Tag: برطانیہ کے لیے پروازیں

  • پاکستان برطانوی ریڈ لسٹ میں، پی آئی اے کا مسافروں کے لیے بڑا اعلان

    پاکستان برطانوی ریڈ لسٹ میں، پی آئی اے کا مسافروں کے لیے بڑا اعلان

    کراچی: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو سفری پابندیوں پر مبنی ریڈ لسٹ میں شامل کرنے پر قومی ایئر لائن نے اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے مانچسٹر کے لیے اسلام آباد سے دو طرفہ 4 اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، 6 اور 7 اپریل کو آپریٹ کی جانے والی ان پروازوں کے ذریعے 1 ہزار 400 مسافر سفر کر سکیں گے۔

    برطانوی ریڈ لسٹ کی وجہ سے 9 اپریل کے بعد کوئی غیر برطانوی شہری برطانیہ داخل نہیں ہو سکے گا، اس لیے حکومتی ہدایات پر پی آئی اے نے 9 اپریل سے پہلے اپنی پروازوں کی تعداد بڑھائی ہے، اضافی پروازوں کے ساتھ اب 4 تا 9 اپریل پی آئی اے کی 5 پروازیں برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گی۔

    خیال رہے کہ ریڈ لسٹ کے سبب پی آئی اے کی 9 اور 11 اپریل کی دو طرفہ شیڈول پروازیں آپریٹ نہیں کی جا سکیں گی۔جب کہ ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن برطانیہ میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی چھٹیوں پر پاکستان آئے ہوئے ہیں، اور ان تارکین وطن کی واپسی مشکل مرحلہ بن گئی ہے، دوسری جانب غیر ملکی ایئر لائنز کی جانب سے کرائے 4 لاکھ روپے تک وصول کیے جانے لگے ہیں۔

    قومی ایئر لائن کی اضافی پروزاوں کے ذریعے برطانیہ میں واپسی کے منتظر پاکستانی شہریوں کی واپسی ممکن ہوگی۔

    کرونا کی تیسری لہر ، برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا

    پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا کہنا ہے کہ اضافی پروازوں کا مقصد تارکین وطن کی مشکلات آسان کرنا اور کرایوں کو کنٹرول کرنا ہے، نیز انھوں نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کی ٹکٹوں کے حصول کو مسافروں کی سہولت مہیا کرنے کے لیے آسان بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ نے کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے، 9 اپریل سے پاکستان سے برطانیہ آنے والوں کو 10 دن ہوٹل قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    پاکستان کے علاوہ فلپائن، کینیا اور بنگلا دیش کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان ممالک سے آنے والے مسافر ہوٹل قرنطینہ کے اخراجات خود ادا کریں گے، مسافر کو ہوٹل قرنطینہ کے تقریباً 1700 پاؤنڈ ادا کرنے ہوں گے۔

  • برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن، پہلی پرواز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو گئی

    برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن، پہلی پرواز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو گئی

    کراچی: برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں پر مبنی پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن میں پہلی پرواز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں پر بکنگ کا آغاز ہو گیا ہے اور پہلی پرواز ابھی سے پُر ہوگئی ہے۔

    ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے کے پاس اعلیٰ سروس کے ساتھ محدود تعداد میں نشستیں موجود ہیں جن کی بکنگ جاری ہے، قومی ایئرلائن ان پروازوں پر 45 کلو فی مسافر بیگج کی سہولت بھی مہیا کر رہا ہے۔

    پی آئی اے کے مسافروں کو دوران پرواز ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کی سہولت بھی میسر ہوگی، ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ مانچسٹر سے زیادہ سے زیادہ پروازیں چلائی جائیں۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کی معطلی کے بعد دیگر ایئر لائنز نے کرائے غیر معمولی طور پر بڑھا دیے تھے، ان پروازوں کے چلنے کے بعد کرائے واپس عام سطح پر آنا متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے نے بتایا تھا کہ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کر نے کے لیے متبادل اتنظامات کر لیے گئے ہیں، اس سلسلے میں قومی ایئر لائن اور پرتگالی فضائی کمپنی کے مابین معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 300 سے زائد نشستوں والے جدید ایئر بس 330 A کے ذریعے پروازیں چلائی جا رہی ہیں، اس میں اکنامی اور بزنس کلاس میں جدید اور آرام دہ نشستیں ہیں۔

    ترجمان کے مطابق طیارے میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے گا، پی آئی اے 14 اگست کو برطانیہ سے آپریشن شروع کرے گی، پرواز پی کے 9702 PK مانچسٹر سے 250 سے زائد مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوگی، 15 اگست کو پرواز پی کے 9785 اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوگی۔