Tag: برطانیہ کی خبریں

  • برمنگھم میں وین کی ٹکر سے 19 ماہ کا بچہ ہلاک

    برمنگھم میں وین کی ٹکر سے 19 ماہ کا بچہ ہلاک

    لندن: برمنگھم میں پارک لینڈ پر ایک وین کی ٹکر سے 19 ماہ کا بچہ ہلاک ہوگیا ہے، وین موجود دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویسٹ مڈلینڈز پولیس کا کہنا ہے کہ وین بچے سے سیئر ہول مل ویک گرین روڈ پر ٹکرائی تھی، حادثے کے نتیجے میں بچے کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، بچے کو فوری طور پر برمنگھم چلڈرن اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    پولیس نے 30 سالہ مرد اور 26 سالہ خاتون کو بچے کو خطرناک ڈرائیونگ سے مارنے کے شبے گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں پولیس کسٹڈی میں ہیں۔

    مڈؒلینڈز پولیس کے کولیژن انویسٹی گیشن یونٹ کے انسپکٹر اسٹیو ریڈفورڈ نے کہا ہے کہ اگر کسی عینی شاہد کے پاس اس واقعے کے حوالے سے معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔

    پولیس انسپکٹر کا کہنا ہے کہ بچے کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے، حادثے کے بعد وین کو قبضے میں لے لیا گیا ہے جس کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ: کار سوار نے عوام پر گاڑی چڑھادی، چار افراد زخمی

    واضح رہے کہ تین ماہ قبل برطانیہ کے علاقے نیوپورٹ میں تیز رفتار گاڑی نے اسپورٹس کلب کے باہر کھڑے ہوئے لوگوں کے مجمے کو روند ڈالا تھا، اس ہولناک حادثے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہونے والے شہریوں میں دو خواتین شدید زخمی ہیں، چوٹیں اتنی شدید ہیں جو باقی کی زندگی پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہیں۔

    گاڑی عوام کو کچلنے کے بعد بھی 2 کلومیٹر دور جاکر رکی، جس میں اچانک دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔برطانوی پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے 18 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے نکل آئے

    ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے نکل آئے

    اسکاٹ لینڈ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کھیلنے کے دوران ہزاروں شہری احتجاج کرتے ہوئے ایڈن برگ کے ریزوٹ کمپلیکس کے باہر جمع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران ٹرن بیری ریزوٹ پہنچ گئے جہاں انھوں نے گالف کھیلی، اس دوران ہزاروں مظاہرین ایڈن برگ کی گلیوں میں جمع ہوگئے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاج تیسرے دن میں داخل ہوگیا ہے، امریکی صدر نے اپنی اہلیہ میلانیہ اور خاندان کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کا نجی دورہ کیا، وہ پیر کے روز فِن لینڈ کے مرکزی شہر ہیلسنکی میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

    ہزاروں افراد نے ریزوٹ کمپلیکس کے باہر جمع ہو کر امریکی صدر کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیکورٹی کے انتہائی کڑے پہرے میں اسکاٹ لینڈ کا دورہ کر رہے ہیں۔

    قبل ازیں پولیس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ کس طرح ایک پیرا گلائیڈر نے ٹرن بیری پر اڑان بھرتے ہوئے ٹرمپ کے خلاف بینر ہوا میں لہرایا۔

    ٹرمپ کے گالف کورس میں کھیلنے کے دوران پولیس کے اسنائپرز نے پوزیشنیں سنبھال لی تھیں، جب کہ بڑی تعداد میں دیگر افسران نے بھی آس پاس علاقے اور گراؤنڈ پر کڑی نظر رکھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب جیسے ہی ٹرمپ ریزوٹ میں داخل ہوئے، مظاہرہ کرنے والے ایک پیرا گلائیڈر نے ”نو فلائی زون“ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اڑان بھری اور ایڈن برگ کے اس ہوٹل تک پہنچا جو ٹرمپ کی ملکیت ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ کا دورہ برطانیہ، عوام کا شدید احتجاج


