Tag: برفباری

  • میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں، بالائی علاقوں میں برف کی حکمرانی

    کراچی: پاکستان کے میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں اور بالائی علاقوں میں برف کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں برف کی حکمرانی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر اضلاع شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ گیا، پائپ لائنوں میں پانی اور سڑکوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا ہے، اور شدید سردی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں آج موسم خشک اور شدید سرد رہے گا، زیارت منفی 11، قلات منفی 10، نوکنڈی، مستونگ میں درجہ حرارت منفی 9، دالبندین منفی 8، چمن منفی 7، پشین منفی 6، ژوب منفی 5، پنجگور میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی میں بھی سردی بڑھ گئی، آج اتوار کو رواں سیزن کی سرد ترین صبح ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

  • بالائی علاقوں میں برفباری کے ساتھ کراچی سمیت ساتھ ملک بھر سردی کی شدید لہر

    بالائی علاقوں میں برفباری کے ساتھ کراچی سمیت ساتھ ملک بھر سردی کی شدید لہر

    کراچی: بالائی علاقوں میں برفباری کے ساتھ کراچی سمیت ساتھ ملک بھر سردی کی شدید لہر جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، کراچی بھی کولڈ ویو کی لپیٹ میں آ گیا ہے، اور شہر میں سرد ہواؤں کا راج ہے۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج رات ٹھنڈ مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 6 سے 7 ڈگری رہنے کا امکان ہے، دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا، 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری طرف گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں ہر طرف برف ہی برف نظر آتی ہے۔

    بلوچستان میں خون جماتی سردی کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہو گئی ہے، کوئٹہ میں پارہ منفی 8 ڈگری پر آ گیا ہے، زیارت میں منفی 15 اور قلات میں منفی 11 ریکارڈ کیا گیا۔

    مری میں برفباری کے بعد سیاحوں کی خاصی تعداد سرد اور خوب صورت موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہنچ گئی ہے۔

  • بلوچستان میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، پارہ مزید گر گیا

    بلوچستان میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، پارہ مزید گر گیا

    کراچی: بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث پارہ مزید گر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ، قلات اور چمن سمیت بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، پوٹھوہار اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید دھند کاراج ہے، اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز پر ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔

    لاہور، ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ، ایم فور عبدالحکیم سے فیصل آباد، ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر، اور موٹر وے باہو انٹرچینج، ٹوبہ ٹیک سنگھ تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    گہری دھند نے لاہور، میاں چنوں، بھکر، تلمبہ، اوکاڑہ، کبیروالا، پتوکی میں بھی ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا۔

  • بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان، کراچی میں سرد ہوائیں

    بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان، کراچی میں سرد ہوائیں

    کوئٹہ، کراچی: ملک بھر میں شدید سردی اور پہاڑوں پر برف ہی برف جمی نظر آنے لگی ہے، محکمہ موسمیات نے آج شمالی بلوچستان، خیبر پخون خوا، اور گلگت بلتستان خطہ پوٹوہار میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ کراچی میں سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں موسم مزید سرد ہو گیا ہے، شمالی علاقوں میں آج اور کل بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارش سے دھند کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے۔

    پنجاب میں آج بھی راستے دھند میں گم، حد نگا ہ کم ہونے کے باعث موٹر وے کئی مقامات پر بند ہے، موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ سرور، لاہور ملتان موٹر وے فیض پور تا رجانہ، ایم فور فیصل آباد سے عبد الحکیم، ایم فائیو شیرشاہ سے ظاہر پیر تک ٹریفک پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور ابرآلود رہے گا، کوئٹہ، ژوب، زیارت، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

    کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت میں درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تربت میں کم سے کم 11، پنجگور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا، جب کہ خضدار اور لسبیلہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادھر کراچی میں صبح سے سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، اور دن میں ہوا 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا

    ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا

    پشاور: ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، ملک بھر میں موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی اور بالائی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے، اسکردو، استور، کالام، مالم جبہ، گلگت میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا۔

