Tag: برطانیہ کی خبریں

  • برطانوی امام کو نکاح رجسٹر نہ کرائے جانے پر سزا ہوسکتی ہے

    برطانوی امام کو نکاح رجسٹر نہ کرائے جانے پر سزا ہوسکتی ہے

    لندن: برطانوی امام کو نکاح رجسٹر نہ کرائے جانے پر سزا ہوسکتی ہے، اس سلسلے میں برطانوی حکومت نے شادی کے قانون میں ترمیم پر کام شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی حکومت کے ڈیپارٹمنٹ نے رائے عامہ کے حصول کے لیے ایک گرین پیپر بھی شایع کردیا ہے جس پر پانچ جون تک مشاورت کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

    گرین پیپر میں کہا گیا ہے کہ وہ امام جو نکاح پڑھاتے ہیں، اگر انھوں نے یہ یقینی نہیں بنایا کہ جوڑے نے مقامی رجسٹرار آفس میں نکاح والے دن یا اس سے قبل شادی قانونی طور پر رجسٹرڈ کرائی ہے تو انھیں قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ شادی کے قانون میں ترمیم کے ذریعے رجسٹرڈ نہ کیا جانا والا نکاح ایک مجرمانہ عمل بنایا جا رہا ہے، جس پر رائے عامہ سے مشورہ جاری ہے، عوامی توثیق کے بعد اسے قانون بنادیا جائے گا، عیسائی اور یہودی برادریوں کے لیے بھی شادی کے سلسلے میں یہی شرائط عائد ہیں۔

    نکاح کی رجسٹریشن کے سلسلے میں فروری میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مجوزہ ترمیم کا بنیادی مقصد مسلمان عورتوں کو طلاق کے لیے شریعت کونسلز پر انحصار کرنے کی بجائے برطانوی عدالتوں میں طلاق کے لیے رجوع کرنے کی آسانی فراہم کرنا ہے۔

    لندن: پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب 2 نوجوان تیزاب گردی کا شکار


    گزشتہ سال نومبر میں دی گارجین میں شائع ہونے والی ایک سروے رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مسلم روایات کے تحت ہونے والی ہر دس شادیوں میں سے چھ قانونی طور پر رجسٹرڈ نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے وہ مخصوص حقوق اور تحفظ سے محروم ہوتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق شادی ٹوٹنے کے نتیجے میں صرف نکاح کرنے والی خواتین فیملی کورٹ نہیں جا پاتیں جہاں وہ اثاثوں جیسا کہ گھر اور بچوں کے لیے پنشن کی تقسیم سے محروم رہتی ہیں۔

    ایک اور رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایسی خواتین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ ہے جنھوں نے صرف اسلامی روایات کے مطابق نکاح کیا لیکن سرکاری طور پر شادی رجسٹرڈ نہیں کرائی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد مساجد میں نکاح پڑھواتی ہے اور بعض اوقات جوڑے کا امیگریشن اسٹیٹس بھی چیک نہیں کیا جاتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن: پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب 2 نوجوان تیزاب گردی کا شکار

    لندن: پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب 2 نوجوان تیزاب گردی کا شکار

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب دو نوجوانوں پر تیزاب پھینک دیا گیا، تیزاب گردی سے دونوں نوجوانوں کے چہرے متاثر ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پلائیسٹو اسٹیششن کے قریب دو نوجوانوں پر تیزاب پھینک دیا گیا، تیزاب سے دونوں نوجوانوں کے چہرے متاثر ہوئے، عینی شاہدین نے متاثرین کی مدد کی، دونوں نوجوانوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    لندن پولیس کے مطابق تیزاب گردی کا شکار ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 17 سے 18 سال ہیں جبکہ عینی شاہدین نے متاثرین کے چہرے پر پانی پھینک کر ان کی مدد کی بعدازاں دونوں نوجوانوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے مطابق تیزاب سے 18 سالہ نوجوان کا چہرہ اور سر متاثر ہوا ہے جبکہ 17 سالہ نوجوان کا بھی چہرہ متاثر ہونے کے ساتھ کہنی پر بھی چوٹیں آئی ہیں۔

