Tag: برطانیہ

  • برطانوی شاہی خاندان کے رنگ برنگے سوئٹر

    برطانوی شاہی خاندان کے رنگ برنگے سوئٹر

    لندن: برطانیہ کا شاہی خاندان یوں تو اپنے خوبصورت ملبوسات اور پروقار فیشن کے باعث بے حد مشہور ہے، لیکن حال ہی میں شاہی خاندان کی ایسی تصویر منظر عام پر آئی جس میں پورا خاندان نہایت عجیب و غریب شوخ رنگوں والے سوئٹر پہنے نظر آرہا ہے، جسے دیکھ کر پوری دنیا حیران و پریشان رہ گئی۔

    چند روز قبل منظر عام پر آنے والی اس تصویر نے پوری دنیا میں شاہی خاندان کے مداحوں کو پریشان کردیا کہ آخر ان لوگوں کے فیشن سینس کو کیا ہوگیا۔

    royal-2

    تصویر میں ملکہ الزبتھ، ان کے شوہر شہزادہ فلپ، ولی عہد شہزادہ چارلس، ان کی اہلیہ کمیلا پارکر، جبکہ شہزادہ چارلس کے دونوں بچے شہزادہ ہیری، شہزادہ ولیم اور ولیم کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن موجود ہیں۔

    تاہم جلد ہی حقیقت منظر عام پر آگئی۔ تصویر میں موجود افراد دراصل خود شاہی خاندان کے نہیں بلکہ ان کے مومی مجسمے ہیں جو یہ عجیب و غریب سوئٹر پہنے لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں نصب ہیں۔

    میوزیم کی انتظامیہ نے کرسمس کی مناسبت سے شاہی خاندان کی اجازت سے ہی ان کے مجسموں کو یہ شوخ رنگوں والے مگر کسی قدر بے تکے سوئٹر پہنائے۔

    royal-3

    royal-4

    یہ قدم دراصل برطانیہ میں بچوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی مہم کرسمس جمپر ڈے کے لیے اٹھایا گیا جس کے تحت بچوں کی بہبود کے لیے عطیات جمع کیے جاتے ہیں۔

    ان رنگا رنگ سوئٹرز کا مقصد دنیا بھر کو متوجہ کر کے انہیں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے عطیات دینے پر زور دینا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ کا شاہی خاندان فلاحی کاموں میں ویسے بھی پیچھے نہیں۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن برطانیہ میں دماغی امراض کی آگاہی اور شہزادہ ہیری ایڈز کے خلاف شعور پھیلانے کے لیے مختلف اداروں اور مہمات کا حصہ ہیں۔

  • برطانیہ کودہشتگردی کےخطرےکا سامناہے،ایلکس ینگر

    برطانیہ کودہشتگردی کےخطرےکا سامناہے،ایلکس ینگر

    لندن : برطانیہ کے حساس ادارے ایم آئی 6 کے نئے سربراہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کودہشت گردی کےشدید خطرات کاسامناہےجواس سے پہلے کبھی نہیں تھا۔

    تفصیلات کےمطابق برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے سربراہ نے خبردارکیاہے کہ برطانیہ کو جس سطح کے دہشت گردی کے خطرے کا اس وقت سامناہے ایسا اس سے پہلے کبھی نہیں تھا۔

    ایم آئی 6 کے سربراہ ایلکس ینگر کا کہنا تھا کہ برطانوی انٹیلی جنس اور سکیورٹی اداروں نے جون 2013 سے دہشت گردی کے 12 منصوبوں کا ناکام بنایا ہے۔

    ایلکس ینگرکامزید کہناتھاکہ برطانیہ کوانتہاپسندوں سےجمہوریت الٹنےاور سائبرحملوں جیسے خطرات کا بھی سامنا ہے۔

    برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایم آئی 6 کے ہیڈکوارٹرز میں ایم آئی 6 کے سربراہ کا کہناتھاکہ دولت داعش نے شام کی صورت حال کو خطے میں اپنا مضبوط گڑھ بنانے کے لیے استعمال کیا ہوا ہے اور مغرب کے خلاف جنگ چھیڑی ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ ایلکس ینگر کا کہنا تھا کہ داعش کے پاس انتہائی منظم انداز میں حملے کرنے کا نظام تھا جس کے ذریعے وہ برطانیہ اور اس کے اتحادیوں پرشام کو چھوڑے بغیر ہی حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

  • آرمی چیف سے برطانوی جوائنٹ آپریشنز کمانڈر کی ملاقات

    آرمی چیف سے برطانوی جوائنٹ آپریشنز کمانڈر کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی جوائنٹ آپریشنز کے کمانڈر نے ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ جنرل سرجان لوریمر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی جوائنٹ آپریشنز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرجان لوریمر نے ملاقات کی۔

    ملاقات کے موقع پر پیشہ ورانہ دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی جوائنٹ آپریشنز کے کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

    لیفٹیننٹ جنرل سرجان لوریمر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا خطے میں امن کے لیے کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔

    انہوں نے پاک فوج کے خطے میں امن و استحکام کے لیے کی گئی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

  • چوہدری نثار علی خان لندن سے وطن پہنچ گئے

    چوہدری نثار علی خان لندن سے وطن پہنچ گئے

    اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان لندن میں اپنے علاج کے بعدآج وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان طبی معائنے کے بعد لندن سے آج صبح پی آئی اے کی پرواز 786کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔

    برطانیہ میں دو ہفتے قیام کے دوران انہوں نے اپنا مکمل چیک اپ کروایاجس میں ان کی تمام میڈیکل رپورٹس نارمل آئی ہیں۔

    لندن ایئرپورٹ پروطن روانگی سے قبل چوہدری نثار علی خان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

    وفاقی وزیرداخلہ نے نئے آرمی چیف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے آرمی چیف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مزید بہتر کام کریں گے۔

    مزید پڑھیں:چوہدری نثار علی خان کی جلد صحتیابی کیلئے 7بکروں کا صدقہ

    یاد رہے کہ اس سےقبل گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جلد صحت یابی کےلیے راولپنڈی کی یونین کونسل نمبر 77میں ن لیگ کے چیئرمین وقار ڈار نےسات بکروں کا صدقہ دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ13نومبر کو وزیرداخلہ برطانیہ گئے تھے جہاں انہوں نے برطانوی وزیراعظم اوردیگر حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

  • ایل او سی کے واقعات پر تشویش ہے، برطانوی وزیر خارجہ

    ایل او سی کے واقعات پر تشویش ہے، برطانوی وزیر خارجہ

    اسلام آباد: برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ایل او سی کے واقعات پر تشویش ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے برطانوی وزیرخارجہ کو ایل او سی پر بھارت کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دونوں ممالک مذاکرات کریں۔ کشمیرکا مسئلہ کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔

    برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تمام فریقین تحمل سے کام لیں۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ کو بھارتی فورسز کی ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے۔

    بھارتی فوج کی وادی نیلم میں مسافر بس پر فائرنگ، 9 شہری شہید *

    بعد ازاں برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

  • برطانیہ کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    برطانیہ کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: برطانوی وزیرخارجہ بورس جانسن دو روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ گئے۔وزارت خارجہ کے حکام نے بورس جانسن کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔

    تفصیلات کےمطابق برطانوی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وہ مشیر خارجہ سرتاج عزیزکےساتھ باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے۔

    دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے علاوہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

    برطانوی وزیرخارجہ اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز کی ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی جائے گی۔

    بورس جانس کے دوروزہ دورے کے دوران صدرپاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 13نومبر کو وزیرداخلہ 3روزہ دورے پر برطانیہ گئے تھے جہاں انہوں نے برطانوی وزیراعظم اوردیگر حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    مزید پڑھیں:بانی ایم کیو ایم کا معاملہ پاک برطانیہ تعلقات میں حائل ہے، چوہدری نثار

    واضح رہے کہ برطانوی حکام سے ملاقاتوں کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہناتھاکہ چاہتاہوں بانی ایم کیو ایم کا معاملہ روڈ بلاک نہ بنے کیوں کہ بانی ایم کیو ایم کا معاملہ پاک برطانیہ کے درمیان رکاوٹ ہے۔

  • عمران فاروق کے قاتلوں‌ کو سزا دینا برطانیہ کی ذمہ داری ہے، نثار

    عمران فاروق کے قاتلوں‌ کو سزا دینا برطانیہ کی ذمہ داری ہے، نثار

    لندن: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل برطانیہ میں ہوا ہے اس لیے برطانوی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

    یہ بات  برطانیہ میں دورے کی غرض سے مقیم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے رکنِ برطانوی پارلیمنٹ لارڈ نذیر سے ملاقات میں کہی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور بانی ایم کیو ایم کے خلاف مقدمات سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق چوہدری نثار نے دورانِ ملاقات لارڈ نذیر کو پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں ان کے مسائل ترجیحی حل کیے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں برطانوی اداروں کی تحقیقات پر تحفظات ہیں جن سے برطانوی حکومت کوآگاہ کردیا،ڈاکٹر عمران فاروق پاکستانی شہری تھے ان کا قتل برطانیہ میں ہوا ہے اس لیے برطانوی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

    پاکستانی نژاد برطانوی رکنِ پارلیمنٹ لارڈ نذیر نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو یقین دہانی کرائی کہ وہ قائد ایم کیو ایم کی سرگرمیوں اور ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے اور اس معاملے میں اپنا بھرپور کردار اور اثر و رسوخ استعمال کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے وزیر داخلہ چوہدری نثار برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب کے علاوہ کئی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور منی لانڈرنگ کیس سمیت بانی ایم کیو ایم سے متعلق برطانیہ کی پالیسی پر تحفظات کا بھی اظہار کیا تھا۔

