Tag: برطانیہ گرمی

  • برطانیہ میں گرمی سے ریکارڈ اموات : رپورٹ نے ہوش اڑا دیئے

    برطانیہ میں گرمی سے ریکارڈ اموات : رپورٹ نے ہوش اڑا دیئے

    لندن : موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر برطانیہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور گزشتہ سال یہاں پڑنے والی جان لیوا گرمی ہزاروں افرد کی موت کا سبب بن گئی۔

    اس حوالے سے برطانیہ کے دفتر برائے قومی شماریات کی جاری کردہ رپورٹ نے سب کے ہوش اڑا دیئے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں برطانیہ میں پڑنے والی شدید گرمی سے 4507 افراد ہلاک ہوئے۔

    برطانوی بیورو شماریات نے1988 تا 2022 انگلینڈ اور ویلز میں درجہ حرارت سے منسلک اموات اور ہسپتال میں علاج معالجے کے خطرات سے متعلق ایک تجزیہ شائع کیا، تجزیہ کے مطابق 32 سالوں میں گرمی سے ہونے والی اموات کی تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سال 2022کے گرم ترین ایام میں جب ملک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا تو 4 ہزار 507افراد گرمی سے لقمہ اجل بن گئے۔ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ "ریکارڈ پر سب سے زیادہ تعداد ” ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اموات کا سب سے زیادہ خطرہ دارالحکومت لندن میں دیکھا گیا جہاں درجہ حرارت 29 ڈگری سے تجاوز کرگیا۔

    برطانیہ گرمی

    صحت عامہ کے بین الاقوامی ماہرین کے ایک گروپ کی جانب سے گزشتہ سال شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ 30 مئی سے 4 ستمبر 2022 تک یورپ میں گرمی سے متعلقہ وجوہات سے 61 ہزار 672 افراد ہلاک ہوئے اور سب سے زیادہ اموات اٹلی، یونان، اسپین اور پرتگال میں دیکھی گئیں۔

    برطانوی موسمیاتی ایجنسی کی طرف سے 19 جولائی 2022 کو دیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں درجہ حرارت 40.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ برطانوی تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

  • برطانیہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، الرٹ جاری

    برطانیہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، الرٹ جاری

    موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر برطانیہ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث ملک کے متعدد حصوں کے لئے ایمبر ہیلتھ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے عوام بدترین گرمی کا مقابلہ کر رہے ہیں، انتظامیہ نے بیشتر حصوں کیلئے ایمبر ہیلتھ الرٹ جاری کیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے جس کے باعث عوام اذیت کا شکار ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی تک جاسکتا ہے، جبکہ آئندہ دنوں کے دوران گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

    حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث اموات بڑھ سکتی ہیں، جبکہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بغیر موسم کا اس قدر گرم ہونا ممکن نہیں ہے۔

    ملک میں شدید گرمی کے باعث ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے خطرے کا الارم بجا دیا ہے، جسے ایمبر ہیلتھ الرٹ کا نام دیا گیا ہے اس کا مطلب گرمی کی اس لہر سے ہر عمر کا فرد متاثر ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب اٹلی کے شہر میلان میں گرمی کا 260 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور شہری گرمی سے نڈھال ہیں، پارہ 33 ڈگری سیلسیز کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے مطابق 1763 کے بعد میلان کا یہ ریکارڈ ترین درجہ حرارت ہے، ایجنسی نے جمعہ کو کہا کہ اٹلی کا زیادہ تر حصہ گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، اور جنگلاتی آگ کی وجہ سے جنوبی یورپ کا بیش تر حصہ مسلسل گرم ہے۔