Tag: برفباری

  • سعودی عرب: 25 سال بعد برفباری نے شہریوں کو حیران کردیا

    سعودی عرب: 25 سال بعد برفباری نے شہریوں کو حیران کردیا

    ریاض: سعودی عرب کے شہر بللسمر میں 25 سال بعد برفباری ہوئی جس نے مقامی شہریوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا، مرکز موسمیات نے مزید برفباری کی پیشنگوئی کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن کی کمشنری بللسمر میں نصف صدی کے بعد زبردست برفباری ہوئی ہے۔ یہ علاقہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔

    برفباری سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں خوشی اور حیرت کی لہر دوڑ گئی، برفباری سے کھیتوں اور زرعی فارمز کے مناظر نہایت دلکش ہوگئے۔

    بللسمر کے باشندو ں نے برفبای کے مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، موسمیات کے ماہرین اور بزرگوں کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔

    بللسمر کا علاقہ سطح سمندر سے 3 ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے، برفباری کے بعد یہاں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگئی ہے۔

    ماہر موسمیات سمیر الاسمری کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح برفباری ہوئی جس سے درجہ حرارت منفی ہوگیا، یہاں 50 برس میں پہلی بار یہ منظر دیکھنے کو ملا ہے۔ شہر میں تقریباً ایک ہفتے سے روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ یہاں کا مطلع اکثر ابر آلود رہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بللسمر اور عسیر کے بیشتر علاقوں کا موسم ان دنوں غیر مستحکم ہے، یہاں درجہ حرارت منفی تک پہنچا ہوا ہے اسی وجہ سے برفباری بھی ہوئی۔

    قومی مرکز برائے موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عسیر ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہونے والی ہے اور یہاں مزید برفباری ہوگی۔

    فلکیات کی عرب تنظیم کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے بتایا کہ موسم سرما کا دوسرا حصہ شروع ہوگیا ہے اور اس دوران سخت سردی پڑے گی۔ یہ موسم 26 دن جاری رہے گا۔

  • برف کی وزنی تہہ سے مکان کی چھت گر گئی

    برف کی وزنی تہہ سے مکان کی چھت گر گئی

    مقبوضہ کشمیر میں سخت سردی اور برفباری کے دوران ایک گھر کی چھت بے تحاشہ برف جمع ہونے سے گر گئی، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر میں پیش آیا جہاں درجہ حرارت اس وقت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سڑکوں پر 6 فٹ تک برف جمع ہوچکی ہے جبکہ مکانات کی چھتیں بھی برف سےڈھکی دکھائی دے رہی ہیں۔

    ایسے میں ایک 3 منزلہ مکان سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور برف کی وزنی تہہ کے باعث مکان کی چھت زمین بوس ہوجاتی ہے۔ چھت گرنے سے مکان کی اوپری منزل بھی تباہ ہوجاتی ہے۔

    راہ گیروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مکان سے گڑگڑاہٹ کی آوازیں سنیں تو وہ رک گئے اور اس سے پہلے کہ وہ کچھ کرسکتے مکان کی چھت گر گئی، ایک شخص نے واقعے کی ویڈیو بھی بنا لی۔

    خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی شخص زخمی یا نقصان نہیں ہوا البتہ پڑوس کے کچھ مکانات کو معمولی نقصان پہنچا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق شدید سردی کے باعث وادی کشمیر میں ڈیزل اور پیٹرول کی راشن بندی کی جارہی ہے۔

  • بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان

    بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے کے پی میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو ممکنہ طور پر ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات میں جمعے اور ہفتے کو بارش اور برف باری کا امکان ہے، بالائی خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں اور برف باری کے پیش نظر اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ بالائی علاقوں میں مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے، بارشوں اور برف باری سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، اس لیے سیاحوں کو موسمی صورت حال سے با خبر رکھا جائے، سیاح بھی دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • پاکستان: برف باری جاری

    پاکستان: برف باری جاری

    چلاس: گلگت بلتستان کے علاقے دیامر کے بالائی علاقوں کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی عروج پر ہے، کالام میں پارہ منفی 12 تک گر گیا ہے۔

    چلاس میں بھی بالائی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے، برف باری مسلسل جاری ہے، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، چلاس اورگرد و نواح میں سرد ہوائیں بھی چل رہی ہیں، موسم ابرد آلود ہے۔

    بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ سمیت دیگر پہاڑوں پر برف باری ہو رہی ہے، بابوسر ٹاپ پر 25 انچ برف باری ہو چکی ہے، جب کہ پارہ منفی 11 ہے، بٹوگاہ ٹاپ پر پارہ منفی9 تک گر گیا۔

