Tag: برطانیہ

  • وائرل ویڈیو: برفباری میں شرٹ اتار کر جاگنگ کرنے والے نے لوگوں کو حیران کر دیا

    وائرل ویڈیو: برفباری میں شرٹ اتار کر جاگنگ کرنے والے نے لوگوں کو حیران کر دیا

    لندن: منفی درجہ حرارت اور برفباری میں شرٹ اتار کر صرف ایک جانگیے میں جاگنگ کرنے والے برطانوی نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو لندن کے ایک پروفیشنل فزیکل ٹرینر یوسف بوواتورا نے پوسٹ کی ہے، ویڈیو میں انھیں برف باری کے دوران شرٹ اتار کر جاگنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    جب پیر کی صبح پورے برطانیہ میں لوگ شدید برف باری سے بیدار ہوئے، تو بہت سے لوگ گھر میں گرم رہنے کی کوشش کر رہے ہوں گے کیوں کہ سفری رکاوٹوں کی وجہ سے لوگ کام پر نہیں جا پائے، اسکول بھی بند پڑے تھے، ایسے میں لندن کی سڑکوں پر بھاگتے ایک شہری کو دیکھا گیا جس نے صرف شارٹس پہنے ہوئے تھے اور سر پر اونی کنٹوپ تھا۔

    زیرو درجہ حرارت میں بغیر شرٹ کے دوڑتے ہوئے ورزش کے اس جنونی کو سوشل میڈیا صارفین نے ’پاگل‘ قرار دے دیا گیا۔ صارفین نے مزے مزے کی میمز بھی بنا ڈالیں، کسی نے کہا لگتا ہے کوئی بہت ہی اہم میٹنگ ہے تو کسی نے پاگل قرار دیا، کسی نے برفباری میں ہرنوں کے بھاگنے کی ویڈیو شیئر کر دی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Yusef Bouattoura (@pro.pt)

    ویڈیو میں پروفیشنل پرسنل ٹرینر یوسف بواتورا ٹوٹنہم ہاٹپور اسٹیڈیم سے گزر رہا ہے، یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی۔ ویڈیو کے ساتھ یوسف نے لکھا ’میں بس اپنے ہوم ٹاؤن میں لطف لے رہا ہوں۔‘

    فزیکل ٹرینر کی شناخت 26 سالہ یوسف بواتورا کے نام سے ہوئی ہے، وہ مسلمان ہے، اس کے بارے میں ڈیلی میل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں اس کا تعلق ایک گینگ سے تھا، لیکن دو بار چھرا گھونپے جانے سے وہ زخمی ہوا، اور اسے ڈھائی سال جیل بھی کاٹنی پڑی، اس کے بعد پانچ سال تک گھر میں بھی نظر بند رہا، تاہم اس کے بعد انھوں نے اپنی زندگی بدل دی۔

  • ویڈیو: برطانیہ برف سے ڈھک گیا، جھیلیں، نہریں اور دریا منجمد ہو گئے

    ویڈیو: برطانیہ برف سے ڈھک گیا، جھیلیں، نہریں اور دریا منجمد ہو گئے

    لندن: برطانیہ میں شدید برف باری ہو رہی ہے جس سے پورا ملک برف سے ڈھک گیا ہے، ملک کی جھیلیں، نہریں اور دریا منجمد ہو گئے ہیں، اسکولوں اور کالجوں میں چھٹیاں کر دی گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے علاقے ایبرڈین شائر میں بریمور کے علاقے میں شدید باری سے درجہ حرارت منفی 17 تک گر گیا، جو گزشتہ 20 سال میں ریکارڈ ہے۔

    حکام نے عوام کو بلا ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، شٹ لینڈز میں شدید برف باری اور لائن آئسنگ کے نتیجے میں 6 ہزار گھروں کی بجلی معطل کی گئی۔

    میٹ آفس نے شمالی اسکاٹ لینڈ اور شمال مشرقی انگلینڈ کو ڈھکنے والی برف باری اور ژالہ باری کی پیلی وارننگ کو جمعہ کی دوپہر تک بڑھا دیا ہے۔

