Tag: برطانیہ کی خبریں

  • برطانوی اسپتال کا انوکھا قدم: بچے الیکٹرک کار ڈرائیو کرتے ہوئے آپریشن تھیٹر خود جانے لگے

    برطانوی اسپتال کا انوکھا قدم: بچے الیکٹرک کار ڈرائیو کرتے ہوئے آپریشن تھیٹر خود جانے لگے

    لندن: برطانیہ کے ایک اسپتال نے بچوں کے لیے جنرل وارڈ سے آپریشن تھیٹر تک کا سفر آسان بنانے کے لیے ایک انوکھا قدم اٹھا لیا، اسپتال نے بچوں کو آپریشن کے لیے لے جانے کے لیے برقی کاروں کا استعمال شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وسطی برطانیہ کے شہر لیسسٹر میں دی چلڈرن ہاسپٹل کی انتظامیہ نے آپریشن کے منتظر بچوں کے لیے اسپتال میں چھوٹی کھلونا الیکٹرک کاریں رکھ لیں، جنھیں بچے خود چلاتے ہوئے آپریشن تھیٹر تک خوشی خوشی جاتے ہیں۔

    [bs-quote quote=”جنرل وارڈ سے آپریشن تھیٹر تک کا سفر دل چسپ بنانا چاہتے تھے: اسپتال نرس” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسپتال کے اس انوکھے قدم سے بچوں کے لیے آپریشن کے لیے جانے جیسا ایک مشکل کام کسی قدر آسان بنا دیا، اسپتال کی نرس جولی کلیرک نے بتایا کہ ہم چاہتے تھے کہ چھوٹے بچوں کے لیے آپریشن کے لیے لے جانے کا معاملہ دل چسپ بنائیں۔

    اسپتال کے منصوبے کے لیے پانچ برقی کاریں اور ایک ریموٹ کنٹرول کار کا عطیہ ایک موٹر گروپ نے دیا، ان میں منی فیاٹ 500، الفا رومیو 4C، وولوو XC90، جیگوار F-Type، رینج روور، اور ریموٹ کنٹرول لینڈ روور ڈیفنڈر شامل ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  لندن میں چاقو زنی کی وارداتوں میں ہوش ربا اضافہ، رپورٹ جاری


    دل چسپ منصوبے کے لیے پہلے اسپتال کے عملے نے خود چندہ کر کے ایک کار خریدی تھی لیکن وہ ٹوٹ گئی جس کے بعد وہ دوسری کار نہیں لے سکے تھے۔

  • یورپین لیڈرزسمٹ: تھریسا مے کےلیے آئندہ 48 گھنٹے مشکل

    یورپین لیڈرزسمٹ: تھریسا مے کےلیے آئندہ 48 گھنٹے مشکل

    لندن: بریگزٹ کے معاملے پر یورپین لیڈرز کے سمٹ میں صرف اڑتالیس گھنٹے رہ گئے،برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کوشش کررہی ہیں کہ اس معاملے پر انہوں زیادہ سے زیادہ وزراء کی حمایت حاصل رہے۔

    گزشتہ روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں انہوں نے ممبرانِ پارلیمنٹ کو آگاہ کیا کہ شمالی آئرلینڈ کے بارڈر کے مسئلے پر ڈیڈ لاک کے باوجود اس معاملے پر معاہدے کے امکانات تاحال موجود ہیں۔

    دوسری جانب یورپین یونین کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے اخراج کے بعد کسی بھی قسم کی ڈیل نہ ہونے کے امکانا ت ماضی کی نسبت آج کئی گنا زیادہ ہیں۔ یورپین لیڈرز کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوگا جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین کسی متفقہ معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    یاد رہے کہ برطانیہ آئندہ سال مارچ میں یورپین یونین سے انخلا کرے گا ۔ امید کی جارہی ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں یورپین لیڈر متفق ہوجائیں گے کہ اس معاملے پر اس حد تک اقدامات اٹھائے جاچکے ہیں ، اور نومبر میں ایک خصوصی بریگزٹ سمٹ طلب کرکے علیحدگی کی اس ڈیل کو حتمی شکل دے دی جائے۔

    تاہم اس امید کو ابھی آئرش بارڈر تنازعے کے سبب کئی خدشات لاحق ہیں جس کا ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔ تھریسا مے کو امید ہے کہ معاملے کے دونوں فریق اب اس تنازعے کے حل سے زیادہ دور نہیں ہیں اور محض ایک بارڈر کے تنازعے کے سبب اس سارے عمل کو واپس نہیں کیا جاسکتا ۔

    تھریسا مے کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر انہیں کابینہ ارکان کی جانب سے مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا ، اور ان پر آوازیں بھی کسی جاتی رہیں ، تاہم انہوں نے اپنا خطاب جاری رکھا۔

    دو ہفتے قبل برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہمونڈ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین بریگزٹ معاملے پر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں اور وہ ڈیل کے لیے بھی آمادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بریگزٹ معاملے پر یورپ اور برطانیہ کے تناؤ کے باعث برطانوی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے، اس بابت اقدامات کی ضرورت ہے۔

    برطانوی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ متعدد سرمایہ کار بریگزٹ ڈیل کے نتائج کے منتظر ہیں، جوں ہی یہ ڈیل طے پا جائے گی، برطانوی اقتصادیات میں ترقی دیکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ما ہ آسٹریا میں یورپی سربراہی اجلاس ہوا تھا، جس میں یورپ اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاملے پر اختلافات اور تناؤ بدستور برقرار رہا تھا ۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خیال ہے کہ بریگزٹ سے برطا نیہ کو نقصان ہوگا ۔ انہوں نے عندیہ تھا کہ بریگزٹ کے بعد امریکا یورپی یونین سےتجارت کرے گا اور برطانیہ کو امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات از سرِ نو استوار کرنا ہوں گے ۔

  • لندن میں خاتون کی ڈھائی ارب روپے کی شاپنگ نے نیشنل کرائم ایجنسی کو چکرا دیا

    لندن میں خاتون کی ڈھائی ارب روپے کی شاپنگ نے نیشنل کرائم ایجنسی کو چکرا دیا

    لندن: برطانیہ میں ایک خاتون کی شاپنگ نے نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کو اس وقت چکرا کر رکھ دیا جب انھیں معلوم ہوا کہ شاپنگ ڈھائی ارب روپے پر مبنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں انسدادِ جرائم کے لیے قائم قومی ادارے کو ایک خاتون کی بھاری شاپنگز نے چکرا کر رکھ دیا، معلوم ہوا کہ خاتون نے ایک شاپنگ کے لیے 35 کریڈٹ کارڈز بھی استعمال کیے۔

    [bs-quote quote=”برطانیہ نے نئے اینٹی کرپشن اختیارات کا کام یابی سے استعمال کر کے دنیا کی شاہ خرچ خاتون کے خلاف کیس جیت لیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    شاپنگ کرنے والی خاتون نے ایک ہی دن میں ایک لگژری شاپ سے ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈز (تقریباً ڈھائی کروڑ روپے) کے زیورات خریدے، اس شاپنگ کے لیے خاتون نے پینتیس کریڈٹ کارڈز استعمال کیے۔

    مذکورہ خاتون ایک غیر یورپی ملک کے اسٹیٹ بینک کے سابق چیئرمین کی بیوی ہے، خاتون سے نیشنل کرائم ایجنسی نے  پوچھ گچھ بھی کی۔

    خاتون کا لندن میں ساڑھے سات ملین پاؤنڈ کا گھر ہے اور انھیں مہنگے شوق ہیں، وہ پرائیویٹ جیٹ پر سفر کرتی ہیں اور انھوں نے لندن کے ڈیپارٹمنٹ اسٹور ہیروڈز میں ایک بار ایک کروڑ 60 لاکھ پاؤنڈز (تقریباً ڈھائی ارب روپے) خرچ کیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے غیر قانونی دولت اور منی لانڈرنگ کے خلاف وسیع سطح پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں، اس سلسلے میں کالے دھن کے خلاف قائم ادارے UWO نے اس کیس کو ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا اور برطانیہ نے نئے اینٹی کرپشن اختیارات کا کام یابی سے استعمال کر کے کیس جیت لیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  لندن میں دولت مند روسی باشندوں کے خلاف کارروائی کا آغاز


    برطانوی ہائی کورٹ نے بینکار کی بیوی (دونوں کے نام قانونی وجوہ کی بنا پر ظاہر نہیں کیے گئے) کی جائیداد جو 22 ملین پاؤنڈز مالیت کی ہے، ضبط کرنے کا حکم دے دیا تھا، جس پر خاتون نے اپیل کی لیکن اسے خارج کر دیا گیا۔

    نیشنل کرائم ایجنسی نے خاتون کو اپنی دولت کے ذرائع بتانے کا حکم دیا تھا، این سی اے نے کہا کہ اگر وہ ذرائع نہیں بتا سکیں تو پھر انھیں ساری جائیداد کی قرقی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

  • برطانیہ میں بے نامی جائیداد کا قانون تبدیل کرانے کی کوشش ناکام

    برطانیہ میں بے نامی جائیداد کا قانون تبدیل کرانے کی کوشش ناکام

    لندن : برطانیہ میں بے نامی جائیداد کا قانون تبدیل کرانےکی کوشش ناکام ہوگئی، برطانوی حکومت نے پوری تیاری سے لڑ کر مقدمہ جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بے نامی جائیداد سے متعلق قانون چیلنج کرنے والوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، برطانوی حکومت نے عدالت میں بے نامی جائیداد کے قانون کے خلاف دائر مقدمہ جیت لیا۔

    برطانیہ کی قومی انسداد جرائم ایجنسی نے عدالت میں قانون کا بھرپور دفاع کیا، جس کے بعد عدالت نے غیر یورپی سیاسی شخصیت کی قانون میں تبدیلی کی درخواست رد کردی۔

    یاد رہے 22ملین پاؤنڈکی جائیداد بچانے کیلئے نئے قانون کوعدالت میں چیلنج کیا گیا تھا۔

    رواں سال فروری میں  برطانیہ میں غیرقانونی دولت سے بنائی گئی جائیداد کا نیا قانون لاگو کیا گیا تھا ، اس اقدام کا مقصد برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی شفافیت میں موجود سقم دور کرنا ہے، نئےقانون کے بعد ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے5متنازع جائیدادوں کی چھان بین کیلئے کہا  تھا۔

    ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے برطانیہ کو پانچ شخصیات اور اداروں کی جائیدادکی فہرست دی تھی، جس میں نوازشریف کی جائیداد بھی شامل تھیں۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ میں شریف خاندان کی مشتبہ جائیداد نئے قانون کی زد میں

    ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے مراسلے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایوان فیلڈ جائیداد کی فوری تحقیقات کی جائیں۔

    نئے برطانوی قانون کو ’’ان ایکسپلینڈ ویلتھ آرڈر‘‘ کا نام دیا گیا تھا، جس کے مطابق برطانوی ایجنسیاں کسی بھی جائیداد کی رقم کی منتقلی اور جائیداد کیلئے حاصل رقم کے بارے میں بھی چھان بین کی مجازہوں گی۔

    خیال رہے برطانیہ میں غیرقانونی طریقے سے بنائی گئی جائیداد ضبط کی جاسکتی ہے۔

  • برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار، روک تھام کے لیے پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر لیا

    برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار، روک تھام کے لیے پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر لیا

    لندن: پاکستان کی طرح برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سمیت 100 سے زائد ممالک کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا، برطانوی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ایچ ایم آر سی نے نئے قوانین پرعمل درآمد شروع کر دیا۔

