Tag: برطانیہ

  • غزہ جنگ بندی فوری نہ ہوئی تو اسرائیل کو نتائج بھگتنا ہوں گے، برطانیہ

    غزہ جنگ بندی فوری نہ ہوئی تو اسرائیل کو نتائج بھگتنا ہوں گے، برطانیہ

    برطانیہ نے انتباہ کیا ہے کہ فوری جنگ بندی نہ ہوئی تو اسرائیل کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    پارلیمانی کمیٹی سے خطاب میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے، ناقابل برداشت صورتحال جاری رہی تو حکومت اسرائیل کیخلاف مزید اقدامات کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔

    ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ اگر اسرائیل نے اپنے اس مؤقف پر اصرار جاری رکھا، تو غزہ میں جنگ بندی کا حصول مزید مشکل ہو جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-israel-netanyahu-for-ceasefire-in-gaza/

    یاد رہے کہ اسرائیلی وزیردفاع یوآف گیلنٹ نے حال ہی میں کہا تھا کہ غزہ کی 20 لاکھ آبادی کو جنوبی علاقے میں منتقل کیا جانا چاہیے۔

    دوسری جانب نامور برطانوی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کے عملے نے ’بوسٹن کنسلٹنگ گروپ‘ کے ساتھ مل کر مقبوضہ غزہ پٹی میں ’ٹرمپ ریویرا‘ اور ’ایلون مسک اسمارٹ مینوفیکچرنگ زون‘ کے منصوبے میں حصہ لیا تھا۔

    نامور برطانوی جریدے کے مطابق یہ منصوبہ اسرائیلی بزنس مین کی قیادت میں تیار کیا گیا اور ’دی گریٹ ٹرسٹ‘ نامی اس منصوبے کو ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا۔

  • برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

    برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

    تہران: برطانیہ نے ایرانی دارالحکومت تہران میں ایران اسرائیل جنگ کے باعث بند کیا گیا اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی دفترخارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عارضی بندش کے بعد ایرانی دارالحکومت تہران میں سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران اسرائیل جنگ کے بعد برطانیہ نے تہران میں اپناسفارتخانہ عارضی طور پربندکرکے اپنے سفارتی عملے کو بھی واپس بلالیا تھا۔

    اس کے علاوہ کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات نے بھی ایران سے اپنے شہریوں کا انخلا مکمل کر نے کا اعلان کیا تھا۔

    ایرانی فوج ہائی الرٹ:

    ایران پر اسرائیل کی جانب سے ممکنہ دوبارہ حملے کے خدشے کے باعث ایرانی فوج کو مکمل ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے ایران نے فوجی تیاریوں کو مکمل کرلیا ہے، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر نے کہا ہے کہ اگر جارحیت کی گئی جوابی کارروائی پہلے سے زیادہ شدید ہوگی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ ایک بار پھر اسرائیل کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور ان کی نیتن یاہو سے حالیہ ملاقات کو ”پہلے سے طے شدہ ڈرامہ”قرار دیا جا رہا ہے۔

    ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق ملک کے خفیہ مقامات پر ہزاروں میزائل اور ڈرونز بالکل تیار ہیں، اس بار جنگ میں قدس فورس، نیوی اور آرمی کو مکمل طور پر استعمال کیا جائے گا۔

    اسرائیل حماس مذاکرات کا تیسرا دور، کوئی بڑی پیش رفت پیش رفت نہ ہوسکی

    واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے شروع کیے تھے، جن میں ایران کے اعلیٰ فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں کو شہید کیا گیا تھا، اس کے بعد ایران نے بھی اسرائیلی علاقوں پر شدید میزائل حملے کیے، جس میں اسرائیل نے 28 اسرائیلی شہریوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • برطانوی ایئر فورس بیس میں دخل اندازی کرنے والے افراد پر دہشت گردی کا چارج لگ گیا

    برطانوی ایئر فورس بیس میں دخل اندازی کرنے والے افراد پر دہشت گردی کا چارج لگ گیا

    آکسفورڈ: برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس میں دخل اندازی کرنے والے افراد پر دہشت گردی کا چارج لگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ کے رائل ایئر فورس بیس پر دخل اندازی کرنے کے الزام میں گرفتار 4 افراد کو اینٹی ٹیررازم پولیس نے دہشت گردی کے جرم میں چارج کر لیا۔

