Tag: برطانیہ

  • برطانیہ کا اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر جزوی پابندی لگانے کا اعلان

    برطانیہ کا اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر جزوی پابندی لگانے کا اعلان

    مانچسٹر: برطانیہ نے اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر جزوی پابندی لگانے کا اعلان کردیا، 30 لائسنس معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ برآمد کے 350 میں سے 30 لائسنس معطل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، لائسنس کی معطلی سے اسرائیل کو ڈرونز، ہیلی کاپٹرز اور ہوائی جہازوں کی فراہمی متاثر ہوگی۔

    سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ فیصلہ غزہ میں اسرائیل کے طرزعمل پر شدید تشویش کے بعد کیا گیا، اسرائیل کو برآمد ہتھیار انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں استعمال ہوسکتے ہیں۔

    برطانوی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے حماس کے خلاف دفاع کی حمایت کرتے ہیں، آزاد فلسطینی ریاست کیلئے دو ریاستی حل کے حامی ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو اسرائیلی قیدیوں کے معاہدے کو محفوظ بنانے کے لیے حتی الامکان کوششیں نہیں کر رہے۔

    صدر بائیڈن نے کہا کہ انھیں یقین نہیں ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کو حاصل کرنے کے لیے کافی کوشش کر رہے ہیں۔

    وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے حتمی تجویز پیش کرنے کے قریب ہیں۔

  • ویڈیو: برطانیہ میں بھی سڑکوں پر گڑھے، لیکن شہریوں کا رویہ پاکستانیوں سے بالکل الگ

    ویڈیو: برطانیہ میں بھی سڑکوں پر گڑھے، لیکن شہریوں کا رویہ پاکستانیوں سے بالکل الگ

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ برطانیہ کے مشہور علاقے سسیکس کی سڑکوں پر بھی گڑھے پڑے نظر آتے ہیں، لیکن حیران کن بات یہ بھی ہے کہ وہاں شہریوں کا رویہ پاکستانیوں سے بالکل الگ ہے۔

    صرف پاکستان ہی نہیں برطانیہ میں بھی لوگ گڑھوں سے پریشان ہیں، لیکن ڈیلی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق سسیکس سے تعلق رکھنے والا ایک شخص اپنی کونسل کے خلاف انتہائی غیر معمولی انداز میں جنگ لڑ رہا ہے، اس نے سڑک پر بنے گڑھوں میں پھول دار پودے لگانے کی مہم شروع کر دی ہے۔

    سڑکوں پر پڑے گڑھوں پر ناراض نوجوان ہیری اسمتھ ہاگٹ نے سسیکس کے علاقے ہورشم کی سڑکوں پر ہریالی اگانے کی جدوجہد شروع کی ہے، تاکہ کونسل کی توجہ ان سڑکوں کی ’گھناؤنی‘ حالت کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔

    یہ نوجوان سڑک کے گڑھوں پر باغبانی کر کے اس کی ویڈیو ٹک ٹاک پر شیئر کر دیتا ہے، اس کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اور اسے 2.7 ملین ویوز مل چکے ہیں۔

    ہیری اسمتھ کا کہنا ہے کہ پھول دیکھ کر لوگ گڑھوں کے پاس نہیں جائیں گے اور ان پھولوں سے انتظامیہ کو گڑھوں کی خوش بو آتی رہے گی۔ دوسری طرف ویسٹ سسیکس کاؤنٹی کونسل نے گڑھے ٹھیک کرنے کی بجائے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ وہ ان سڑکوں پر نہ جائیں بلکہ ہائی ویز سے سفر کریں، شہریوں نے اس پر تنقید کی ہے کہ اس طرح ان کی جان خطرے میں ڈالی جا رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اتھارٹی اپنے بجٹ کا 6.7 فی صد ہائی ویز اور ٹرانسپورٹ پر خرچ کرتی ہے، اور اس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ شہریوں کے غصے اور مایوسی کو سمجھ رہی ہے، اور گڑھوں سے نمٹنے کے لیے وسائل میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ہیری اسمتھ نے بی بی سی کو بتایا کہ لوگ برسوں سے ان گڑھوں کی شکایت کر رہے ہیں، آخر تنگ آ کر میں نے انھیں پھولوں سے بھرنا شروع کر دیا۔