    جمعے کو امریکی صدر کے خلاف لندن میں ہونے والے احتجاج کے بارے میں آرگنائزرز کا دعویٰ تھا کہ مظاہرین کی تعداد ڈھائی لاکھ تھی، تاہم برطانوی حکومت کے انٹرنیشنل ٹریڈ سیکریٹری نے کہا کہ لندن کے شہریوں نے اچھی مہمان نوازی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ کے مابین بریگزٹ ڈیل پر اختلافات پائے جاتے ہیں، گزشتہ روز ”دی سن“ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ تھیریسا مے کا بریگزٹ پلان معاہدے کو ختم کر دے گا، تاہم چند ہی گھنٹے بعد انھوں نے برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ بالکل ممکن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن: جیریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ بنادیا گیا

    لندن: جیریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ بنادیا گیا

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے جریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ مقرر کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بورس جانسن کے مستعفی ہونے پر جریمی ہنٹ کا بطور وزیر خارجہ تقرر کیا گیا ہے، بورس جانسن بریگزٹ معاملے پر اختلافات کے باعث وزارت سے مستعفی ہوئے تھے جس کے بعد جیریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ بنادیا گیا ہے۔

    بورس جانسن یورپی اتحاد سے برطانیہ کے اخراج کی تحریک کے پر زور حامی تھے، بریگزٹ کے معاملے پر وزیر اعظم تھریسامے سے اختلافات پر برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن عہدے سے مستعفی ہوگئے، وزیر خارجہ کا منصب سیکریٹری صحت جریمی ہنٹ نے سنبھال لیا ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کو یورپی یونین سے اخراج سے متعلق پالیسی پر اپنے حریفوں کے ساتھ ساتھ حلیفوں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا ہے، ناقدین نے اس پالیسی کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے ناکافی کہا ہے کیونکہ اس سے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان علیحدگی کے بعد معاشی سرگرمیوں کا حل نہیں نکالا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کے عوام نے ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ دیا تھا، اب برطانیہ کو یورپی یونین سے انخلاء کے عمل کو 29 مارچ 2019 تک مکمل کرنا ہے تاہم یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کی حکومت گرنے کا خطرہ بڑھ گیا

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کی حکومت گرنے کا خطرہ بڑھ گیا

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کی حکومت گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے استعفیٰ دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں کیونکہ ان کی حکومت گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    بورس جانسن نے استعفیٰ بریگزٹ کے وزیر کے استعفے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا، تھریسامے کابینہ کے مزید وزراء کے استعفوں کا بھی امکان ہے۔

    قبل ازیں بریگزٹ امور کے نگراں وزیر ڈیوڈ ڈیوس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، ڈیوس نے اپنے استعفے کا اعلان لندن میں ملکی کابینہ کے اس فیصلے کے دو روز بعد کیا کہ برطانیہ یورپی یونین سے اپنے اخراج کے بعد بھی اس بلاک کے ساتھ اپنے قریبی اقتصادی روابط قائم رکھے گا۔

    ڈیوڈ ڈیوس کو بریگزٹ کے حوالے سے ایک سخت گیر سوچ کا حامل سیاست دان تصور کیا جاتا ہے اور وہ اس بارے میں وزیر اعظم تھریسامے کے موقف کی مخالف کرتے ہوئے ماضی قریب میں کئی بار اپنی ذمے داریوں سے مستعی ہوجانے کی دھمکی دے چکے تھے۔

    خیال رہے کہ تھریسا مے اور ان کی کابینہ چاہتی ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین بریگزٹ کے بعد بھی آزاد تجارتی معاہدوں پر عمل پیرا رہیں۔ لیکن وزیر اعظم کی متنازعہ تجویز پر ڈیوڈ ڈیوس نے مہر ثبت کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 44 برس کے ڈومینک راب پیشے سے وکیل ہیں، جنہوں نے سنہ 2010 میں برطانوی سیاست میں قدم رکھا اور ایم پی منتخب ہوئے۔ ڈومینک راب سنہ 2015 سے برطانیہ کی وفاقی کابینہ میں وزیر انصاف اور وزیر ہاوسنگ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • لندن: اعصابی گیس کا دوسرا واقعہ: برطانیہ اور روس میں نیا تنازع

