Tag: برفباری

  • بلوچستان میں بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

    بلوچستان میں بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

    کوئٹہ: پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں بارش اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈیم ایم اے نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری نوعیت کا ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج 25 فروری کی شام سے 27 فروری تک بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔

    پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، شہری اور سیاحوں سے اس دوران محتاط رہنے کی استدعا ہے، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے اس لیے کسان ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش بارانی علاقوں میں کاشت کاری کے لیے فائدہ مند ہوگی، تاہم تمام ڈپٹی کمشنرز پیشگی اقدامات کرتے ہوئے الرٹ رہیں۔

    موسم کے حوالے سے آج کی تازہ خبر

    ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم پہنچ گیا ہے، بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا، کوئٹہ میں آسمان پر بادل چھا گئے ہیں، آج رات سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 20 سے زائد اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    موسمیات نے کہا ہے کہ آج پنجگور، گوادر، تربت، کیچ، مکران چاغی، نوشکی، خاران، آواران، خضدار، واشک میں تیز بارش متوقع ہے، جب کہ کوئٹہ، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، قلات، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، اور ژوب میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی

  • 2 فٹ تک برف کی تہہ جم گئی، شوگران، کاغان میں سڑکیں کھولنے کا کام جاری

    2 فٹ تک برف کی تہہ جم گئی، شوگران، کاغان میں سڑکیں کھولنے کا کام جاری

    مانسہرہ: سیاحتی مقامات شوگران اور وادئ کاغان میں شدید برف باری کی وجہ سے بند رابط سڑکیں کھولنے کا کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مشکلات کے پیش نظر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسٹاف نے بھاری مشینری کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی بحالی پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔

    سیاحوں کی سہولت اور آسانی کے لیے شوگران روڈ کھولنے کے بعد کاغان میں رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جہاں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف کی تہہ موجود ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل کے خصوصی احکامات پر وادئ کاغان اور شوگران، کولئی پالس اور دیگر مقامات پر برفباری کے بعد وادی کے خوب صورت مناظر اور دل کش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی بڑھ گئی

    ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی بڑھ گئی

    لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ٹاؤن شپ، جوہرٹاؤن، سول ڈیفنس، چاندی چوک کے علاقوں میں بارش ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مہمند اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ بنوں شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    راولپنڈی میں مری گلیات نتھیا گلی ایوبیہ میں موسلادھاربارش اورژالہ باری ہوئی، طوفانی ہواؤں سے مواصلاتی نظام متاثر ہوا جبکہ بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

    شیخوپورہ اور مضافاتی علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، فاروق آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    سرائے عالمگیر اور گردونواح میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، مظفر آباد شہر اور گردونواح میں بارش اور برفباری،سردی میں اضافہ ہوگیا۔

    وادی نیلم، وادی لیپہ کے پہاڑی مقامات میں بارش اور برفباری، گریس شاردہ اور کیل میں برفباری، ہٹیاں بالا، چکوٹھی میں بارش ہوئی، اس کے علاوہ وادی نیلم اور وادی لیپہ کے بالائی علاقوں کوجانے والے راستے بعض مقامات پر بند کردیئے گیے۔

    گجرات اور گردونواح میں وقفہ وقفہ سے بوندا باندی، سردی شدت میں اضافہ ہوگیا، سکھیکی، جلالپور بھٹیاں، پنڈی بھٹیاں اورگردونواح میں بارش ہوئی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 13 افراد جاں بحق

    چنیوٹ شہراورگردونواح میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، صفدر آباد خانقاہ ڈوگراں اور گردونواح میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا، پھالیہ، حافظ آباد، شرقپور اور گردنواح میں بھی بارش ہوئی۔

  • برفباری کا سلسلہ پھر شروع

    برفباری کا سلسلہ پھر شروع

    ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا۔

    مری میں آج اور کل طوفانی بارش برف باری کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری انتظامیہ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، مری میں آج برف باری کے امکانات 70 فی صد ہیں۔

    موسمیات کے مطابق 22 فروری تک موسم کی صورت حال غیر یقینی رہے گی، آج پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختوں خوا میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

