Tag: برف باری

  • مری میں 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی: آئی ایس پی آر

    مری میں 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی: آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری میں گھرے 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی، ان افراد کو پناہ دی گئی اور کھانا اور چائے بھی فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری میں گھرے 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی، متاثرہ افراد میں بچے بھی شامل تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں 1 ہزار سے زائد پھنسے افراد کو کھانا فراہم کیا گیا، جھیکا گلی، کشمیری بازار، لوئر ٹوپہ اور کلڈنہ میں کھانا فراہم کیا گیا۔

    متاثرہ افراد کو ملٹری کالج مری، سپلائی ڈپو، اے پی ایس، آرمی لاجسٹک اسکول میں پناہ دی گئی، مذکورہ افراد کو پناہ کے ساتھ گرم کھانا اور چائے فراہم کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جھیکا گلی سے ایکسپریس وے تک راستہ کھول دیا گیا ہے، جھیکا گلی سے کلڈنہ تک راستہ کھل گیا ہے لیکن پھسلن موجود ہے۔ پھسلن کی وجہ سے ٹریفک نہیں چل رہی۔

    گھڑیال سے بھوربن تک راستہ کھلا ہے جبکہ کلڈنہ سے باڑیاں تک راستے کھولنے کے لیے انجینیئرز اور مشینری مصروف ہے۔

  • کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری، کراچی میں بوندا باندی

    کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری، کراچی میں بوندا باندی

    کوئٹہ / کراچی: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی، دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی شروع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی، شہر میں رات کو بارش کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ موسم بھی سرد ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، قلات، زیارت، کوہلو، سبی، بارکھان، خضدار اور ژوب میں بھی برفباری متوقع ہے جبکہ لسبیلہ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا دباؤ شہر میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے، مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا ہے۔

  • پاکستان: برف باری جاری

    پاکستان: برف باری جاری

    چلاس: گلگت بلتستان کے علاقے دیامر کے بالائی علاقوں کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی عروج پر ہے، کالام میں پارہ منفی 12 تک گر گیا ہے۔

    چلاس میں بھی بالائی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے، برف باری مسلسل جاری ہے، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، چلاس اورگرد و نواح میں سرد ہوائیں بھی چل رہی ہیں، موسم ابرد آلود ہے۔

    بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، بٹوگاہ ٹاپ سمیت دیگر پہاڑوں پر برف باری ہو رہی ہے، بابوسر ٹاپ پر 25 انچ برف باری ہو چکی ہے، جب کہ پارہ منفی 11 ہے، بٹوگاہ ٹاپ پر پارہ منفی9 تک گر گیا۔

    استور اور اسکردو میں منفی 5،گوپس میں منفی 4، بگروٹ میں منفی 3 ریکارڈ کیا گیا، شمالی بلوچستان میں بھی موسم شدید سرد ہے، قلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 6 ڈگری اور کوئٹہ میں 3 ڈگری تک گر گیا، کراچی میں بھی ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

    ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اضلاع میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا، کوئٹہ وادی میں آج شام مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

  • سیکڑوں دیہات برف سے ڈھک  گئے

    سیکڑوں دیہات برف سے ڈھک گئے

    اسکردو: بلتستان میں شدید برف باری سے نظام زندگی بدستور مفلوج ہے، سیکڑوں دیہات برف سے پوری طرح ڈھک چکے ہیں، زمینی رابطے معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے گلگت بلتستان ریجن میں سیکڑوں دیہات کو برف کی دبیز چادر نے ڈھک دیا ہے، شدید ترین برف باری کے باعث شہری علاقوں میں بھی ٹرانسپورٹ معطل ہے، خوب صورت ترین سیاحتی شہر اسکردو میں رن وے کلیئر نہ ہونے کے باعث فضائی سروس بھی بحال نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان 11 جنوری سے پروازیں معطل ہیں، گلگت اسکردو روڈ سے برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ ہٹا دی گئی ہے اور شاہراہ بحال ہو گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 20 رہا، خون جما دینے والی سردی لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، دوسری طرف جی بی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دھوپ نکلنے سے برفانی تودے گرنے کا عمل تیز ہوگا، اس لیے بالائی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    ادھر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برف باری اور بارش کے باعث نقصانات بڑھتے جا رہے ہیں، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہو گئی ہے، جب کہ 96 زخمی ہیں، بلوچستان میں برف باری سے 20 افراد جاں بحق ہوئے، کے پی میں 5 جب کہ آزاد کشمیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 77 ہو گئی ہے، گلگت بلتستان میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق 236 مکانات کو بھی برف باری سے نقصان پہنچا، کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو چکی ہیں، متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں مصروف عمل ہیں، 2000 ٹینٹ، 1250 کمبل اور 2250 دیگر اشیا متاثرین تک پہنچائی جا چکی ہیں۔

  • پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ کی برف باری میں پھنس گیا

    پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ کی برف باری میں پھنس گیا

    کوئٹہ: پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ میں ڈی آئسنگ کا ساز و سامان نہ ہونے کی وجہ سے پھنس گیا، طیارہ چوبیس گھنٹے سے زائد وقت سے پھنسا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایئر پورٹ پر برف ہٹانے کے آلات کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کے طیارے کو پھنسے 24 گھنٹے سے زائد ہو گئے ہیں، کوئٹہ ائیر پورٹ پر برف باری سے فضائی آپریشن بھی بری طرح متاثر ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کے پاس ائیر پورٹ پر جمی ہوئی برف ہٹانے کے آلات موجود نہیں ہیں، جدہ سے کوئٹہ آنے والی فلائٹ اتری تو برف باری شروع ہو گئی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں ڈی آئسنگ (جہاز اور انجن پر سے برف اتارنا) کی ضرورت پڑتی ہے جو کہ کوئٹہ ائیر پورٹ پر مہیا نہیں کی گئی، اسی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز وں کا شیڈول بھی متاثر ہو چکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹس پر یہ سہولت مہیا کرنا سول ایوی ایشن کا کام ہے، طیارہ پھنسنے سے نقصان علیحدہ اور مسافروں کو پریشانی علیحدہ ہوتی ہے، ساتھ ہی پی آئی اے کا دیگر شیڈول بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔

    ترجمان عبد اللہ خان نے بتایا کہ پھنسے ہوئے طیارے کے مسافروں کو ہوٹل فراہم کر دیے گئے ہیں اور پی آئی اے ان کو صورت حال سے آگاہ کر رہی ہے، برف اور ضروری سامان اور کیمیکلز کی کوئٹہ ائیر پورٹ پر غیر موجودگی کے باعث پی آئی اے نے دیگر پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں، موسم بہتر ہوتے ہی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔

    منسوخ ہونے والی پروازوں میں پی کے 325/326 اسلام آباد کوئٹہ اسلام آباد، پی کے 310/311 کراچی کوئٹہ کراچی اور پی کے 8363 کوئٹہ کراچی شامل ہیں۔

  • اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    گلگت بلتستان: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

    مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سعودی عرب میں برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

    سعودی عرب میں برف باری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

    ریاض : سعودی عرب میں درمیانے درجے کی بارش کے بعد برف باری نے جنوبی علاقے العسیر کو سفید پوش اڑا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی علاقے العسیر میں بللسمر مرکز کے قریب تیز اور درمیانے درجے کی بارش کے دوران تازہ برف باری نے موسم ایک بار پھر تبدیل کردیا، ہلکی برف باری کے نتیجے میں پہاڑوں پرسفید چادر پھیل گئی جس کے نتیجے میں سردی اور خنکی میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عسیر کے علاقے میں ہونے والی تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی سیلابی ریلوں کی شکل میں بہہ پڑا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا جنوبی بللسمر مرکز میں آلعبید گاﺅں میں پڑنے والی برف باری سے منچلے گھروں سے باہر نکل آئے اور برف باری سے خوب لطف اندوز ہوز ہوئے۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ نے بھی تازہ برف باری اور بارش کے باعث سیلابی ریلوں کی تصاویر جاری کردیں۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 12 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں سعودی عرب میں شدید بارشوں کے باعث 12 افراد جان سے گئے اور  نظام زندگی مفلوج ہوگیا، مدینہ اور  تبوک میں طوفانی بارشوں سے سیلابی پانی گھروں اور عمارتوں میں داخل ہوگیا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث اسکول سمیت تمام تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں جبکہ سیکڑوں گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

    عرب میڈیا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث 10 افراد تبوک، ایک شخص مدینہ اور ایک شمالی سرحدی علاقے میں ہلاک ہوا جبکہ رسیکیو حکام نے سیلاب میں پھنسے 271 افراد کو زندہ بچا لیا تھا جس میں 137 افراد کو تبوک میں ریسکیو کیا گیا تھا۔