    لندن: اعصابی گیس کا دوسرا واقعہ: برطانیہ اور روس میں نیا تنازع

    لندن: ایمزبری میں اعصابی گیس پائے جانے کے دوسرے واقعے کے بعد برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ روس برطانیہ میں زہریلی گیس کا استعمال کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اعصابی گیس کے دوسرے واقعے کے بعد برطانیہ اور روس میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اعصاب شکن زہر نوویچوک کے نئے حملے کو بہت افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم کے مطابق ان کی تمام تر ہمدردیاں جنوبی انگلینڈ کے اس علاقے کے مکینوں کے ساتھ ہیں، جہاں پر یہ زیر استعمال کیا گیا ہے، اسی ہفتے ایمبزبری میں ایک جوڑے پر حملے میں نوویچوک کے استعمال کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    اعصابی گیس حملے کا شکار ہونے والا جوڑا تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے، اس سے قبل مارچ میں ایمزبری کے قریبی علاقے سالسبری میں سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی یویلیا اسکریپل پر حملے میں اعصاب شکن مادہ استعمال کیا گیا تھا۔

    برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ ماسکو اس حملے کے حوالے سے تفصیلی موقف پیش کرے اور واضح طور پر بتائے کہ اس سے پہلے کیا ہوا تھا۔

    دوسری جانب ماسکو کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروا کا کہنا ہے کہ برطانوی پولیس کو گندی سیاست کے کھیل میں شریک نہیں ہونا چاہئے اور اپنی تحقیقات میں روس کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانیہ: آٹھ نومولود بچوں کے قتل کے شبہے میں نرس گرفتار

    برطانیہ: آٹھ نومولود بچوں کے قتل کے شبہے میں نرس گرفتار

    لندن: برطانیہ کی کاؤنٹی چیشائر کے اسپتال میں ایک نرس کو اس شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے کہ اس نے آٹھ نومولود بچوں کی جان لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ اٹھائیس سالہ نرس لوسی لٹبائے نے آٹھ بچوں کے قتل کے علاوہ چھ مزید بچوں کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سترہ بچوں کی اموات اور پندرہ بچوں کی غیر مہلک بے ہوشی کے حوالے سے 2017 سے تفتیش کر رہے تھے، یہ واقعات مارچ 2015 اور جولائی 2016 میں پیش آئے تھے۔

    چیشائر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والی نرس کاؤنٹس آف چیسٹر اسپتال میں کام کر رہی تھی، اور نومولود بچوں کی دیکھ بھال پر مامور تھی، اسے گزشتہ روز اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق تفتیش کار دو ہزار پندرہ اور دو ہزار سولہ میں بچوں کی ہونے والی اموات کی تحقیقات کر رہے تھے، وہ اس بات پر شبہے میں مبتلا تھے کہ اسی اسپتال میں بچوں کی اتنی اموات کیوں واقع ہو رہی ہیں۔

    تفتیش کاروں کی تحقیقات نے انھیں لوسی لٹبائے کے گھر تک پہنچایا، لوسی کی گرفتاری کی خبر نے اسپتال میں اس کے ساتھیوں کو حیران کر دیا کیوں کہ وہ بچوں کو سنبھالنے کی چیمپئن سمجھی جاتی تھی۔

    معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نرس نے اسپتال کا بے بی یونٹ تعمیر کرنے کے لیے فنڈ جمع کرنے والی مہم میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

    لندن میں چاقو زنی واردات میں‌ ملوث کم عمر ملزمان گرفتار


    دو ہزار پندرہ اور سولہ کے درمیان ایک سال کے عرصے میں بڑی تعداد میں بچوں کی اموات نے اسپتال کے ٹرسٹ کو بھی پریشان کر دیا تھا، ڈاکٹروں نے اندرونی انکوائری بھی کی کہ وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کے دل اور پھپھڑے کیوں فیل ہو جاتے ہیں۔

    ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرنے والے بچوں کے بازوؤں اور ٹانگوں پر موت کے بعد عجیب نشان ظاہر ہوئے تھے، ماہرین اس وجہ معلوم نہ کرسکے تو پولیس کو اطلاع دی گئی، جس پر گزشتہ سال کیس کی تحقیقات شروع کی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وِنٹر ہل میں گھاس میں لگی آگ قابو سے باہر ہوگئی، برطانیہ بھر سے فائر فائٹرز طلب

    وِنٹر ہل میں گھاس میں لگی آگ قابو سے باہر ہوگئی، برطانیہ بھر سے فائر فائٹرز طلب

    لنکا شائر: برطانوی کاؤنٹی لنکا شائر کے علاقے ونٹر ہل میں گھاس کے وسیع قطعے میں لگی آگ قابو سے باہر ہوگئی ہے، برطانیہ بھر سے فائر فائٹرز طلب کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ونٹر ہل، مور لینڈ میں لگی آگ جمعرات سے لگی ہوئی ہے، لنکا شائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ منگل تک اس غضب ناک اور مسلسل پھیلنے والی آگ پر قابو پانے کی امید ہے۔

    لنکا شائر کے حکام نے بولٹن سے ایک بائیس سالہ نوجوان کو بھی گرفتار کر لیا ہے جس کے بارے میں شک ہے کہ اس نے قصداً یہ آگ لگائی ہے۔

    فائر سروس کا کہنا ہے کہ تیزی سے پھیلتی آگ کو قابو کرنے کے لیے برطانیہ بھر سے سو فائر فائٹرز آکر آگ بجھا رہے ہیں، آگ پر ہیلی کاپٹر سے بھی پانی پھینکا جا رہا ہے۔

    پولیس نے راہ گیروں اور موٹر سواروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وِنٹر ہل کے آس پاس علاقے سے دور رہیں، قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو بھی گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی آج 57ویں سالگرہ منائی جارہی ہے


    یہ آگ تین اسکوائر میل کے علاقے میں پھیلی ہوئی ہے، اور تیزی سے پھیلتی چلی جا رہی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے، آگ نے ایک وسیع رقبے پر دھوئیں اور راکھ کی چادر تان دی ہے۔

    مقامی فائر سروس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقے کے اوپر اپنے ڈرون نہ اڑائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ کے دورہ برطانیہ سے قبل شہریوں کا انوکھا احتجاج

    ٹرمپ کے دورہ برطانیہ سے قبل شہریوں کا انوکھا احتجاج

    لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ سے قبل ٹرمپ کے مخالف برطانوی شہریوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے چھ میٹر اونچا غصے سے بھرا بے بی ٹرمپ غبارہ لندن کی فضا میں بلند کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 جولائی سے برطانیہ کا دورہ کریں گے، ٹرمپ کے دورے سے قبل ہی ان کے خلاف مہم شروع ہوگئی ہے، برطانوی شہریوں نے چھ میٹر اونچا بے بی ٹرمپ غبارہ لندن کی فضا میں بلند کردیا ہے۔

    برطانوی شہریوں کی جانب سے بے بی ٹرمپ غبارہ بنانے کے لیے نو ہزار پاؤنڈ چندہ مانگا گیا تو دس ہزار تین سو پاؤنڈ جمع ہوگئے، غبارے کو پارلیمنٹ کی عمارت پر اُڑانے کے لیے سات ہزار لوگوں نے پٹیشن پر دستخط کیے۔

    ٹرمپ مخالف برطانوی شہریوں کا کہنا تھا کہ بے بی ٹرمپ غبارہ اگر پارلیمنٹ کی عمارت پر اڑانے کی اجازت نہ ملی تو کسی دوسری جگہ کا انتخاب کیا جائے گا۔