    کوئٹہ سمیت بلوچستان ميں بھی سردی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اضلاع میں شدید سردی کی لہر چل رہی ہے، کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرات منفی 7 جب کہ زیارت میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ صوبے کے بیش تراضلاع میں موسم خشک اور کہیں کہیں ابر آلود رہے گا۔

    دوسری طرف پنجاب اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں دھند کا بھی راج برقرار ہے، موٹر وے کے سیکشنز آج بھی بند ہیں، کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں نے سردی میں اضافہ کیا، اور درجہ حرارت دس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

  • ضلع استور میں شدید برفباری، بالائی علاقوں میں 6 انچ تک برف پڑ چکی

    استور: ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، ضلع استورمیں شدید برفباری ہو رہی ہے، اور بالائی علاقوں میں اب تک 6 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

    ڈی سی استور محمد ذوالقرنین کے مطابق استور میں 4 انچ، چلم 8 انچ، منی مرگ میں 6 انچ برف پڑی ہے، برزل ٹاپ پر ڈیڑھ انچ، بوبند ویل، قمری نگی، زیان اور پشواڈی میں 5 انچ برف پڑی ہے۔

    شنکر گڑھ، فقیر کوٹ، میر ملک، چمروٹ، اور گھساٹ میں 3 سے 4 انچ تک برف پڑی ہے، چھوگام، ناصر آباد، اور رٹو رحمان پور میں 2 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ دوسری طرف ضلع استور کے زیریں علاقوں میں ایک انچ تک برف پڑی ہے۔

    بالائی علاقوں سمیت بالائی سرحدی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے۔

    میدانی علاقوں میں ٹریفک کا نظام جزوی طور پر، جب کہ بالائی علاقوں میں ٹریفک کا نظام مکمل معطل ہو چکا ہے، ڈپٹی کمشنر استور نے ہدایت جاری کی ہے کہ برف باری کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

    ڈی سی استور محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ بالائی علاقوں کی برف سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام شروع ہو گیا ہے، استور ویلی ہیڈکوارٹر، بالائی علاقے رٹو اور چلم روڈ کھلی ہے، چلم تا برزل ٹاپ، منی مرگ، کامری اور ڈومیل کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، چلم سے برزل ٹاپ گلتری روڈ بھی بند ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر رات تک برفباری نہ ہوئی تو رابطہ سڑکیں بحال کر دیں گے، کل تک موسم صاف ہونے پر بالائی علاقوں کے زمینی راستے بحال ہو جائیں گے۔

  • پیر چناسی میں برف باری میں پھنسے سیاحوں کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری میں سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جن کے لیے ریسکیو آپریشن کل رات سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں مشہور سیاحتی مقام پیر چناسی پر برف باری کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جنھیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ ضلعی مجسٹریٹ کے مطابق 200 سے زیادہ سیاحوں کو گاڑیوں سے نکال کر ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، گاڑیوں کو نکالنے کا عمل آج جمعہ کو بھی شروع کیا جائے گا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق شدید برف باری کے باعث سڑک پر پھسلن کے نتیجے میں سیاحوں کی 30 گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، اطلاع ملتے ہی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے مظفر آباد سے ریسکیو 1122 اور پولیس کو روانہ کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق پیر چناسی میں برف ہٹانے کے لیے صرف چین والی مشینری ہی دستیاب ہے۔

    ادھر گلیات میں بھی برف باری کے باعث انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے، ایبٹ آباد پولیس سیاحوں کی خدمت میں پیش پیش ہے، ڈی پی او عمر طفیل کی خصوصی ہدایت پر پولیس اہل کاروں نے نتھیا گلی، ایوبیہ، ڈونگا گلی میں برف باری کے باعث گاڑیوں میں محصور سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