    چاروں افراد جن کا تعلق فلسطین ایکشن گروپ سے بتایا جا رہا ہے، کو آج لندن کی مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق 22 اور 29 سال کے درمیان عمروں کے افراد گزشتہ ہفتے آکسفورڈ کے برائز نورٹن ایئر بیس میں داخل ہوئے اور وہاں موجود 4 فوجی جہازوں کو شدید نقصان پہنچایا، جس کا تخمینہ 7 ملین پونڈ لگایا گیا ہے۔

    پولیس کے حالیہ اقدامات کو برطانوی پارلیمنٹ کی گزشتہ روز کی قانون سازی سے تقویت ملی ہے، جس میں 26 کے مقابلے میں 385 ممبران پارلیمنٹ نے فوجی تنصیبات پر مجرمانہ کارروائیوں کو دہشت گردی کے زمرے میں شامل کیا ہے۔


    برطانیہ فلسطین ایکشن گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار نہ دے، یو این ماہرین نے متنبہ کر دیا


    واضح رہے کہ برطانوی قانون سازوں نے فلسطین ایکشن گروپ پر پابندی عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے اور اسے ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔

    منگل کو اقوام متحدہ کے ماہرین نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی ایکٹ 2000 کے تحت فلسطینی گروپ پر دہشت گرد تنظیم کے طور پر پابندی نہ لگائے۔ اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسسکا البانیز نے برطانیہ کو تنبیہ کی کہ سیاسی احتجاج کو دہشت گردی کہنا آزادی اظہار کے لیے خطرہ ہے، فلسطین ایکشن گروپ کی سرگرمیاں انسانی جانوں کے لیے خطرناک نہیں ہیں، پرامن سیاسی احتجاج کو دہشت گردی کے زمرے میں نہ لایا جائے۔

  • برطانیہ میں پانی کا بحران، 135 سال کا خشک ترین موسم ریکارڈ

    برطانیہ میں پانی کا بحران، 135 سال کا خشک ترین موسم ریکارڈ

    برطانیہ میں بارشوں کی کمی کے باعث کئی علاقے خشک سالی کا شکار ہوچکے ہیں، ملک کے آبی ذخائر میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

    انوائرمنٹ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کا یہ موسم بہار 135 سالہ تاریخ میں خشک ترین سال رہا ہے، اس وجہ سے نہ صرف ندی نالے خشک ہوچکے ہیں بلکہ واٹر ریزروائر میں بھی پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے۔

    برطانیہ کے آبی ذخائر اس وقت 80 فیصد سے 65 فیصد تک پہنچ گئے ہیں جو کہ عموماً اس موسم میں 80 فیصد سے زائد ہوتے ہیں۔

    ملک میں برسات میں کمی کی وجہ سے ذخائر مسلسل کم ہورہے ہیں، برطانیہ میں مسلسل بڑھتے درجہ حرارت نے بھی اس خشک سالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    واٹر کمپنیرز نے برطانیہ کے رہنے والوں کو کہا ہے کہ پانی کا ضیاع نہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں، بارشوں اگر نہ ہوئیں تو آنے والے دنوں میں برطانیہ میں پانی کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

  • برطانیہ اور یورپ میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    برطانیہ اور یورپ میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، فرانس میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ متوقع ہے جس کے باعث پیرس میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فرانس، اسپین، اٹلی، پرتگال اور جرمنی میں صحت سے متعلق وارننگز جاری کی گئیں، یہاں تک کہ نسبتاً معتدل موسم کے لیے مشہور نیدرلینڈز نے بھی آئندہ دنوں میں شدید گرمی اور بلند نمی کے پیش نظر ہائی ٹیمپریچر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    برطانیہ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت تقریباً 34 ڈگری ہونے پر سال کا گرم ترین دن قرار دے دیا گیا اس کے علاوہ پرتگال میں درجہ حرارت 46 درجے کو چھو گیا۔

    پیرس میں درجہ حرارت 40 درجے ریکارڈ کیا گیا، آئفل ٹاور کو گرمی کی شدت کے باعث اگلے دو دن کے لیے بند کردیا گیا جبکہ اسکول پہلے ہی بند ہیں، اٹلی میں شدید گرمی کے باعث حکام ’’آؤٹ ڈور‘‘ ورک پر پابندی لگانے پر غور کررہے ہیں۔

