Tag: برقعہ پہننے پر پابندی

  • سوئٹزر لینڈ میں خواتین کے برقع پہننے پر پابندی، فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے ہوا

    سوئٹزر لینڈ میں خواتین کے برقع پہننے پر پابندی، فیصلہ ریفرنڈم کے ذریعے ہوا

    سینٹ گالن : سوئٹزرلینڈ میں عوام کی بڑی تعداد نے خواتین کے برقع پہننے پر پابندی کے حق میں رائے دی،  جس کے بعد برقع پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزر لینڈ کی وفاقی ریاست سینٹ گالن میں حکومت نے سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر خواتین کے برقع پہننے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ فیصلہ ایک عوامی ریفرنڈم میں رائے دہندگان کی بہت بڑی اکثریت کی رائے کے بعد کیا گیا، خبررساں ایجنسی کے مطابق ریفرنڈم میں رائے دہندگان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ چاہتے ہیں کہ تمام عوامی مقامات پر چہرے کو مکمل طور پر ڈھانپ دینے والے برقعے یا نقاب کے استعمال پر پابندی لگا دی جائے؟

    سرکاری نتائج کے مطابق دو تہائی سے زائد رائے دہندگان67فیصد کی سوچ یہ تھی کہ سینٹ گالن میں تمام پبلک مقامات پر مکمل برقعے یا پورے چہرے کے نقاب پر قطعی پابندی لگا دی جائے، اس ریفرنڈم میں ووٹ دینے کے اہل شہریوں کی شرکت کا تناسب صرف 36 فیصد رہا۔

    مزید پڑھیں: ڈنمارک میں نقاب پہننے پر پابندی کے بعد پہلی خاتون کو سزا

    واضح رہے کہ حجاب، نقاب یا برقع جیسی مختلف شکلوں میں ایسا زیادہ تر مذہبی سوچ کی حامل مسلم خواتین کی طرف سے کیا جاتا ہے، عرف عام میں سینٹ گالن میں اس ریفرنڈم کو برقعے پر پابندی یا ’برقعہ بین‘ کا نام دیا جا رہا تھا۔

  • مراکش میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی کا فیصلہ

    مراکش میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی کا فیصلہ

    مراکو : مراکش کی حکومت نے سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ برقعہ کی فروخت اس کو بنانے اور درآمد پر بھی پابندی بھی زیر غورہے۔

    تفصیلات کے مطابق مراکشی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث مسلم خواتین کے برقعہ پہننے پر ممانعت ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ابتدائی طور پر ملک بھر کے تمام برقعہ فروخت کرنے والے دکانداروں کو بذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں اپنا اسٹاک ختم کردیں۔

    اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے برقعہ کی فروخت اس کو بنانے اور درآمد پر بھی پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے، برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اگرچہ اس حوالے سے سرکاری اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سکیورٹی کے پیش نظر کیا گیا ہے، یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مراکش کی حکومت برقعے پر مکمل طور پر پابندی عائد کرنے لگی ہے یا نہیں؟

    مراکش کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیدار نے مقامی نیوز سائٹ سے بات کرتے ہوئے پابندی کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ لٹیروں نے کئی بار برقعے پہن کر کارروائیاں کی ہیں، مراکش میں برقع اتنا عام نہیں ہے کیونکہ عورتیں حجاب کو ترجیح دیتی ہیں۔

    دوسری جانب شمالی مراکش نیشنل آبزرویٹری فار ہیومن ڈیویلپمنٹ کا کہنا ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ خواتین کی آزادی اظہار کی خلاف ورزی ہے۔