    مری، گلیات میں برف باری شروع، پچھلے برس 23 سیاحوں کی ہلاکت کے خوف کی بازگشت

    پولیس اہل کاروں نے برفباری میں پھنسی گاڑیوں کو بھی نکال کر ٹریفک کو رواں رکھا، دوسری طرف سوات میں آج دوسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • مری، گلیات میں برف باری شروع، پچھلے برس 23 سیاحوں کی ہلاکت کے خوف کی بازگشت

    پشاور: پاکستان کے مشہور تفریحی مقامات مری اور گلیات میں برف باری شروع ہو گئی ہے، سرد برفیلے موسم کے ساتھ ہی پچھلے برس کے 23 سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کے خوف کی بازگشت بھی ذہنوں میں تازہ ہو گئی ہے، تاہم رواں برس کسی سانحے سے بچنے کے لیے ایک پلان مرتب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال شدید برف باری کے باعث جو صورت حال پیدا ہوئی تھی اس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلیات میں سیاحوں کی حفاظت کے لیے ایک پلان مرتب کیا گیا ہے۔

    پلان کے مطابق گلیات کو 4 یونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا یونٹ نتھیا گلی، دوسرا ڈونگا گلی، تیسرا چھانگا گلی اور چوتھا یونٹ پاڑیاں کا علاقہ ہوگا، جو خیبر پختون خوا اور مری کو آپس میں ملاتا ہے، اس مقام کو بھی ایک حکمت عملی کے تحت دیکھا جائے گا۔

    ترجمان احسن حمید نے بتایا کہ جب برف باری شروع ہوگی، ہم تیار رہیں گے اور چاروں مقامات پر ہماری مشینری کام شروع کر دے گی، اسنو کلیئرنس آپریشن کو چاروں پوائنٹس پر مانیٹر کیا جائے گا، برف پڑتے ہی راستوں کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا، تاکہ گلیات میں پہلے سے زیادہ سیاح آئیں اور برف باری سے لطف اندوز ہوں۔

    خیال رہے کہ موسم سرما کی برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے زیادہ تر سیاح مری، گلیات اور وادئ سوات کا رخ کرتے ہیں۔ ملک کے ان شمالی علاقوں میں برف باری کا آغاز ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات نے جنوری میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں زیادہ برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے، اور بعض مقامات پر شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔

    جب گلیات ڈویلپمنٹ اٹھارٹی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا اور یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ اس سال سیاحوں کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اگر توقع سے زیادہ برف باری ہوتی ہے تو انتظامیہ کیسے نمٹے گی؟ تو احسن حمید نے بتایا کہ پچھلے سال جو ہوا اللہ کرے ایسا پھر کبھی نہ ہو، ہم نے انتظامات کر لیے ہیں، اور اس بار سیاحوں کو بہتریں سہولیات فراہم کریں گے۔

    موسم

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال دسمبر خشک رہا، آخری ہفتے میں کمشیر، گلکت اور خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی، جنوری میں بھی اس بار معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے، لیکن کچھ پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری بھی ہو سکتی ہے۔

    ہیلپ لائن 1422

    خیبر پختون خوا کے محکمہ سیاحت کے ترجمان سعد بن اویس نے بتایا کہ ہر سال موسم سرما میں سیاحوں کی بڑی تعداد سوات اور گلیات کے حسین نظارے دیکھنے کے لیے آتے ہیں، محکمہ سیاحت ان کو بہترین سہولیات دینے کے لیے کوشاں ہے، بارش اور برف باری کے موسم میں سیاح جس سیاحتی مقام پر جانا چاہتے ہیں، وہ ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کرسکتے ہیں، ہیلپ لائن پر سیاحوں کو راستوں اور ہوٹلوں کے بارے میں بھی معلومات مہیا کی جائیں گی۔

    پی ڈی ایم اے کی منصوبہ بندی

    پراونشل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان تیمور خان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بچنے کے لیے ایک منصوبہ بنایا ہے، تمام اضلاع کے ضلعی انتظامیہ پہلے سے نشان دہی کریں گے کہ کون سی جگہ پر لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ہنگامی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے، ایسی کسی صورت حال سے بچنے کے لیے پلان بھی تیار کیا جائے گا۔

