Tag: برطانیہ

  • ڈیڑھ سال تک کرونا وائرس کا شکار رہنے والا شخص

    ڈیڑھ سال تک کرونا وائرس کا شکار رہنے والا شخص

    دنیا بھر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی شخص 8 ہفتوں تک کرونا وائرس کا شکار رہ سکتا ہے، لیکن حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ ایک شخص ایسا بھی ہے جو ڈیڑھ سال تک کرونا وائرس کا شکار رہا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانوی سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی ایک منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک شخص مسلسل ڈیڑھ سال تک کرونا کا شکار بھی رہا۔

    خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ شخص معلوم شدہ سب سے طویل عرصے تک کرونا کا شکار رہنے والا شخص ہے، اس سے قبل کی بعض تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ لوگ 8 ہفتوں تک کرونا کا شکار رہ سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں ماضی میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ایک شخص تقریباً ایک سال تک کرونا کا شکار رہا مگر اب تازہ تحقیق سے معلوم ہوا کہ برطانوی شخص مسلسل 505 دن تک وبا کا شکار رہا۔

    برطانوی وزارت صحت کے سائنسدان ڈاکٹر لیوک بلاگدون سنیل نے بتایا کہ ان کی ٹیم کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک شخص ڈیڑھ سال تک کرونا کا شکار رہا۔

    رپورٹ کے مطابق ماہرین نے تصدیق کی کہ ڈیڑھ سال تک کرونا کا شکار رہنے والے شخص کا مدافعتی نظام بہت کمزور تھا اور وہ دیگر متعدد بیماریوں میں بھی مبتلا تھا۔

    ماہرین نے ان افراد پر تحقیق کی جو کمزور مدافعتی نظام کی وجہ سے کافی عرصے تک بیماری میں مبتلا رہے اور دوران تحقیق سائنس دانوں نے اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کی۔

    ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ کمزور مدافعتی نظام کے حامل مزید دو افراد بھی مسلسل ایک سال تک کرونا کا شکار رہے جب کہ دو افراد 8 ہفتوں تک وبا میں مبتلا رہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ طویل عرصے تک کرونا کا شکار رہنے والے افراد ایچ آئی وی،کینسر اور دیگر موذی بیماریوں میں بھی مبتلا رہے، جس وجہ سے ان کا مدافعتی نظام کمزور رہا۔

    رپورٹ کے مطابق طویل عرصے تک کرونا کا شکار رہنے والے تقریبا تمام افراد صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم تاحال ایک شخص کرونا میں مبتلا ہے اور انہیں ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

    سائنسدانوں نے بتایا کہ جو شخص ڈیڑھ سال تک کرونا کا شکار رہا، وہ سنہ 2021 میں چل بسا تھا، تاہم ماہرین نے کرونا کو ان کی موت کا واحد سبب دینے سے گریز کیا، کیوں کہ وہ متعدد دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھا۔

  • ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ

    ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ

    باغبانی کے شوقین افراد نئے نئے تجربات کرتے رہتے ہیں، ایسے ہی ایک شخص نے ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے ہرٹ فورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے باغبان نے ایک ہی تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔

    ڈگلس اسمتھ نامی انگلش باغبان سابق ​​ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کسی کے لیے بھی توڑنا ایک امتحان بن چکا تھا۔

    اسمتھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچھلے سال اپنے گرین ہاؤس میں ایک پودے پر 839 ٹماٹر اگائے تھے جبکہ اب وہ اپنے پودے کے ایک ہی تنے پر 12 سو 69 ٹماٹر اگا کر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    اسمتھ کے مطابق انہیں یہ ریکارڈ بنانے میں کئی برس لگے ہیں۔

  • برطانیہ کا پولینڈ میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا بڑا اعلان

    برطانیہ کا پولینڈ میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا بڑا اعلان

    وارسا: برطانیہ نے پولینڈ میں جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین ویلیس نے کہا ہے کہ برطانیہ پولینڈ میں اسکائی سیبر میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کرے گا۔

    وزیر دفاع نے جمعرات کو وارسا کے دورے کے موقع پر کہا برطانیہ اپنا اسکائی سیبر میزائل سسٹم پولینڈ میں اس لیے نصب کر رہا ہے، کیوں کہ یوکرین پر روس کے حملے کے پیش نظر نیٹو اپنے مشرقی حصے کی حفاظت کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔

    برطانیہ اس میزائل دفاعی نظام کے سلسلے میں پہلے کہ چکا ہے کہ یہ نظام آواز کی رفتار سے سفر کرنے والی ٹینس گیند کے سائز کی چیز کو بھی ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    بین ویلیس نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہم درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی ایئر میزائل سسٹم ‘اسکائی سیبر’ کو ایک سو اہل کاروں کے ساتھ پولینڈ میں نصب کرنے جا رہے ہیں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہم پولینڈ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور روس کی طرف سے کسی بھی جارحیت سے اس کی فضائی حدود کی حفاظت کر سکیں۔

    مغرب کا غلبہ خطرے میں پڑ گیا، روسی صدر کا بڑا اعلان

    پولینڈ کے دارالحکومت کے دورے کے دوران سیکریٹری دفاع نے کہا نیٹو اور برطانیہ کے ایک بہت پرانے اتحادی کے طور پر برطانیہ پولینڈ کے ساتھ کھڑا ہے، اس جنگ کے نتیجے کا زیادہ تر بوجھ پولینڈ اٹھا رہا ہے، اور وہ روس کی طرف سے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہادری کے ساتھ کھڑا ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ میزائل سسٹم پولینڈ کی حکومت کی درخواست پر بھجوایا جا رہا ہے اور یہ ہر وقت برطانوی افواج کے کنٹرول میں رہے گا۔ ترجمان نے کہا یہ خالصتاً دفاعی صلاحیت ہے، جو ہم پولینڈ کو دو طرفہ بنیادوں پر فراہم کر رہے ہیں۔

    ایٹم بم گرانے والا امریکا ہمیں نہ سکھائے، پیوٹن بہت عقل مند اور تعلیم یافتہ عالمی شخصیت ہیں: روس

    برطانیہ کی جانب سے یہ فیصلہ یوکرین کے شہر یاوریف میں ایک فوجی اڈے پر روسی میزائلوں کے حملے کے بعد آیا ہے، جو پولینڈ کی سرحد سے چند ہی میل دور ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین سے فرار ہونے والے 30 لاکھ سے زائد پناہ گزینوں میں سے تقریباً 2 ملین پولینڈ پہنچ چکے ہیں۔

  • برطانیہ کا کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان، غیر ملکی مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری

    برطانیہ کا کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان، غیر ملکی مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری

    لندن: برطانیہ نے کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے ایسٹر سے قبل تمام کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    جمعہ 18 مارچ سے برطانیہ میں مسافروں کے لیے کرونا وائرس سے متعلق تمام بین الاقوامی سفری پابندیاں ختم ہو جائیں گی، مسافروں کے لیے ویکسینیشن کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی، ان کو سفر سے پہلے کرونا ٹیسٹ بھی نہیں کروانا پڑے گا، اور نہ ہی مسافروں کو لوکیٹر فارم جمع کروانے کی ضرورت ہوگی۔

    ہوٹلوں میں قرنطینہ انتظام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مارچ سے وہ بھی مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، اس طرح برطانیہ پہلی بڑی معیشت والا ملک بن جائے گا جو کرونا کے بین الاقوامی سفری پابندیوں کا خاتمہ کرے گا، اور یہ مسافروں، سفر اور ہوا بازی کے شعبے کے لیے ایک تاریخی لمحہ بھی ہوگا۔

    برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹس شاپس نے کہا کہ سفری پابندیاں ختم کرنے کا مطلب ہے کہ لوگ پرانے وقت کی طرح دوبارہ سفر کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں 86 فی صد آبادی کو کرونا ویکسین کی دوسری ڈوز ملی ہے اور 67 فی صد آبادی بوسٹر یا تیسری ڈوز بھی لے چکی ہے۔

  • پھیپھڑوں کے کینسر کی ممکنہ دوا تیار

    پھیپھڑوں کے کینسر کی ممکنہ دوا تیار

    لندن: برطانیہ میں پھیپھڑوں کے کینسر کی ممکنہ دوا تیار کرلی گئی ہے، یہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا نصف مریضوں میں رسولیوں کو سکیڑ دیتی ہے۔

    برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مہلک پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہزاروں مریضوں کو، اس مرض کے علاج میں دہائیوں بعد کامیاب ہونے والی دوا سے مستفید کیا جائے گا۔

    سوٹراسب ایک روزمرہ کی گولی ہے جس کے متعلق یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا نصف مریضوں میں رسولیوں کو سکیڑ دیتا ہے، شرط یہ ہے کہ کینسر تمباکو نوشی کے سبب نہ ہوا ہو۔

    یہ قسم جو ہر 8 میں سے 1 پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا مریضوں کو متاثر کرتی ہے، KRAS نامی جین میں تبدیلی کے باعث پیش آتی ہے، یہ کینسر کی سب سے مہلک قسم ہے جس کا علاج صرف 10 فیصد تک مؤثر ہوتا ہے۔

    ایک صحت مند جسم میں KRAS جین پروٹینز کو قابو کرتا ہے جو نارمل خلیوں کی نشونما میں کردار ادا کرتا ہے، لیکن تبدیل شدہ KRAS جین پروٹینز کو یہ اجازت دیتا ہے کہ وہ خلیوں کی نمو کو قابو سے باہر ہونے دیں جس کے سبب ایسا کینسر ہو جس کا علاج انتہائی مشکل ہو۔

    یہ تبدیل شدہ جین کے کینسر کا سبب ہے جس کو ماہرین نے کینسر کے ڈیتھ اسٹار کا نام دیا ہے۔

    یہی تبدیلی پتے اور بوول کینسر کے کیسز میں بھی سامنے آسکتی ہے، جس سے اس امید میں اضافہ ہوتا ہے کہ سوٹراسب مستقبل میں مزید مریضوں کی مدد کرنے کے قابل ہوگی۔

  • برطانیہ نے روس پر فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کردی

    برطانیہ نے روس پر فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کردی

    لندن: برطانیہ نے روس پر فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی طیارہ برطانوی حدود سے گزرا تو یہ مجرمانہ فعل سمجھا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانیہ نے روس پر فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ روسی طیارہ برطانوی حدود میں آیا تو اسے روک دیا جائے گا۔

    برطانوی وزیر کا کہنا ہے کہ روسی طیارہ برطانوی حدود سے گزرا تو یہ مجرمانہ فعل سمجھا جائے گا اور روسی طیاروں کو تحویل میں لے کر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ یوکرین پر حملوں کے بعد روس پر مختلف ممالک کی جانب سے پابندیاں عائد کی جارہی ہیںِ، اس سے قبل امریکا نے روس کی 22 ڈیفنس کمپنیوں پر پابندی لگا دی تھی جن میں روسی فوج کے لیے لڑاکا طیارے اور جنگی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیاں شامل تھیں۔

    امریکا نے سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنے کے طریقوں پر بھی غور شروع کردیا ہے جبکہ یوکرین کا مطالبہ ہے کہ روس کی رکنیت کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

  • برطانیہ میں خطرناک طوفان، ریڈ وارننگ جاری

    برطانیہ میں خطرناک طوفان، ریڈ وارننگ جاری

    لندن: برطانیہ میں طوفان یونیس کے باعث وارننگ جاری کردی گئی ہے، اس دوران 100 میل فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لندن میں طوفان یونیس کے باعث ریڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ اور ساؤتھ ویلز میں جمعہ کے روز خطرناک موسم کے سبب ریڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے، شدید خراب موسم کی صورت حال پر غور کے لیے حکومت نے کوبرا میٹنگ بھی طلب کرلی ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے سبب اڑ کر گرنے والی اشیا انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ پہلے ہی طوفان ڈڈلی کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں مسافروں کو شدید مشکلات ہیں اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہیں، طوفان کے باعث کمبریا، نارتھ یارکشائر اور لنکا شائر میں 14 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوئے۔

    اسکاٹ لینڈ میں بدھ کی شام سے متاثر ٹرین سروس کی بحالی کے لیے ٹریکس کی صفائی کا عمل جاری ہے۔

    اب جمعہ کو ویلز اور انگلینڈ کو ایک اور طوفان یونیس کا سامنا ہوگا، مغربی ویلز اور ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ میں ایک سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو پورے انگلینڈ کے لیے ایمبر وارننگ کا اجرا کردیا ہے جس کا مطلب ہے کہ طوفان زندگی کے لیے خطرہ ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں شدید طوفان کے سبب لوگوں کو گھروں میں رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانوی فوج امدادی کاموں کے لیے تیار ہے۔

