Tag: برطانیہ

  • اسرائیل نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا برطانیہ کا فیصلہ مسترد کر دیا

    اسرائیل نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا برطانیہ کا فیصلہ مسترد کر دیا

    تل ابیب (30 جولائی 2025): اسرائیل نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا برطانیہ کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

    دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق تل ابیب نے ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے برطانوی حکومت کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے، اور اس اقدام کو امریکی پیروی میں ’حماس کے لیے انعام‘ قرار دیا۔

    اسرائیلی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ فرانس کے اقدام اور اسرائیل کے اندر سیاسی دباؤ کے بعد عین اس وقت برطانوی حکومت کے مؤقف میں تبدیلی حماس کے لیے ایک انعام ہے، جو غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک فریم ورک کے حصول کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ کی خوف ناک صورت حال کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے، جنگ بندی پر رضامندی اور طویل مدتی پائیدار امن کے لیے عزم اور دو ریاستی حل کے امکانات کو بحال کرنے میں ناکام رہتا ہے، تو اُن کی حکومت ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے پیش قدمی کرے گی۔


    غزہ میں فلسطینیوں کی اموات 60 ہزار سے تجاوز کر گئیں، بوبی ٹریپ روبوٹس کے استعمال کا انکشاف


    گزشتہ ہفتے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے تصدیق کی تھی کہ پیرس ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔ اب تک اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے 149 نے فلسطین کو تسلیم کیا ہے – یہ تعداد اس وقت سے مسلسل بڑھ رہی ہے جب اکتوبر 2023 میں اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کی تھی۔

  • برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا اعلان

    برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا اعلان

    لندن: برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا اعلان کیا ہے، انھوں نے کہا کہ اسرائیل پر عائد شرائط کا مقصد غزہ کی سنگین صورت حال کو بدلنا ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے الجزیرہ کو انٹرویو میں پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں امید ہے کہ غزہ میں انسانی صورت حال میں ڈرامائی کمی دیکھنے کو ملے گی۔

    برطانوی وزیر خارجہ نے کہا غزہ میں جنگ بندی اور سفارتی عمل کے لیے اسرائیل کی سنجیدہ کمٹمنٹ ضروری ہے، ہمیں صرف عارضی جنگ بندی نہیں بلکہ پائیدار امن چاہیے، اگلے ماہ شرائط کا ازسرنو جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔


    برطانوی وزیراعظم کا ستمبر میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان


    ڈیوڈ لیمی نے کہا برطانیہ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا معاملہ اسرائیلی اقدامات سے مشروط کیا ہے، اسرائیل کی نیت اور عمل کی بنیاد پر برطانوی پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

    برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیمی نے کہا کہ دنیا نے غزہ میں ’’انتہائی خوف ناک مناظر‘‘ دیکھے ہیں اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، وقت آگیا ہے کہ فلسطینی عوام کی تکلیف کو ختم کرنے اور امن کا راستہ طے کیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو بہ طور ریاست تسلیم کر لے گا، انھوں نے کابینہ کو فلسطین کی ریاستی حیثیت دینے سے آگاہ کر دیا ہے، ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پہلے برطانیہ اس بارے میں فیصلہ کر سکتا ہے۔

  • پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری تیز، اہم پیش رفت

    پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری تیز، اہم پیش رفت

    کراچی : پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری تیز کردی گئی اور تین ایئرپورٹس پر پروازوں کے آغاز سے قبل انتظامات شروع کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے تین ایئرپورٹس پر پروازوں کے آغاز سے قبل انتظامات شروع کردیئے۔

    قومی ایئرلائن نے لندن ، مانچسٹر اور برمنگھم ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے کھانے کا بندوست کرنے کے انتظامات شروع کئے۔