    دونوں نوجوانوں کو ایسٹ لندن کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق دونوں نوجوانوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس کی جانب سے متاثر ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ برطانیہ کے جنوب میں واقع علاقے برکسٹن میں نامعلوم شخص نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بس میں نوجوان لڑکی پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا تھا، متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل لندن کی عدالت نے ماڈل ریشم پر تیزاب سے حملہ کرنے والے شخص کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی، جان ٹملن نے ریشم خان اور ان کے کزن جمیل مختار پر تیزاب سے حملہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ہر پچیس میں سے ایک برطانوی بچہ شدید موٹاپے کا شکار

    ہر پچیس میں سے ایک برطانوی بچہ شدید موٹاپے کا شکار

    لندن: ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ برطانیہ میں دس سے گیارہ سال کی عمر کا ہر پچیس میں سے ایک بچہ شدید موٹاپے کا شکار ہے۔

    تفصیلا ت کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جب کہ حکومت کا اصرار ہے کہ اس کا بچوں کے موٹاپے کا پلان جامع ہے۔

    حکومتی تنظیم کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ ابتدائی اسکول میں داخل ہونے والے وہ بچے جو قد اور وزن کے حساب سے شدید موٹاپے کا شکار تھے، کی تعداد پندرہ ہزار تھی، لیکن جب وہ پرائمری اسکول چھوڑ رہے تھے تب ان کی تعداد بائیس ہزار کو پہنچ گئی تھی۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں حکومت کے نیشنل چائلڈ میژرمنٹ پروگرام کے تحت پرائمری اسکول شروع کرنے اور چھوڑنے والے بچوں کا قد اور وزن معلوم کیا جاتا ہے۔

    2016-17 کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پرائمری اسکول میں داخل ہونے والے چار یا پانچ سال کے چالیس بچوں میں سے ایک بچہ (629,000 میں سے پندرہ ہزار) شدید موٹاپے کے زمرے میں شمار کیا گیا تھا۔

    موٹاپا دماغ کو جلد بوڑھا کرنے کا سبب


    رپورٹ کے مطابق جب ان بچوں کی عمر دس اور گیارہ سال کی تھی تو شدید موٹاپے کے شکار بچوں کی کیٹیگری میں بچوں کی تعداد ہر پچیس میں سے ایک (556,000 میں سے 22,000 ) ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں پہلی بار نیشنل چائلڈ میژرمنٹ پروگرام نے اپنے ڈیٹا میں شدید موٹاپے کی کیٹیگری شامل کی ہے تاکہ موٹاپے کے مسئلے سے زیادہ بہتر طور پر نمٹا جاسکے۔

    برطانیہ میں گندے پبلک ٹوائلٹ، خاتون شہری خود صفائی کرنے نکل پڑی


    لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن ایزی سکمب کا کہنا تھا کہ برطانیہ مغربی یورپ کی سب سے زیادہ موٹی قوم تھی، اور آج کے موٹے بچے کل کے موٹے جوان ہوں گے، جب تک اس مسئلے سے نمٹا نہیں جاتا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ موٹاپے کے شکار بچوں کے سلسلے میں والدین احتیاط کرکے ان کی صحت مند جوانی بچاسکتے ہیں، دوسری طرف ذیابیطس، سرطان اور دل کے امراض جیسے صحت کے مسائل سے بھی ان کو بچایا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانوی وزیر خارجہ  کو روسی مسخروں نے بیوقوف بنادیا

    برطانوی وزیر خارجہ کو روسی مسخروں نے بیوقوف بنادیا

    لندن: روس کے دو مزاحیہ اداکاروں نے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کو بیوقوف بنادیا، آرمینیا کا وزیر اعظم بن کر برطانوی وزیر خارجہ سے 18 منٹ تک ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے دو مسخروں نے نقلی روپ دھار کر برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کو ماموں بنادیا، روسی مسخروں نے بورس جانسن کو فون کیا اور آرمینیا کے وزیر اعظم بن کر 18 منٹ تک ملکی و غیر ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے رہے، یہی نہیں مسخروں نے گفتگو کو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا وائرل کردیا۔

    برطانوی وزیر خارجہ کافی دیر تک لاعلم رہے تاہم جیسے ہی آڈیو کال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو بورس جانسن کو علم ہوا، وزارت خارجہ نے معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    برطانوی وزارت خارجہ نے واقعے پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے تاحال دونوں روسی مزاحیہ کرداروں کے مقاصد کا علم نہیں ہوسکا ہے کہ انہوں نے کس مقصد کے لیے بورس جانسن کو کال کی تھی۔