    دوسری جانب ٹرمپ کی لندن آمد کے موقع پر ٹرین ڈرائیورز نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ہر کسی کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے لیکن اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی اور امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • برطانیہ میں گرمی کی لہر بچوں اور عمر رسیدہ افراد کے لیے خطرناک قرار

    برطانیہ میں گرمی کی لہر بچوں اور عمر رسیدہ افراد کے لیے خطرناک قرار

    لندن: گرمی کی ایک لہر برطانیہ بھر میں سر اٹھا رہی ہے، درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گرمی کی ایک لہر برطانیہ میں پھیل رہی ہے جو کہ اس سال گرم ترین درجہ حرارت کا سبب بن سکتی ہے، درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    برطانوی میٹ آفس کے مطابق گرمی کے باعث مضافاتی ساحل سمندر کے مقامات پر رش دیکھا گیا ہے، بچوں، عمر رسیدہ افراد کو گرمی کی لہر سے زیادہ خطرہ ہے۔ چند ہفتوں بعد پر گرمی میں کمی کا امکان ہے۔

    میٹ آفس فورکاسٹر مارک فوسٹر کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے تمام حصوں میں سال کا گرم ترین دن اس ہفتے آئے گا، یہ حقیقتاً ایک اچھا موقع ہوگا کہ ہم سال کا گرم ترین دن دیکھ سکیں گے یہ ممکنہ طور پر آج بھی ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کا مطلب یہ ہے کہ تب کاہی کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے یہ مشکل وقت ہوگا۔

    میٹ آفس کے مطابق اس سال برطانیہ بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 اپریل کو سینٹ جیمس پارک، سینٹرل لندن میں 29.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ْ

    دوسری جانب روز اینڈ کرومانی، اسکاٹ لینڈ میں اچناگرٹ پر درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوٹائرون مین کیسل ڈرگ میں 25.3 ڈگری سینٹی گریڈ سال کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانیہ میں بریگزٹ کے خلاف لاکھوں افراد کا مظاہرہ، ریفرنڈم کا مطالبہ

    برطانیہ میں بریگزٹ کے خلاف لاکھوں افراد کا مظاہرہ، ریفرنڈم کا مطالبہ

    لندن: برطانیہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے خلاف مظاہرہ کیا اور یورپی یونین سے نکلنے کے معاملے پر دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے یورپی یونین سے نکلنے کے معاملے پر دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ کیا ہے، مظاہرین نے یورپی یونین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جس میں بریگزٹ ڈیل کے خلاف کلمات درج تھے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ بل منظور کیا تھا، یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی سے متعلق بل پر کئی ماہ سے بحث جاری تھی، شاہی منظوری کے بعد بریگزٹ بل قانون کا درجہ حاصل کرلے گا۔

    یورپی یونین میں رہنے کے حامی اراکین کا بل 303 کے مقابلے میں حکومتی اراکین نے 319 ووٹوں سے مسترد کردیا تھا، دو سال قبل برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں کئے گئے ریفرنڈم میں ووٹ ڈالا تھا۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ عوام کے منتخب نمائندوں نے عوام کی خواہش کے مطابق فیصلہ کیا ہے، آئندہ چند روز میں وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جس میں یورپی یونین سے مستقبل کے تعلقات کا احاطہ کیا جائے گا۔

    برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بریگزٹ نے برطانوی شہریوں کو سنہرے مستقبل کے علاوہ اپنے پیسے، قانون اور سرحد پر کنٹرول کی راہ دی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کا آغاز مارچ 2019 سے ہوگا اور دسمبر 2020 تک جاری رہے گا، اس دوران برطانیہ میں رہنے والے 45 لاکھ یورپی شہریوں کو برطانیہ جبکہ 12 لاکھ برطانوی شہریوں کو یورپی یونین میں آنے کی اجازت ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