    ادھر جنت نظیر وادی سوات میں برف باری سے وادی کی رونقیں بڑھ گئی ہیں، بالائی سوات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، جس کے بعد ملک بھر سے سیاح سوات پہنچ گئے ہیں۔

  • گلیات میں رات گئے شدید برف باری، سوات میں 4 روز بعد برف باری رک گئی

    گلیات میں رات گئے شدید برف باری، سوات میں 4 روز بعد برف باری رک گئی

    ایبٹ آباد: گلیات میں رات گئے شدید برف باری ہوئی ہے، جب کہ سوات میں 4 روز بعد برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقوں گلیات، نتھیاگلی، چھانگلہ گلی، نگری ٹوٹیال، بینانی میں شدید برفباری ہوئی ہے، برفباری سے علاقے کے عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    برفباری شروع ہوتے ہی علاقے میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہو گئی ہے، برف باری سے رابطہ سڑکیں بھی بلاک ہو گئیں، گزشتہ رات کی شدید برف باری سے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی۔

    ادھر سوات میں چار روز بعد برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، کالام میں تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جب کہ مالم جبہ، کالام اور دیگر علاقوں میں سیاحوں نے ڈھیرے ڈال دیے ہیں۔

    دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختون خوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد رہے گا، جب کہ پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض علا قوں میں دھند کا امکان ہے۔

  • بالائی سوات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

    بالائی سوات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

    سوات: شہری علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملم جبہ، کالام، مہوڈھڈ اور دیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر سے سیاح جنت نظیر سوات پہنچ گئے۔

    دوسری جانب پنجاب میں دھند کے باعث آج بھی متعدد پروازوں کا شیڈل متاثر ہوگیا ہے، جدہ سے لاہور کی پرواز ایس وی 735 کو اسلام آباد میں اتار دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شدید دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے، جدہ سے لاہور کی پرواز ایس وی 735 کو اسلام آباد میں اتار دیا گیا۔

    پنجاب میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر

    اس کے علاوہ جدہ سے لاہور کی پرواز ای آر 822 کل سہ پہر ساڑھے 4 تک ملتوی کردی گئی ہے۔ لاہورسے جدہ کی پرواز ای آر821 کی روانگی میں 8 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔

  • کراچی میں بارش کی پیش گوئی، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری

    کراچی میں بارش کی پیش گوئی، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 90 فی صد ہے، شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، فضا میں آلودگی کے زرات کی مقدار 212 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے، اور ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج پانچویں نمبر پر ہے۔

    ادھر مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے، جس سے ہر طرف سفیدی چھا گئی، اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج موسم سرد اور بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں خطۂ پوٹھوہار میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

    پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہے گی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد جب کہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالا کنڈ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، پشاور، باجوڑ اور کرم میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی ہے، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور گرد و نواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، بہاولپور، شیخوپورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غا زی خان اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور گرد و نواح میں ہلکی بارش جب کہ پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ اس دوران مکران کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

    سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، خیرپور، کشمور اور پڈعیدن میں ہلکی سے درمیانی دھند اور اسموگ چھائی رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

  • وادی زیارت وگردونواح میں شدید برفباری

    وادی زیارت وگردونواح میں شدید برفباری

    وادی زیارت وگردونواح میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں 6 انچ جبکہ پہاڑوں پر 8 انچ کے قریب برف پڑ چکی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برف باری کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا جو صبح سویرے تک جاری رہا، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ زیارت میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈ کیا گیا۔

    چمن شہر اور گردونواح میں یخ بستہ ہواؤں کیساتھ بارش ہوئی ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ قلعہ عبداللہ، گلستان، دوبندی، جنگل پیر علی زئی میں بارش نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں۔

    کوژک ٹاپ اور خواجہ عمران میں ہلکی برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، خواجہ عمران میں منفی 2، کوژک ٹاپ میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔

    ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، اسلام آباد سمیت پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، اسموگ رہے گی۔

    بلوچستان کے بیشتر اضلاع، جی بی میں چند مقا مات پر مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان، اسلام آباد اور گر دو نواح میں میں موسم سرد رہنے کے علاوہ شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، موہن جودڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور اور پڈعیدن میں دھند، اسموگ رہنے کاامکان ہے۔