    [bs-quote quote=”برطانیہ سالانہ اربوں پاؤنڈز کی منی لانڈرنگ کا شکار ہے: این سی اے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    برطانیہ نے منی لانڈرنگ روکنے کے لیے 100 سے زائد ممالک کے ساتھ معاہدہ کر لیا، ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ برطانیہ سالانہ اربوں پاؤنڈز کی منی لانڈرنگ کا شکار ہے۔

    منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے جن ممالک کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، معاہدے کی رو سے ان ممالک کے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور بینکوں سے معلومات کا تبادلہ ہوگا۔

    دریں اثنا برطانوی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں پر نیا قانون لاگو کر دیا، برطانوی شہریوں کو اپنے بیرونِ ملک اثاثے اور آمدن کی تفصیلات 30 ستمبر تک ظاہر کرنا تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان منی لانڈرنگ میں ٹاپ تھری ملکوں میں سے ہے، رپورٹ


    برطانیہ نے اپنے شہریوں پر نیا قانون یکم اکتوبر سے لاگو کیا، اثاثے اور آمدن کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے والے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے، جب کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں، ان اکاؤنٹس میں 33 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہے۔

    برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے پاکستانی شہری فرحان جونیجو کی جائیداد اور منی ٹریل بھی سامنے آ گئی ہے، ملزم نے 2012 میں 35 ملین ڈالر دبئی بھیجے۔

  • برطانوی وزیر اعظم شادی میں بن بلائے جا پہنچیں

    برطانوی وزیر اعظم شادی میں بن بلائے جا پہنچیں

    کسی کی شادی میں اگر وزیر اعظم شرکت کرنے پہنچ جائیں تو دلہا دلہن اور ان کے اہلخانہ خوشی سے نہال ہوجاتے ہیں، ایسا ہی کچھ ایک برطانوی جوڑے کے ساتھ ہوا جن کی شادی میں وزیر اعظم تھریسا مے پہنچ گئیں وہ بھی بغیر دعوت کے۔

    مشال اور جیسن نامی اس جوڑے نے انگلینڈ کے ایک جزیرے میں بحری کشتی پر اپنی شادی کا انعقاد کیا تھا۔

    جب وہ ایجاب و قبول کی رسم ادا کر رہے تھے تو اچانک برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کشتی پر نمودار ہوئیں اور وہاں موجود تمام لوگ خوشی سے اچھل پڑے۔

    تھریسا مے اپنے شوہر فلپ کے ساتھ اسی جزیرے پر تعطیلات منانے آئی تھیں اور سوئے اتفاق شادی کی تقریب کے وقت وہ آس پاس ہی موجود تھیں۔

    جوڑے نے انہیں مدعو کیا کہ وہ ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں تو مے نے کہا کہ وہ ایسے لباس میں ملبوس نہیں جو کسی شادی میں شرکت کے لیے موزوں ہو، تاہم پھر بھی انہوں نے چند تصاویر بنوا لیں۔

    دلہا اور دلہن نے ان کی غیر متوقع آمد اور اپنی شادی کو یادگار بنانے پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

  • برطانیہ: ’علی‘ نامی سمندری طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک

    برطانیہ: ’علی‘ نامی سمندری طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک

    ایڈنبرگ : جمہوریہ آئرلینڈ میں ’علی‘ نامی طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک ہوگئی، جبکہ 2 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہونے والی خاتون اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے آئی تھی، جو ساحل پر اپنی گاڑی میں آرام کر رہی تھی اور طوفان کی لپیٹ میں آگئی۔

    محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز 80 میل فی گھنٹہ رفتار سے چلنے والے طوفان کی پیشگوئی کرتے ہوئے وارننگ جاری کی تھی۔ 