  • ایسی سرجری جس کے بعد کبھی سر درد نہیں ہوگا

    ایسی سرجری جس کے بعد کبھی سر درد نہیں ہوگا

    سر درد کا عارضہ جان لیوا تو نہیں ہوتا لیکن معمول کی سرگرمیوں کو بے حد متاثر کرتا ہے، اب ماہرین نے اس کا انوکھا حل دریافت کیا ہے۔

    برطانوی ماہرین معمولی سی جراحی سے سر درد سے نجات دلانے کی انوکھی کوشش کر رہے ہیں، جس کی بدولت دنیا بھر میں سر درد میں مبتلا مریض اس عارضے سے نجات حاصل کرسکیں گے۔

    برطانیہ کے گائے اینڈ سینٹ تھوماس اسپتال میں ہونے والے اس منفرد آپریشن میں ڈاکٹر مریض کے سر کی کھوپڑی کے ایک معمولی حصے کو ریموو کرکے دماغ میں ٹیفلون (مصنوعی کیمیکل) سے بنا ایک پیچ (ٹکڑا) لگا رہے ہیں۔

    یہ ٹیفلون پیچ جسم کے مرکزی اعصاب سے دماغ کو بھیجے جانے والے درد کے سگنلز کو روک کر مریض کو سر درد کا احساس نہیں ہونے دیتا۔

    گائے اینڈ سینٹ تھوماس اسپتال کے نیورو لوجسٹ ڈاکٹر گیورگی لیمبرو نے اس آپریشن کا طریقہ کار واضح کرتے ہوئے کہا کہ نیورو سرجنز نے کان کے پیچھے سر کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے کو احتیاط سے ٹرائگمینل اعصاب (کرینیئل اعصاب کا پانچواں بڑا جوڑا جو اوپتھالمک، میگزیلیری اور میڈیبیولر اعصاب سے منسلک ہوتا ہے) سے علحیدہ کیا۔

    دوسرے مرحلے میں ٹیفلون سے بنے ایک چھوٹے پیڈ کو اعصاب اور آرٹری کو ایک دوسرے سےعلحیدہ رکھنے کے لیے ان کے درمیان رکھا، یہ پیڈ مرکزی اعصاب کی جانب سے دماغ کو بھیجے گئے درد کے سگنلز کی راہ میں حائل ہوا جس سے مریض کو درد کا احساس نہیں ہوسکا۔

    مصنوعی کیمیکل سے بنے ٹیفلون (پولی ٹیٹرا فلوروایتھلین) کا سرجیکل امپلانٹ میں استعمال عام بات ہے کیوں کہ یہ کیمیکل انسانی جسم میں کسی قسم کا ری ایکشن نہیں کرتا جو پیچیدگیوں کا سبب بنے۔

    ڈاکٹر لیمبرو کا کہنا ہے کہ ہمارے اسپتال میں اب تک 50 مریضو ں میں یہ سرجری کی جاچکی ہے اور اس کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں، جبکہ 70 فیصد سے زائد مریضوں میں سر درد مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔

  • 2 ہزار سال قدیم انسانوں کے سر کٹے ڈھانچے برآمد

    2 ہزار سال قدیم انسانوں کے سر کٹے ڈھانچے برآمد

    برطانیہ میں ایک رومی قبرستان سے 2 ہزار سال قدیم انسانوں کے سر کٹے ڈھانچے برآمد ہوئے ہیں۔

    ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے جنوبی انگلینڈ سے ایک رومی قبرستان میں دفن ہوئے 425 ڈھانچے نکالے ہیں، جن میں سے تقریباً 40 کے سر کٹے ہوئے ہیں۔

    پچاس کے قریب ماہرینِ آثارِ قدیمہ کی ٹیم نے آئلسبری کے قریب ایک جگہ فلیٹ مارسٹن میں کھدائی کےدوران یہ دریافت کی، دریافت ہونے والی لاشوں میں 10 فی صد کے قریب ڈھانچوں کے سر کٹے ہوئے تھے، جن میں سے کئی کے سر ان کی ٹانگوں کے بیچ میں تھے یا ان کے پیروں کے نیچے۔

