Tag: برطانیہ

  • برطانیہ، مسجد کے سامنے کار نے نمازیوں کو کچل دیا

    برطانیہ، مسجد کے سامنے کار نے نمازیوں کو کچل دیا

    لندن: برطانیہ کے شہر لیسسٹر میں ایک تیز رفتار کار نے نمازیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہر لیسسٹر میں گزشتہ روز ایک تیز رفتار کار نے مسجد سے نماز پڑھ کر نکلنے والے نمازیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک 40 سالہ شخص اور نوعمر بچہ زخمی ہوگیا۔

    حادثے میں زخمی شخص کو اور نوعمر بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 40 سالہ شخص کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ بچے کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    حادثہ رات کو ایک بجکر 15 منٹ پر پیش آیا، پولیس نے ڈرائیور کا پتا لگانے کے لیے عینی شاہدین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ: کار سوار نے عوام پر گاڑی چڑھادی، چار افراد زخمی

    عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ میں عید کے تحائف خریدنے کے لیے گاڑی سے اتری تھی جب ہم کراسنگ کے قریب پہنچے تو ہمیں کار تیزی سے آتی دکھائی دی، میری بہن نے کہا کار تیزی سے آرہی ہے میں نے اس کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑ لیا۔

    خاتون نے کہا کہ ہم نے دوڑنا شروع کردیا اور جب کار قریب آئی تو اس نے اپنا اسٹیرنگ ہماری جانب موڑ دیا، میں نے اپنی بہن کا ہاتھ پکڑ کر اسے پیچھے کی جانب دھکیل دیا، میں خود بھی پیچھے ہٹ گئی اور کار بالکل ہمارے قریب سے گزر کر دوسرے لوگوں کو روندتے ہوئے گزر گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے یہ ایک حادثہ ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے

    اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے

    اسلام آباد : وزیراعظم کےمشیربرائےاحتساب شہزاد اکبر نے کہا اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کےایم او یو پر دستخط ہو گئے،دستاویز پربرطانوی وزیر داخلہ کے فوکل پرسن نے دستخط کیے ، اس اہم پیش رفت سے وزیراعظم عمران خان کوبھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ، خصوصی معاون برائے وزیر اعظم مرزا شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی مفاداشت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے۔

    مرزا شہزاد اکبر کا کہنا تھا سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے ایم او یو پر دستخط ہو گئے، دستاویز پر برطانوی وزیر داخلہ کے فوکل پرسن گرائم بگر نے دستخط کئے۔

    شہزاد اکبر نے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید سے بھی اسحاق ڈار کی حوالگی سے متعلق ملاقات کی۔

    اس اہم پیش رفت سے وزیراعظم عمران خان کوبھی آگاہ کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے، اسحاق ڈار 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد تاحال اسحاق ڈار لندن میں ہی مقیم ہے۔

    مزید پڑھیں : انٹرپول نے اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ کے لیے مزید دستاویزات مانگ لیں

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا جبکہ انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

  • برطانیہ کے نئے وزیراعظم کی دوڑ ، پاکستانی نژاد ساجدجاوید ٹاپ ٹین میں شامل

    برطانیہ کے نئے وزیراعظم کی دوڑ ، پاکستانی نژاد ساجدجاوید ٹاپ ٹین میں شامل

    لندن : برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے استعفٰی کے بعد پاکستانی نژادساجدجاوید کے وزیراعظم بننے کا امکان ہے، وزارت عظمٰی کی دوڑ میں ساجدجاویدٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رطانوی وزیراعظم تھریسامے کے استعفٰی کے اعلان کے بعد برطانیہ کے نئے وزیراعظم کی دوڑمیں پاکستانی نژادساجدجاوید ساجدجاویدٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔

    ساجدجاویدگزشتہ سال وزیرداخلہ کےعہدےپرتعینات ہوئےتھے۔

    پاکستانی نژاد ساجد جاوید اس سے قبل برطانیہ کی لوکل گورنمنٹ، ہاوسز کے وفاقی وزیر تھے۔ ساجد جاوید سنہ 2010 سے برطانوی پارلیمنٹ کا حصّہ ہیں۔ وہ ساجد جاوید برطانیہ کے سابق انویسٹمنٹ بینکر، اور برومزگرو سے ایم پی منتخب ہوکر وزیر برائے بزنس اور ثقافت بھی رہ چکے ہیں۔