    ہیری اسمتھ ہاگٹ گڑھوں میں پھول لگاتے وقت اپنی بنوائی ہوئی گلابی بنیان پہنتے ہیں، جس کی پشت پر ’پریٹی پاٹ ہولز‘ لکھا ہوتا ہے۔

    @harry_pretty_potholes Pretty potholes!#foryourpage #foryou #fyp #goviral #viralvideo #fyppppppppppppppppppppppp #potholes #prettypotholes #fypp ♬ original sound – Harry_pretty_potholes

  • وائرل ویڈیو: کنگ چارلس کو قینچی سے ربن کاٹتے ہوئے مضحکہ خیز صورت حال کا سامنا

    وائرل ویڈیو: کنگ چارلس کو قینچی سے ربن کاٹتے ہوئے مضحکہ خیز صورت حال کا سامنا

    ایبرڈین: ایک وائرل ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں برطانیہ کے کنگ چارلس کو گارڈن والی قینچی سے ربن کاٹتے ہوئے مضحکہ خیز صورت حال سے دوچار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر ایبرڈین میں ’رائل ہارٹیکلچرل سوسائٹی‘ کے سالانہ سمر فلاور شو کا افتتاح کرتے ہوئے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کو اس وقت مضحکہ خیز صورت حال کا سامنا ہوا جب گھاس کاٹنے والی بڑی قینچی سے فیتہ کٹ نہیں پا رہا تھا۔

    دل چسپ وائرل ویڈیو دیکھ کر یہ خیال ذہن میں آتا ہے کہ حکم چلانا آسان ہے لیکن قینچی چلانا مشکل، اس لیے برطانوی بادشاہ کے لیے پھولوں کی نمائش کا افتتاح مشکل ہو گیا، اور فیتہ کاٹنے میں ناکامی پر انھیں مدد کی ضرورت پڑ گئی۔

    کنگ چارلس نے فیتہ کاٹنے کی کوشش کی تو بار بار ناکامی ہوئی، تو ایک موقع پر انھوں نے ایک گہری سانس بھر کر بھیڑ کی جانب دیکھا، جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ بس اب وہ ہار ماننے ہی والے ہیں، لیکن ایبرڈین کے لارڈ لیفٹیننٹ ڈیوڈ کیمرون نے وقت پر ’گستاخ‘ ربن کو دونوں اطراف سے تھوڑا سا کھینچا، اور بادشاہ سلامت نے 8 کوششوں کے بعد آخر کار فیتہ کاٹنے میں کامیابی حاصل کر لی۔

    کنگ چارلس فیتہ کاٹنے میں ناکامی پر خود پر ہنسے، جس سے تقریب میں موجود تماشائی بھی محظوظ ہوئے۔


  • برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    لندن : برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر آگئی ، برطانوی وزارت داخلہ نے اشتہار شائع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان سمیت گیارہ ملکوں کے غیرقانونی پناہ گزینوں کو جلد واپس بھیجنے کی تیاری شروع کردی۔۔

    برطانوی وزارت داخلہ نے اشتہارشائع کیا ہے، جس میں کہا گیا ہےکہ ایسے کمرشل پارٹنرز مطلوب ہیں جو غیرقانونی پناہ گزینوں کوان کے ملک واپس لے جانے میں مدد کریں۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد رواں سال کے آخرتک چودہ ہزار لوگوں کو واپس بھیجنا ہے۔

    اشتہار میں کہا گیا ہے کہ کانٹریکٹرز غیرقانونی پناہ گزینوں کے کھانے پینے کا انتظام کریں گے، ان کے گھروالوں کو ڈھونڈیں گے اور پھر انہیں روزگارکی تلاش میں مددفراہم کریں گے۔