  • تصاویری رپورٹ: بلوچستان میں موسلا دھاربارشیں، زیارت میں غیرمتوقع برف باری

    تصاویری رپورٹ: بلوچستان میں موسلا دھاربارشیں، زیارت میں غیرمتوقع برف باری

    کوئٹہ: پاکستان کا سب سے پسماندہ صوبہ بلوچستان ان دنوں ایران کی جانب سے داخل ہونے والے غیر متوقع سسٹم کے سبب بارشوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ زیارت میں برف باری بھی ہوگئی ہے، حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے 124 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع زیارت میں آج برف باری ہوئی ہے، سطح سمندر سے 2،543 میٹر بلندی پر واقعہ سیاحتی مقام پر برف باری معمول سے ہٹ کرہے۔زیارت میں برف باری کا سیزن عموماً اکتوبر کے اواخر یا نومبر سے شروع ہوتا ہے اور فروری کے اختتام تک جاری رہتا ہے ، اس مرتبہ یہ سیزن مارچ تک رہا اور اس کے چند ہی دن بعد ایک بار پھر برف باری کا ہونا غیر معمولی ہے، اس غیر متوقع برف باری کے سبب زیارت اور کوئٹہ میں موسم سرما طویل ہوگیا ہے جس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا شدید اندیشہ ہے۔

    کوئٹہ شہر میں گزشتہ چار روز سے بارشوں کو سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بارش کی صورتحال‬ کچھ اس طرح ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوئٹہ اور ژوب میں 37،جیونی 26،پسنی میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ‬‫گوادر میں 13،سبی میں 11 ملی میٹر بارش رکارڈ،‫اورماڑہ میں 5، قلات 4،خضدار 3، اور نوکنڈی میں 2 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے ایران میں بننےوالابارش کانظام فی الحال بلوچستان ،پنچاب اور کے پی میں موجود ہے، بارش کانظام کراچی سمیت پورے سندھ سے نکل چکاہے۔

    تاحال کوئٹہ، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    بلوچستان کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نےتباہی مچادی ۔ مکانات گرگئے جبکہ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، کئی علاقےزیرآب آگئے۔ بلوچستان میں حالیہ بارش سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے ۔

    کوئٹہ ،مستونگ، قلات،بولان،زیارت اور چمن میں بارش کاسلسلہ جاری ہے ۔بولان میں سیلابی ریلے سےبلوچستان سندھ شاہراہ پرٹریفک معطل چمن میں سڑکیں تباہ ہوگئیں ۔دکی کےکئی علاقے زیر آب آگئے۔ مکان کی چھت گرنے سے خاتون زخمی ہوگئیں۔

    کوہلومیں موسلادھار بارش کے سبب اب تک کئی کچےمکانات منہدم ہوچکے ہیں ۔ضلع بھر میں الرٹ جاری کردیاگیا ۔

  • متحدہ عرب امارات میں برف باری، نوجوان نے ’اسنومین‘ بنا ڈالا

    متحدہ عرب امارات میں برف باری، نوجوان نے ’اسنومین‘ بنا ڈالا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں برف باری سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نوجوان نے ’اسنو مین‘ بنا ڈالا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں برف باری ہوئی جس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ام القوین کے رہائشی نوجوان نے اسنو مین کی تصویر بنا دی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ام القوین کے رہائشی نے اسنومین بنایا جس کے سر پر ’عرب ہیڈ اسکارف اور چہرے پر گلاسز بھی نمایاں دیکھے جاسکتے ہیں۔

    برف باری سے متحدہ عرب امارات کی شاہراہیں کسی وندر لینڈ کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ سڑک پر گاڑیاں بھی محتاط انداز میں منزل کی جانب گامزن ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی ریاستوں فجیرا التیوان اور دیبا میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو برف باری کے موقع پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پھسلن والی سڑکوں پر رہائشی گاڑیوں کی اسپیڈ کم رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے ترجمان نے تصدیق کی کہ موسلا دھار بارش اور برف باری ملک کی مختلف ریاستوں میں ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ریت کا طوفان بھی آیا ہے۔

  • محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں اور برف باری کی پیش گوئی

    محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں اور برف باری کی پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے جمعے اور پیر کے دوران ملک میں مزید بارشوں اور  برف باری کی پیش گوئی کر دی.

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے اتوار تک بلوچستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے.

    [bs-quote quote=”بلوچستان، ڈی جی خان میں تیز بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”محکمہ موسمیات”][/bs-quote]

    جمعہ اورہفتہ کو سندھ میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جمعہ سے پیر تک خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیرمیں تیز بارش ہوسکتی ہے.

    محکمہ موسمیاست کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیرکے پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے.

    بلوچستان، ڈی جی خان میں تیز بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور ہفتہ اور اتوار کو  مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے.

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برف باری کا سلسلہ آیندہ چند روز جاری رہے گا، کراچی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 13 ڈگری تک گر سکتا ہے.