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث فضائی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے اور شدید طوفان کی وجہ سے اڑتی ہوئی چیزوں سے لوگوں کے زخمی ہونے یا جان جانے کا بھی خطرہ ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات نے شمالی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور درخت وغیرہ گرنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

    طوفان کی آمد کے ساتھ ہی شمالی آئر لینڈ میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جبکہ دیگر جہگوں پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ ہے جس کے بعد دیگر سروسز جیسے موبائل فون سروس وغیرہ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

    آئر لیند کے صدر مائیکل ڈی ہیگن نے طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہونے خاتون کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خاتون سے اظہار ہمدردی کیا۔

    خیال رہے کہ اس وقت مختلف براعظموں میں مختلف ممالک طوفانوں کی زد میں ہیں۔

    گزشتہ روز مینگ کھٹ نامی خطرناک سمندری طوفان نے ہانگ کانگ سمیت جنوبی چین میں تباہی مچادی، طوفان کے باعث دو افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

  • زنجیروں میں قید نایاب کتابیں

    زنجیروں میں قید نایاب کتابیں

    کیا آپ جانتے ہیں ایک زمانے میں کتابوں کو زنجیر سے باندھ کر رکھا جاتا تھا تاکہ کوئی انہیں چرا نہ سکے؟

    یہ قصہ ہے سترہویں صدی کا جب نایاب اور قدیم کتابوں کو چوری ہونے سے بچانے کے لیے زنجیروں سے منسلک کردیا جاتا تھا۔

    زنجیروں میں قید کتابوں پر مشتمل ایسی ہی ایک لائبریری اب بھی موجود ہے۔

    انگلینڈ کے علاقے ہرفورڈ کے کلیسا میں موجود یہ لائبریری اپنی نوعیت کی انوکھی لائبریری ہے۔ یہ کتب خانہ سنہ 1611 میں بنایا گیا اور یہاں 15 سو کتابیں موجود ہیں جو تمام نہایت قدیم اور نایاب ہیں۔

    یہی نہیں ان کتابوں کو آج بھی اسی طریقے سے رکھا جاتا ہے جیسے صدیوں قبل رکھا جاتا تھا، یعنی زنجیروں سے باندھ کر۔

    کتب خانے کی منتظم بتاتی ہیں کہ جس ترتیب سے کتاب شیلف میں رکھی جاتی ہے تو کتاب کا نام والا حصہ سامنے ہوتا ہے، اگر وہاں زنجیر باندھی جائے تو زنجیر باآسانی کھینچ کر کتاب پھاڑی جا سکتی ہے۔

    اس کے برعکس کتابوں کے سرورق کے کونے پر زنجیر منسلک کی جاتی ہے۔ اس زنجیر کے ساتھ کتاب کو اگر روایتی طریقے سے رکھا جائے تو زنجیر کھینچنے سے کتاب کے پھٹنے کا خدشہ ہے۔

    چنانچہ ان کتابوں کو شیلف میں الٹا رکھا جاتا ہے یعنی صفحات سامنے کی طرف ہوتے ہیں۔

    کتابوں کی پہچان کے لیے ہر شیلف کے ایک طرف کتابوں کی فہرست بھی موجود ہے تاکہ مطلوبہ کتاب باآسانی ڈھونڈی جاسکے۔

    منتظم کے مطابق گو کہ ان زنجیروں کو کھولنے کے لیے نئی چابیاں بنا لی گئی ہیں تاہم ہمارے پاس قدیم اور اصل چابی اب بھی موجود ہے۔

    کتب خانے میں موجود قدیم کتابیں زیادہ تر سترہویں صدی کی ہیں، تاہم کچھ ایسی بھی ہیں جو بارہویں صدی میں لکھی گئیں اور سترہویں صدی میں ان کی جلد سازی کی گئی۔

    ان کتابوں کا رسم الخط بھی قدیم ہے جو اب تبدیل ہوچکا ہے۔

    بعض کتابوں میں تصاویر بھی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قرون وسطیٰ کی مصوری اور رنگوں کا استعمال کس طرح ہوتا تھا۔