    خیال رہے برطانیہ کی کنزرویٹیو پارٹی کے رکن اور نو منتخب وزیر داخلہ ساجد جاوید پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے ہیں جو سنہ 1960 میں اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب وزارت عظمٰی کی دوڑ میں کئی نامی گرامی سیاستدانوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں ، جن میں بورس جانسن، ایستھر میک وی، روری سٹیورٹ،  اور جیرمی ہنٹ شامل ہیں۔

    ایستھر میک وی


    ایستھر میک وی نے گذشتہ برس نومبر میں بریگزٹ پر ہونے والے مذاکرات پر وزیراعظم سے اختلاف کے بعد ورکس اور پینشن کے وزیر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا،

    بورس جانسن


    بورس جانسن نے بھی بریگزٹ پر ہونے والے مذاکرات پر اختلاف کے باعث وزیر خارجہ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ بورس بریگزٹ کی مہم کے بڑے حامی تھے۔

    روری سٹیورٹ


    سابق سفارت کار روری سٹیورٹ کو رواں ماہ وزیر بین الاقوامی ترقی کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، وہ 2010 میں پہلی مرتبہ برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

    جیرمی ہنٹ


    جیرمی ہنٹ کو بورس جانسن کے مستعفی ہونے کے بعد وزیر خارجہ کے عہدے پر مقرر کیا گیا تھا، جیرمی ہنٹ نے ریفرنڈم میں یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

    اینڈریا لیڈسم


    اینڈریا لیڈسم حال ہی میں دارالعوام کے لیڈرآف دی ہاؤس کے عہدے سے استعفیٰ دیا، وہ بھی بریگزٹ کی حامی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز برطانیہ کی وزیرِ اعظم ٹریزا مے نے بریگزٹ معاہدے کے معاملے پر اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے سات جون کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں :  برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا مستعفیٰ ہونے کا اعلان

    لندن میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر اپنے خطاب میں برطانوی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے شدید پشیمانی کی بات ہے کہ وہ بریگزٹ نہیں کروا سکیں، میں نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالتے ہی یہ کوشش رہی کہ برطانیہ صرف چند لوگوں کو فائدہ نہ دے بلکہ سب کے لیے ہو۔

    ان کا کہنا تھا میں نے ریفرینڈم کے نتائج کو عزت دینے کی کوشش کی اور ہمارے انخلا کے لیے شرائط پر مذاکرات کیے، میں نے ارکان پارلیمان کو قائل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی کہ وہ اس معاہدے کی حمایت کریں لیکن افسوس میں اس میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

  • پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نفیس زکریا

    پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نفیس زکریا

    لندن: برطانیہ میں مقیم پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کے مزید فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں دارالعلوم کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ٹام تگندحت سے ملاقات کی اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔

    پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے برطانوی سرمایہ کاروں اور تاجروں سے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی پرکشش پالیسی اور سازگار ماحول سے فائد اٹھائیں۔

    خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ٹام تگندحت نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا جو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    نفیس زکریا نے ملاقات میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ برطانوی ہائی کشمنر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے لیے پاکستان اہم ملک ہے، ہمارے قومی مفادات پاکستان کی ترقی اور خوش حالی سے جڑے ہیں۔

    برطانوی ہائی کشمنر تھامس ڈریو مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دوسری بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ برطانیہ ہے۔

  • یورپی پارلیمانی انتخابات، برطانیہ کا مستقبل کیا ہوگا؟

    یورپی پارلیمانی انتخابات، برطانیہ کا مستقبل کیا ہوگا؟

    لندن: بریگزٹ ڈیل کے تناظر میں برطانوی عوام اس سال گومگوکی کیفیت میں یورپی پارلیمنٹ الیکشن میں حصہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی رکنیت بریگزٹ سے مشروط ہونے سے عوام کی عدم دلچسپی سامنے آئی ہے، برطانیہ بھر سے یورپی پارلیمنٹ کی 73نشستوں کیلئے 12 پارٹیوں کے امیدوار سامنے آگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار امیگرینٹس کی کم تعداد انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، اسکاٹ لینڈ کی 6 نشستوں میں نوشینہ مبارک ٹوری پارٹی کی معروف امیدوار ہیں۔