    جن ملکوں کےغیرقانونی تاریکن وطن کو واپس بھیجا جائے گا ان میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلادیش، عراق، نائجیریا، البانیہ، ایتھوپیا، گھانا، جمیکا، ویت نام اور زمبابوے شامل ہیں۔

    گذشتہ ہفتے جاری ہونے والے سرکاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس جون کے اختتام تک ایک لاکھ 19 ہزار افراد اپنی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے کے منتظر تھے۔

    ’حکومت امیگریشن قوانین پر پوری طرح عمل درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایسے افراد کو ملک بدر کیا جائے گا جو برطانیہ میں رہنے کا قانونی حق نہیں رکھتے۔‘

  • برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات، عدالت نے فرحان آصف کو کیس سے ڈسچارج کر دیا

    برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات، عدالت نے فرحان آصف کو کیس سے ڈسچارج کر دیا

    لاہور: لاہور کی مقامی عدالت نے فیک نیوز پر برطانیہ میں فسادات کیس میں ملزم فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے کیس کی لاہور کی ضلع کچہری میں سماعت ہوئی، ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ دوران تفتیش ملزم سے کوئی چیز سامنے نہیں آئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم فرحان آصف سے کوئی ریکوری نہیں ہوئی ہے، سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ حمودالرحمان ناصر نے فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ مذکورہ نیوز پہلے سے شیئر ہوئی تھی، فرحان آصف نے اس نیوز کو ہی آگے شیئر کیا تھا۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم نے یہ خبر کس کے ساتھ شیئر کی اور کب ڈیلیٹ کی؟ فرحان آصف نے بیان دیا کہ میں نے 6 گھنٹے بعد نیوز ڈیلیٹ کر دی تھی۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان کے بعد ملزم فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کر لی، ملزم کے ڈسچارج ہونے پر احاطہ عدالت میں اس کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔

    یاد رہے کہ فرحان آصف کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا تھا، ان پر الزام تھا کہ اس نے ٹویٹس میں برطانیہ میں چاقو زنی کی تصاویر شیئر کیں، اور ویب پر آرٹیکل میں مسلمان کو چاقو زنی کا ذمہ دار قرار دیا۔

    جمعرات کو لاہور کی مقامی عدالت نے برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات کے کیس میں گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کی تھی۔ ایف آئی اے نے ایک دن کے جسمانی ریمانڈ کے بعد ملزم فرحان آصف کو پیش کر کے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے ریکوری کرنی ہے اور ٹویٹس کے متعلق تفتیش کرنی ہے۔

  • برطانیہ کے ویزا نظام میں بڑی تبدیلی

    برطانیہ کے ویزا نظام میں بڑی تبدیلی

    اسلام آباد : برطانوی ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کا امیگریشن سسٹم مکمل طور پر ڈیجیٹل فارمیٹ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے ویزا سسٹم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بائیو میٹرک درخواست گزاروں کے لیے ویزا اسٹیکر اور پاسپورٹ اسٹمپ ختم کردی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے بی ایچ سی کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک کے حامل مسافروں کو ریزیڈنس پرمٹس، پاسپورٹ پر لگائے جانے والے ویگنیٹ اسٹیکرز یا ’سیاہی کے ڈاک ٹکٹ‘ کی اب مزید ضرورت نہیں ہوگی۔

    برطانوی ہائی کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں چھ ماہ سے زائد قیام کرنے والوں کو آن لائن اکاؤنٹ بنانا ہوگا اور آن لائن اکاؤنٹ میں امیگریشن اور ویزا کا ریکارڈ ہوگا۔

    اسکرین

    اس سلسلے میں بتایا گیا کہ چھ ماہ سے کم قیام کرنے والوں کو اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ نظام آسان، سیدھا اور بلامعاوضہ ہے۔

    کسی فزیکل دستاویز کو ای ویزا میں اپ ڈیٹ کرنے سے صارف کی امیگریشن کی حیثیت یا برطانیہ میں داخل ہونے یا رہنے کی اجازت کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