    استور اور اسکردو میں منفی 5،گوپس میں منفی 4، بگروٹ میں منفی 3 ریکارڈ کیا گیا، شمالی بلوچستان میں بھی موسم شدید سرد ہے، قلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 6 ڈگری اور کوئٹہ میں 3 ڈگری تک گر گیا، کراچی میں بھی ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

    ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اضلاع میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا، کوئٹہ وادی میں آج شام مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

  • خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری: 2 خواتین زخمی، گھروں کو بھی نقصان

    خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری: 2 خواتین زخمی، گھروں کو بھی نقصان

    پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری سے 2 خواتین زخمی ہوئیں، جبکہ 2 گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارش و برفباری سے 2 خواتین زخمی ہوئیں، دونوں خواتین مٹہ کے علاقے بھر مٹہ میں دیوارگرنے سے زخمی ہوئیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری سے 2 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، برفباری سے بند سڑکیں کھولنے کے اقدامات جاری ہیں۔

    دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا کہنا ہے کہ برفباری سے بند شاہراہ کاغان کو آمد و رفت کے لیے بحال کردیا گیا ہے۔

    ڈی سی کے مطابق ناران، شاہراہ کاغان سکی کناری کے مقام پر پھنسے سیاحوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، برف باری سے 6 کوسٹر اور 16 چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور بارشیں جاری ہیں، کوئٹہ، قلات اور دیر میں درجہ حرارت منفی 1 سے بھی نیچے جا چکا ہے۔

  • جی بی الیکشن: برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ میں لوگ ووٹ ڈالنے نکل آئے (تصاویر)

    جی بی الیکشن: برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ میں لوگ ووٹ ڈالنے نکل آئے (تصاویر)

    اسکردو: گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جی بی کے عوام کا جوش و خروش دیکھنے کے لائق ہے، لوگ برف باری اور منفی 6 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی ووٹ ڈالنے نکل آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسکردو حلقہ 2 چنداہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ بھی عوام کے جذبے کو کم نہ کر سکا، سینکڑوں لوگ اس وقت پولنگ اسٹیشنز کے باہر اپنی باری کے انتظار میں موجود ہیں۔

    غذر میں پھنڈر میں برف باری کے دوران پولنگ جاری ہے، جب کہ پولنگ کے عمل کو محفوظ طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پولیس عملہ بھی چوکس ہر جگہ موجود ہے۔

    غذر پونیال میں خواتین ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پر موجود ہیں

    ذرایع کا کہنا ہے کہ استور کے سرحدی اور آخری گاؤں منیمرگ ٹٹوال میں الیکشن کا عملہ برف باری کی وجہ سے تاحال نہیں پہنچ سکا ہے، جب کہ منیمرگ قمری میں شدید برف باری کے باوجود پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے۔

    استور کے بالائی علاقے منیمرگ قمری میں شدید برف باری کے باوجود پولنگ کا عمل جاری

    گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری، عوام میں جوش و خروش

    گلگت میں جوان تو جوان بوڑھے بزرگ بھی جوش و خروش سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز آ رہے ہیں۔ الیکشن میں اپنے قیمتی ووٹ کو استعمال کرنے ایک 90 سال کے بزرگ ووٹر بھی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

    ایک بزرگ ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں

    غذر میں ایک شہری نے شیر قلعہ میں ضعیف دادی کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دینے کے لیے پیٹھ پر اٹھا کر پولنگ اسٹیشن تک پہنچایا، جس سے مقامی لوگوں میں ووٹ کے حق کے استعمال کا ولولہ ظاہر ہوتا ہے۔

    ایک شہری غذر، شیر قلعہ میں ضعیف دادی کو ووٹ کاسٹ کرنے لے جا رہا ہے

    چند علاقوں میں پولنگ کا عمل تاخیر کا بھی شکار ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ چلاس، دیامر 16حلقہ ون میں تھک لوشی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوئی، 7میں سے ایک بوتھ میں عملہ موجود تھا اور باقی صبح سے غائب تھا۔

    حلقہ 2 کشروٹ فاریسٹ پولنگ اسٹیشن پر پولنگ سست روی کا شکار رہی، جس کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن میں ووٹرز کی قطاریں لگ گئیں، ایک بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے کھڑے ہیں، انھوں نے بتایا کہ وہ دمے کے مریض ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر جی بی ایک پولنگ اسٹیشن کا دورہ کر رہے ہیں

    تاہم مجموعی طور پر شدید سردی کے باوجود گلگت کے پولنگ اسٹیشنز میں لوگوں کی بڑی تعداد اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہی ہے۔ اسکردو میں عام لوگوں کے ساتھ مریضوں کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز لایا گیا۔