    پنجاب میں شدید دھند، موٹر ویز مختلف مقامات سے بند

    کراچی اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کے علاوہ ہلکی بارش، بوندا باندی ہو سکتی ہے، کشمیر میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

  • سعودی عرب میں شدید برفباری، سیاحوں کے چہرے کھل اُٹھے

    سعودی عرب میں شدید برفباری، سیاحوں کے چہرے کھل اُٹھے

    سعودی عرب کے تبوک ریجن میں ہونے والی شدید برف باری کے باعث اللوز پہاڑ نے برف کی چادر کو اوڑھ لیا ہے جس کے باعث یہاں کا منظر انتہائی حسین ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری دیکھنے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کیلیے علاقے کا رخ کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ سردیوں کے موسم میں اللوز پہاڑ پر ہر سال برفباری ہوتی ہے اور پہاڑ برف کی سفید چادر اوڑھ لیتا ہے، مہم جوئی کے شوقین سیاح بھی اس موسم میں علاقے کا رخ کرتے ہیں۔

    اس پہاڑ کی اونچائی سطح سمندر سے دوہزار 580 میٹر بلند ہے اور یہ خطہ حسمیٰ کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں میں سے ایک جانا جاتا ہے، جس کے پہاڑ تبوک کے مغرب سے اردن میں وادی رم تک سروات کے پہاڑوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

    اللوزکا پہاڑی سلسل سعودی عرب کے شمال مغرب میں تبوک ریجن میں اردن کی سرحد کے قریب تبوک شہر سے تقریباً 200 کلو میٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔

    پہاڑ کا نام ’اللوز‘ یہاں موجود ’باداموں‘ کے خود رودرختوں کی وجہ سے دیا گیا ہے، بعدازاں علاقے میں رہنے والوں نے عہد قدیم میں یہاں باقاعدہ طور پر بادام کی کاشت شروع کردی تھی۔

    شدید برفباری، دیوار چین نے بھی سفید چادر اوڑھ لی

    مملکت کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں کیلیے ’اللوز‘ پہاڑ خاص اہمیت کے حامل ہیں، وہ سیاح جوموسم سرما میں تفریح کے خواہاں ہیں وہ ان دنوں یہاں ضرور آتے ہیں تاکہ برفباری کے خوبصورت مناظر سے فیضیاب ہوسکیں۔

  • بیجنگ میں جدید تاریخ کی طویل ترین سرد لہر نے شہر کو سرد جہنم بنا دیا

    بیجنگ میں جدید تاریخ کی طویل ترین سرد لہر نے شہر کو سرد جہنم بنا دیا

    بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جدید تاریخ کی طویل ترین سرد لہر نے شہر کو سرد جہنم بنا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ میں برف باری کا 7 دہائیوں کو ریکارڈ ٹوٹ گیا، چین کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک گر گیا۔

    بیجنگ نے دسمبر 1951 کا زیرو درجہ حرارت کا ریکارڈ توڑ دیا، چین میں انیس سو اکیاون میں درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھنے کا آغاز ہوا تھا، تب سے اب تک شہر میں اتنی طویل سردی کبھی نہیں دیکھی گئی۔

    سردی کی لہر نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس کے نتیجے میں برفانی طوفان کے سبب درجہ حرارت تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ چین کے شمالی اور شمال مشرقی حصوں میں درجہ حرارت منفی چالیس ڈرگری تک گر گیا، اور چین کے بعض حصوں میں سردی کی لہر آرکٹیک ریجن سے بھی زیادہ تیز ہے۔

    بیجنگ ڈیلی کے مطابق 11 دسمبر کو درجہ حرارت پہلی بار صفر ڈگری سے نیچے گرا تھا، اس کے بعد درجہ حرارت 300 گھنٹے سے زیادہ نقطہ انجماد سے نیچے ہی رہا، دارالحکومت بیجنگ میں مسلسل 9 دن درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے رہا، چین کے مرکزی صوبے حنان میں کئی سسٹمز فیل ہو گئے ہیں، اسپتالوں، اسکولوں اور رہائشی عمارتوں کو حرارتی وسائل کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