Tag: برطانیہ کیلئے پروازیں

  • پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

    پی آئی اے : برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری

    لندن : پی آئی اے کی جانب سے عیدالفطر کے بعد برطانیہ کیلئے پروازیں بحال ہونے کی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔

    یورپ میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز سے پابندی ہٹنے کے بعد اب پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے بھی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

    اس حوالے سے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا ہے کہ عید کے بعد سے پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازیں باقاعدہ شروع ہوجائیں گی۔

    یہ بات ہائی کمشنر ڈاکٹرفیصل نے لندن میں صحافیوں اور ٹک ٹاکرز کے ساتھ افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لندن اور مانچسٹر سے پروازیں پاکستان جائیں گی، کوشش کر رہے ہیں برمنگھم سے بھی پی آئی اے کی پروازیں جلد بحال ہوں۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا جس میں میڈیا کو بھی مدعو کریں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال یورپی یونین کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد 10جنوری کو قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز ساڑھے چار سال بعد پیرس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    اس پابندی کے محرکات میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والا حادثہ شامل تھا جس کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی نے پارلیمنٹ میں یہ بیان دیا تھا کہ پی آئی اے نے جعلی لائسنس پر پائلٹ بھرتی کر رکھے ہیں۔

  • پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا

    پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا

    کراچی: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے بعد قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے برطانیہ کے لیے 22 ستمبر سے 30 اکتوبر تک 32 فلائٹس شیڈول کر لی ہیں، یہ شیڈول پاکستان کے ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے یہ پروازیں اسلام آباد اور لاہور سے چلائی جائیں گی۔

    22 سے 29 ستمبر کے دوران پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے 7 پروازوں کا پلان تیار کیا گیا ہے، جب کہ اکتوبر میں پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے 25 پروازوں کا شیڈول فائنل کیا ہے۔

    برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ‌ سے نکال دیا

    یاد رہے کہ قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے برطانیہ کے لیے انتظامات کی ہدایت کی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی حکومت نے ٹریفک لائٹ سسٹم میں تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    کرونا کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ نے پاکستان سمیت 8 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالا تھا، اس فیصلے کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔

    برطانوی حکومت نے ٹریفک لائٹ سسٹم کو ریڈ، امبر اور گرین لسٹ کی جگہ ریڈ اور رولسٹ سے تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کے مطابق پاکستان کا نام رو لسٹ میں ہے۔ رولسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ جانے والوں کو ہوٹل میں 10 روزہ قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

  • برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن، پہلی پرواز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو گئی

    برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن، پہلی پرواز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو گئی

    کراچی: برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں پر مبنی پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن میں پہلی پرواز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں پر بکنگ کا آغاز ہو گیا ہے اور پہلی پرواز ابھی سے پُر ہوگئی ہے۔

    ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے کے پاس اعلیٰ سروس کے ساتھ محدود تعداد میں نشستیں موجود ہیں جن کی بکنگ جاری ہے، قومی ایئرلائن ان پروازوں پر 45 کلو فی مسافر بیگج کی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے۔

    پی آئی اے کے مسافروں کو دوران پرواز ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کی سہولت بھی میسر ہوگی، ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ مانچسٹر سے زیادہ سے زیادہ پروازیں چلائی جائیں۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کے بعد دیگر ایئر لائنز نے کرائے غیر معمولی طور پر بڑھا دیے تھے، ان پروازوں کے چلنے کے بعد کرائے واپس عام سطح پر آنا متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے نے بتایا تھا کہ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کر نے کے لیے متبادل اتنظامات کر لیے گئے ہیں، اس سلسلے میں قومی ایئر لائن اور پرتگالی فضائی کمپنی کے مابین معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 300 سے زائد نشستوں والے جدید ایئر بس 330 A کے ذریعے پروازیں چلائی جا رہی ہیں، اس میں اکنامی اور بزنس کلاس میں جدید اور آرام دہ نشستیں ہیں۔

    ترجمان کے مطابق طیارے میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا، پی آئی اے 14 اگست کو برطانیہ سے آپریشن شروع کرے گی، پرواز پی کے 9702 PK مانچسٹر سے 250 سے زائد مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوگی، 15 اگست کو پرواز پی کے 9785 اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوگی۔