Tag: برفباری

  • یورپ میں شدید سردی کی لہر‘ہلاکتوں کی تعداد23ہوگئی

    یورپ میں شدید سردی کی لہر‘ہلاکتوں کی تعداد23ہوگئی

    وارسا: یورپ کے مختلف ممالک میں شدید سردی کےباعث تارکین وطن اور بےگھر لوگوں سمیت23 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق یورپ کے مختلف ممالک میں شدید سردی کی لہررواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اٹلی میں بحری اور فضائی سفر کی سہولیات تعطل کا شکار ہوئی ہیں جبکہ جنوبی علاقوں میں اسکول بند کردیےگئےہیں۔

    c1

    ترکی بھی سرد موسم سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ باسفورس کی بندرگاہ کو بھی استنبول میں برفانی طوفان کے بعد لنگر اندازی کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    c2

    پولینڈ میں سردی کے باعث کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔جہاں منجمند کردینے والی سردی مائنس 14 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کی گئی۔روس میں رات کے وقت درجۂ حرارت منفی 30 تک پہنچ چکا ہے۔

    c3

    یونان کے شمالی علاقوں میں درجۂ حرارت منفی 15 تک پہنچ گیا ہیں جہاں گذشتہ ہفتے ایک افغان پناہ گزین سردی کے باعث ہلاک ہو گیا تھا وہاں تمام سڑکیں بند ہیں۔

    c4

    اٹلی میں سات افراد کی ہلاک کے بعد بے گھر افراد کے لیے بنے ہاسٹلز دن رات کھلے ہیں۔ مرنے والوں میں پانچ افراد کھلے آسمان تلے ہلاک ہو ئے۔

    c5

    واضح رہےکہ روس میں 120 سال کے بعد اس قدر سردی پڑی ہے۔جہاں رات کے وقت درجۂ حرارت منفی 30 تک ریکارڈ کیاگیا ہے۔

    c6

  • برفباری دیکھنے کے لیے ان مقامات کی سیر کریں

    برفباری دیکھنے کے لیے ان مقامات کی سیر کریں

    ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا آغاز ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ہی گرم اور خشک علاقوں کے رہنے والوں نے برفباری دیکھنے کے لیے اپنا بوریا بستر باندھ لیا ہے۔

    پاکستان قدرتی مناظر کے حوالے سے دنیا کے حسین ترین ممالک میں سے ایک ہے جہاں چاروں موسم پائے جاتے ہیں۔ اس سال اگر آپ بھی برف باری دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ کو کن مقامات کا انتخاب کرنا چاہیئے۔

    وادی کیلاش

    1

    پاکستان کی وادی چترال اور وادی کیلاش دو خوبصورت ترین مقامات ہیں۔ وادی کیلاش میں ایک مختلف مذہب کے لوگ آباد ہیں جن کی روایات و ثقافات نہایت خوبصورت، سحر انگیز اور منفرد ہیں۔

    2

    اگر آپ سردیوں میں یہاں کا دورہ کرتے ہیں تو آپ ان کے تہوار سنو گالف میں شرکت کر سکتے ہیں۔

    وادی ناران

    naran-2

    خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں واقع وادی ناران اپنی خوبصورتی اور جھیل سیف الملوک کی وجہ سے بے حد مشہور ہے۔

    naran-1

    یہاں کی لوک کہانیوں کے مطابق اس جھیل پر چاند راتوں میں آسمان سے پریاں اترتی ہیں۔

    مالم جبہ

    malam-2

    وادی سوات میں واقع ہل اسٹیشن مالم جبہ بھی ایک خوبصورت مقام ہے۔ یہ پاکستان میں برف کے کھیل اسکینگ کا واحد مرکز ہے۔

    malam-1

    یہ مقام تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے بھی دلچسپی کا باعث ہے کیونکہ یہاں بدھ مت کے دو سٹوپا (جہاں گوتم بدھ کی راکھ دفن ہے) اور 6 بدھ عبادت گاہیں بھی موجود ہیں۔

    وادی ہنزہ

    hunza

    پاکستان کے صوبہ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ کے کنارے واقع یہ ایک پہاڑی علاقہ ہے۔

    baltit

    یہاں کا بلتت قلعہ سیاحوں کے لیے پرکشش ترین مقام ہے جبکہ یہاں سے پاکستان میں موجود خوبصورت بلند پہاڑی چوٹیوں کا بھی نظارہ کیا جاسکتا ہے۔