    برطانیہ کے ساتھ ہی ساتھ امریکا اور کینیڈا میں ساحل سے ساحل تک آنے والا طوفان اپنے ساتھ شدید برفباری اور تیز ہوائیں لائے گا، میڈیا کے مطابق امریکا کی مغربی ریاستوں میں دو دو فٹ برف پڑنے کا امکان ہے۔

    امریکا کی جنوبی ریاستوں میں اگلے 2 دن تک شدید آندھی اور سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی 26 ملین پاؤنڈز کی امداد

    سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی 26 ملین پاؤنڈز کی امداد

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کر رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 26.5 ملین پاؤنڈز کی امداد فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ برطانیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔

    کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے 26.5 ملین پاؤنڈز کی امداد فراہم کی گئی، امداد کا مقصد موسمیاتی سرمایہ کاری تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امداد سے پاکستان مشکل حالات سے جلد از جلد نکل سکے گا۔

  • برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

    برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

    لندن: برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، برمنگھم میں ایک ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے، جن میں سے چار کو بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ 2 کم عمر بچے لا پتا ہیں۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے متعدد علاقوں میں پارہ منفی 4 ڈگری تک جا پہنچا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو ہفتوں تک برطانیہ بھر میں شدید برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک گر سکتا ہے۔

    لندن، برمنگھم، مانچسٹر، ایڈمبرا سمیت مختلف علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، جس سے ہر سو سفیدی چھا گئی، اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

    گلوسسٹرشائر میں پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، بسیں اور ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، مانچسٹر ایئرپورٹ کا رن وے برف سے ڈھک گیا، ہیتھرو ایئر پورٹ بھی برف باری کی زد میں ہے، اور فلائٹ سروس متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    برمنگھم میں چھ بچے ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے نیچے گر گئے، چار بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق، سولیہل میں منجمد درجہ حرارت کے درمیان ایک جھیل میں ڈوبنے والے دو بچوں کے لا پتا ہونے کا خدشہ ہے، جن کی تلاش جاری ہے، تاہم ان کے بچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔

    آج صبح برطانیہ بھر میں وسیع پیمانے پر سفری خلل واقع ہوا، میٹ آفس کی جانب سے ملک میں برف باری، دھند اور ژالہ باری کے لیے زرد موسم کی وارننگ برقرار ہے۔ میٹ آفس نے الرٹ جاری کیا ہے کہ درجہ حرارت رات بھر انجماد سے کافی نیچے رہنے اور سردی کی بارشوں کے ساتھ مل کر برفیلی صورت حال پیدا کرنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مختلف حصوں میں برف باری، ژالہ باری اور جمنے والی دھند کئی دنوں تک جاری رہے گی، شمال مشرقی اسکاٹ لینڈ میں رات بھر درجہ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو، یہ برطانیہ میں گزشتہ سال فروری کے بعد سے دیکھا گیا سب سے کم درجہ حرارت ہوگا۔

  • برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی، الرٹ جاری

    برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی، الرٹ جاری

    لندن : برطانوی محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی کردی اور کہا پارہ نقطہ انجماد سے دس ڈگری نیچے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساحلی وشمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے کئی علاقوں میں پارہ منفی دس سے بھی نیچے جا سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج سے برفباری کی بھی پیش گوئی کی اور کہا ہے کہ فلائٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

    برطانوی محکہ صحت کے مطابق شدید سرد موسم شہریوں کی صحت پر اثراندازہو سکتا ہے۔

    دوسری جانب امریکی ریاست الاسکا میں انیس سو ننانوے کے بعد ریکارڈ برف باری ہوئی ہے، کئی علاقوں میں دو فِٹ تک برف پڑی ہے، گھر، گاڑیاں سڑکیں سب چُھپ گئی ہیں۔

  • برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    لندن: کرونا وبا کے بعد چالیس سال کی بد ترین مہنگائی کا سامنا کرنے والا برطانیہ اب ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کا سامنا کرنے والا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک شدید ترین سرد موسم پیش گوئی کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں ہفتے شدید برف باری ہوگی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے دس ڈگری نیچے جا سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس ہفتے برطانیہ میں شدید سرد موسم آنے والا ہے، جہاں راتوں رات درجہ حرارت -6C (21F) تک گر جائے گا۔ ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے سرد موسم کا تیسرے درجہ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اسکاٹش ہائی لینڈز میں نچلی سطح پر 2 انچ اور سطح سمندر سے 650 فٹ بلندی والے علاقوں میں 4 انچ تک برف پڑنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    روسی تیل پر قیمت کی حد، ماسکو نے پہلے ہی سے تیار ہونے کا انکشاف کر دیا

    حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    درجہ حرارت اتنا کم ہوگا کہ ملک میں کہیں بھی برف پڑ سکتی ہے، لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اپنا ہیٹنگ استعمال کریں، اور ان لوگوں کا خاص طور پر خیال رکھیں‌جو کمزور ہیں۔

  • نیٹ فلیکس پر شہزادہ ہیری اور میگھن کی دھماکا خیز سیریز کا نیا ٹریلر جاری

    نیٹ فلیکس پر شہزادہ ہیری اور میگھن کی دھماکا خیز سیریز کا نیا ٹریلر جاری

    نیٹ فلیکس نے شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی دستاویزی سیریز کا دوسرا دھماکا خیز ٹریلر جاری کر دیا۔

    سابق برطانوی شہزادے ہیری نے نیٹ فلیکس سیریز میں شاہی خاندان میں جاری ڈرٹی گیم پر سے پردہ ہٹاتے ہوئے خاندان کے ساتھ نئے جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔

    سیریز کی پہلی تین اقساط جمعرات کو نیٹ فلیکس پر دیکھی جا سکیں گی، جب کہ پہلے سیزن کی کل 6 اقساط ہیں.

    دستاویزی فلم کا ٹائٹل ’ہیری اینڈ میگھن‘ ہے جس میں دونوں کے متعدد انٹرویوز کو شامل کر کے برطانوی شاہی محل کے اندرونی معاملات سے نقاب کشائی کی گئی ہے۔

    اس سیریز کے ذریعے برطانوی شاہی خاندان کے مزید راز افشاں ہوں گے، جس میں شہزادہ ہیری نے والد کنگ چارلس اور بھائی ولیم سے تعلقات بہتر نہ ہونے کا اعتراف کیا ہے، ساتھ یہ الزام بھی لگا دیا کہ شاہی خاندان سے منسلک افراد ڈرٹی گیم میں شامل ہیں۔

    شہزادہ ہیری نے یہ بھی کہا کہ پورا سچ کوئی نہیں جانتا صرف ہم جانتے ہیں۔

    پرنس ہیری نے اس سیریز میں شاہی خاندان میں شادی کر کے آنے والی خواتین کے درد اور ان کی تکلیف کو بیان کیا ہے، جس سے بلاشبہ ان کا اشارہ بیوی میگھن اور والدہ شہزادی ڈیانا کے اس خاندان میں زندگی کے تجربات کی طرف ہے۔

    سیریز کے ٹریلر میں شاہی خاندان اور نسل کا مسئلہ اٹھایا گیا ہے، ایک تبصرہ نگار کہتا ہے: ’یہ نفرت کے بارے میں ہے۔ یہ نسل کے بارے میں ہے۔‘

    ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے تازہ ترین ٹریلر میں سخت چھبنے والے تبصروں کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے، جس میں شاہی خاندان کو امن کی شاخ پیش کرنے کی کوئی علامت دکھائی نہیں دیتی۔ بلکہ اس کی بجائے ایک تبصرہ ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’میگھن کے خلاف جنگ دوسرے لوگوں کے ایجنڈوں کے مطابق تھی۔‘

  • برطانیہ میں مہنگائی کا بحران اساتذہ کو بھی سڑکوں پر لے آیا

    برطانیہ میں مہنگائی کا بحران اساتذہ کو بھی سڑکوں پر لے آیا

    لندن: برطانیہ میں مہنگائی کا بحران اساتذہ کو بھی سڑکوں پر لے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں مہنگائی کے خلاف ہزاروں یونیورسٹی اساتذہ بھی سڑکوں پر آ گئے ہیں، اساتذہ نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاجی مارچ کیا۔

    یونیورسٹیوں کے ملازمین اور طلبہ نے بھی اساتذہ کے مارچ میں حصہ لیا، سراپا احتجاج اساتذہ نے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پینشن کو بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