    نوشینہ مبارک ہاؤس آف لارڈز کی ممبر بھی ہیں، مغربی انگلینڈ کے 3 حلقوں کی 17 نشستوں پر 3 پاکستانی نژاد امیدوار میدان میں ہیں، تینوں امیدوار سجادکریم، امجدبشیر ،واجدخان پہلے بھی ممبر یورپی پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔

    لبرل ڈیموکریٹس کے شفق محمد اور ٹوریز کےجوادخان بھی جیت کیلئے پر امید ہیں، مڈلینڈز کی 12نشستوں پرپاکستانی نژاد احمد اعجاز اور عنصرعلی خان میدان میں ہیں۔

    ویلزسمیت جنوبی حصے کی 20نشستوں پر کوئی معروف پاکستانی میدان میں نہیں ہے، لندن کی8 نشستوں میں ٹوری امیدوار سید کمال جیت کی امید کے ساتھ میدان میں آئیں گے، گرین پارٹی کی گلنار حسین اور لیبر کے مراد قریشی بھی لندن سے قسمت آزمائی کریں گے۔

    لب ڈیم کےحسین خان اور روبینہ خان لندن کی سیٹ سے میدان میں ہیں، ایسٹ آف انگلینڈ کی7 نشستوں پر جویریہ حسین لیبر پارٹی کی طرف سے امیدوار ہیں، کامیابی کیلئے پر امید پارٹی سربراہ نیجل فراج بھی اسی حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

    بریگزٹ ڈیل، یورپی رہنما نے رواں ہفتہ اہم قرار دے دیا

    تازہ ترین سروے رپورٹس کے مطابق بریگزٹ پارٹی پہلے نمبر پر رہے گی، لب ڈیم، لیبرپارٹی قابل قدر سیٹیں حاصل کرسکیں گی، ٹوریز کو بڑی شکست کا سامنا ہوگا۔

  • دو سال میں دہشت گردی کے 19 حملے ناکام بنائے، برطانوی وزیر داخلہ

    دو سال میں دہشت گردی کے 19 حملے ناکام بنائے، برطانوی وزیر داخلہ

    لندن: برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران دہشت گردی کے 19 بڑے حملے ناکام بنائے گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے اسکاٹ لینڈ یارڈ میں سیکیورٹی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سال کے دوران 19 دہشت گردی کے حملے ناکام بنائے، ان میں سے 14 حملے جہادیوں کی جانب سے جبکہ 5 دائیں بازو کے انتہا پسند نظریات پریقین رکھنے والے برطانوی باشندوں نے باغیوں کے زیر تسلط علاقوں میں کیے گئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ واپس آنے والے جہادیوں کو سزا دلوانے کے لیے موجودہ قوانین کو اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے کیونکہ موجودہ قوانین کے تحت ان کو سزا دلانا بہت مشکل ہے۔

    برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ غداری سے متعلق برطانوی قوانین میں دہشت گردی اور حکومت مخالف سرگرمیوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ دہشت گردوں کو سزا دی جاسکے۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعات کو روکنے کیلئے سب کو متحد ہونا پڑے گا، ساجد جاوید

    ساجد جاوید نے کہا کہ شمالی شام میں موجود تمام برطانوی باشندے 28 دن کے اندر علاقہ چھوڑ دیں ورنہ برطانیہ واپسی پر انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے، شام کے شمال مغربی علاقے ادلب سے برطانوی شہریوں کی واپسی روکنے کے لیے نئے اختیارات بروئے کار لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی حکام نے داعش میں شمولیت کے لیے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں، سرحد پر ایسے لوگوں کے پاسپورٹ ضبط کیے اور انہیں ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا۔

    برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں ملکی اور بیرونی طور پر لاحق خطرات کا تدارک کرنے کے لیے ضروری اختیارات کی ضرورت ہے۔