    سکردو

    skardu-2

    دریائے سندھ اور دریائے شگر کے سنگم پر واقع اسکردو سطح سمندر سے 8 ہزار 200 فٹ بلند ہے۔

    skardu-1یہاں موجود جھیلیں اپر کچورا جھیل، لوئر کچورا جھیل اور صدپارہ جھیل خوبصورت ترین جھیلیں ہیں۔

    زیارت

    ziarat-1

    ضلع زیارت نہ صرف ایک سیاحتی بلکہ تاریخی مقام بھی ہے۔ یہاں زیارت ریزیڈنسی موجود ہے جہاں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔

    juniper

    یہاں پر دنیا کا دوسرا بڑا صنوبر کا جنگل بھی موجود ہے۔ اس جنگل میں 5 سے 7 ہزار سال قدیم درخت بھی موجود ہیں۔

    نتھیا گلی

    nathia-2

    نتھیا گلی صوبہ خیبر پختونخوا کا ایک پہاڑی قصبہ ہے جو ضلع ایبٹ آباد میں مری کو ایبٹ آباد سے ملانے والی سڑک پر 8200 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔

    nathia-1

    پیر چانسی

    peer-2

    سطح سمندر سے ساڑھے 9 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع یہ مقام مظفر آباد میں واقع ہے۔

    peer-1

    کیل گاؤں

    kel-2

    آزد کشمیر میں وادی نیلم میں موجود یہ گاؤں برفباری کا نظارہ دیکھنے کے لیے نہایت حسین مقام ہے۔

    kel-1

    یہ پاکستان کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک سروائی چوٹی کا بیس کیمپ بھی ہے۔

  • موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری

    موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سچ ثابت ہوئی۔ بالائی علاقوں میں برف باری کا آغاز ہوگیا۔ چترال میں لواری ٹاپ برفباری کی وجہ سے بند کردیا گیا۔ سوات میں روئی کے گالے گرے تو شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش و برفباری کا آغاز ہوگیا۔ لاہور اور پنڈی سمیت بالائی پنجاب اور پشاور، مالاکنڈ، سوات سمیت بالائی علاقوں میں بھی بارش شروع ہوگئی۔

    snow-post-1

    چترال میں روئی کے گالے گرے تو ہر چیز برف سے ڈھک گئی۔ برفباری کے باعث لواری ٹاپ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو اشیا خورد و نوش کی قلت کا سامنا ہے۔ چترال کے مختلف علاقوں میں بارش نے بھی موسم سرد کردیا۔

    snow-post-2

    نانگا پربت، بابوسر ٹاپ اور بٹوگا ٹاپ پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مظفر آباد کی وادی نیلم کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔

    سوات کے پہاڑوں پر برفباری نے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ مالم جبہ، کالام اور نواحی علاقوں میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

  • مختلف شہروں میں بارش اور برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ

    مختلف شہروں میں بارش اور برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ

    اسلام آباد /راولپنڈی / لاہور /ایبٹ آباد : ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میر پورآزاد کشمیر، ایبٹ آباد اورگردونواح میں برفباری اور بارش نے سیاحوں کی موجیں کروادیں۔

    ملک میں کہیں آسمان کو چھوتے سرسبز پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے تو کہیں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں گیت سنارہی ہیں ۔

    میرپورسمیت کئی علاقوں میں ہونے والی برف باری اور بارش نے جنت نظیر کشمیر کے حسن کو اورمزید  دل کش بنادیا ہے.

    ایبٹ آباد، گلیات، ٹھنڈیانی، ایوبیہ، میرا جانی اور نتھیا گلی کے پہاڑوں پر برف باری نے سیاحوں کی تمنا پوری کردی ہے. بچے بڑے سبھی آسمان سے برستی نرم برف سے اپنے اپنے اندازمیں لطف اندوز ہورہے ہیں ۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہلکی ہلکی بارش جبکہ لاہور گجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم سرد اور خوشگوار کردیا ہے ،کوئٹہ اورگر دونواح میں بھی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

  • بدترین طوفان: امریکی ریاستوں میں زندگی مفلوج، آٹھ افراد ہلاک، لاکھوں متاثر

    بدترین طوفان: امریکی ریاستوں میں زندگی مفلوج، آٹھ افراد ہلاک، لاکھوں متاثر

    واشنگٹن : بدترین برفانی طوفان نے امریکا کی متعدد ریاستوں کو اپنی لیپٹ میں لے لیا۔ امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مزید ایک دو روز میں آنے والی لہر گذشتہ ایک صدی کی سب سے زیادہ شدید لہر ہوسکتی ہے۔