  • شدید برفباری کے بعد خطرناک طوفان نے قیامت ڈھادی، ہلاکتیں

    شدید برفباری کے بعد خطرناک طوفان نے قیامت ڈھادی، ہلاکتیں

    میڈرڈ: اسپین میں شہری برفباری کی تباہ کاریوں سے سنبھلے نہیں تھے کہ سمندری طوفان نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین میں سمندر کے اطراف شہری آبادی میں طوفان نے قیامت ڈھادی، شدید برفباری کے بعد تیز ہواؤں اور سمندری طوفان سے نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوگیا۔ اب تک ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ درجنوں تاحال لاپتہ ہیں۔ انتظامیہ نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپین کے مشرقی حصے میں سمندری طوفان کے باعث کئی دکانیں اور ریستوران متاثر ہوئے، جبکہ متعدد مکانات بھی تباہ ہوگئے۔ مختلف حادثات میں اب تک نو افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ ریسکیو عملے کا کہنا ہے کہ ایک دو افراد کی لاشیں تباہ شدہ گھر سے نکالی گئیں۔

    ریسکیو عملے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کو بھی تلاش کیا جارہا ہے، خطرے کے پیش نظر بے گھر ہونے والے افراد کو محفوظ مقامات پر وقتی طور پر منتقل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسپین میں گزشتہ سال ستمبر جبکہ 2018 اکتوبر میں بھی سرد موسم میں سمندری طوفان نے درجنوں افراد کو لقمہ اجلا بنایا تھا۔ موجودہ طوفان نے اسپین میں ماضی کے ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔

  • برف کے طوفان میں سلیمان خان کا کردار، وزیر اعظم بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

    برف کے طوفان میں سلیمان خان کا کردار، وزیر اعظم بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

    کوئٹہ: بلوچستان میں برف کے طوفان میں شہری سلیمان خان نے انسانیت کی ایک قابل قدر مثال پیش کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 30 سال کے سلیمان خان نے بلوچستان کے شہر ژوب میں برف میں پھنسے سو سے زیادہ مسافروں کی جان بچائی، سوشل میڈیا پر بلوچستان کے ہیرو کو خوب سراہا گیا، وزیر اعظم عمران خان بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق برف سے اٹے راستے میں 100 سے زائد افراد پھنسے ہوئے تھے، شدید برف باری سے کوئٹہ ژوب شاہراہ بند ہو گئی تھی، کچلاک کلی قاسم کے تیس سالہ سلیمان کو خبر ملی تو اس سے رہا نہ گیا اور فوراً اپنی جیپ نکالی اور مدد کو پہنچ گیا۔

    سلیمان خان نے بچے، خواتین، بزرگوں سمیت سو سے زائد افراد کو اکیلے ہی برف کے طوفان سے نکالا اور محفوظ مقام پر منتقل کیا، برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو بھی وہاں نہیں چھوڑا، سوشل میڈیا پر بلوچستان کے ہیرو کو خوب سراہا گیا، سلیمان کا نام اور کام وزیر اعظم عمران خان کے کانوں تک پہنچا تو ٹویٹ کر کے نوجوان کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو سلیمان خان پر فخر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی سلیمان خان کو ایوارڈ سے نوازا۔ سلیمان خان کا کارنامہ انٹرنیشنل میڈیا پربھی شہ سرخیوں میں رہا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان کا کہنا تھا کہ میری ماں نے مجھے دوسروں کی مدد کرنا سکھایا۔

  • آزاد کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

    آزاد کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ ضلع نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔

    قدرتی آفات ایکٹ 1976 کے تحت کمشنر مظفرآباد کو ریلیف کمشنر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ امدادی کاروائیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات مدنظر رکھ کر کی جائے، شدید برفباری سے لیپہ ویلی اور بھیڈی کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں حالیہ برفباری کے باعث برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں 20 سے 24 جنوری تک مزید برفباری کا امکان ہے، آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں میں برفباری کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ جانی نقصان سے پچنے کے لیے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہوگئی۔

  • برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر

    برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر نے متاثرین سے ملاقات، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ حکومت، انتظامیہ، فوج مل کر آپکی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آپ کے دکھ میں برابرکی شریک ہے، متاثرین کی بحالی تک آپ کے ساتھ رہیں گے، روزانہ کی بنیاد پر بحالی، ریلیف کے کاموں کی رپورٹ لے رہا ہوں۔

    برفانی تودے میں 18 گھنٹے تک معجزاتی طور پر لڑکی زندہ

    یاد رہے کہ دو روز قبل ثمینہ نامی 12 سالہ لڑکی کو ریسکیو ٹیموں نے 18 گھنٹے بعد برفانی تودے سے زندہ نکال کر مظفرآباد کے اسپتال منتقل کیا تھا۔

    آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفباری نے تباہی مچا دی ہے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے ، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