    اسپین کے محکمہ موسمیات کے مطابق جون کا مہینہ ملکی تاریخ کا سب سے گرم جون بننے جا رہا ہے، جبکہ جنوبی شہر سیویل میں اقوام متحدہ کی کانفرنس کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ گیا۔

  • برطانیہ فلسطین ایکشن گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار نہ دے، یو این ماہرین نے متنبہ کر دیا

    برطانیہ فلسطین ایکشن گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار نہ دے، یو این ماہرین نے متنبہ کر دیا

    جنیوا: اقوام متحدہ کے ماہرین نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ احتجاجی گروپ فلسطین ایکشن کے خلاف دہشت گردی کے قوانین کا غلط استعمال نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ منگل کو اقوام متحدہ کے ماہرین نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی ایکٹ 2000 کے تحت فلسطینی گروپ ’’ڈائریکٹ ایکشن‘‘ پر دہشت گرد تنظیم کے طور پر پابندی نہ لگائے۔

    اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسسکا البانیز نے برطانیہ کو تنبیہ کی کہ سیاسی احتجاج کو دہشت گردی کہنا آزادی اظہار کے لیے خطرہ ہے، فلسطین ایکشن گروپ کی سرگرمیاں انسانی جانوں کے لیے خطرناک نہیں ہیں، پرامن سیاسی احتجاج کو دہشت گردی کے زمرے میں نہ لایا جائے۔

    دوسری طرف یو این ماہرین نے کہا ’’ہمیں سیاسی احتجاجی تحریک کو بلا جواز ’دہشت گرد‘ کے طور پر پیش کرنے پر تشویش ہے۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق احتجاج کی ایسی کارروائیاں جن میں املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے، لیکن ان کا مقصد لوگوں کو مارنا یا زخمی کرنا نہیں ہے، دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتیں۔‘‘


    اسرائیلی فوج کا خان یونس فوری خالی کرنے کا حکم


    برطانوی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ گروپ ’’دہشت گرد‘‘ ہے کیوں کہ اس کے کچھ ارکان نے مبینہ طور پر اپنے سیاسی مقصد کو آگے بڑھانے اور حکومت پر اثر انداز ہونے کے لیے فوجی اڈوں اور اسلحہ ساز کمپنیوں سمیت دیگر املاک کو مجرمانہ طور پر نقصان پہنچایا۔

    یو این ماہرین نے واضح کیا کہ ’’بین الاقوامی قانون میں دہشت گردی کی کوئی پابند تعریف نہیں ہے، بین الاقوامی معیار دہشت گردی کو مجرمانہ کارروائیوں تک محدود کرتے ہیں جن کا مقصد موت، سنگین ذاتی چوٹ یا یرغمال بنانا، کسی آبادی کو ڈرانے یا حکومت یا کسی بین الاقوامی تنظیم کو مجبور کرنا یا کسی عمل سے باز رکھنا ہو۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’برطانیہ نے 2004 میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1566 کے لیے ووٹنگ میں اس نقطہ نظر کی حمایت کی تھی، زندگی کو خطرے میں ڈالے بغیر محض املاک کو نقصان پہنچانا، دہشت گردی کہلوانے کے لیے سنگین اقدام نہیں ہے۔‘‘

    انھوں نے خبردار کیا کہ فلسطین گروپ پر دہشت گرد کے طور پر پابندی عائد کی جائے گی تو گروپ سے متعلق تمام کارروائیاں بشمول رکنیت، حمایت میں مدعو کرنا، حمایت میں میٹنگ کا اہتمام کرنا اور پبلک میں اس سے متعلق مخصوص لباس پہننا یا اس گروپ سے وابستہ مضامین لے کر جانا مجرمانہ اقدام بن جائیں گے، ماہرین نے متنبہ کیا کہ 14 سال تک قید کی غیر متناسب سزائیں لاگو ہو سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ ویلز کی پارلیمنٹ کے باہر فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، کارڈف بے میں سیکڑوں افراد نے انسانی زنجیر بنا کر پارلیمنٹ کا گھیراؤ کیا، مظاہرے کا انعقاد امن تنظیموں، مزدور یونینز اور ماحولیاتی گروپوں نے کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ نسل کشی میں شریک نہیں ہو سکتے، قانون ساز بھی بولیں، برطانیہ اسرائیل کو اسلحہ دینا فوری بند کرے۔

  • برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں

    برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں

    لندن: برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، پرتگال، اسپین، یونان، فرانس اور اٹلی میں شدید گرمی ہے جس کی وجہ سے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ اور یورپی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کی وجہ سے شہری بے حال ہیں اور اسکول بند ہو رہے ہیں، اسپین اور پرتگال میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔

    برطانیہ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے، لندن میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، ہیتھرو ایئرپورٹ پر درجہ حرارت 33.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    ویمبلڈن میں تاریخ کا سب سے گرم دن رہا، درجہ حرارت 32.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، برطانیہ کے چڑیا گھر میں جانوروں کے لیے برف کے بلاک رکھے گئے، مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے 16 علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری ہوگا، جب کہ ہیٹ ہیلتھ الرٹ میں توسیع کر دی گئی ہے، گرمی کی شدت میں اضافے پر عوام نے ساحل کا رخ کر لیا، اور دوسری طرف گرمی کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہونے لگی ہے۔

    برطانوی حکام کی جانب سے عوام کو زیادہ پانی پینے اور سائے دار جگہوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر سائنس دان توقع کر رہے ہیں کہ انسانوں کی طرف سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں موسم کے مزید شدید واقعات رونما ہوں گے۔

  • اڑنے والی چیونٹیاں اس موسم گرما میں کتنی خطرناک ہوسکتی ہیں؟ ماہرین نے خبردار کردیا

    اڑنے والی چیونٹیاں اس موسم گرما میں کتنی خطرناک ہوسکتی ہیں؟ ماہرین نے خبردار کردیا

    موسم گرما کے پیش نظر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اڑنے والی چیونٹیوں سے نمٹنے کے دن قریب آرہے ہیں اور یہ بدترین ہوسکتا ہے۔

    آپ کی آنکھوں، منہ اور یہاں تک کہ زمین پر چیونٹیوں کی بھیڑ ہو، ہر سال برسات کے موسم میں کچھ دن ایسے ایسے آتے ہیں جب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اڑتی ہوئی چیونٹیاں ہر جگہ موجود ہیں، برطانیہ میں اس موسم گرما میں ماہرین کا خیال ہے کہ اس بار پہلے سے کہیں بری صورتحال ہوگی۔

    برطانیہ میں اسے ‘فلائنگ اینٹ ڈے’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، سال میں کچھ دن ایسے آتے ہیں جب پروں والے لاکھوں نر اورمادہ چیونٹیاں اپنے ٹھکانوں سے باہر ہوا میں اڑنے کےلیے آموجود ہوتی ہیں۔

    جولائی اور اگست میں کئی ہفتوں کے دوران پورے برطانیہ میں یہ چیونٹیا نظر آتی ہیں، لیکن اس سال کے گرم موسم نے چیونٹیوں کی زیادہ بھیڑوں کے لیے مثالی حالات پیدا کیے ہیں۔

    بیسٹ اینٹس یو کے کے مطابق ‘2025 میں فلائنگ اینٹ ڈے معمول سے پہلے ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس میں 22 اور 25 جولائی کے قریب ان کیڑوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے۔

    حکام نے شہروں میں رہنے والے لوگوں کو جلد سے جلد چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ شہری علاقے عام طور پر گرم ہوتے ہیں اس لیے جلد از جلد وہ ان سرگرمیوں کو متحرک کرتے ہیں۔

    کیڑوں پر قابو پانے والی کمپنی رینٹوکیل کا کہنا ہے کہ اس موسم گرما کے حالات، خاص طور پر زیادہ نمی بھیڑ کے لیے زیادہ موزوں ہے۔