    کئی امریکی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا آٹھ افراد ہلاک جبکہ لاکھوں متاثر ہوئے۔ تاریخ کے بدترین طوفان نے امریکا کی متعدد ریاستوں کو جکڑ لیا۔

    واشنگٹن نیویارک ،نیو جرسی سمیت متعدد ریاستو ں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید برفباری کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہوگیا۔

    واشنگٹن میں شدید برفباری کے باعث درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری تک گر گیا، کئی گھنٹو ں سے جاری برفباری سے سرکاری عمارتوں پر بھی سفیدی چھا گئی ۔

    ورجینیا میں برفانی طوفان کے باعث دس ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ حکام نے بیشتر ریاستوں میں وارننگ جاری کرتے ہوئے تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کرادیئے۔ جبکہ مختلف ریاستوں میں دس ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

    بدترین برفانی طوفان سے نمٹنے کیلئے بیس سے زیادہ ریاستوں میں وارننگ جاری کردی گئی۔ واشنگٹن کی میئر نے برفانی طوفان کو تاریخ کا بدترین طوفان قرار دے دیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق واشنگٹن ، نیو جرسی ، پنسلوینیا ، فلیڈیلفیا ، آرکنساس ، ٹینیسی ، نیو یارک ،میری لینڈ سمیت تیس ریاستوں تیس انچ سے لے کر تین فٹ تک بر ف پڑنے کا امکان ہے۔ جس سے آٹھ کروڑ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

  • بارش اور برفباری: پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

    بارش اور برفباری: پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

    اسلام آباد : ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کا سلسلہ جاری ہے،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش اور چترال میں برفباری نے سردی کا مزہ دوبالا کر دیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا  ہے کہ  پنجاب کے چند شہروں مزید بارش کا امکان ہے۔ کہیں رم جھم برسات ہے توکہیں برف نے ڈیرے جمالئے۔ جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    راولپنڈی،پشاور اور اسلام آباد میں برکھارت نے شہریوں کا موڈ خوشگوار کردیا۔ٹھنڈے موسم میں لوگ بارش کا مزہ لینے سڑکوں پر نکل آئے۔

    چترال میں برفباری سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔لواری ٹاپ پربھی تین سے چار انچ تک برف پڑی ہے جس کے باعٹ ٹریفک کی روانی بھی معطل ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید بارش کاامکان ہے ۔

    گلگت بلتستان ،پارہ چنار اور مالاکنڈ سمیت چند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق کئی شہروں میں موسم سرداور خشک رہے گا۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی سات، قلات اور استور میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

  • فرانس میں شدید برفباری، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

    فرانس میں شدید برفباری، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

    پیرس : فرانس کے ایلپس پہاڑی سلسلے میں شدید برفباری کے باعث پندرہ ہزار گاڑیاں پھنس گئیں ڈرائیوروں کو رات گاڑیوں میں ہی بسر کرنا پڑی۔شدید برفباری کے باعث حکومت نے ڈرائیوروں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایات جاری ہیں ۔

    ڈرائیوروں  سےکہا گیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سفر سے گریز کریں ۔پھنسی گاڑیوں میں سے ایک شخص اس وقت ہلاک ہوگیا جب اسکی گاڑی پھسل کر کھائی میں جاگری ۔

    فرانسیسی اخبار لاموند کے مطابق برفانی واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا موسم فرانسیسی ایلپس میں اتوار کو بھی جاری رہے گا جبکہ اس کے بعد کا ہفتہ منجمد کرنے والا ہوگا۔

    فرانسیسی محکمۂ موسمیات کے ادارے کے مطابق پیرس کو تقریباً ایک سال بعد کہر اور پا لے والے سرد موسم کا سامنا ہوگا۔

  • بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ملک کے بالائی علاقوں میں درج حرارت گرنے سے میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں۔

    ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے۔ بلوچستان کے بیشترعلاقے سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔ کوئٹہ میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے اور درجہ حرارت منفی سات ڈگری تک گرگیا۔ جس پرلوگوں نے گرم چادریں، کوٹ، سویٹر اور جیکٹس کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ کوئٹہ میں سردی بڑھنے سے کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں ہیں۔

    سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے لگیں ہیں جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر مقامات پر موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    ادھر شمالی بلوچستان کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ جلائے جانے والی لکڑی اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے۔

    دوسری جانب منگورہ میں ہلکی دھوپ نکلنے کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں گہرے بادل چھانے کی وجہ سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے سے موسمی بیماریاں بھی بڑھ گئیں۔