    اس سلسلے میں لندن ، مانچسٹر اور برمنگھم ایئرپورٹس مسافروں کے کھانوں کے لیے کیٹرنگ سروس کے لیے ٹینڈر جاری کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    قومی ایئرلائن نے بتایا کہ لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہفتہ وار 7500 مسافروں ، مانچسٹرایئرپورٹ پر ہفتہ وار 6500 اور برمنگھم ایرپورٹ پر 2200 مسافروں کوکھانا فراہم کرنا ہوگا۔

    لندن ایئرپورٹ کے لیے ٹینڈر درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست مقرر, برمنگھم ایئرپورٹ پر آخری تاریخ 28 اگست اور مانچسٹر اسٹیشن پر کھانا فراہمی کے ٹینڈر کی درخواست 29 اگست ہے۔

    پی آئی اے مسافروں کو برطانیہ میں کھانے کے لیے کیٹرنگ سروس کے لئے ٹینڈر برطانیہ میں اسٹیشن منیجر کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔

    قومی ایئرلائن نے برطانیہ مین پابندی ختم ہونے پر فوری طور قومی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، ابتدائی طور پر مانچسٹر کے لیے اسلام آباد سے ہفتہ وار چار پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • برطانیہ میں غیرقانونی پناہ گزینوں کی شامت آگئی، متعدد فوڈ رائیڈرز گرفتار

    برطانیہ میں غیرقانونی پناہ گزینوں کی شامت آگئی، متعدد فوڈ رائیڈرز گرفتار

    برطانوی حکومت نے سمندر کے ذریعے یا دیگر غیر قانونی طریقے سے آنے والے پناہ گزینوں کو روکنے کیلئے فوڈ رائیڈرز کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق برطانوی ہوم آفس نے گذشتہ روز ایک اہم بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بڑی فوڈ ڈلیوری کمپنیز میں رائیڈرز جعلی ناموں یا دوسروں کے اکاؤنٹس استعمال کرکے کام کررہے ہیں۔

    ہوم آفس نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں برطانیہ میں پناہ کے متلاشی (اسائلم سیکرز) اور دیگر غیر ملکیوں کا ڈیٹا ان فوڈ کمپنیوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ اس سلسلے کو روکا جاسکے۔

    رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے ایسے غیر ملکیوں افراد کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے جو غیر قانونی طور پر جعلی اکاؤنٹس سے فوڈ ڈلیوری کا کام کررہے ہیں۔

    اس سلسلے میں پولیس نے بڑے پیمانے پر شہر میں گشت کرنے والے فوڈ ڈلیوری رائیڈرز کو چیک کیا اور شناخت کے بعد انہیں گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔

    جن میں سیاسی پناہ کے خواہشمند اور غیر قانونی امیگریشن کے ذریعے ملک میں داخل ہونے والے ملزمان بھی شامل ہیں۔

    امیگریشن حکام تمام صنعتوں پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں تاہم اس بارانہوں نے زیادہ تر ریسٹورنٹ، ٹیک وے، کیفے اور کھانے پینے کے کاروبار کو نشانہ بنایا جو لوگوں کو غیر قانونی طور پر ملازمت دیتے تھے۔

  • برطانیہ، جرمنی اور فرانس کا غزہ میں فوری امداد پہنچانے اور جنگ بندی کا مطالبہ

    برطانیہ، جرمنی اور فرانس کا غزہ میں فوری امداد پہنچانے اور جنگ بندی کا مطالبہ

    (26 جولائی 2025): برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے غزہ میں فوری امداد پہنچانے اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے اسرائیل سے غزہ میں امداد کی ترسیل پر پابندیاں فوراً ختم کرنے اور جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ اسرائیل غزہ میں امداد پہنچانے کی فوری طور پر اجازت دے۔

    جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں ’ امدادی سامان کی فراہمی پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کرے۔’

    ۔یورپی رہنماؤں کے مشترکہ بیان میں اسرائیل سے کہا گیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر غزہ میں امداد پہنچانے کی بلا روک ٹوک اجازت دے، تینوں مماملک کے رہنماؤں نے کہا وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    برطانوی وزیراعظم نے کہا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا وسیع تر امن منصوبے کا حصہ ہونا چاہیے، دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو غزہ جنگ بندی کے لیے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے چاہیے۔

     انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ دنیا غزہ میں فلسطینی بچوں کی بھوک پیاس ختم نہیں کرسکی، غزہ میں فاقوں کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے، غزہ میں تقریبا ایک تہائی لوگوں کو کئی دنوں سے کھانا نہیں ملا، حماس کے ساتھ سیز فائر مذاکرات ترک کرنے کا وقت نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں بھوک کی وجہ سے مزید 9 فلسطینی شہید ہوگئے، غذائی قلت کی وجہ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 122 ہوگئی۔

  • برطانوی وزیر اعظم کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مشروط اعلان

    برطانوی وزیر اعظم کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مشروط اعلان

    لندن: برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مشروط اعلان کیا ہے۔

    برطانوی اور اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے جمعہ کو کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی دیرپا سلامتی کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہونا چاہیے۔

    برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ کے رپورٹ کیا کہ وزیر اعظم نے اصرار کیا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بارے میں ’’غیر متزلزل‘‘ ہیں، تاہم انھوں نے کہا کہ وہ تب تسلیم کریں گے جب اس سے ’’مصیبت کے شکار لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ افادیت یقینی ہو۔‘‘

    کیئر اسٹارمر نے کہا فلسطینی ریاست کا قیام وسیع تر امن منصوبے کا حصہ ہونا چاہیے، دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کا راستہ ہے، فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے وقت اور حکمت عملی ضروری ہے، اور فلسطینیوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے مؤثر پالیسی کی ضرورت ہے۔


    فلسطین کو ریاست تسلیم کیا جائے، 220 ارکان پارلیمنٹ کا برطانوی وزیراعظم کو خط


    اسٹارمر نے اسرائیلی کارروائیوں پر شدید رد عمل ظاہر کیا اور غزہ کے محاصرے کو ناقابل دفاع قرار دیا، انھوں نے کہا غزہ میں قحط، یرغمالیوں کی گرفتاری اور یہودی آبادکاروں کا تشدد ناقابل قبول ہے، اسرائیل کی فوجی کارروائی غیر متناسب ہے۔

    واضح رہے کہ 221 برطانوی ارکان پارلیمنٹ پہلے ہی فلسطین کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں، اور برطانوی وزیر اعظم کی پالیسی پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، اور فلسطین کو تسلیم کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔


    امریکا نے فرانسیسی صدر کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا


    کیئر اسٹارمر کے نام خط میں دو سو بیس اراکین پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت اگلے ہفتے فلسطین کو ریاست تسلیم کر لے، خط میں اراکین پارلیمنٹ نے برطانیہ کے تاریخی کردار کے تناظر میں فلسطین کو تسلیم کرنے پر زور دیتے ہوئے لکھا ہے کہ برطانوی پارلیمان میں دہائیوں سے دو ریاستی حل پر اتفاق رائے موجود ہے۔

    خط میں برطانیہ پر فلسطینی ریاست کی حمایت میں عملی قدم کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کو تسلیم کرنا برطانیہ کی ذمہ داری ہے، 2014 میں دارالعوام فلسطین کو ریاست ماننے کی قرارداد منظور کر چکا ہے، فلسطینی ریاست کی حمایت عالمی شراکت داروں سے مل کر کی جائےگی، برطانیہ کے فلسطین کی ریاستی حیثیت کو تسلیم کرنے سے عالمی سطح پر اثر ہوگا، پاکستانی نژاد ممبران پارلیمنٹ نے بھی خط پر دستخط کیے ہیں۔