    پچھلے سال گلیات اور مری میں زیادہ برف باری سے نقصانات ہوئے تھے، پی ڈی ایم اے نے پہلے سے انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا، کہ برف باری زیادہ ہوگی، تیمور خان نے بتایا کہ پچھلے سال پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر انتظامیہ نے سیاحوں کی تقریبا 27 سو گاڑیاں جو خیبر پختون خوا سے مری جا رہی تھیں، کو مری میں داخل ہونے سے روکا تھا، اگر یہ 27 سو گاڑیاں مری میں داخل ہوتیں تو زیادہ نقصان کا خدشہ تھا۔

    مری، گلیات میں گزشتہ برس

    یاد رہے کہ گزشتہ موسم سرما میں 7 اور 8 جنوری 2022 کی رات مری اور گلیات میں شدید برف باری کی وجہ سے ہزاروں سیاح پھنس گئے تھے، توقع سے زیادہ برف باری اور راستے بلاک ہونے کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں برف میں پھنس گئی تھیں، جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل جام ہو گیا تھا اور سیاحوں کو رات گاڑیوں میں گزارنا پڑی، اس دوران شدید سردی کی وجہ سے 23 سیاح جاں بحق ہو گئے۔

    ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے بتایا کہ پچھلے سال جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک تھا، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو عملے نے سیاحوں کو بہ حفاظت نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں گلیات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، احسن حمید نے بتایا کہ برف باری کے باعث پچھلے سال جو سیاح پھنس گئے تھے ان کو ہوٹلوں میں رہائش اور کھانا پینا مفت فراہم کیا گیا تھا۔

    احسن حمید نے کہا ’’گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن سے ہماری بات جیت جاری ہے، توقع سے زیادہ برفباری کی صورت میں جو سیاح ہوٹلوں میں پہلے سے موجود ہوں گے، ان کو ہر قسم سہولت دی جائے گی، جب تک روڈ کلیئر نہیں کیے جاتے، سیاح ہوٹلوں میں رہیں گے اور ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔‘‘

  • ماسکو میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد اور 14 ہزار گاڑیاں برف ہٹانے کے لیے تعینات

    ماسکو میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد اور 14 ہزار گاڑیاں برف ہٹانے کے لیے تعینات

    ماسکو: روسی دارالحکومت ماسکو برف تلے دب گیا، سخت ترین موسم نے نظامِ زندگی منجمد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماسکو میں 33 سال بعد شدید ترین برف باری ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں ڈھائی ماہ کے برابر برف پڑ چکی ہے۔

    شہر میں سڑکوں سے ٹریفک غائب اور ہوائی اڈے بند ہیں، سو سے زائد فلائٹس منسوخ ہو چکی ہیں، کئی علاقوں میں ایک فٹ تک برف باری ریکارد گئی۔

    برف باری کی وجہ سے ماسکو پر برف کی سفید چادر تن گئی ہے، جگہ جگہ برف کے اونچے ٹیلے بن گئے ہیں، جنھیں ہٹانے کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار افراد اور 14 ہزار گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔

  • امریکا میں برفانی طوفان کی شان دار ویڈیوز اور تصاویر

    امریکا میں برفانی طوفان کی شان دار ویڈیوز اور تصاویر

    امریکا اور برطانیہ اس وقت شدید ترین سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، کیوں کہ وہاں نہ صرف برف باری ہو رہی ہے بلکہ ژالہ باری کے ساتھ ساتھ برفانی طوفان نے بھی گھیر رکھا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی شمال مغربی ریاستوں میں اس وقت شدید برف باری ہو رہی ہے، اور برفانی طوفان کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

    امریکا کی شمال مغربی ریاستوں میں درجنوں پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے ویڈیوز اور تصاویر بڑی تعداد میں شیئر کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، برفانی طوفان کی ایسی شان دار ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں جنھیں دیکھ کر آدمی حیران رہ جاتا ہے۔