  • برطانیہ میں اے 14 روڈ ورکس کے دوران رومن دور کا سکہ برآمد

    برطانیہ میں اے 14 روڈ ورکس کے دوران رومن دور کا سکہ برآمد

    لندن: برطانیہ میں اے 14 روڈ ورکس کے دوران رومن دور کا سکہ برآمد ہوا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں اے 14 روڈ ورکس کے دوران رومن دور کا سکہ برآمد ہوا ہے، یہ دریافت کیمبرج اور ہنٹنگ ڈاؤن کے درمیان اے 14 کی بہتری کے لیے 1.5 بلین پونڈزکی لاگت سے ہائی وے انگلینڈ کی جانب سے ہونے والی کھدائی کے دوران ملی۔

    ماہر آثار قدیمہ اسٹیو شرلاک نے بتایا کہ یہ قیمتی دریافت انگلینڈ میں ملنے والا اپنی نوعیت کا لائلیانس دور کا دوسرا سکہ ہے۔

    ایم او ایل اے ہیڈ لینڈ انفرااسٹرکچر کے کوائن ایکسپرٹ جولیان بوشیر نے بتایا کہ رومن شہنشاہ سکوں کی دھلائی میں غیر معمولی طور پر دلچسپی لیتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ لائلیانس کا دور حکومت صرف دو ماہ تک رہا جو کہ ان سکوں کی دھلائی کے لیے بمشکل کافی وقت تھا، جس وقت یہ سکہ کیمبرج شائر پہنچا اس وقت تک لائلیانس کو ہلاک کیا جاچکا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق بدقسمت بادشاہ کا تختہ الٹ کر ممکنہ طور پر اس کے اپنے فوجیوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، یہ سلطنت جس جگہ تھی وہ آج کے دور کا جرمنی اور فرانس ہے۔

    آرکیالوجسٹ شرلاک نے کہا کہ اس طرز کی دریافت شازو نادر ہی ہوتی ہیں، اسی طرز کا ایک نادر سکہ کھدائی کے دوران ملا تھا جسے آج جدید دور کے فرانس میں 57 قبل مسیح سومے کے علاقے میں امبیانی قبائل نے ڈھالا تھا۔

  • برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    لندن : امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں متحاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں برطانوی شہریوں یا دہری شہریت رکھنے والے افراد کی گرفتاری اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا خدشہ ہے جس کے تحت برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران جانے میں احتیاط کی تاکید کی ہے۔

    برطانوی وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو ایران کے سفر میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ ان کے ساتھ ممکنہ طور پر بدسلوکی کا خدشہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش کی گئی مگر ایران کا نا مناسب رویہ بدستور موجود ہے۔

    برطانیہ کی طرف سے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے ایک ایسے وقت میں روکا گیا ہے جب دوسری جانب امریکا اور ایران حالت جنگ میں ہیں۔ امریکا نے اپنی فوج اور جنگی طیارے خلیجی ممالک میں تعینات کر دئیے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔

  • برطانیہ کو منظم جرائم کی وجہ سے شدید نوعیت کے خطرات لاحق ہیں، این سی اے

    برطانیہ کو منظم جرائم کی وجہ سے شدید نوعیت کے خطرات لاحق ہیں، این سی اے

    لندن : نیشنل کرائم ایجنسی نے دل دہلا دینے والا انکشاف کیا کہ برطانیہ میں ایک لاکھ 44 ہزار لوگ ڈارک ویب پر بچوں کی فحش فلمیں دیکھ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ایک لاکھ 44 ہزار لوگ ڈارک ویب کے ذریعے بچوں کی فحش فلمیں دیکھ رہے ہیں۔

    برطانیہ کے ٹاپ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کے ایک لاکھ 44 ہزار لوگ ڈارک ویب پر جانے کیلئے گمنامی کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں جس کے ذریعے ان کو پکڑنا لگ بھگ ناممکن ہوجاتا ہے۔

    نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل لیان اوینز نے کہا ہے کہ برطانیہ کو منظم جرائم کی وجہ سے شدید نوعیت کے خطرات لاحق ہیں۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منظم جرائم سے نمٹنے اور بچوں کی ہراسانی کے واقعات کو روکنے کیلئے 2 اعشاریہ 7 ارب پاﺅنڈ کا بجٹ فراہم کیا جائے۔