  • برطانیہ، چین اور یورپی یونین بغیر ویزہ جانا ہے تو اس چھوٹے سے ملک کی شہریت لیں

    برطانیہ، چین اور یورپی یونین بغیر ویزہ جانا ہے تو اس چھوٹے سے ملک کی شہریت لیں

    اگر آپ برطانیہ چین یورپی یونین سمیت دنیا کے 120 ممالک میں بغیر ویزہ انٹری چاہتے ہیں تو اس چھوٹے سے ملک کی شہریت لے لیں۔

    دنیا کے کسی بھی ملک میں جانے کے لیے ویزا لازمی ہوتا ہے۔ مگر دنیا میں کچھ ایسے ممالک ہیں جن کے شہریوں کو کئی ممالک میں بغیر ویزا انٹری کی سہولت حاصل ہے۔ ان ہی میں ایک ملک ڈومینیکا ہے۔

    دنیا کے نقشے پر ڈومینیکا اگرچہ ایک چھوٹے سے رقبہ پر کم آبادی والا ملک ہے۔ مگر یہ خوبصورت جزیرائی ملک ہونے کے ساتھ دولت مشترکہ کا رکن بھی ہے غیر ملکیوں کو اپنے ملک کی شہریت حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کر رہا ہے اور اس ملک کا پاسپورٹ آپ کو بغیر ویزہ 120 ملکوں کا سفر کی سہولت فراہم کر سکتا ہے۔

    ڈومینیکن حکومت نے غیر ملکیوں کو اپنے ملک کی شہریت حاصل کرنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ کوئی بھی شخص سرمایہ کاری کے ذریعہ اس خوبصورت ملک کی شہریت حاصل کر سکتا ہے۔ ڈومینیکا نے سرمایہ کاری کا یہ CBI پروگرام 1993 میں شروع کیا تھا جو وقت گزرنے کے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں میں مقبول ہو چکا ہے۔

    سر سبز بارانی جنگلات، گرم چشموں، آبشاروں جیسے قدرتی مناظر اور متنوع جنگلی حیات کی وجہ سے اس کو ’’نیچر آئی لینڈ‘‘ بھی کہا جاتا ہے اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے والے افراد کے لیے یہ رہائش کی آئیڈیل جگہ ہو سکتی ہے۔

    اس کے علاوہ یہ مہم جو سیاحوں کے لیے بھی کشش رکھتا ہے۔ 4747 فٹ (1447 میٹر) بلند اس مقام پر پیدل سفر کے ساتھ تیراکی اور وہیل واچنگ کے ذریعہ مہم جوئی کا شوق بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔

    اگر آپ اس خوبصورت قدرتی نظاروں سے بھرپور اس ملک (ڈومینیکا) کی شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کی اہلیت پر پورا اترنے کے لیے کچھ شرائط ہیں، جن کو پورا کرنا لازمی ہوگا۔

    ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کی اہلیت:

    اس جزیرائی ملک کی شہریت حاصل کرنے والے خواہشمند کسی بھی فرد کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں ہونا چاہیے۔

    ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند درخواست دہندگان کا صحت مند ہونا بھی ضروری ہے۔ اسکے لیے انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

    درخواست دہندہ کو شہریت دینے کا حتمی فیصلہ کرنے سے قبل سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزارا جائے گا۔

    ڈومینیکا کی شہریت لینے والے درخواست دہندگان کو اس ملک میں کچھ شعبوں میں مقررہ حد تک کم از کم سرمایہ کاری بھی کرنی ہوگی۔

    ڈومینیکا CBI پروگرام کے لیے کم از کم سرمای کاری کی حد:

    ڈومینیکا CBI پروگرام کے لیے کم از کم سرمای کاری کی حد ایک لاکھ ڈالر ہے۔ جس کا شیڈول کچھ اس طرح ہے۔

    اکنامک ڈائیورسیفیکیشن فنڈ (EDF) میں ایک لاکھ امریکی ڈالر کا عطیہ

    7500 ڈالر ڈیو ڈیلیجنس فیس

    1000 ڈالر پاسپورٹ فیس

    اس کے علاوہ، درخواست دہندگان جائیداد میں سرمایہ کاری کا اختیار بھی منتخب کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں پیشگی منظور شدہ جائیداد جس کی مالیت کم از کم 2 لاکھ ڈالر ہونی چاہیے، اس میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

