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں ضم کیے گئے قبائلی علاقوں میں منعقدہ تاریخ ساز انتخابات میں گنتی کا عمل جاری ہے، غیر حتمی نتایج کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، یہاں 16 صوبائی نشستوں پر مقابلہ ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں:  قبائلی اضلاع میں الیکشن: غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری

    اٹھائیس لاکھ سے زاید ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا، دو خواتین سمیت دو سو پچاسی امیدوار میدان سیاست میں‌ مد مقابل تھے۔

    الیکشن کا عمل پُر امن تھا، عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بزرگوں کے علاوہ خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر ووٹ ڈالے، 1 ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قایم کیے گئے تھے، جس میں 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