    گزشتہ ایک ہفتے سے برطانیہ میں ہزاروں یونیورسٹی لیکچررز اور اسکول ٹیچرز احتجاج کر رہے ہیں، اساتذہ نے ملک میں مہنگائی کے بحران میں بہتر تنخواہ اور کام کے بہتر حالات کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال بھی کی۔

    واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں برطانویوں کو سفری رکاوٹوں اور کوڑے کے ڈھیروں سے بھرے ہوئے ڈبوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، کیوں کہ متعدد صنعتوں کی نمائندگی کرنے والی یونینوں نے لگاتار ہڑتالیں کی ہیں۔

    وکلا، نرسیں، پوسٹل ورکرز اور بہت سے دوسرے لوگ اپنی تنخواہوں میں اضافے کے لیے اپنی ملازمت چھوڑ چکے ہیں۔ اس سال گھریلو توانائی کے بل اور خوراک کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جس سے مہنگائی اکتوبر میں 11.1 فی صد کی 41 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

  • برطانیہ: دودھ، پنیر، دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

    برطانیہ: دودھ، پنیر، دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

    لندن: برطانیہ میں دودھ، پنیر، دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں اشیاے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے نتیجے میں افراطِ زر 41 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے لیے گھریلو بجٹ تیار کرنا مشکل ہو گیا۔

    اکتوبر کے مہینے میں افراط زر 11.1 فی صد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے لوگوں کی چیخیں نکل گئی ہیں، خوراک، ٹرانسپورٹ اور توانائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عام شہریوں اور کاروباروں کو نچوڑ کر کے رکھ دیا ہے۔

    روئٹرز کے ذریعے رائے شماری کرنے والے ماہرین اقتصادیات نے صارفین کی قیمتوں کے اشاریے میں 10.7 فی صد کے سالانہ اضافے کی پیش گوئی کی تھی۔

    حکومت کے انرجی پرائس گارنٹی پروگرام کے متعارف ہونے کے باوجود، دفتر برائے قومی شماریات کے مطابق مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ بجلی، گیس اور دیگر ایندھنوں کی قیمتوں سے آیا۔

    برطانوی حکومت کی جانب سے توانائی کی قیمتوں کی ضمانت ختم ہونے کے بعد بلوں میں فی الحال پانچ ماہ کے عرصے میں تیزی سے اضافہ ہونے والا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے گھرانوں کی توانائی کے اخراجات کے حوالے سے مدد کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔

  • برطانیہ میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر

    برطانیہ میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر

    لندن: برطانیہ میں مہنگائی کی شرح 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، رواں ماہ ملک میں افراط زر کی شرح 11 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں افراط زر کی شرح 11.1 فیصد تک پہنچ گئی، یہ افراط زر برطانیہ میں 40 سال کی نئی بلند ترین سطح کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افراط زر کی شرح اس سے بھی زیادہ ہونے کا خدشہ ہے، ملک میں سالانہ مہنگائی کی شرح اکتوبر میں بلوں میں اضافے کے بعد بڑھی۔

    دفتر برائے قومی شماریات (او ایل این) کی جانب سے جاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ رواں برس مارچ میں افراط زر کی شرح 7 فیصد تھی، اپریل میں یہ 9 فیصد تک پہنچ گئی، اس کے بعد ستمبر میں یہ 10.1 فیصد پر جا پہنچی۔

    او ایل این کے مطابق ملک میں اس بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سب سے بڑا سبب بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں جس سے مکانات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

    معمول کے مطابق برطانیہ میں، اپریل میں توانائی کی قیمتوں میں 54 فیصد اور موٹر ایندھن کی قیمتوں میں 31.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا، اس سے ٹرانسپورٹ لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    مئی کے اوائل میں، بینک آف انگلینڈ نے پیشن گوئی کی تھی کہ برطانیہ کی افراط زر اس سال بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔

    اس میں سال کی چوتھی سہ ماہی میں 10 فیصد تک اضافہ دیکھا جائے گا کیونکہ یوکرین میں جاری روسی فوجی آپریشن کی وجہ سے خوراک اور توانائی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

    بینک آف انگلینڈ نے شرح سود میں مزید 2 فیصد اضافے کی درخواست کی ہے۔