    یاد رہے کہ رومیوں نے برطانیہ پر 43 عیسوی سے 410 عیسوی تک حکومت کی تھی، ماہرین کا خیال ہے کہ جن ڈھانچوں کے سر کٹے ہوئے ہیں وہ مجرم تھے یا معاشرے کے اچھوت تھے، اگرچہ رومی دور کے آخر میں سر کاٹنا عام بات تھی البتہ تدفین بہت کم کی جاتی تھی۔

    آئندہ چند برس میں محققین دریافت ہونے والے ان ڈھانچوں کے متعلق مطالعہ کریں گے اور رومی تہذیب کے تاریخ طرزِ زندگی، غذا اور عقائد کے متعلق مزید جاننے کی کوشش کریں گے۔

    ایچ ایس ٹو لمیٹڈ میں ہیریٹیج کے سربراہ ہیلن واس کا کہنا تھا کہ دریافت ہونے والی تمام انسانی باقیات کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں گے اور دریافتوں کو برادری کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

    ٹیم نے اس جگہ سے 1200 سکّے بھی دریافت کیے، سکّوں کے ساتھ لیڈ ویٹ بھی دریافت ہوئے جس سے یہ علم ہوا کہ اس جگہ پر تجارت کی جاتی تھی۔

    آثار قدیمہ سے ملنے والی دیگر اشیا میں چمچ، پن اور بروچ سمیت گھریلو اشیا کے ساتھ ساتھ گیمنگ ڈائس اور گھنٹیاں بھی ملی ہیں جو یہ بتاتی ہیں کہ وہاں بھی جوا اور مذہبی سرگرمیاں ہوتی تھیں۔

    ان دریافتوں کے ذریعے آثار قدیمہ کے ماہرین اپنے کھدائی کے کام کے ذریعے تقریباً دو ہزار سال قبل رومن برطانیہ میں زندگی کے بارے میں بھرپور تفصیلات سے پردہ اٹھانے میں کامیاب رہے ہیں۔

  • برطانیہ کے نئے بادشاہ اور ملکہ کون ہوں گے؟ ملکہ الزبتھ نے بتا دیا

    برطانیہ کے نئے بادشاہ اور ملکہ کون ہوں گے؟ ملکہ الزبتھ نے بتا دیا

    لندن: برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے اپنی تخت نشینی کے 70 سال مکمل ہونے پر ایک بار پھر یہ واضح کردیا ہے کہ ان کے بعد شہزادہ چارلس ملک کے بادشاہ اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر ملکہ ہوں گی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم کی تخت نشینی کے 70 سال مکمل ہوگئے ہیں، یہ برطانیہ میں کسی بھی بادشاہ یا ملکہ کے عہد کا سب سے طویل عرصہ ہے۔

    اس تاریخی دن پر ملکہ نے ایک اہم اعلان بھی کیا ہے۔

    ملکہ نے اپنی تخت نشینی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے اہل خانہ اور برطانوی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے بعد ملک کے آئندہ بادشاہ ان کے بیٹے شہزادہ چارلس ہوں گے اور برطانیہ کی نئی ملکہ، شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا پارکر ہوں گی، اور یہ دونوں اپنی شاہی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔

    ملکہ کے فرمان اور شاہی قوانین کے مطابق شہزادہ چارلس کے بادشاہ بننے کے بعد کمیلا پارکر کوئین کنسورٹ بنیں گی، کوئین کنسورٹ کا خطاب بادشاہ کی شریک حیات کے لیے مختص ہے۔

    ملکہ برطانیہ نے ڈچز آف کارنیوال یعنی کمیلا پارکر کے مستقبل کی ملکہ بننے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس حوالے سے تمام ابہام کا خاتمہ کردیا ہے۔

    اس سے قبل برطانوی میڈیا اور عوام میں مستقل یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ولی عہد شہزادہ چارلس کے بادشاہ بننے کے بعد ان کی اہلیہ کو ملکہ کا خطاب نہیں دیا جائے گا۔

    یہ بھی کہا جارہا تھا کہ ملکہ اپنے بعد، بیٹے چارلس کے بجائے پوتے شہزادہ ولیم کو بادشاہ نامزد کرسکتی ہیں، تاہم اب اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