    برطانیہ پہنچنے پر آپ کو اب بھی بی آر پی (بائیو میٹرک ریذیڈینس) کارڈ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی تاہم تمام کارڈز 31 دسمبر 2024 تک کارآمد ہوں گے، کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے امیگریشن کی حیثیت متاثر نہیں ہو گی۔

    آپ اپنا اکاؤنٹ بنانے اور اپنے تک رسائی کے لیے اپنا کارڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ کو اپنا بی آر پی کارڈ اس کی میعاد ختم ہونے تک ساتھ رکھنا چاہیے اور برطانیہ واپس جانے کی اجازت کو ثابت کرنے کے لیے بیرون ملک سفر کرتے وقت اپنا بی آر پی کارڈ اور پاسپورٹ لے جانا چاہیے۔

    ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کا سفر آسان بنانے کے لیے مسلسل جدتیں کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کا یہ نیا استعمال ویزا کے عمل کے ایک اہم حصے کو ہموار کرے گا اور اسے مزید محفوظ بناتے ہوئے کاغذی دستاویزات پر انحصار کم کرے گا۔

  • برطانیہ بھر میں زہریلے بادلوں کے پھیلنے پر شہریوں کے لیے انتباہ جاری

    برطانیہ بھر میں زہریلے بادلوں کے پھیلنے پر شہریوں کے لیے انتباہ جاری

    لندن: برطانیہ بھر میں زہریلے بادلوں کے پھیلنے پر شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں زہریلی گیس سے بھرے بادلوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق برطانیہ اس وقت آتش فشاں کے تیزابی بادلوں کی لپیٹ میں ہے، آئس لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے سے برطانیہ کے کئی علاقوں میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کے بادل چھا گئے ہیں۔ شمالی یورپ اور اسکینڈے نیویا کے علاقوں میں بھی کچھ ایسی ہی صورت حال ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سلفر ڈائی آکسائیڈ سے بھرے بادلوں کے باعث سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن، زکام، کھانسی اور جلد کی بیماری ہو سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ آئس لینڈ میں آتش فشاں گزشتہ سال دسمبر کے بعد چھٹی بار پھٹنے کے بعد سلفر ڈائی آکسائیڈ کا بادل برطانیہ بھر میں پھیل رہا ہے۔ لندن، نارویچ، ہل اور سنڈرلینڈ ایسے کئی شہر ہیں جو SO2 کا سامنا کر رہے ہیں، ایس او ٹو بنیادی طور پر کوئلے یا خام تیل کے جلنے سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ ایک بے رنگ گیس ہے اور دمہ کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے۔

  • برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

    برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

    برطانیہ نے پاکستانیوں کا یوکے کا سفر آسان بنانے کیلیے نئے بائیو میٹرک صارفین تک ای ویزا کی توسیع کردی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے ہائی کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ نے نئے بائیو میٹرک صارفین تک ای ویزا کی توسیع کردی ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق یوکے امیگریشن سسٹم ڈیجیٹل ہو رہا ہے، دستاویزات کو آن لائن امیگریشن اسٹیٹس سے بدل دیا جائیگا، ای ویزا تک رسائی کیلئے یوکے وی آئی آن لائن اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت ہوگی۔

    ہائی کمشنرجین میریٹ کا کہنا ہے کہ بطور سیاح یوکے وی آئی اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت نہیں، پاکستانیوں کا برطانیہ کا سفر آسان بنانے کیلیے کام کررہے ہیں۔

    دوسری جانب ایشیائی ملک نے معیشت کی بہتری کے لیے 35 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی وزارت سیاحت کے مشیر ہاربن فرنینڈو نے سعودی عرب سے سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے پر 35 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا۔

    اعدادو شمار کے مطابق سری لنکا سیاحوں کی آمد کے اعتبار سے سعودی عرب کے بعد تیسرا بڑا ملک ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا نے سعودی عرب کے علاوہ دیگر 34 ممالک کے شہریوں کے لیے بھی ویزا فری سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    مسقط میں لوگوں کو گھروں پر سفید رنگ کرنے کو کیوں کہا گیا؟