    این سی اے حکام کا کہنا ہے کہ ہماری صلاحیتوں کو بڑھانا قومی سلامتی کیلئے انتہائی ضروری ہے، اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو نہ صرف برطانیہ کے قانون نافذ کرنے والے ادارے بلکہ عوام کو بھی اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ آج کے جرائم پیشہ افراد یہ نہیں دیکھتے کہ وہ کیا جرم کر رہے ہیں بلکہ ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے پیسہ کمایا جاسکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ منظم جرائم پیشہ گروہ بچوں اور بزرگوں کو اپنا نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ یہ دونوں طبقے خود کا دفاع کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔

    نیشنل کرائم ایجنسی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا کہ بچوں کی فحش ویڈیوز سے متعلق زیادہ تر مواد عام ویب سائٹوں پر دستیاب ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر سے مجموعی طور پر 29 لاکھ لوگ ڈارک ویب کا استعمال کر رہے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بچوں کے خلاف آن لائن جرائم میں700 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    نیشنل کرائم ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں ایک لاکھ 81 ہزار لوگ ڈارک ویب کے ذریعے یا تو کسی منظم جرائم پیشہ گروہ سے منسلک ہیں یا پھر وہ بچوں کی فحش فلمیں دیکھ رہے ہیں۔

  • برطانوی مساجد رمضان میں ماحول دوستی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں

    برطانوی مساجد رمضان میں ماحول دوستی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں

    لندن: انگلینڈ میں واقع ایک مسجد گرین لین اس ماہ رمضان میں ماحول دوستی اور تحفظ ماحول کے لیے پلاسٹک کا استعمال ختم کرنے کی مہم چلا رہی ہے جسے بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

    انگلینڈ کے شہر برمنگھم کی یہ مسجد اس بار نمازیوں کو پلاسٹک بوتلوں کے بجائے پانی کی ایسی بوتلیں تقسیم کر رہی ہے جو دوبارہ استعمال کی جاسکتی ہیں۔

    اس سے قبل اس مسجد سے رمضان میں نمازیوں کو پلاسٹک کی بوتلیں تقسیم کی جاتی رہی ہیں جن کی تعداد ایک دن میں 1 ہزار تک پہنچ جاتی تھی تاہم اس بار اس مسجد نے ماحول دوست اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مسجد نے قابل استعمال بوتلوں کے ساتھ پانی کے نلکے بھی نصب کروائے ہیں تاکہ روزہ دار وہاں سے اپنی پیاس بجھا سکیں اور پلاسٹک استعمال نہ کرنا پڑے۔

    یہ اقدامات ’گرین رمضان‘ کی مہم کے تحت کیے جارہے ہیں۔ اس مہم کی بنیاد قرآن پاک کی اس آیت پر رکھی گئی جس میں کہا گیا ہے، ’اصراف سے بچو اور میانہ روی اختیار کرو کہ اللہ فضول خرچ کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا‘۔

    برمنگھم کی اس مسجد کے علاوہ ایسٹ لندن کی مسجد اور یارک مسجد بھی اصراف کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔

    گرین لین مسجد نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ان کی اس مہم کو فروغ دیا جائے اور پلاسٹک کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ ’بطور مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ماحول کی حفاطت کریں اور اسے نقصان پہنچانے سے گریز کریں‘۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں کروڑوں ٹن پلاسٹک کی اشیا بنائی جاتی ہیں جس کی بڑی مقدار سمندروں میں چلی جاتی ہے۔ صرف برطانیہ میں شکار کی جانے والی مچھلیوں میں سے ایک تہائی مچھلیاں ایسی ہوتی ہیں جن کے جسم کے اندر پلاسٹک کی اشیا موجود ہوتی ہیں۔

    پلاسٹک کو غذا سمجھ کر کھا لینے کی وجہ سے ہر سال لاکھوں آبی جاندار اور آبی پرندے ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    گرین لین مسجد انتظامیہ کو امید ہے کہ ان کے اقدامات سے مسلمانوں میں ماحول دوست بننے اور تحفظ ماحول کا شعور بیدار ہوگا۔