  • بانی ایم کیو ایم کا معاملہ پاک برطانیہ تعلقات میں حائل ہے، چوہدری نثار

    بانی ایم کیو ایم کا معاملہ پاک برطانیہ تعلقات میں حائل ہے، چوہدری نثار

    لندن : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے برطانوی وزیر اعظم اور دیگرحکام سے ہونے والی ملاقاتوں کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاہتاہوں بانی ایم کیو ایم کا معاملہ روڈ بلاک نہ بنے کیوں کہ بانی ایم کیو ایم کا معاملہ پاک برطانیہ کے درمیان رکاوٹ ہے۔

    لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بتایا کہ برطانوی وزیراعظم اوردیگر حکام سے ملاقاتیں بامقصد رہی ہیں،ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم، خوشگوار اور مفید بنانے کے عزم کا اظہار اور خطےمیں امن کےقیام کے لیے شانہ بشانہ کام کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکا کہنا تھا برطانوی حکام سے ملاقات میں پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور برطانیہ کی سرزمین سے پاکستان میں انتشار اور فساد پھیلانے پر اپنی تشویش سے بھی برطانیہ کو آگاہ کیا ہےجس پہ برطانوی حکام سے سنجیدگی سے غور کرنے کا یقین کرایا ہے ۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے طریقہ کار پر تشویش ہے جس سے برطانیہ کےجوڈیشل سسٹم پر سوالات اٹھ رہے ہیں جس پر برطانوی حکومت کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس کا معاملہ پاکستان میں منطقی انجام تک پہنچایا جا ئےگا برطانوی ہوم سیکریٹری سے عمران فاروق کیس پر ہر شواہد کا تبادلہ کیا ہے تا ہم پاکستان میں ،موجود عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان کو برطانیہ لینا نہیں چاہتا۔

  • برطانوی شہزادی کمیلا پارکر کی حفاظت کے لیے خواتین گارڈز تعینات

    برطانوی شہزادی کمیلا پارکر کی حفاظت کے لیے خواتین گارڈز تعینات

    برطانوی شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر آج کل متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر کلیرنس ہاؤس کی جانب سے ایک نہایت منفرد تصویر جاری کی گئی ہے جس میں کمیلا پارکر خواتین سیکیورٹی گارڈز میں گھری نظر آرہی ہیں۔

    برطانیہ کا یہ شاہی جوڑا آج کل مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہے جہاں وہ پہلے عمان گئے بعد ازاں ان کی اگلی منزل متحدہ عرب امارات میں ٹہری۔

    شاہی جوڑے نے یہاں موجود شیخ زید جامع مسجد کا بھی دورہ کیا جہاں کمیلا پارکر کی حفاظت خواتین گارڈز کے دستے نے کی۔

    camilla-2

    اس شاہی جوڑے کی مصروفیات سے آگاہ کرنے والے سماجی رابطوں کے آفیشل اکاؤنٹس سے جاری کی گئی تصویر کے مطابق کمیلا پارکر کی حفاظت پر معمور یہ خواتین گارڈز متحدہ عرب اماراتی فوج کا حصہ ہیں اور ان میں سے 3 خواتین رواں برس دنیا کی سب سے بلند ماؤنٹ ایورسٹ پہاڑ کی چوٹی بھی سر کر چکی ہیں۔

    کلیرنس ہاؤس کے مطابق کمیلا پارکر ان خواتین گارڈز کو دیکھ کر نہایت خوش ہوئیں اور یہ ان کے لیے ایک منفرد تجربہ تھا۔

    واضح رہے کہ دنیا کے معمر ترین ولی عہدی کا اعزاز رکھنے والے شہزادہ چارلس شہزادی ڈیانا سے رشتہ ازدواج میں منسلک رہے اور انہوں نے دوسری شادی سنہ 2005 میں اپنی سابقہ محبوبہ کمیلا پارکر سے کی تھی جو اس وقت بیوہ تھیں۔

    ناچتا گاتا شاہی خاندان *

    شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے 2 بچے ولیم اور ہیری بھی ہیں جو اب اپنے والد کے ساتھ ولی عہدی کی دوڑ میں شامل ہیں۔

  • بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے،ہائی کمشنر ابنِ عباس

    بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے،ہائی کمشنر ابنِ عباس

    لندن : برطانیہ میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ بھی اپنا کردارا دا کر رہی ہے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے محمد صلاح الدین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کا کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور بنیادی انسانی حقوق سے روح گردانی کے عمل سے ہر شخص واقف ہے۔

    قابض بھارتی فوج کشمیری مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،عالمی برادری کوبھارت پر دباؤ ڈال کر کشمیر میں جاری مظالم ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    انہوں نے اے آر وائی کے نمائندے محمد صلاح الدین کو بتایا کہ برطانوی پارلیمنٹ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی جبر کے خلاف آواز اُٹھارہی ہے اور اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار بھی ادا کر رہی ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ برطانوی وزیراعظم بھارت کے دورے پر جارہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ برطانوی وزیر اعظم دورہ بھارت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے حوالے سے بھی آواز بلند کریں گے۔

    ہائی کمشنر سید ا بن عباس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے برطانیہ میں ہر فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ برطانوی پارلیمنٹرین سے بھی ملاقاتیں کرکے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا گیا ہے۔