    جن میں برطانیہ، چین، امریکا، بھارت، جرمنی، ہالینڈ، بیلجیم، اسپین، آسٹریلیا، ڈنمارک، پولینڈ، قازقستان، متحدہ عرب امارات، نیپال، انڈونیشیا، روس، تھائی لینڈ، ملائیشیا، جاپان، فرانس، کینیڈا، جمہوریہ چیک، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، اسرائیل، بیلاروس، ایران، سویڈن، جنوبی کوریا، قطر، عمان، بحرین اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

  • برطانیہ: فسادات کی دفعہ کے تحت 15 سالہ لڑکے پر فرد جرم عائد

    برطانیہ: فسادات کی دفعہ کے تحت 15 سالہ لڑکے پر فرد جرم عائد

    لندن: برطانوی عدالت نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے 15 سالہ لڑکے پر فسادات اور بد امنی پھیلانے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں نسلی فسادات سامنے آنے کے بعد یہ پہلا نوجوان ہے جس پر فسادات کی دفعہ کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے، کراؤن پراسیکیوشن نے قانونی وجوہات کی بنا پر نوجوان کی شناخت ظاہرنہیں کی۔

    برطانیہ میں فسادات میں ملوث ہونے کےجرم کی سزا 10سال تک قید ہے، نوجوان کےعلاوہ کسی اور کو فسادات پھیلانے کے جرم کی دفعہ کے تحت چارج نہیں کیا گیا۔

    اس سے قبل برطانوی حکام کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے واقعات میں شریک 12 سالہ بچے پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم اس میں فسادات کی دفعہ شامل نہیں تھی۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ 12 سالہ بچے پر 30 جولائی کو مرسی سائیڈ میں پُرتشدد ہنگامہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا،

    برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کمیونٹیز کے خود کو محفوظ تصور کرنے تک پولیس اپنا کام کرتی رہےگی، ہنگامہ آرائی میں ملوث تمام افراد کو کٹہرے میں لانے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔

    خیال رہے کہ برطانیہ علاقے ساؤتھ پورٹ کے ایک ڈانس اسکول میں تین کمسن بچیوں کی ہلاکت کے بعد ملک کے متعدد شہروں میں پرتشدد مظاہروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا اور بلوائیوں نے کافی ہنگامہ آرائی کی تھی۔

  • برطانیہ، مسجد سے متعلق دھمکی آمیز پوسٹ، خاتون سمیت 5 افراد کو سزا

    برطانیہ، مسجد سے متعلق دھمکی آمیز پوسٹ، خاتون سمیت 5 افراد کو سزا

    برطانیہ میں پُرتشدد مظاہروں کا حصہ بننے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹ کرنے اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں 53 سال کی خاتون سمیت 5 افراد کو سزا سنا دی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مسجد سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر کی بورڈ وائیر 53 سال کی خاتون کو 15 مہینے قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    سزا سنائے جانے پر جولی سوینے کا کہنا تھا کہ اس نے غصے میں پوسٹ کی، اس کا مقصد خوف پھیلانا نہیں تھا، تسلیم کرتی ہیں کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا وہ اپنی پوسٹ کو حذف کردیں گی۔

    جنوبی یارک شائر میں پولیس اہلکار کو گھسیٹنے کے جرم میں 60 سال کے گلین گیسٹ کو دو سال آٹھ ماہ قید کی سزا دی گئی۔

    نسل پرستی اور پرتشدد ہجوم کو بڑھاوا دینے پر 26 برس کے کونر ویٹلے اور 49 سال کے ٹریور لائڈ کو تین تین سال قید کی سزا ہوئی۔

    بھارت میں زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں اضافہ، تہلکہ خیز انکشاف

    برسٹل میں ہنگامہ آرائی پر 34 سال کے ڈومینک کیپالاڈی کو 34 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، تمام افراد کو 3 اگست کو ہونیوالے پرتشدد مظاہروں میں حصہ لینے پر سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