    ڈومینیکا کی شہریت کے فوائد:

    ڈومینیکا اگرچہ 750 مربع کلومیٹر (290 مربع میل) رقبہ اور 70 ہزار سے زائد آبادی کے ساتھ ایک چھوٹا سا ملک ہے۔ تاہم اس چھوٹے سے ملک کی شہریت حاصل کرنے والے کو بیش بہا فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

    CBI پروگرام کے ذریعے ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کا سب سے بڑا فائدہ برطانیہ، یورپی یونین، چین سمیت دنیا کے 120 سے زائد ممالک کا بغیر ویزا سفر کی سہولت ہے۔

    ڈومینیکا کے شہری کی آمدنی ٹیکس فری ہوگی اور اس کو کوئی ویلتھ ٹیکس نہیں دینا ہوگا اور ٹیکس فری ماحوال میں کاروبار کرنے کے بہترین مواقع میسر ہوں گے۔

    اس کے علاوہ اس ملک کا شہری بن کر ڈومینیکا میں ایک اعلیٰ معیار زندگی کا حصول، کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کا حق بھی حاصل ہوگا۔

    درخواست دینے کا طریقہ:

    ڈومینیکا کی شہریت کے حصول کے لیے درخواست دینے کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ تاہم CBI پروگرام کے لیے درخواست پر سخت جانچ پڑتال کے باعث عملدرآمد میں دو سے تین ماہ کا عرصہ لگتا ہے۔

    ڈومینیکا کی شہریت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو پہلے ابتدائی درخواست اور اس کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔ جس کے بعد درخواست کو ڈیو ڈیلیجنس کے عمل سے گزارا جائے گا۔

    درخواست تمام مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کے بعد ڈومینیکا کی حکومت کی جانب سے درخواست دہندہ کے لیے شہریت کی منظوری دی جائے گی۔

    اگلے مرحلے میں کامیاب درخواست گزار سے ڈومینیکا سے وفاداری کا حلف لیا جائے گا، جس کے بعد اس کو ملک کا پاسپورٹ جاری کر دیا جائے گا۔

  • برطانیہ بھر میں کل سے جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال

    برطانیہ بھر میں کل سے جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال

    لندن: پورے برطانیہ میں کل سے جونیئر ڈاکٹرزکی ہڑتال ہوگی، برٹش میڈیکل کونسل اور حکومتی کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برٹش میڈیکل کونسل نے 5روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جونیئر ڈاکٹرز کل سے ہڑتال کا آغاز کریں گے، برٹش میڈیکل کونسل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کا تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ نہیں مانا گیا۔

    برطانیہ کے ہیلتھ سیکریٹری نے کہا کہ ڈاکٹرز ہڑتال ملتوی کریں بات چیت جاری رکھیں، این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ ہڑتال سے 60 ہزار مریض متاثر ہوں گے۔

    اسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز اور آپریشنز متاثر ہوں گے برطانیہ بھر کے اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو اس سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔

    دو سال قبل بھی برطانوی حکومت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرنے کے لیے ان کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار ملازمین اس سے مستفید ہوئے تھے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام نے بتایا تھا کہ خودمختار جائزہ باڈی (ڈی ڈی آر بی) کی سفارشات کو قبول کرتے ہوئے حکومت نے ڈاکٹروں اور ڈینٹسٹ کے معاوضے میں اضافے پر رضامندی کا اظہار کیا ۔

    نیشنل ہیلتھ سروس کے ڈیڑھ لاکھ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کا مقصد نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے ڈاکٹروں کی ہڑتال کو ختم کرانا تھا۔