  • فلاحی اصلاحات پر برطانوی وزیر اعظم مشکل میں پڑ گئے، پارٹی تقسیم کا خطرہ

    فلاحی اصلاحات پر برطانوی وزیر اعظم مشکل میں پڑ گئے، پارٹی تقسیم کا خطرہ

    لندن: برطانیہ کے وزیر اعظم اور لیبر لیڈر سر کیئر اسٹارمر کو مجوزہ فلاحی اصلاحات (ویلفیئر بل) پر بڑھتے ہوئے سیاسی دباؤ کا سامنا ہے، جس کے بارے میں ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ قدم پارٹی تقسیم کا باعث بن سکتا ہے۔

    لیبر حکومت فلاحی قوانین کو سخت بنانے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کام کے لیے راغب کرنے کے منصوبے متعارف کروا رہی ہے، جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو طویل مدتی بیماری یا معذوری کا شکار ہیں۔

    ان نئے منصوبوں کی وجہ سے پارٹی میں اختلافات پائے جاتے ہیں اور محتاط اندازے کے مطابق 120 لیبر ممبران پارلیمنٹ ان نئی کٹوتیوں کے خلاف بغاوت کر سکتے ہیں، جب کہ کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ اصلاحات کا مقصد پیداواری صلاحیت کو بڑھانا اور ریاست پر انحصار کو کم کرنا ہے۔

    تاہم ٹریڈ یونینز، معذوروں کے حقوق کے گروپس، اور لیبر ممبران پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ تجاویز سے قدامت پسندانہ انداز حکومت کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، جس سے کمزور لوگوں کو سزا دینے کا تاثر ملتا ہے۔


    برطانیہ میں دہشت گرد ی کا خطرہ ہے، وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر


    ناقدین وزیر اعظم کیئر اسٹارمر پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ درمیانی درجے کے ووٹروں کے تعاقب میں سماجی انصاف کے لیے پارٹی کی روایتی وابستگی کو ترک کر رہے ہیں۔

    کیئر اسٹارمر کا اصرار ہے کہ اصلاحات ہمدردانہ اور تحقیقی ثبوت پر مبنی ہوں گی، لیکن جیسے جیسے اپوزیشن بڑھ رہی ہے، سوال پیدا ہو رہا ہے کہ کیا لیبر پارٹی اس وژن کے ساتھ متحد رہ پائے گی یا نہیں؟

  • برطانیہ میں دہشتگرد ی کا خطرہ ہے، وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر

    برطانیہ میں دہشتگرد ی کا خطرہ ہے، وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر

    برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے برطانیہ میں دہشتگرد حملے کا خطرہ ظاہر کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش خطرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی کے لیے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو 9 بڑے سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، جن میں سائبر حملے، دہشتگرد کارروائیاں اور موسمیاتی تبدیلیاں شامل ہیں۔

    دوسری جانب برطانیہ نے ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار لے جانے والے جنگی طیارے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق برطانوی حکومت نے منگل کو کہا کہ وہ ایک درجن F-35A لڑاکا طیارے خریدے گی، جو ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کو فائر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ڈاؤننگ اسٹریٹ نے بیان میں کہا کہ لاک ہیڈ مارٹن جیٹ طیاروں کی خریداری سے برطانیہ کی فضائیہ کو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد پہلی بار جوہری ہتھیار لے جانے کا موقع ملے گا۔

    کیئر اسٹارمر نے بیان میں کہا کہ ”اس سخت غیر یقینی کے دور میں ہم امن کو مزید معمولی نہیں سمجھ سکتے، یہی وجہ ہے کہ میری حکومت قومی سلامتی میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔“

    روئٹرز کے مطابق ایک طرف برطانیہ کو ایک طرف روس کی بڑھتی ہوئی دشمنی کا سامنا ہے اور دوسری طرف یورپی سلامتی کے محافظ کے طور پر امریکا اپنے روایتی کردار سے دست بردار ہو رہا ہے، ایسے میں برطانیہ دفاعی اخراجات میں اضافہ کرنے لگا ہے، اور آبدوزوں کے بیڑے سمیت اپنی فوجی قوتوں کو اپ گریڈ کر رہا ہے۔

    برطانیہ میں شدید گرمی کی لہر، 600 افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ

    برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ان جیٹ طیاروں کی خریداری سے وہ کسی جنگ کی صورت میں ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے ساتھ نیٹو میں اپنا کردار بھی ادا کر سکیں گے۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا کہ ”یہ نیٹو کے لیے ایک اور مضبوط برطانوی شراکت ہے۔“