Tag: برطانوی ہائی کمیشن

  • بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

    بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔

    ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ سیفٹی لسٹ سے اخراج آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت ہوا ہے، پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان اور یو کے ماہرین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا ’’میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کی منتظر ہوں، پاکستان کے ساتھ فضائی رابطوں میں بہتری خاندانوں کے ملاپ میں مدد دے گی۔‘‘

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان برطانیہ کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور سالانہ تجارتی حجم 4.7 ارب پاؤنڈ ہے۔

  • خاتون سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار زخمی ، برطانوی ہائی کمیشن کا وضاحتی بیان  آگیا

    خاتون سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار زخمی ، برطانوی ہائی کمیشن کا وضاحتی بیان آگیا

    اسلام آباد : برطانوی ہائی کمیشن کا خاتون سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے معاملے پر وضاحتی بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں خاتون سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے واقعے پر برطانوی ہائی کمیشن نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔

    ترجمان نے کہا کہ ایک اسٹاف ممبر کی گاڑی آج ٹریفک حادثے میں ملوث تھی، اسٹاف ممبرنےتمام ضوابط پرعمل کیا، معاملے پر مقامی انتظامیہ سے تعاون کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد: غیرملکی سفارتخانے کی اہلکار نے پولیس کانسٹیبل پر گاڑی چڑھا دی

    یاد رہے گذشتہ روز اسلام آباد میں غیرملکی سفارتخانے کی خاتون اہلکار نے پولیس کانسٹیبل پر گاڑی چڑھا دی تھی ، حادثہ اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر پیش آیا، جہاں غیرملکی سفارتخانے کی خاتون اہلکار نے سگنل توڑ کر گاڑی کانسٹیبل عامر کاکڑ پر چڑھائی ، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    پولیس کانسٹیبل کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، جہاں اس کی حالت خطرے میں بتائی جا رہی ہے ، بعد ازاں حادثے سے متعلق ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی تھی۔

  • برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلباء کے لئے اہم ہدایات

    برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلباء کے لئے اہم ہدایات

    اسلام آباد : برطانوی ہائی کمیشن نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کو جلد ویزے کے لیے اپلائی کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کو ہدایت کی ہے کہ وہ رش سے بچنے اور ستمبر میں کورس کے آغاز سے قبل ہی ویزہ آن لائن درخواست دیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ یوکے ویزا اینڈ امیگریشن سروس کواس سال موسم گرما میں اسٹوڈنٹ ویزے کی درخواستیں زیادہ ہونے کی توقع ہے۔

    برطانوی ہائی کمیشن نے طلبہ کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی ویزا درخواستوں کو صحیح طریقے سے پُر کرنے میں احتیاط سے کام لیں اور دو بار چیک کریں کہ تمام ضروری معلومات اور دستاویزات فراہم کر دی گئی ہے۔

    ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ کوئی درخواست غلط یا نامکمل ہونے کی صورت میں ویزا کی درخواستوں کا جائزہ لینے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

  • پاک نیوزی لینڈ سیریز پر کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی: برطانوی ہائی کمیشن

    پاک نیوزی لینڈ سیریز پر کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی: برطانوی ہائی کمیشن

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز پر ان کی جانب سے کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کی اچانک منسوخی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان صورت حال عجیب ہو گئی، یہاں تک کے اعلیٰ سطح پر رابطے بھی کیے گئے جب وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم نیوزی لینڈ سے فون پر اس سلسلے میں بات کی۔

    ادھر یہ افواہ بھی پھیلی کہ برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے نیوزی لینڈ کے ساتھ کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر کی گئی تھی جس پر حکومت نیوزی لینڈ نے سیریز کی فوری منسوخی کا فیصلہ کیا، تاہم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی خبروں کی ہم سختی سے تردید کرتے ہیں، ہائی کمیشن نے کوئی انٹیلیجنس رپورٹ شیئر نہیں کی۔

    پاک نیوزی لینڈ سیریز : عمران خان کا نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے رابطے میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے احتیاطی طور پر نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔

    اس رابطے کے بعد جیسنڈا آرڈرن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی سیکیورٹی ان کی اوّلین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان سے بات ہوئی ہے، عمران خان کا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔

    انھوں نے کہا مجھے اندازہ ہے کہ کھیل کو اس طرح ختم کرنا شائقین کے لیے کتنا مایوس کن ہے، لیکن نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔

  • نواز شریف کا برطانوی ہائی کمیشن سے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار

    نواز شریف کا برطانوی ہائی کمیشن سے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی ہائی کمیشن سے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کےناقابل ضمانت دائمی وارنٹ جاری کئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی ہائی کمیشن سے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی ہائی کمیشن نےبذریعہ ای میل نوٹس کی کاپیاں نوازشریف کو بھجوا دیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کےناقابل ضمانت دائمی وارنٹ جاری کئے تھے اور کاپی وزارت خارجہ کو بھجوادی تھی ، وارنٹ میں دفتر خارجہ کو برطانیہ میں ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا گیا تھا۔

    نوٹس میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی 22 ستمبر اور دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنائی جائے جبکہ ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس اپیلوں پر سماعت کیلئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے پندرہ ستمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا اور ریفرنس میں ضمانت کا حکم ختم کردیا تھا۔

    خیال رہے اسلام آبادہائی کورٹ کا 2رکنی بینچ کل نواز شریف کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل برطانوی ہائی کمیشن کی دستاویزعدالت میں پیش کریں گے۔

  • برٹش ایئر ویز پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے

    برٹش ایئر ویز پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے

    کراچی : برطانوی ہائی کمیشن نے سیکٹری ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فضائی آپریشن کیلئے برٹش ائیر کا تین رکنی وفد پا کستان کا دورہ کر ے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تین رکنی وفد نیو اسلام آباد ایر پورٹ کا دورہ کر ے گا۔

    برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے معاملات میں کافی بہتری آئی ہے، برٹش ایئر ویز کا تین رکنی وفد پاکستان کا دورہ اور حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔

    برٹش ایئر ویز مکمل اعتماد کے ساتھ اپنا پاکستان کے لئے فضائی آپریشن شروع کر رہی ہے برٹش ایئر ویز کے وفد کی سربراہی ورلڈ وائڈ ایئر پورٹس ہیڈ پال کاونٹری کریں گے۔

    برٹش ایئر ویز کی تین رکنی ٹیم میں انٹر نیشنل رسک ایڈوائزر ڈیوڈ کریچ اور ڈائریکٹر سیفٹی اینڈ سیکیریٹی جان مونکس بھی ہوں گے، برٹش ایئر ویز کی ٹیم کے پاکستان آنے کا مقصد سیکیوریٹی اور سیفٹی کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔

    رواں ماہ کی 29 اور 30 جنوری کو برطانوی ٹیم نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کا دو روزہ دورہ کرے گی، برطانوی وفد کے پاکستان آنے کا مقصد فضائی آپریشن کے ساتھ سیفٹی اور سیکیوریٹی اقدامات پر مکمل تسلی کرنا ہے۔