    برطانوی حکومت کے مطابق ایسے ڈاکٹرز جو تربیت کے پہلے سال میں ہیں ان کے لیے 10.3 فیصد، جونیئر ڈاکٹرز کے لیے 8.8 فیصد اور میڈیکل کنسلٹنٹس کے لیے تنخواہوں میں 6 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/uk-doctors-strike-health-services/

  • پی آئی اے کی برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں اور انتظامات میں بڑی  پیشرفت

    پی آئی اے کی برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں اور انتظامات میں بڑی پیشرفت

    کراچی : قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا 2 رکنی وفد برطانیہ میں پہلی پرواز کے انتظامات کا جائزہ لینے مانچسٹر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں اور انتظامات میں پیشرفت سامنے آئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کا 2 رکنی وفد برطانیہ میں پہلی پرواز کے انتظامات کا جائزہ لینے مانچسٹر پہنچ گیا، وفد میں چیف آپریٹنگ آفیسرخرم مشتاق اورجی ایم کوآرڈینیشن ذوالقرنین مہدی شامل ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی پروازوں پرپابندی ہٹنے کے بعد پہلی پرواز 14 اگست سےچلانےکی تیاری ہے، وفد برطانیہ کے فلائٹ آپریشن سے قبل انتظامات پر جائزہ رپورٹ پیش کرے گا۔

    ذرائع نے کہا کہ پی آئی اے نےابتدائی طور پراسلام آبادمانچسٹرمیں ہفتہ وار 4پروازیں چلانے کا پلان تیار کرلیا ہے، مانچسٹر کے بعد پی آئی اے کا لندن اور برمنگھم کی پروازوں کو بھی شروع کرنے کا پلان ہے۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے قومی ایئر لائن نے آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کو جدید خطوط پر استوار اور مکمل تیار رکھنے کی ہدایت کی۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کو یو کے سی اے اے سے فلائٹ آپریشن کیلئے درخواست پراجازت کاانتظار ہے، قومی ایئرلائن سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر 5 سال بعد برطانیہ میں پابندی ختم ہوچکی ہے۔

  • برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی

    برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی

    برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی ہے سائز ویل سی منصوبے کی تعمیر پر 38 ارب پاؤنڈ کی لاگت آئے گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانیہ نے 38 ارب پاؤنڈ کی لاگت سے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ سائزویل سی کے نام سے بنایا جانے والا یہ منصوبہ مشرقی انگلینڈ کے علاقے سفوک میں قائم کیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سائزویل سی منصوبے سے 6 ملین گھروں کو بجلی فراہم کی جا سکے گی جب کہ اس منصوبے سے 10 ہزار نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔

    سائزویل سی منصوبہ ابتدائی طور پر ای ڈی ایف اور چینی کمپنی نے پیش کیا تھا اور اس وقت اس کی لاگت 20 ارب پاؤنڈ تھی۔ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ منصوبے کی لاگت تقریباً دگنی ہو کر 38 ارب پاؤنڈ ہو چکی ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود 2022 میں چینی فرم کے حصص کو خرید لیا تھا اور تنقید کے باوجود اس منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ برطانوی حکومت 44.9 فیصد کے ساتھ منصوبے میں سب سے بڑی سرمایہ کار ہوگی۔

    اس منصوبے کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ سیزویل منصوبے کی تعمیر کے دوران صارفین کے بجلی بلوں میں ماہانہ تقریباً ایک پاؤنڈ اضافہ ہوگا جبکہ یہ پلانٹ مستقبل میں کم کاربن بجلی کے نظام کی لاگت کو اوسطاً 2 بلین پاؤنڈ فی سال کم کر سکتا ہے۔

    برطانوی وزیر توانائی ایڈملی بینڈ کا کہنا ہےکہ یہ منصوبہ نسلوں تک گھریلو صارف کو توانائی فراہم کرے گا۔ جب کہ وزیر خزانہ ریچل ریوز کا کہنا ہےکہ بجلی کی اگلی نسل تک فراہمی ہماری توانائی کی حفاظت اور ترقی کے لیے یہ منصوبہ بہت ضروری ہے۔