    کیا آپ اس کتب خانے کا دورہ کرنا چاہیں گے؟

  • برطانیہ میں ٹرالرمکان سے جا ٹکرایا، خاتون ہلاک تین زخمی

    برطانیہ میں ٹرالرمکان سے جا ٹکرایا، خاتون ہلاک تین زخمی

    لندن : برطانیہ میں ٹرالر بے قابو ہوکر مکان سے جا ٹکرایا ، ایک خاتون ہلاک جبکہ تین افراد حادثے میں زخمی ہوئے ہیں، ٹرالر میں سوار افراد اسے چوری کرکے لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔

    تفصیلات کے مطاب برطانیہ کے علاقے بریرلے میں پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک تیز رفتار ٹرالر مکان سےجا ٹکرایا ہے ، دریں اثناءٹرالر کا تعاقب کرتی ہوئی پولیس پٹرولنگ پارٹی فوراً ہی موقع واردات پر پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق دو افراد اس ٹرالر کو چرا کر فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے اور پولیس ان کا تعاقب کررہی تھی ، ملزمان گھبراہٹ میں رفتار پر قابو نہ رکھ سکے اور ٹرالر مکان کی دیوار تو ڑ کر اندر جا گھسا۔

    پولیس کےمطابق سانحے میں ہلاک ہونے والی پچاس سالہ خاتون کا متاثرہ مکان سے کوئی تعلق نہیں تھا ، وہ ایک بد قسمت راہ گیر تھیں جو کہ غلط وقت پر غلط جگہ آگئی تھیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر تین افراد کے بارے میں پولیس نے کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔

    پولیس کاکہنا ہے کہ خاتون اور مکان سے ٹکرانے سے قبل ٹرالر دو گاڑیوں سے بھی ٹکرا چکا تھا ۔ پولیس نے واقعے میں ملوث کل چار ادفراد کو حراست میں لیا ہے ۔

    واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ہے کہ ٹرالر کے ٹکرانےکے بعد دو جواں عمر افراد ٹرالر کے کیبن سے اتر کر فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹرالر اور اس کےسوار حادثے سے پہلے بھی ایک جرم میں ملوث تھے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • لندن: تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر کی غیرمہذبانہ حرکتیں

    لندن: تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر کی غیرمہذبانہ حرکتیں

    لندن: برطانیہ میں ہونے والی ایک تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر کی غیر مہذبانہ حرکتوں نے تقریب میں شریک پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکادیے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر صاحب زادہ احمد خان بطور مہمانِ خصوصی مدعو تھے، خطاب کے لیے مائیک دیا گیا تھا ہائی کمشنر خود پر قابو نہ رکھ سکے اور تقریب کی نظامت شروع کردی۔

    مائیک سنبھالتے ہی پاکستانی ہائی کمشنر نے تقریب کی کمپئرنگ کی ذمہ داری ازخود سنبھال لی جس پر اسٹیج پر موجو د ادکار اور ہال میں موجود شرکاء پہلے تو دم بخود رہ گئے پھر مجبوراً ان کی باتوں پر ہنستے رہے۔

    پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ کو بھی نہ بخشا اور انہیں الٹے سیدھے سوالات کرکے زچ کرتے رہے۔ جاوید شیخ، ان کی ان حرکتوں پر تھوڑے ناراض بھی نظر آئے۔

    ہائی کمشنر کی ان حرکتوں سے پریشان تقریب کی انتظامیہ نے پروگرام کی میزبان کے ذریعے انہیں متعدد بار ٹوکا اور مہذب انداز میں روکنے کی بھی کوشش کی تاہم انہوں نے کسی کی ایک نہ سنی اور اپنی سی کرکے چلتے بنے۔

    یہ تقریب 9 ستمبر کو لندن میں منعقد ہوئی تھی۔