    خیال رہے کہ روسی مسخرے الیکزی اسٹولیا روو اور ویلادی میر کزنیٹسوو دنیا کی کئی اہم شخصیات کی ہو بہو آواز میں بات کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل وہ خود کو روس کا صدر ولادی میر پیوٹن ظاہر کرکے معروف گلوکار ایلٹن جون کو بیوقوف بناچکے ہیں، اسی طرح ایک مرتبہ یوکرائن کے صدر کی آواز میں ترک صدر اردوان سے بھی بات چیت کرچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ، اربن فلڈ کا خطرہ

    لندن میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ، اربن فلڈ کا خطرہ

    لندن: جنوبی برطانیہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھا ر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، آسمان پر خطرناک بجلیوں نے اپنے ڈیرے ڈال لیے ہیں، پیر کے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہےگا، اربن فلڈ کی وارننگ جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات چار گھنٹے میں پندرہ ہزار سے زائد خطرناک بجلیوں کا کڑکنا ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے جنوبی برطانیہ کا آسمان مسلسل چار گھنٹے تک روشن رہا۔

    طوفان کے سبب اسٹین سٹڈ ایئرپورٹ پر بھی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس کا بنیادی سبب آسمانی بجلی گرنے سے طیاروں کے ری فیولنگ سسٹم کو نقصان پہنچنا بتایا جارہا ہے۔ تاہم اب اس کو درست کرکے فلائٹ آپریشن شروع کیاجاچکا ہے۔

    برطانوی میٹ آفس نے ویلز اور انگلینڈ کے زیادہ علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے سبب پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش ِ نظر یلو وارننگ جاری کردی ہے ، جس میں شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بلاسبب گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ سلسلہ پیر تک جاری رہے گا اور ویلز ، وسطی اور جنوبی انگلینڈ اس کا سب سے زیادہ نشانہ بنیں گے

    ایسیکز کے علاقے اسٹین وے میں ایک گھر پر بھی بجلی گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد فائرفائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ بجلی کی سپلائی معطل ہونے اور ٹرین اور بسوں کے تاخیر سے چلنے کا امکان بھی ہے۔

    بی بی سے کے موسم کے براڈ کاسٹر ٹامز نے اسے تمام طوفانوں کی ماں قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں لندن میں کبھی ایسا طوفان نہیں دیکھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • برطانوی دوشیزہ نے زیادتی کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو لہولہان کردیا

    برطانوی دوشیزہ نے زیادتی کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو لہولہان کردیا

    ڈروائٹ وچ: برطانیہ میں زیادتی کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو نوجوان لڑکی نے تیز دھار شے سے لہو لہان کردیا، حملہ آور زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  نا معلوم حملہ آور نے وارسسٹرشائرکے علاقے ڈروائٹ وچ  میں  ایک ٹین ایجر لڑکی پر حملہ کرکے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی جسے لڑکی نے بھرپور مزاحمت کرکے ناکام بنادیا ، بلکہ حملہ آور کو زخمی بھی کردیا۔

    پولیس نے حملے کا شکار ہونے والی نوجوان لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ  ہفتے کے روز سہہ پہر تین بجے  ٹرینٹ کلوز اور وارسسٹر روڈ کے درمیانی علاقے میں ایک سنسنان گلی میں پیش آیا۔

     مسیحی پیشوا کو بچوں سے زیادتی کے جرم میں قید کی سزا

    لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس نے حملہ آور کو ایک تیز دھار آلے سے نشانہ بنایا اور حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا، لڑکی کے مطابق اس نے حملہ آور کے پیٹ، پہلو اور پشت پر وار کیے تھے جن سے وہ زخمی ہوکر جائے حادثہ سے بھاگ کھڑا ہوا۔

    پولیس کا خیال ہے کہ حملہ آور پہلے پہل تو گھر پر ہی اپنے زخموں کا علاج کرنے کی کوشش کرے گا تاہم اگر اس کے زخم  گہرے ہوئے تو مجبوراً اسے کسی اسپتال کا رخ کرنا پڑے گا۔

    محکمے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس حملے کے بارے میں کسی بھی شہری کے پاس اگر کوئی اطلاع ہے تو  وہ پولیس سے شیئر کرے ۔ چیف انسپکٹر  اسٹیو ٹانکس کا کہنا ہے کہ اس حملہ آور کو جلد از جلد گرفتار کرنا بے حد ضروری ہے کہیں وہ غصے میں کسی اور لڑکی کو اپنا نشانہ بنانے کی کوشش نہ کر بیٹھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں